اسلام آباد  کے ایک اسپتال کے نیورو سرجن الحاج ڈاکٹر سید محمد شاہد عطاری پچھلے دنوں کورونا وائرس کے مرض میں مبتلا ہوگئے۔ ان کے متعلق اطلاع ملنے پر بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے ان کے لئے دعائیہ پیغام جاری کیا جس میں ان کو صبر و ہمت سے کام لینے کی ترغیب دلائی اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعائیں کیں۔ آپ دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے ڈاکٹر صاحب کو دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ ملانے کا ذہن بھی دیا۔

امیرِ اہلِ سنت کا پیغام موصول ہونے پر ڈاکٹر صاحب نے جوابی پیغام ارسال کیا جس میں ان کاکہنا تھا: پیارے باپا جان!اللہ پاک آپ کو سلامت رکھے۔ آپ کا پیغام ملنے پر مجھے پختہ یقین ہے کہ اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ اب میں مکمل ٹھیک ہوجاؤں گا۔

اچھی نیتوں کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر صاحب نے کہا کہ اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ ہفتہ وار اجتماعات، مدنی مذاکروں اور مدنی قافلوں میں شرکت کرتا رہوں گا، ہفتہ وار رسالہ بھی پڑھا کروں گا، ماہنامہ فیضانِ مدینہ کی سالانہ بکنگ بھی کروالوں گا، اسلامی بہنوں کا بدھ کے دن ہونے والا اجتماعِ پاک بھی اپنے گھر میں رکھوانے کی نیت کرتا ہوں۔ میرے ، میرے والدین، میرے گھر والوں، اہل و عیال کے لئے دعا فرماتے رہئے گا۔