تلمیذ ِاعلیٰ حضرت مفتی تقدس علی خان رحمۃ اللہ علیہ

خاندانِ اعلیٰ حضرت کے عظیم فرد،یادگارِ اسلاف ،شیخ الحدیث حضرت علامہ مولانا مفتی تقدس علی خان صاحب، اعلیٰ حضرت امام احمدرضا خان(1) رحمۃ اللہ علیہ کے مرید و شاگرد اور حجۃا لاسلام علامہ مفتی حامدرضا خان (2) رحمۃ اللہ علیہ کے داماد و خلیفہ تھے ،والدکی جانب سے یہ رشتے میں اعلیٰ حضرت کے بھتیجے اور والدہ کی جانب سے نواسے تھے،انھوں نے ساری زندگی علمِ دین کی اشاعت،دارالعلوم منظرِاسلام بریلی شریف ہند(3) اورجامعہ راشدیہ پیرجوگوٹھ سندھ پاکستان (4) کی آبیاری وترقی کے وقف کئے رکھی،پاک وہندکے سینکڑوں علمانے آپ سےشرفِ تلمذحاصل کیااورچاردانگ عالم میں دینِ اسلام کی سربلندی کے لئے کوشاں ہوئے۔آپ کے حالاتِ زندگی میں سمجھنے، سیکھنے اورعمل کرنے کے کئی پہلو موجودہیں،آئیے آپ بھی ان کے حالات کا مطالعہ کیجئےاور ان سے حاصل ہونے والے دروس کو اپنی عملی زندگی میں نافذکیجئے:

اعلیٰ حضرت سےوالدکی جانب سے رشتہ

خاندانِ اعلیٰ حضرت امام احمدرضا کا تعلق افغانستان(5) کے صوبےقندھار (6) کے پٹھان قبیلے بڑھیچ سے ہے،اس قبیلے کے ایک فردشجاعت جنگ بہادر سعیداللہ خان(7) مغلیہ دورمیں لاہور(8) اورپھردہلی(9) آئے اورکئی حکومتی عہدوں پر فائز رہے ،ان کے بیٹے سعادت یارخان(10) اورپوتے محمداعظم خان(11) تھے ، اللہ پاک نےانہیں ایک بیٹے حافظ کاظم علی خان اور چار بیٹیوں سے نوازا، حافظ کاظم علی خان، دربار اودھ کی طرف سے بدایون کے تحصیل دار (سٹی مجسٹریٹ) تھے، دوسو فوجیوں کی بٹالین آپ کی خدمت میں رہتی تھی،آپ کو آٹھ گاؤں معافی جاگیر میں ملےتھے، مال ومنصب کے باوجود آپ کا میلان دین کی جانب تھا،آپ حافظِ قرآن اورحضرت علامہ شاہ نورالحق قادری رازقی فرنگی محلی (12)کے مرید و خلیفہ تھے ،ہرسال بارہ ربیع الاول کو محفلِ میلادکیا کرتےتھے جوخانوادہ رضویہ میں اب بھی ہوتی ہے۔(13) آپ کے تین بیٹے (1)امام العلماء مولانا رضا علی خاں (2)رئیس الحکماء حکیم تقی علی خان (3)جعفرعلی خان اورچاربیٹیاں تھیں۔ امام العلماء مولانا رضا علی خاں(14) اعلیٰ حضرت کے دادا تھے اور رئیس الحکماء حکیم تقی علی خان مفتی تقدس علی خان صاحب کے پڑدادا ہیں ۔ (15)حکیم تقی علی خان صاحب بہت بہادر ، قومی ہیکل، فنِ طِبّ میں خاص مہارت رکھتے تھے،یہ حکیم محمد اجمل خان دہلوی (16) کےشاگردتھے، ان کی شادی حکیم اجمل صاحب کے منجھلے بھائی حکیم محمد واصل خان صاحب(17) کی بیٹی سے ہوئی، یہ ریاست جے پور کے شاہی طبیب تھے، انہیں ریاست کی طرف سے اتنی جائیداد ملی جس کی سالانہ آمدن 3 لاکھ تھی، ا ن کے4 بیٹے تھے:(1)مہدی علی خان(2)حکیم ہادی علی خان(3) فتح علی خان(4) فدا علی خان،ان میں سے حکیم ہادی علی خان مفتی تقدس علی خان کے داداہیں،(18) حکیم ہادی علی خان کی شادی ریاست ٹونک کے عبدالعلیم خان صاحب کی بیٹی سے ہوئی جن سے 3 بیٹے اور ایک بیٹی پیدا ہوئی:(1)ہدایت علی خان (2)مولاناسردار ولی خان (3)محبوب علی خان۔ان میں سےمولانا سردارولی خان صاحب مفتی تقدس علی خاں صاحب کے والدمحترم ہیں ۔ (19) مولانا سردارولی خان صاحب کی پیدائش1302ھ مطابق 1885ء کو بریلی شریف میں ہوئی،انھوں نےطویل عمرپائی اور 1970ء /1390 ھ کو پیرجوگوٹھ میں انتقال فرمایا۔مفتی صاحب کے ایک مکتوب میں ہے:میرے والدصاحب کو اعلیٰ حضرت قبلہ سےخلافت نہیں تھی،وہ(سراج العارفین مولانا سیّدابوالحسین احمد) نوری میاں(20) سے بیعت تھے۔(21)

والدہ کی جانب سے رشتہ

اعلیٰ حضرت کے پڑداداحافظ کاظم علی خان صاحب کے دوبیٹے اورچاربیٹیاں تھیں،ان میں سے ایک بیٹی زینت موتی بیگم تھیں جن کا نکاح محمدحیات خان یوسف زئی سے ہوا،ان کے دوبیٹے نعمت (عرف بزرگ) علی خان اورکوچک خان تھے، نعمت (عرف بزرگ ) علی خان کے ایک بیٹے حاجی وارث علی خان تھے جن کی شادی اعلیٰ حضرت کی ہمشیرہ حجاب بیگم سے ہوئی۔ حجاب بیگم مفتی تقدس علی خان صاحب کی نانی صاحبہ ہیں، یوں اعلیٰ حضرت رشتے میں مفتی صاحب کے نانا ہوئے۔(22) حاجی وارث علی خان صاحب کے دوبیٹے اورتین بیٹیاں تھیں،ایک بیٹی کنیزفاطمہ کا نکاح مولاناسردارولی خان صاحب سے ہوا،ان کے چاربیٹے (1)مفتی تقدس علی خان(2)مفتی اعجازولی خان(3)عبدالعلی خان(4)مقدس علی خان اور 2بیٹیاں تھیں۔(23) مفتی صاحب کی والدہ محترمہ کنیز فاطمہ کی پیدائش1297ھ/ 1880ء کو بریلی میں ہوئی اور وصال 1377ھ /1957ء کو پیرجوگوٹھ میں ہوا۔(24) مفتی تقدس علی خان صاحب کی والدہ کی بہن(یعنی خالہ) کنیزعائشہ کا نکاح حجۃ الاسلام علامہ حامدرضا خان صاحب سے ہوا،یوں حجۃ الاسلام آپ کےخالواوررشتے کےماموں ہیں،انہیں کی بیٹی کنیز صغریٰ بیگم سے آپ کا نکاح ہوا،اس لئے حجۃ الاسلام آپ کے سسربھی تھے ۔(25) حجۃ الاسلام کے بیٹے مفسرِاعظم ہند مولانا ابراہیم رضا خان(26) اور مولانا حماد رضا خان نعمانی میاں (27) آپ کے برادرِ نسبتی تھے، اس لئے آپ خاندان رضوی میں پھوپھا صاحب کے لقب سے مشہور تھے۔(28) بقول خوشترِملّت حضرت مولانا محمدابراہیم خوشترصدیقی رضوی: آپ (مفتی تقدس علی خان)حسب نسب کے اعتبارسے کاظمی اوربیعت کے اعتبارسے رضوی اوراجازت وخلافت کے اعتبارسے حامدی ہیں ۔(29)

پیدائش

مفتی تقدس علی خان صاحب کی ولادت رجب المرجب 1325ھ/اگست 1907ءکو آستانہ عالیہ قادریہ رضویہ محلہ سوداگران بریلی شریف (یوپی، ہند)میں ہوئی،(30) شہنشاہِ سخن حضرت مولانا حسن رضا خان صاحب(31) نے آپ کا تاریخی نام ’’تقدس علی خان‘‘رکھا۔(32) آپ اپنے بھائیوں میں سب سے بڑے ہیں ۔(33)

تعلیم وتربیت

آپ نے پانچ سال کی عمرمیں 1330ھ/1912ء کو ناظرہ قرآن مکمل کیا۔(34) ٭ابتدائی کتب درسِ نظامی دارالعلوم منظراسلام بریلی شریف(35) کے مدرس حضرت مولانا محمدخلیل الرحمٰن بہاری (36) سے پڑھیں ۔(37)٭درسِ نظامی کی متوسط کتب صاحبزادہ ٔ شہنشاہِ سخن اور داماد وخلیفۂ اعلیٰ حضرت علامہ حسنین رضا خان(38) اور مولانا عبدالمنان خان شہباز گڑھی(39) سےپڑھیں۔ شرح جامی(40) کا خطبہ اعلیٰ حضرت امام احمدرضا خان صاحب سے پڑھنے کی سعادت پائی۔ مفتی تقدس علی خان صاحب فرماتے ہیں : ’’میری عمر12یا 13سال کی تھی ،جب میں نے اعلیٰ حضرت علیہ الرحمہ سے شرح جامی کا درس لیا۔اعلیٰ حضرت علیہ الرحمہ کی عام نشست ایک مسہری تھی،جس پر آپ جلوہ فرماتے تھے۔ اس کے سامنے کرسیاں بچھی ہوتی تھیں جس پر لوگ آکربیٹھتے تھے۔ادب واحترام کا یہ عالم تھا کہ اعلیٰ حضرت کی مسہری پر کوئی نہیں بیٹھتاتھا۔‘‘(41) ٭آپ کے منتہی کتب کے اساتذہ صدرالمدرسین علامہ ظہورالحسین رامپوری (42) اور ان کے وصال کے بعد ان کے صاحبزادے علامہ نورالحسین رامپوری(43)، استاذالعلماءمولانا عبدالعزیز خان محدث بجنوری(44) [مفتی تقدس علی خان صاحب نےعلامہ عبدالعزیزصاحب کا ذکراپنے ایک مکتوب میں ان الفاظ سےکیاہے: مولانا عبدالعزیز خان صاحب نے دارالعلوم منظراسلام میں تقریبا بیس سال پڑھایا،اعلیٰ حضرت قبلہ سے انہیں خلافت حاصل تھی،جامع مسجدبریلی میں خطیب وامام رہے، پھر مدرسہ مظہرِاسلام مسجدبی بی جی بریلی میں اعلیٰ کتابیں پڑھاتے رہے اور منظرِاسلام میں بھی حدیث پڑھاتے رہے،انہیں بدرالطریقہ لقب سے یادکیا جاتاہے ، شام کوروزانہ مثنوی شریف کا درس ان کا معمول تھا،اپنے وطن مولوف میں وصال فرمایا۔(45)] شیخ الحدیث علامہ رحم الہی منگلور ی(46) اورصدرالشریعہ مفتی امجدعلی اعظمی رحمۃ اللہ علیہم ہیں۔(47) مفتی تقدس علی خان صاحب نے اپنے ان دونوں آخرالذکر اساتذہ کا ذکراپنے مکتوب میں اس طرح کیا ہے: مولانا رحم الہیٰ اور صدرالشریعہ مولانا امجدعلی[مدرسے کے صدرمدرس ہونےکے] اُمیدوار ہوئے، اعلیٰ حضرت [ان میں سے]کسی ایک کو دوسرے پر ترجیح نہیں دیتےتھے،لہٰذا لکھا کہ ایک میرادل، دوسرا میرا جگر ہے اور دونوں میری آنکھیں ہیں، ایک ماہ ایک کو مدرّسِ اول لکھا جائے اور دوسرے ماہ دوسرے کو مدرّس اول لکھا جائے اور تنخواہیں دونوں کی برابررکھی جائیں ۔(48) ٭مفتی تقدس علی خان صاحب نے دورۂ حدیث حجۃ الاسلام علامہ حامدرضا خان سے کیا ،انہیں سے ردالمحتارکا مقدمہ پڑھا اورفتاویٰ نویسی کی مشق بھی کرتے رہے ۔آپ کی صلاحیت،اطاعت ،حجۃ الاسلام سے محبت اورحجۃ الاسلام کی شفقت وکرم نوازی کا نتیجہ یہ سامنے آیا کہ زمانہ طالب علمی میں ہی آپ حجۃ الاسلام کے نائب مشہورہوگئے۔آپ سفر و حضرمیں حجۃ الاسلام کے رفیق وخادم اور اعزا میں سب سے قریب تھے۔(49) ٭۱۳۴۵ھ /1927ء کوتقریبابیس سال کی عمرمیں آپ نے دارالعلوم منظراسلام بریلی سے درسِ نظامی سے فارغ التحصیل ہوکر سندِ فراغت حاصل کی ۔(50)

