اَلَاۤ اِنَّ اَوْلِیَآءَ اللّٰهِ لَا خَوْفٌ عَلَیْهِمْ وَ لَا هُمْ یَحْزَنُوْنَۚۖ(۶۲)الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ كَانُوْا یَتَّقُوْنَؕ(۶۳)

ترجمہ کنز الایمان: سن لو بےشک اللہ کے ولیوں پر نہ کچھ خو ف ہے نہ کچھ غم، وہ جو ایمان لائے اور پرہیزگاری کرتے ہیں۔ (سورہ یونس، آیت 62، 63)

ماہ رجب المرجب 1443ھ کا عنقریب آغاز ہونے والا ہے۔ ہجری سال میں یہ ماہ بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ماہ رجب کی جہاں بہت ساری خصوصیات ہے اس کی ایک خوبی یہ بھی ہے یہ ماہ ہمیں رمضان المبارک سے مزید قریب کردیتا ہے۔

اس ماہ میں جہاں بہت سے اللہ پاک کے برگزیدہ بندوں کا یوم پیدائش و یوم وفات ہے وہاں اولیائے کرام میں ایک بڑا نام سلطان الہند، آقائے چشت، حضرت سیدنا خواجہ معین الدین حسن سنجری اجمیری چشتی (المعروف حضرت خواجہ غریب نواز) رحمۃ اللہ علیہ کا بھی ہے جن کا عرس دنیا بھر میں ہر سال رجب المرجب کے مہینے میں نہایت مذہبی عقیدت واحترام سے منایا جاتا ہے۔

فیضان اولیاء، دنیائے اسلام کی عالمگیر تحریک دعوت اسلامی بھی اولیائے کرام کے اعراس منانے میں سر فہرست ہے۔ حضرت خواجہ غریب رحمۃ اللہ علیہ کے 810 ویں عرس کے موقع پر 2 فروری 2022ء سے رجب شریف کی چھٹی رات تک مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جائیگا جو کہ مدنی چینل پر براہ راست نشر ہوگا۔

ان مدنی مذاکروں کے آغاز میں جلوس غریب نواز کا اہتمام ہوگا، نعت خواں حضرات بارگاہِ رسالت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں ہدیۂ نعت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ منقبت غریب نواز پڑھیں گے۔ مدنی مذاکروں میں امیراہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ سیرت خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ اور دینی خدمات بیان کرنے کے علاوہ اعراس منانے کے حوالے سے عاشقان رسول کی شرعی رہنمائی فرمائیں گے۔

اولیائے کرام کی محبت کو اپنے دلوں میں اجاگر کرنے کے لئے تمام عاشقان رسول کو ان مدنی مذاکروں میں شرکت کرنے کی دعوت دی جاتی ہے۔