امیر اہل سنت کی عاشقان رسول سے ہفتہ وار اجتماع میں رات
گزارنے کی درخواست
دعوت اسلامی کے زیر اہتمام ہر جمعرات کو ہفتہ
وار اجتماع کا اہتمام کیا جاتا ہے جس کا آغاز مغرب کی نماز کے فوراً بعد ہوجاتا ہے
۔ مغرب کے بعد شروع ہونے والا یہ اجتماع جمعۃ المبارک کی صبح اشراق و چاشت جاری رہتا ہے۔ ان ہفتہ وار
اجتماع میں تلاوت ، نعت ، بیان اور دعا کے
بعد مسجد میں نفلی اعتکاف کا سلسلہ ہوتا ہےجس میں عاشقان رسول مسجد میں رات گزارنے
کے ساتھ ساتھ نماز تہجد ادا کرتے اور بارگاہ رب العزت میں دعائیں کرتے ہیں۔
امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے اپنے
ویڈیو پیغام کے ذریعے آج اور آئندہ بھی
ہونے والے ہفتہ وار اجتماع میں شرکت کرنے کے بعد مسجد میں رات نفلی اعتکاف کر نے کے لئے عاشقان رسول سے درخواست کی ہے ۔ امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ
الْعَالِیَہ نے ہفتہ
وار اجتماع میں رات نفلی اعتکاف کرنے والےاور
عاشقان رسول میں دعوت عام کرنے والے
اسلامی بھائیوں کو اپنی دعاؤں سے نواز ہے۔
پیغام
امیر اہل سنت:
امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ
الْعَالِیَہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں مکاشفۃ القلوب صفحہ نمبر 429 سےفرمان
نبوی بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ”عقلمند وہ
ہے جس نے اپنے نفس کا محاسبہ کیا اور موت کے بعد کے لئے عمل کئے اور احمق وہ ہے جس
نے نفسانی خواہشات کی پیروی کی اور اللہ عَزَّوَجَلَّ سے ڈھیروں
دنیاوی تمنائیں رکھیں “ اور صفحہ نمبر 460 سے حدیث پاک بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ” بندے کے قدم اس وقت تک نہیں
ہلیں گے جب تک کہ اس سے چار چیزوں کا سوال نہیں کرلیا جائیگا، اس نے اپنی عمر کیسے
صرف کی، اپنے آپ کو کس چیز میں مصروف رکھا، اپنے علم پر کتنا عمل کیا اور دولت کیسے
کمائی اور کیسے خرچ کی ؟“
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ علٰی محمَّد
امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے مزید فرمایا کہ میرے تمام ذمہ دار مدنی بیٹوں
اور تمام ہی اسلامی بھائیوں کی خدمتوں میں عرض ہے کہ دعوت اسلامی کے ہفتہ وار
سنتوں بھرے اجتماع کی از ابتداء تا انتہاء پابندی فرمایا کریں اور رات اجتماع ہی
میں گزارے کریں، آرام فرمائیں اور اللہ نصیب کرے
تہجد بھی ادا کریں ۔
امیر
اہل سنت نے ذمہ داران اور اسلامی بھائیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تمام ذمہ
داران کو چاہیئے کہ اس کام کو لیکر اٹھیں،اور انفرادی اور اجتماعی کوششوں کے ذریعے
اسلامی بھائیوں کو تیار کرتے رہیں کہ رات رُکیں ، اللہ کرے ہر ہفتہ وار اجتماع میں ساری رات مسجد میں رونق
رہے، مسجد بھری رہے، عاشقان رسول مسجدمیں اعتکاف کی نیت کے ساتھ سوئیں اور آرام
کریں ۔
دعائے
عطار
یااللہ ! جوجو
دعوت اسلامی کے ہفتہ وار اجتماع میں رات رکنے کے لئے اسلامی بھائیوں کو آمادہ کرے،
خود بھی رُکیں، کم از کم 12 ماہ اس طرح گزارے، انہیں اس وقت تک موت نہ دینا جب تک
پیارے حبیب ﷺ کا دیدار نہ کرلیں اور مدینہ جاگتی آنکھوں سے نہ دیکھ لے، حاجی نہ بن
جائے۔ ایمان پر عافیت کے ساتھ کلمے کے ساتھ محبوب کے جلووں میں مدینے میں شہادت مل
جائے، میرے حق میں بھی یہ دعائیں قبول
ہوجائیں۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم