روزانہ کی طرح اسکول سے آنے کے بعد خُبَیب نے امّی کو سلام کیا، امّی آج بہت
بھوک لگ رہی ہے پلیز!جلدی سے کھانا دیدیجئے۔اچّھابیٹا!یونیفارم چینج کرکے ہاتھ منہ
دھولیجئے تب تک میں اپنے بیٹے کے لئے دسترخوان لگادیتی ہوں۔
ہاتھ منہ دھوکر خُبیب یہ کہتا
ہوا دسترخوان پر بیٹھ گیا: اللہ کرے میری پسند کی ڈش بنی ہو۔
لگتا ہے آج آپ نے ناشتہ
ٹھیک طرح سے نہیں کیا خُبَیب؟ امّی
نے کھانا بڑھاتے ہوئے کہا، خُبَیب نےسالن دیکھاتو اس کامنہ بن گیا ،کہنے لگا:امّی
مجھے کچھ اور بنادیں،آپ کو تومعلوم ہے میں لوکی(Gourd)شوق سے نہیں کھاتا!
امّی نے خُبَیب کا مُرجھایا ہوا چہرہ دیکھا تو فوراً
کہا: اچّھا ٹھیک ہے میں آپ کے لئے آملیٹ
بنادیتی ہوں ۔
خُبَیب کی یہ سب باتیں اس کے ماموں بھی سُن رہے تھے۔خُبَیب نے لنچ کرنے کے بعد آرام کیا۔
ٹیوشن سے آنے کے بعد ماموں نے کہا :بیٹا!یقیناً ہم سب کی طرح آپ کے بھی آئیڈیل اللہ پاک
کے آخری نبی حضرت محمد مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہیں۔
خُبیب نے ہاں میں سَر ہِلاتے
ہوئے کہا:جی ماموں جان! میں انہیں اپنا رول ماڈل مانتاہوں۔ مَا شَآءَ اللّٰہ! یہ تو بہت اچّھی بات ہے،
پھر ماموں نے خُبَیب سے سوال کیا:اچّھا ایک بات بتائیے کیا آپ کو معلوم ہےکہ ہمارے پیارے نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو لوکی شریف بہت پسند تھی؟ خُبَیب نے نفی میں سَرہلاتے
ہوئے کہا:نہیں۔
ماموں کہنے لگے: چلئے!میں آپ کو ایک واقعہ سناتاہوں
پھر آپ مجھے اس سے حاصل ہونے والا سبق بتائیے گا۔ جی ٹھیک ہے ماموں! یہ کہہ
کر خُبَیب واقعہ غور سے سننے لگا۔
ماموں نےکہا:صحابیِ رسول
حضرت اَنَس بن مالک رضی اللہ
عنہ فرماتے ہیں کہ میں ایک بار اللہ پاک کے آخری نبی حضرت محمد مصطفےٰ صلَّی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے ساتھ دعوت میں گیا، حضورِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی خدمت میں سالن لایا گیاجس میں لوكی(یعنی کدّو شریف) اورخشک کیا ہوا نمکین گوشت تھا ،رحمتِ عالَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اس
سالن میں سے لوکی تلاش کررہے تھے، حضرت اَنس رضی اللہ عنہ فرماتے
ہیں:اسی لئے میں اس دن سے لوکی پسند کرنے لگا۔
جیسے ہی ماموں نے واقعہ ختم کیا خُبَیب
نےفوراً کہا: اس کا مطلب یہ ہوا کہ ہمیں بھی لوکی شریف شوق سے کھانی چاہئے۔
ارے واہ بھئی!آپ تو واقعی
بہت ذہین ہیں، ماموں نےکہا۔
خُبَیب نے اَفسُرْدَہ لہجے میں کہا:آج میں نے
کتنا بڑا چانس مِس کردیا نا ماموں جان! دوپہر ہی میں لوکی شریف پکی تھی مگر میں نے
نہیں کھائی ۔
ماموں نے خُبَیب کا موڈ بدلنے کے لئے کہا،آپ کی نالج میں ایک اور بات کا اضافہ کروں؟خُبَیب
نے خوش ہوکر کہا: جی بالکل ماموں جان!
یہ بات
تو آپ كومعلوم ہوچکی کہ لوکی کھانا نبیِّ
کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سنّت ہے۔اس كے علاوہ میڈیکل سائنس نے اس کے بہت سےفوائد(Benefits)بھی بیان کئے ہیں:خُبَیب نے حیرت سےکہا:وہ کیا کیا ہیں؟ماموں نے بتایا:لوکی دماغ کو بڑھاتی اورعقل میں اضافہ کرتی ہے۔(حافظہ
کیسے مضبوط ہو، ص138)
بیٹا!
اگر آپ لوکی کے مَزید فوائد جاننا چاہتے ہیں تو ربیعُ الآخر 1438ھ/جنوری2017ء کا ماہنامہ فیضانِ مدینہ پڑھئے۔
اِنْ شَآءَ اللہ ماموں جان! خُبَیب
نے اپنے عَزْم کا اظہار کیا۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی
اللہُ علٰی محمَّد