سلسلہ قادریہ کی خلافت

٭ مفتی تقدس علی خان سات سال کی عمرمیں 1332ھ/1914ء کو اعلیٰ حضرت سےسلسلہ قادریہ رضویہ میں بیعت ہوئے، چنانچہ آپ کے ایک مکتوب میں ہے :مجھے اعلیٰ حضرت قبلہ سے 1332ھ میں ارادت حاصل ہوئی ۔ان کا دستخط شدہ شجرہ میرےپاس محفوظ ہے۔(51) بعدمیں شرح جامی کا خطبہ پڑھ کرشرفِ تلمذبھی حاصل کیا ، جب اعلیٰ حضرت کا وصال ہوا تو آپ پندرہ سال کے تھے،خاندان کے دیگرافراد کے ساتھ مل کرتجہیز وتکفین میں شریک ہوئے۔ بعض کتب میں آپ کو خلیفۂ اعلیٰ حضرت لکھا گیاہے لیکن یہ بات درست نہیں ، آپ مریدوتلمیذِاعلیٰ حضرت ضرورہیں مگر خلیفہ اعلیٰ حضرت نہیں ،صاحبِ فوز المقال فی خلفائے پیر سیال حاجی مریداحمدچشتی صاحب(52) نےخلفائے اعلیٰ حضرت پر کام کے دوران مفتی تقدس علی خان صاحب کو کئی مکتوب بھیجے ،ان کی معلومات میں جوجوخلفائے اعلیٰ حضرت تھے ان کے نام مفتی صاحب کوروانہ کئے،اس فہرست میں آپ کا نام100نمبرمیں تحریرتھا،آپ نے جن ناموں کے بارے میں فرمایا کہ مندرجہ ذیل افرادکو (اعلیٰ حضرت قبلہ سے)خلافت نہیں ملی ،اس میں اپنا نام بھی شامل فرمایا۔(53) ٭حجۃ الاسلام علامہ حامدرضا خان صاحب نےآپ کو خاندانِ قادریہ کے اوراد و وظائف کی اجازت دے کر خلافت سے نوازا۔ اپنے ہاتھوں سے مصافحہ فرماتے ہوئے’’حدیثِ مصافحہ ‘‘سنائی جوکہ سات واسطوں سے حضورسیّدِکائنات صلی اللہ علیہ والہ وسلم تک پہنچتی ہے، آپ کو حجۃ الاسلام سے کتنا قرب تھا ،علامہ محمدابراہیم خوشترصدیقی قادری رضوی صاحب(54) تحریر فرماتے ہیں: (مفتی صاحب)حضرت حجۃ الاسلام کے سفروحضرمیں ساتھی،معاملات میں امین،دینی اوردنیوی ذمہ داریوں میں شریک و معین رہے، آپ فرزندنسبتی (داماد)تھے، مگر زندگی بھرحقِ فرزندی اداکرتے رہے۔ جامعہ منظراسلام کے انتظام و انصرام میں اور سلسلہ حامدیہ رضویہ کی ترویج واشاعت میں آپ حضرت حجۃ الاسلام کے مازون ومجاز اورخلیفہ ٔ برحق تھے۔(55) مزیدفرماتے ہیں:(فارغت کے بعد)اگرچہ آپ نائب مہتمم تھے مگردارالعلوم(منظراسلام )،عرس قادری وغیرہ کا ساراہتمام آپ سے متعلق تھا۔(56) حجۃ الاسلام کے علاوہ آپ کو قطب مدینہ ،شیخ العرب والعجم مولانا ضیاءالدین احمدمدنی صاحب سے بھی خلافت حاصل ہے، قطبِ مدینہ رحمۃاللہ علیہ آپ کا ذکرخیرکرتے ہوئے فرمایا کرتے : (مفتی تقدس علیٰ خان )سادہ لوح،بے تکلف،بس دین کی خدمت سے غرض رکھنے والے عالِم ہیں ۔ (57)مفتیِ اعظم ہند مفتی محمدمصطفیٰ رضا خان(58) نے بھی آپ کو خلافت سے نوازا،اسی محبت وعقیدت کی بناء پرمفتی تقدس علی رضوی صاحب نے مکاشفۃ القلوب مترجم کا انتساب مفتیِ اعظم کے نام کیا،چنانچہ آپ تحریرفرماتےہیں :مُعنون باسمِ گرامی،آقائے نعمت حضرت مفتیِ اعظم ہند محمدمصطفیٰ رضاخاں دامت برکاتہم القدسیہ سجادہ نشین آستانہ عالیہ بریلی شریف ،جن کی عمدہ تربیت وشفقت سے ہیچمدان فقیراس درجہ پرفائزہوا،فقیرتقدس علی خان بریلوی۔(59)

شادی واولاد

آپ کی شادی حجۃ الاسلام علامہ حامدرضا خان صاحب کی بیٹی کنیز صغریٰ بیگم سے ہوئی،آپ کے چاربیٹے تھے: (1)مصدق علی خان(2)حاجی محمد اختر حامد خان[1364ھ تا 1384ھ،بیس سال کی عمر میں وصال فرماگئے] (3)اعزاز ولی خان (4)منورعلی خان (1365ھ تا1367ھ) اورچاربیٹیاں تھیں:(1)حلیمہ بی بی(1362ھ تا1364ھ) (2)کنیز ریحانہ (3)کنیز عذرہ(4) کنیز فاطمہ۔تمام اولادکا انتقال بچپن یا لڑکپن میں ہوا۔آپ کی زوجہ محترمہ کاوصال 1388ھ/1969 ء کو کراچی میں ہوا،تدفین فردوس کالونی کراچی کے قبرستان میں اپنے بھائی مولانا حماد رضا خان نعمانی میاں کی قبرکے پہلومیں ہوئی۔(60) اتنی صبر آزما زندگی کے باوجودآپ کے چہرے پرہمیشہ تبسم دیکھا گیا ،آپ اِنَّ اللہَ مَعَ الصَّاْبِرِیْن کی جاگتی تصویرو تفسیرتھے ۔(61) حضرت مولاناحکیم مفتی قاری محبوب رضا خان صاحب(62) آپ کے بارے میں تحریرفرماتے ہیں :(مفتی تقدس علی خان صاحب )صبروقناعت اورتوکل علی اللہ کا ایک ایسانمونہ تھے کہ ان کو دیکھ کر اسلاف کی یادتازہ ہوجاتی تھی،بڑے سے بڑےغم کو ہنس کر برداشت کرتے تھے ،ان کے چہرے پرایک مخصوص تبسم جوہروقت رہتا تھا، محبت کا ایک نورتھا جوہروقت جھلکتا تھا اور غمزدہ دلوں کے لئے وجہِ تسکین تھا۔(63) شرفِ ملّت حضرت علامہ عبدالحکیم شرف قادری صاحب(64) تحریرفرماتے ہیں: باوجودیکہ بیوی، بچے، بھائی اور والدصاحب سب وصال فرماگئے اور آپ تنِ تنہارہ گئےتھے،لیکن ہروقت ہشاش بشاش رہتے،بلکہ ان کی خدمت میں حاضرہونے والاغم وآلام کو بھول کردل شاداورخوش وقت ہوجاتا،چہرے پر وہ ملاحت اوردلکشی کہ صرف بچوں کے چہرے پرہی دیکھی جاسکتی ہے ۔ کوئی تکلیف ہوتی توفرماتے :آبِ زم زم مل جائے تو مجھے افاقہ ہوجائےگا۔ (65) آخری عمرمیں آپ کئی بیماریوں میں مبتلا ہوئے، اس کے باوجود صابر و شاکر رہے چنانچہ ذیقعدہ 1395ھ/نومبر1975ء میں آپ کو نمونیہ ہوگیا، صفر1396ھ /فروری 1976ء میں آپ کوضعیفِ نفس کاعارضہ ہوا،اوائل 1406ھ/نومبر1981ء میں بہت بیمارہوگئے اس لئے مفتی اعظم ہند کی وفات پر بریلی شریف نہ جاسکے،1986ء/1407ھ کے ایک مکتوب میں ہے: بلڈپریشراورشوگرکا مریض ہوں آنکھوں میں موتیااتررہا ہے ،خداکرم کرے ۔ (66)

بریلی شریف کا دورِ تدریس ونظامت

فراغت کے بعدآپ نے دارالعلوم منظراسلام میں تدریس کا آغاز کیا جبکہ نائب مہتمم کے عہدے پر تو آپ زمانہ طالبِ علمی میں ہی فائزہوگئے تھے (67)مکاشفۃ القلوب مترجم میں ہے :جس طرح شیخ الحدیث کانامِ نامی (تقدس علی خان)تاریخی ہے اسی طرح آپ کی شخصیت اورآپ کا کرداربھی تاریخی ہے ،اعلیٰ حضرت سے فنِ نحوکی کتاب شرح جامی کا خطبہ پڑھنے کا فیضان تھا کہ دیگرمدارس کے منتہی طلبہ بھی آپ سے آخرشرح جامی یا ا س کا خطبہ پڑھا کرتے تھے، حضرت کے اس درس کا مادہ استخراج ’’تدریس تقدس علی‘‘ 1348ھ استخراج کیاگیا ہے۔(68) آپ اپنے تدریس کے ابتدائی ایام کے بارےمیں دوواقعات بیان فرمائے ہیں : (1)میں دیگراساتذہ کے مقابلے میں جونیئرتھا مگرہرکتاب کے لئے اچھی طرح تیاری کرکے پڑھانے بیٹھتاتھا،کلاس کے طلبہ کی تعداد 70سے 80 ہوتی تھی ،نظم وضبط مثالی تھا ،طلبہ کاپیاں لے کراہم باتیں نوٹ کرتے ،ایک شخص نے ایک طالبِ علم کو میرے خلاف تیارکیا ،وہ بے جااورغلط سوالات کرکے مجھے پریشان کرنے کی کوشش کرتا،ایک دن حجۃ الاسلام علامہ حامدرضا خان صاحب میرے درجے میں آکر بیٹھ گئے،اس طالب علم نے مجھ سے سوالات کئے،میں جوابات دیتاگیا ،ایک سوال میں مَیں نے ٹوکا تووہ مجھ سے بحث کرنے لگا،اس پر حجۃ الاسلام نے اس سے فرمایا کہ تمہارا تو سوال ہی درست نہیں ہے ،اِس پر اُس نے معافی مانگی ،وہ تین سال مدرسے میں رہا مگرکتاب پڑھنےکی صلاحیت نہ پاسکا،بالاخرمدرسہ چھوڑکرچلاگیا ۔(69) (2)ایک مرتبہ شرح تہذیب(70) کا ایک مقام سمجھ نہ آتا تھا، شرح دیکھی مگرویسے کا ویسارہا،طلبہ پڑھنے کے لئے آبیٹھے اورمطالعہ کی عبارت بھی پڑھ لی ،اس وقت میں نے اپنے استاذ کا تصورکرکے مددچاہی،پھرپڑھانا شروع کیا ،آخرمَیں نے دیکھاکہ سبق بالکل صحیح پڑھا چکا تھا ۔(71) تدریس کا یہ سلسلہ حجۃ الاسلام علامہ حامدرضا خان صاحب کی وفات ( 17جمادی الاولیٰ 1362ھ /22مئی 1943ء)تک جاری رہا پھر آپ منظراسلام کے تیسرے مہتمم اور ناظم ہوگئے۔(72) اس دورمیں ہونے والے اعلیٰ حضرت اورحجۃ الاسلام کے اعراس اورمشاہروں کا اہتمام کرنا بھی آپ کے ذمے ہوتاتھا۔(73) نظامت کے دوران تدریس کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ تقریباً پچیس سال پر محیط یہ دورِتدریس ونظامت غالباً محرم الحرام 1371ھ/ اکتوبر 1951ءکو فیملی سمیت آپ کے پاکستان ہجرت فرمانےپراختتام پذیرہوا۔(74) آپ کے دورِ نظامت کے بارے میں مفتی یورپ مفتی عبدالواجدنیّرقادری صاحب(75) تحریرفرماتے ہیں :آپ کے(9سالہ ) دورِ نظامت میں مدرسہ کے اندر(تعمیراتی طورپر)کوئی قابل ذکراضافہ تو نہیں ہواالبتہ آپ نے نہایت حوصلہ مندی اورجرأت کے ساتھ مدرسہ کو اس معیارسے گرنے نہیں دیا۔آپ نے حسبِ سابق اہتمام کے علاوہ درس وتدریس کا شغل جاری رکھا،آپ کے دورِ نظامت میں دارالعلوم کی آمدنی نسبتاً محدود ہوتی گئی،جس کااثراگرچہ دارالعلوم کے اخراجات پر پڑا اور بعض مدرسین مستعفی ہوئے پھربھی دارالعلوم اپنی پرانی آن بان اور شان کے ساتھ چلتارہا ۔ (76)

بریلی شریف کےدورِ تدریس میں تلامذہ

بریلی شریف کے دورِ تدریس میں جن علمائے کرام نے آپ سے تلمذ کا شرف حاصل کیا، ان میں سے چند یہ ہیں: (1)محدثِ اعظم پاکستان مولاناسرداراحمدچشی قادری(77) (2)مولانا ابرہیم خوشترقادری(78) (3)مفتی رجب علی نانپوری رضوی(79) (4)مولانا مفتی اشفاق حسین نعیمی(80) (5)مفتی اعجاز ولی خان رضوی(81) (6)رئیس التحریر علامہ ارشدالقادری(82) (7)مصنفِ کتبِ کثیرہ علامہ عبدالمصطفی اعظمی(83) (8)مولانا مفتی سیدمحمدافضل حسین رضوی مونگیری (84) (9)بلبلِ سندھ مولاناقاضی دوست محمد صدیقی(85) (10)مفتی عبدالحمیدقادری نواب شاہ۔(86)

حیدرآباددکن اورالہ آبادمیں خدمات

بریلی شریف کے پچیس سالہ دورِ تدریس کے دوران آپ جامعہ نظامیہ حیدرآباددکن(87) اورالہٰ آبادیونیورسٹی کے ممتحن بھی رہے اور الہ آباد یونیورسٹی میں آپ نے علوم شرقیہ (88) کے امتحانات کا سلسلہ بھی شروع فرمایا۔ جامعہ نظامیہ حیدرآباد دکن کے بارے میں آپ فرماتے ہیں کہ جب میں نے باقاعدہ امتحانات کا سلسلہ شروع کیا تو اگلے سال مختلف مدارس کے تین ہزارطلبہ امتحان دینے حیدرآباددکن آئے،جمعہ کا دن تھا ،نمازجمعہ کے لئے ایک بڑے باغ میں اہتمام کیا گیا ،حاکمِ وقت (نظام حیدرآباد دکن،نواب میر)عثمان علی خان (89) وہاں آئے، لوگوں کی بھیڑدیکھ کر پوچھا کہ خلافِ معمول بھیڑکیوں ہے ؟ بتایا گیا طلبہ امتحان دینے آئے ہیں ،پوچھا کہاں ٹھہرے ہیں ؟بتایاگیا مختلف مقامات پر،(یہ سن کر)نظام ِ دکن نے اس وقت ایک یونیورسٹی اورہاسٹل کی تعمیرکا حکم دیا۔ اسطرح حیدرآباد دکن یونیورسٹی وجودمیں آئی۔(90) حیدرآباد دکن کے علماسے مفتی تقدس علی خان صاحب کا گہراتعلق رہاجس کی تائیدآپ کے مکتوبات سے ہوتی ہےجیساکہ آپ تحریرفرماتے ہیں: اعلیٰ حضرت قبلہ کو جناب محمد عمر صاحب قادری حیدرآبادی (91) سے تعلق تھا،جوبادشاہ حسینی قادری کے والد تھے جو کہ مکہ مسجدحیدرآبادمیں سرکاری خطیب تھے،ویسے وہاں مشائخ میں وحید پاشا حسینی (92) اور مولانا عبدالقدیر صاحب صدیقی (93) (اعلیٰ حضرت سے)بہت متاثرتھے ،(اسی طرح )مفتی محمدرحیم الدین صاحب(94) (شیخ الاسلام،امام) مولانا(محمد) انواراللہ(فاروقی) صاحب(95) کے شاگردتھے،اعلیٰ حضرت قبلہ سے بہت متاثرتھے، انھوں نے اعلیٰ حضرت کی کتب کی اشاعت کی بہت کوشش کی ،مگرسقوط حیدرآبادکی وجہ سے کامیاب نہ ہوسکے۔ (96)

پاکستان میں ہجرت اورکراچی میں گزارے گئے ایام

مفتی تقدس علی خان صاحب نے خاندانی وملکی حالات کی وجہ سے تخمیناً محرم الحرام 1371ھ/ اکتوبر 1951ءکو فیملی سمیت پاکستان ہجرت فرمائی اوردارالعلوم امجدیہ عالمگیرروڈکراچی(97) رہائش پذیرہوئے ، (98) اس دوران مختصر مدت کے لئے مختلف مضامین کی کتابوں کی تیاری سےمتعلق کمیٹی میں خدمت سرانجام دی،(99) ان دِنوں آپ کی ملاقات اپنے پرانے دوست مفتی اعظم سندھ مفتی محمدصاحبدادخان جمالی صاحب (100) سے ہوئی جواس زمانےمیں سندھ مدرسۃ الاسلام کراچی (101) میں شیخ الفقہ اوراسلامیات کے استاذ کےعہدےپرکام کررہے تھے ،مفتی جمالی صاحب نے آپ کو بتایا کہ سندھ کا ایک عظیم خاندان پیرپگاراتحریک آزادی میں مجاہدانہ اورگوریلاسرگرمیوں کےپاداش میں فرنگیوں کے ستم کا خصوصی نشانہ بناہے،اِن کے لاکھوں مریدین سفاکانہ طورپر شہید کردئیے گئے ،ان کی درگاہ،حویلیوں اور فصلوں کو بموں کے ذریعے مسمارکردیاگیا ہے،مجاہدِاعظم شہیدآزادی حضرت سیّدصبغۃ اللہ شاہ راشدی ثانی ،سوریہ بادشاہ (102) کوشہیدکرکے ان کی میّت کو نامعلوم مقام پردفن کیا گیا ہے اوران کے دوصاحبزادوں (سیدسکندرعلی مردان شاہ اور سید نادر علی شاہ) کوجلاوطن کرکے دیارِ غیر(لندن)میں رکھا گیا ہے ،اب جب کہ پاکستان بن چکا ہے اورپیرانِ پگاراکی گدی بحال ہونے والی ہے ،اس لئے میرامشورہ اورتاکیدی گزارش ہے کہ آپ مع اہل وعیال پیرجوگوٹھ(103) چلے جائیں کیونکہ اس وقت آپ جیسی باعلم،پُرعزم اورتجربہ کارشخصیت کی وہاں پر اشدضرورت ہے ۔یہ سن کر مفتی تقدس علی خان صاحب نے پیرجوگوٹھ میں رہائش اختیارکرنے کا فیصلہ کرلیا ۔(104)

پیرجوگوٹھ میں قیام اورتدریس کاآغاز

مفتی تقدس علی خان صاحب نے تخمیناً ربیع الاخر1371ھ/جنوری 1952ء کو اپنی فیملی کے ساتھ پیرجوگوٹھ کا سفرکیا اور وہاں مقیم ہوگئے،یہاں آتے ہی حکیم فقیراللہ جتوئی اورحاجی صالح علی میمن کے تعاون سے شہرمیں مدرسہ قادریہ قائم فرمایا،شہرکےچھوٹے بڑے لوگ اس میں علم دین حاصل کرنے لگے۔کچھ ہی دنوں بعدرأس الافاضل حضرت مولانا محمدصالح مہرقادری (105) اوردیگرحضرات کی کوششوں سے پیرصاحب پگاراکی گدی بحال ہوئی۔ (106) 8جمادی الاولیٰ 1371ھ/4فروری 1952ء کو حرجماعت کے خلفانے پیرسیدسکندرعلی مردان شاہ ثانی چھٹ دھنی (107) کی بطور پیرپگارا ہفتم تاج پوشی کی، یوں آپ حروں کے ساتویں روحانی پیشوا قرارپائے۔10شعبان 1371ھ/5مئی 1952ء کو درگاہ قادریہ راشدیہ پیرجوگوٹھ میں جامعہ راشدیہ کاافتتاح ہوا۔ (108) مفتی تقدس علی خان صاحب نے مولانا محمدصالح مہرقادری صاحب کے اصراراوراحباب کے فیصلے سے مدرسہ قادریہ کوجامعہ راشدیہ میں منتقل کردیا ۔(109) جامعہ راشدیہ میں طلبہ کی تعدادبڑھنے لگی تومفتی تقدس علی خان صاحب کی معاونت کے لئے مولانا عبدالصمدمیتلوصاحب(110) کو لاڑکانہ سے بلایا گیا ،اساتذہ کرام کی مزیدکمی پوری کرنے کے لئے مفتی تقدس علی خان صاحب کی کوشش سے مفتی اعظم سندھ مفتی صاحبدادخان جمالی صاحب کا بطورمدرس تقررہوا،مفتی تقدس علی خان صاحب فرماتے ہیں :محترم مفتی (صاحبدادخان جمالی)صاحب کے مشورےسے مَیں جامعہ راشدیہ آیااورمیرے مشورے سے مفتی صاحب کو جامعہ راشدیہ لایا گیا۔(111) ان حضرت کی کوششوں سے جامعہ راشدیہ ترقی کی منزلیں طے کرنے لگا۔(112) مفتی تقدس علی خان صاحب کوشیخ الجامعہ بنایاگیا،یہاں آپ نے37سال تدریس کے فرائض سرانجام دئیے اورایک عالَم کو علم دین سے سیراب فرمایا ۔(113)

پیرجوگوٹھ کےدورِ تدریس میں تلامذہ

مفتی تقدس علی خان صاحب جامعہ راشدیہ کی نشاۃ ثانیہ (9شعبان 1371ھ/4مئی 1952ء)سے لے کراپنی وفات (3رجب 1408ھ/21فروری1988ء) تک یہاں تدریس میں مصروف رہے ، کم وبیش 37سالوں میں سینکڑوں علمانے آپ سے درسِ نظامی پڑھنےکی سعادت حاصل کی، یہ علمامختلف مساجدمیں امامت وخطابت ،مدارس بالخصوص جامعہ راشدیہ کی مختلف شاخوں میں تدریس کرکے دین متین کی خدمت میں مصروف ہیں ۔ آپ کے اس دور کے مشہور تلامذہ یہ ہیں :(1)سلطان الواعظین مفتی عبدالرحیم سکندری شاہ پورچاکر(114) (2)شیخ الحدیث مفتی محمدرحیم کھوسہ سکندری مہتمم جامعہ راشدیہ(115) (3) رأس الافاضل مولانا محمدصالح قادری جامعہ راشدیہ (116) (4)مفتی درمحمد سکندری سانگھڑ(117) (5)مولاناسیدغوث محمدشاہ جیلانی دوڑضلع نواب شاہ(118)(6)استاذالعلماءمفتی غلام قادر سکندری جامعہ راشدیہ(7)استاذالعلماء مولاناصوفی علی شیرسکندری تلوبھانڈو(8)شارحِ بخاری مولانا عبدالرزاق سکندری سانگھڑ (9)مناظرِ اسلام مولانامحمدقاسم مصطفائی میرپورماتھیلو۔(119)

مفتی تقدس علی علیہ الرحمہ اورپیرپگاراصاحب کا آپسی تعلق

1371ھ/ 1952ء میں مفتی تقدس علی خان صاحب کو پیرپگاراصاحب کا اتالیق اوراستاذمقررکیا گیا،اس لئے آپ پیرجوگوٹھ میں ’’استاذسائیں ‘‘کے لقب سے مشہور تھے۔(120) آپ نے پیرصاحب کی ان کے مزاج کے مطابق حکمت و دانائی سےتربیت فرمائی،آپ کی کوششوں سے پیرصاحب کے اسلامی عقیدے میں مضبوطی آئی،پیرصاحب نے آپ کی حکمت عملی کی برکت سے داڑھی بھی رکھ لی، جب مفتی صاحب اورپیرصاحب کےباہمی تعلقات میں اضافہ ہوتا گیا تو پیر صاحب نے مفتی صاحب سے عہد لیا کہ آپ ہمیں چھوڑکرنہیں جائیں گے۔(121) مفتی صاحب نے یہ عہدزندگی بھر نبھایا،آپ کوکراچی اوردیگرمقامات سے اپنے پاس آنے کی پُرکشش دعوتیں بھی آئیں لیکن آپ نے منع فرمادیااوراپنی زندگی اس آستانے اورجامعہ راشدیہ کے استحکام کےلئے وقف کردی۔پیرپگاراآپ کی بات کواہمیت دیتے،دینی رہنمائی لیتے، ذہن میں پیداہونے والے سوالات پوچھتے اور آپ حکمت بھرے جوابات دیتے، ایک واقعہ ملاحظہ کیجئے: پیرپگارا صاحب کےپاس ہرطبقہ ہائے زندگی کے لوگ آتےتھے ،ایک مرتبہ لوگوں میں سے ایک شخص نے اس طرح گفتگوکی جیسے وہ اپنے آپ کو اللہ کا ولی ہونے کاتاثردے رہا تھا ،وہاں مفتی صاحب بھی تشریف فرماتھے ، پیرصاحب نےآپ سے پوچھا کہ کیایہ شخص ولی ہےیا نہیں ؟مفتی صاحب نےفی الفورجواب دیا کہ پیرصاحب!مجھ سمیت جوبھی آپ کےپاس آتاہے وہ ولی نہیں ہے،ولی وہ ہے جس کے پاس آپ جائیں ۔ آپ کے کہنے کامطلب یہ تھا کہ جو صاحب ِ غرض ہوکر آپ کے پاس آئے وہ ولی کیسے ہوسکتاہے ؟اسطرح پیرصاحب آپ سے گاہے بگاہے استفادہ کرتے رہتےتھے ، پیرصاحب نے ایک مرتبہ (غالباً شکریہ اداکرنے کے اندازمیں)آپ سے کہا:مفتی صاحب !آپ ایک پیرکی تعلیم کا اہتمام کرکے ہزاروں لاکھوں لوگوں کی تعلیم سے فارغ ہوسکتے ہیں ۔چونکہ مفتی صاحب پیرصاحب کےبہت قریب تھے،اس لئے جن لوگوں کو پیرصاحب سے کوئی حاجت ہوتی یا جامعہ راشدیہ کےاساتذہ نے پیرصاحب سےبات کرنا ہوتی ،کسی مسئلے کوحل کروانا ہوتا تو وہ آپ سے کہتے ،مفتی صاحب پیرصاحب کے مزاج شناس تھے ، جب آپ پیرصاحب کےپاس جاتےتو پہلے دلچسپ باتیں کرتے، جب دیکھتے کہ پیرصاحب کا موڈ اچھا ہوگیا ہے تو آپ لوگوں کی حاجات پیرصاحب سے بیان کرتے، پیرصاحب فوراً مان جاتے اور اپنے متعلقہ ذمہ داران کو ان حاجات کو پوراکرنے کاحکم دے دیتے۔ اسی وجہ سے جامعہ راشدیہ کے اساتذہ آپ کو ’’حل المشکلات ‘‘کہتے تھے۔(122)

