(یہ مضمون امیراہلسنت کے پیغام سے روشنی لیتے ہوئے ضروری ترمیم کے ساتھ تیارکیا گیاہے)

دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رُکن،نگران کراچی ریجن،حاجی محمد امین عطاری پچھلے دِنوں نئے مکان میں شفٹ ہوئے ،اِس پر اِنہوں نے امیراہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی خدمت میں گھر میں خیروبرکت کے لئے دُعا کا عرض کیا:جس پر شیخِ طریقت امیراہلِ سنت حضرتِ علامہ مولاناابوبلال محمد الیاس عطارقادری رضوی ضیائی دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے اپنے ’’مدنی بیٹے‘‘کو دُعاؤں کے ساتھ ساتھ قبرو آخرت کی یاد پر مشتمل نصیحتوں سے نوازتے ہوئے اِرشادفرمایا: اللّٰہ کریم! آپ کے لئے نیا مکان بابرکت بنائے، اللّٰہ کرے! آپ کا اِس مکان میں رہناآپ کی دُنیا وآخرت کے لئے بہتر ہو اور اللّٰہ پاک آپ کو اپنی رِضا کے سائے میں رکھے، نئے مکان کی شفٹنگ میں قبر میں منتقل ہونے کی ’’یاد‘‘ ہے ، دُنیامیں نئے مکان کے ڈیکوریشن کے لئے بڑی بھاگ دوڑ کی جاتی ہے، خُوب رنگ روغن کرکے سجایا جاتاہے،لیکن آہ !اندھیری قبر کی روشنی کا کوئی انتظام نہیں کیا جاتا ۔

اللّٰہ پاک آسانی کا معاملہ فرمائے ، اللّٰہ پاک !بُرے خاتمے سے بچائے ،ایمان سلامت رکھے ، اللّٰہ پاک آپ کی نئے مکان میں شفٹنگ اَمن واَمان کے ساتھ اپنی رحمت اوراپنے پیارے پیارے آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی نظرِ کرم کے سائے میں فرمائے،آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ والہ وسلم

عبرت ناک حکایت

(امیراہل سنت نے پچھلے دِنوں اپنے ایک صوتی پیغام میں یہ حکایت بیان فرمائی،جِسے موقع کی مناسبت سے یہاں پیش کیا جارہا ہے)

سرکار ِ بغداد ،حضورِ غوثِ پاک ،شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ کا گزر ایک شخص کے پاس سے ہوا جو مضبوط مکان تعمیر کروا رہا تھا ، آپ نے چند عربی اشعارپڑھے،جس کا ترجمہ یہ ہے:کیا تُو ہمیشہ رہنے والوں جیسی عمارت تعمیر کر رہاہے ،تُوغورتوکر!تیرااِس میں رہنا بہت تھوڑا ہے ۔جس شخص نے یہاں سے چلے جانا(یعنی مرجانا)ہے اُس کے لئے پِیلوکے درخت کا سایہ(یعنی سادہ مکان) ہی کافی ہے۔ (تنبیہ المغترین،اُردو،ص154)

اللّٰہ پاک کی غوثِ پاک پر رحمت ہو اوراِن کے صدقے ہماری بے حساب مغفرت ہو۔اٰمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ والہ وسلم