قالین (Carpet)رنگ برنگے دیدہ زیب ہوں یا سادےاور ایک رنگ کے، گھر کی خوبصورتی اور زیبائش میں اضافہ ہی کرتے ہیں یہی سوچ رکھتے ہوئے بعض گھروں میں قالین تو بچھا لیا جاتا ہے لیکن اس کی صفائی پر کوئی خاص
توجہ نہیں دی جاتی، زیادہ سے زیادہ قالین پر ایک چادر بچھا دی جاتی ہے جس کے اوپر
سے ہی اور کبھی کبھار چادر ہٹا کر قالین کے اُوپر سے جھاڑو لگادی جاتی ہے حالانکہ دیگر چیزوں کے مقابلے میں قالین میں دھول مٹّی
کئی گُنا زیادہ جذب (Absorb) ہوتی ہے یوں ہی زیادہ
عرصہ بِچھے رہنے سے اس میں نمی آ جاتی ہے جس کی وجہ سے یہ بڑوں بالخصوص بچّوں کی جِلدی
بیماریوں کا سبب بنتا ہے لہٰذا وقتاً فوقتاً اس کی مکمل صفائی کرتے رہنا چاہئے۔گھر
میں موجود چھوٹے بچّوں کی وجہ سے قالین پر داغ دھبے لگ جاتے ہیں۔ اگر پکّے داغ نہ ہوں تو وہ
ڈٹرجنٹ (Detergent) سے آسانی سے صاف ہوجاتے ہیں لیکن بعض داغ سخت اور ضدی
ہوتے ہیں جِن کو بسہولت صاف کرنے کے لئے مختلف طریقوں پر عمل کیا جا سکتا ہے۔
قالین کے پکے
داغوں کی صفائی اگر قالین قیمتی ہو اور بہت زیادہ پُرانا نہ ہو تو بہتر یہی ہے کہ اُس کی
صفائی ڈرائی کلینر (Dry cleaner) سے کروائی جائے، کہیں گھریلو
ٹوٹکوں کی وجہ سے خراب نہ ہو جائے اور اگر قیمتی نہیں یا زیادہ پُرانا ہو چکا ہے تو
نیچے لکھے ہوئے گھریلو ٹوٹکوں کے ذریعے اس کے داغ دھبّے مٹائے جا سکتے ہیں:(1)داغ
پر کچھ دیر کے لئے سِرکہ ڈال دیں جب سوکھ جائے تو اس کو قالین صاف کرنے والی مشین (Vacuum Cleaner) سے صاف کر لیں(2)جِس گھر میں بہت
چھوٹے بچےّ ہوں وہاں قالین کو گندگی سے بچانا کافی مشکل ہوتا ہے، کبھی بچے قے (Vomiting) کردیتے ہیں تو کبھی دودھ گِرا دیتے ہیں، اسے صاف
کرنے کے لئے بیکنگ سوڈا (Baking
soda) اس پر ڈال دیں اور خشک ہونے کے بعد صاف کر لیں داغ کے ساتھ ساتھ بدبُو بھی
چلی جائے گی(3) قالین سے چائے یا کافی کے دَھبّے صاف کرنے کے لئے گرم پانی میں
سرکہ ملائیں اور اسے دھبوں پر لگادیں اور پھر کچھ دیر بعد ٹشو پیپر سے رگڑ کر صاف
کردیں (4)بعض اوقات چیونگم کارپیٹ پر چپک جاتی
ہے اس کو صاف
کرنے کے لئےآئس کیوبز (Ice
cubes) اس پر رگڑیں اور چُھری کی مدد سے آہستہ سے کُھرچ کر ہٹا لیں(5)تیل اور چکنائی کے
داغ صاف کرنے کے لئے اس جگہ پر نمک،کھانے کا سوڈا اور مکئی کا آٹا (Corn Flour) ملاکر لگادیں۔ اس مکسچر کو جذب ہونے کا وقت دیں اور پھر کچھ دیر بعد اسے صاف کرلیں۔(6)روشنائی (Ink) سے قالین پر داغ پڑ جائیں تو تھوڑے سے دودھ میں
میدہ ملا کر پیسٹ بنا لیں اور داغ پر لگا دیں جب خشک ہو جائے تو برش (Brush) کی مدد سے ہٹا دیں، داغ
صاف ہو جائے گا۔(7) پھلوں کے داغ صاف کرنے کے لئے ڈیڑھ چمچ سرکہ میں ایک چمچ واشنگ
پاؤڈر مِلا لیں اور اس کو داغ پر لگائیں جب خشک ہوجائے تو اُسے صاف کرلیں۔اِسی طرح
مختلف داغوں
کی صفائی کے لئے لیموں کا رس، ٹوتھ پیسٹ (Toothpaste) اور ہائیڈروجن پَرآکسائیڈ (Hydrogen Peroxide) کا مکسچر بھی مفید ہے۔