مومن وہ ہے جو ایمان کی صفت سے متصف ہو اور وہ اپنی
زندگی اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے احکام کے مطابق گزارے۔
صفاتِ مومنہ:
1۔ شوہر کی فرمانبردار: نیک
اور پار سا عورت کہ جب ان کے شوہر موجود ہوں تو ان کی اطاعت کرتی اور ان کے حقوق
کی ادائیگی میں مصروف رہتی اور شوہر کی نافرمانی سے بچتی ہے اور جب موجود نہ ہوں
تو اللہ پاک کے فضل سے ان کے مال اور عزت کی حفاظت کرتی ہے۔ ارشادِ ربانی ہے: فَالصّٰلِحٰتُ قٰنِتٰتٌ حٰفِظٰتٌ لِّلْغَیْبِ بِمَا حَفِظَ
اللّٰهُؕ-
(پ 5، النساء: 34) ترجمہ کنز الایمان: تو نیک بخت عورتیں ادب والیاں ہیں، خاوند کے
پیچھے حفاظت رکھتی ہیں جس طرح اللہ نے حفاظت کا حکم دیا۔
2۔ خدا کو کثرت سے یاد کرنے والی: مومنہ
عورتوں کی ایک اہم صفت یہ ہے کہ وہ زندگی کے کسی بھی لمحہ میں خدا کی یاد سے غافل
نہیں ہوتیں۔ ارشاد ہے: وَ الذّٰكِرِیْنَ
اللّٰهَ كَثِیْرًا وَّ الذّٰكِرٰتِۙ- (پ 22، الاحزاب: 35) ترجمہ: اور
اللہ کو بہت یاد کرنے والے اور یاد کرنے والیاں۔
3۔ معاہدے کی پاسداری: کامل
مومنہ کی ایک صفت یہ بھی ہے کہ وہ معاہدے کی پاسداری کرتی ہے۔ ارشاد ہے: وَ اَوْفُوْا بِالْعَهْدِۚ-اِنَّ الْعَهْدَ كَانَ مَسْـٴُـوْلًا
(۳۴)
(پ 15، بنی اسرائیل: 34) ترجمہ کنز الایمان: اور عہد پورا کرو، بے شک عہد سے سوال
ہونا ہے۔
4۔ صبر کرنے والی: مومنہ
عورت کی ایک یہ بھی صفت ہے کہ وہ نفس پر انتہائی دشوار ہونے کے باوجود اللہ پاک کی
رضا کے لئے طاعتوں کی پابندی کرتی ہے اور شکایات کا مظاہرہ نہیں کرتی۔ فرمایا: وَ الصّٰبِرِیْنَ وَ الصّٰبِرٰتِ (پ 22، الاحزاب:
35 ) ترجمہ کنز الایمان: صبر کرنے والے مرد اور
صبر کرنے والی عورتیں۔
5۔ روزہ رکھنے والی: مومنہ
عورتیں فرض روزے ادا کرنے کے ساتھ ساتھ نفل روزے بھی رکھتی ہیں۔ وَ الصَّآىٕمِیْنَ وَ الصّٰٓىٕمٰتِ (پ 22، الاحزاب:
35) ترجمہ کنز الایمان: روزہ رکھنے والے اور روزہ رکھنے والیاں۔
6۔ نظروں کی حفاظت: مومنہ
عورتیں اپنی نظروں کی حفاظت کرتی ہیں۔ وَ قُلْ
لِّلْمُؤْمِنٰتِ یَغْضُضْنَ مِنْ اَبْصَارِهِنَّ (پ 18، النور:
31) ترجمہ کنز الایمان: اور مسلمان عورتوں کو حکم دو اپنی نگاہیں کچھ نیچی رکھیں۔
7۔ زیب و زینت کرنا: مومنہ
عورت سوائے اپنے محارم کے کسی اور پر اپنا بناؤ سنگار ظاہر نہیں کرتی ہیں۔ وَ لَا یُبْدِیْنَ زِیْنَتَهُنَّ اِلَّا مَا ظَهَرَ مِنْهَا (پ
18، النور: 31) ترجمہ کنز الایمان: اور اپنا بناؤ نہ دکھائیں مگر جتنا خود ہی ظاہر
ہے۔
8۔ گھروں میں ٹھہری رہنا: مومنہ
عورتوں کو حکم یہ ہے کہ وہ اپنے گھروں میں ٹھہری رہیں اور بلاضرورت گھر سے باہر نہ
جائیں۔ وَ قَرْنَ فِیْ بُیُوْتِكُنَّ (پ 22، الاحزاب:33)
ترجمہ کنز الایمان: اور اپنے گھروں میں ٹھہری رہو۔
9۔ خیرات کرنے والیاں:
مومنہ عورتیں صدقہ و خیرات کرتی رہتی ہیں۔ وَ الْمُتَصَدِّقِیْنَ وَ
الْمُتَصَدِّقٰتِ (پ 22، الاحزاب: 35) ترجمہ
کنز الایمان: صدقہ کرنے والے اور صدقہ کرنے والیاں۔
10۔ سچ بولنے والیاں: مومنہ
عورت کی صفت ہے کہ وہ ہمیشہ سچ بولتی ہیں۔ کبھی جھوٹ کا سہارا نہیں لیتیں۔ فرمایا
گیا: وَ الصّٰدِقِیْنَ وَ الصّٰدِقٰتِ (پ 22،
الاحزاب: 35) ترجمہ کنز الایمان: سچے مرد اور سچی عورتیں۔
اللہ پاک ہمیں تمام صفاتِ مومنہ پر عمل پیرا ہونے
کی توفیق عطا فرمائے۔