اللہ ربّ العزت کا کروڑہاں کروڑ احسان عظیم ہے کہ اس نے ہمیں اپنے پیارے حبیب حبیبِ لبیب احمدِ مجتبیٰ محمدِ مصطفی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی امت میں پیدا فرمایا کیونکہ ہمارا وجود حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے صدقہ سے ہے اگر آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نہ ہوتے تو کائنات نہ ہوتی ۔ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پیدائش سے ظاہری وصال تک ہم گناہ گار امت کو یاد فرماتے رہے اور بروزِ قیامت بھی اپنی امت کی شفاعت کرنے کے لئے اللہ پاک کی بارگاہ میں سجدہ ریز ہوں گے، تو کبھی اپنی امتی کی نیکیوں کے پلے بھاری کر رہے ہوں گے، تو کبھی اپنی امت کو پل صراط سے سلامتی کے ساتھ گزار رہے ہوں گے، تو کبھی حوض کوثر پر جام کوثر سے سرفراز فرما رہے ہوں گے اور بھی حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے بہت سارے احسانات ہیں جن کا شمار کرنا ممکن نہیں ۔ اور بیشک ان بے شمار احسانات کے کچھ تقاضے جن کی ادائیگی تقاضائے ایمان اور مطالبہ احسان ہے اور اسی تقاضے کو حقوق کہتے ہیں ۔(1) حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی نبوت و رسالت پر ایمان رکھا جائے اور جو کچھ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم من جانب اللہ لائے اسے صدق دل سے تسلیم کیا جائے ۔یہ حق صرف مسلمانوں پر نہیں بلکہ تمام انسانوں پر کیونکہ آپ کا احسان تمام انسانوں بلکہ تمام مخلوقات پر ہے ۔(2) امتی پر یہ بھی حق ہے کہ وہ دنیا کی ہر چیز سے بڑھ کر حضور پُر نور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے صدق دل سے محبت کرے کہ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی محبت روحِ ایمان، جانِ ایمان اور اصلِ ایمان ہے ۔

(3) نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سیرتِ مبارکہ اور سنتوں کی پیروی کرنا ہر مسلمان کے دین و ایمان کا تقاضا ہے ۔(4) رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا حکم مان کر اس پر عمل کیا جائے جس چیز کا حکم فرمائے اسے بجالائے اور جو فیصلہ فرمائے اسے قبول کیا جائے اور جس چیز سے روکیں اس سے روکا جائے ۔( 5) حضور پُرنور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر درود شریف پڑھنا بھی ایمان کا تقاضا ہے کہ اس کے ذریعے ہم آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے لئے مزید در مزید قرب رفع درجات اور اعلائے منزلت کی دعا کرکے آپ کے احسانات کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

پیارے اسلامی بھائیو! وہ نبی ہوکر امتی امتی کہے تو ہم امتی ہوکر کیوں نہ یا رسولُ اللہ یا رسولُ اللہ کہے ہم پر ضروری ہے کہ ہم آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے صدق دل سے محبت کرنے کے ساتھ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی اتباع بھی کریں اور روزانہ کے معمولات میں درود شریف پڑھنے کو بھی شامل کریں ۔

اللہ کریم ہمیں اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم