جیسے ہر انسان کے حقوق ہیں والدین کے حقوق،بیوی اور
شوہر کے حقوق ہیں، بھائی کے حقوق،ہمسایوں کے حقوق، اسی طرح نوکر اور ملازم کے بھی حقوق
ہوتے ہیں۔ نوکر اور ملازم کے حقوق درج ذیل ہیں:
1️۔ نوکر کو تنگ نہیں کرنا چاہئے اس پر اس کی طاقت
سے زیادہ بوجھ نہیں ڈالنا چاہیے۔
2️۔ حضور سید عالمﷺ اپنے خدمت گاروں سے کیا سلوک
فرماتے تھے اس کی مثال ملاحظہ فرمائیے، حضرت انس رضی الله عنہ فرماتے ہیں: میں نے
دس سال تک سفر و حضر میں حضور پرنور ﷺ کی خدمت کرنے کی سعادت حاصل کی، لیکن جو کام
میں نے کیا اس کے بارے میں آپ نے کبھی یہ نہیں فرمایا کہ تم نے یہ کام اس طرح کیوں
کیا؟ اور جو کام میں نے نہ کیا اس بارے میں آپ نے کبھی یہ نہیں فرمایا کہ تم نے یہ
کام اس طرح کیوں نہیں کیا۔ (ابو داود، 4/324، حدیث: 4774)
3️۔ حضرت ابو مسعود بیان کرتے ہیں کہ وہ
اپنے غلام کو مار رہے تھے غلام نے کہا: میں اللہ تعالی کی پناہ مانگتا ہوں آپ نے
اسے مارنا شروع کر دیا۔ غلام نے کہا: میں اللہ اور اس کے رسول کی پناہ مانگتا ہوں۔
تو انہوں نے اسے چھوڑ دیا۔ نبی کریمﷺ نے ارشاد فرمایا: خدا کی قسم! اللہ تم پر اس
سے زیادہ قادر ہے جتنا تم اس پر قادر ہو۔ حضرت ابو مسعود رضی الله عنہ فرماتے ہیں
کہ پھر انہوں نے اس غلام کو آزاد کر دیا۔ (مسلم، ص 905، حديث: 1659)
4️۔ اگر
نوکر بیمار ہو تو اس سے اتنا کام نہ کروایا جائے اگر اس کی کوئی بات بُری لگی ہو
تو اس کو اللہ پاک کی رضا کی خاطر معاف کر دے۔