مفتی تقدس علی خان اورحرجماعت

پیرانِ پگاراکے مریدوں پرمشتمل حُر جماعت ہے جوبارہ چونکیوں پرمشتمل ہے ہرچونکی کا نگران خلیفہ ہوتاہے جسے مکھ کہاجاتاہے۔ حرجماعت کی سترہ رکنی کونسل (مرکزی مجلس شوریٰ)ہے جس کے سولہ مکُھ یعنی خلیفے ہیں اور ایک چیف خلیفہ ہیں۔ کونسل جو فیصلہ کرتی ہے وہ حتمی تصور کیا جاتا ہے، پیر کا انتخاب بھی یہی کونسل کرتی ہے ، اب بھی پیر پیرپگاراکے خلفاء اور درگاہ کی فیصلہ کمیٹی حُروں کے معاملات نمٹاتی اور فیصلوں پر عمل درآمد یقینی بناتی ہے،مفتی تقدس علی خان صاحب کےحرجماعت، کونسل اوردرگاہ کی فیصلہ کمیٹی سے خوشگوارتعلقات تھے،یہ لوگ مفتی صاحب کی بہت عزت کرتے اوران کی کہی ہوئی بات کوردنہیں کرتےتھے ،اس کی تائیدمفتی اعظم پاکستان مفتی محمد صاحبداد جمالی صاحب کے ایک مکتوب سے بھی ہوتی ہے جس میں انھوں نے مفتی تقدس علی خان کو لکھا کہ کونسل اوردرگاہ کی فیصلہ کمیٹی سے فرمادیں کہ وہ جامعہ راشدیہ کے مہتمم،جامع مسجددرگاہ شریف کےامام اورحرجماعت کےشرعی فیصلہ جات کے اعزازی ذمہ دارمولانامحمدصالح مہرقادری صاحب کی تنخواہ بڑھائیں کہ وہ کثیرالعیال ہیں اورشرم ومصالح وقت کی وجہ سےوہ خود تقاضا نہیں کررہےہیں ۔(123)

پیرجو گوٹھ میں دیگر خدمات

مفتی تقدس علی خان صاحب نے پیرجوگوٹھ کی مدینہ مسجدعیدگاہ میں پچیس سال تک امامت وخطابت فرمائی،اس کے بعدآپ نےاپنی جیب خاص سے پیرجوگوٹھ بازارمیں جگہ خریدکر جامع مسجدرضا تعمیرکروائی، مسجدکے ساتھ دکانیں بھی تعمیر کروائیں تاکہ ان کے کرائے سے مسجدکا خرچ چلتارہے۔ مسجد کی تعمیرکے بعد پھر عمربھراسی میں امامت وخطابت کی ذمہ داری نبھاتے رہے ۔ اب بھی یہ مسجدموجودہے اوراس کی تعمیرجدید ہوئی ہے۔ (124)

خاندانی وقار اوراستغنا

مفتی تقدس علی خان صاحب میں خاندانی وقار،شرافت ،عزتِ نفس اوردنیاوی مال ودولت سے استغنابدرجہ اتم موجودتھا ٭جامعہ راشدیہ میں دیگراساتذہ کےمشاہرےآپ کےمشورے سےطے ہوتے تھےمگرآپ نے کبھی بھی اپنے مشاہرےمیں صراحتاًیااشارۃً اضافے کا مطالبہ نہ فرمایا۔ ٭پیرصاحب کی جانب سے آپ کو قیمتی تحائف آتے مگرآپ فرمایا کرتے کہ میں فقیرآدمی ہوں مجھےان تحائف کی ضرورت نہیں ۔٭ایک دفعہ پیرصاحب نے ایک بھینس بطورِتحفہ بھیجوائی،آپ نےفرمایاکہ میں بھینس رکھ کرکیا کرونگا،پھریہ کہتے ہوئے پیرصاحب کو واپس کردی کہ آپ نے مجھے بھینس عنایت فرمائی ، میں نے قبول کرلی ،اب اسے واپس لےلیجئے۔٭جامعہ کی طرف سے ایک سیر(تقریباایک لیٹر) دودھ آتاتھا ،آپ فرمایا کرتے تھے اتنا دودھ ہمارے گھرکےلئے کافی ہے مزیدکی حاجت نہیں ،زندگی بھرایک سیردودھ لینے کا ہی سلسلہ جاری رہا۔(125)

لوگوں سے گھل مل کررہنے والی شخصیت

مفتی تقدس علی خان صاحب ایک صاحبِ حیثیت علمی خاندان کے چشم وچراغ تھے،علم وتقویٰ کے کوہِ گراں تھے، ہزاروں لوگ آپ کے شاگرد،مریداور مُحِبّ تھے ،اس کے باوجودآپ عام لوگو ں میں گھل مل کررہتےتھے،آپ کی دینی عظمت اورعلمیت کو فقیرانہ انداز نے ڈھانپ رکھا تھا ،لوگ آپ کے پاس آتے،آپ ان کےمقام ومرتبہ کےمطابق گفتگو فرماتے ،چھوٹوں پر نہایت شفقت کرتےتھے ، آپ نے مخاطَب کو کبھی اپنے بڑا ہونے کا احساس نہیں ہونے دیا،آپ پیر جوگوٹھ کے لوگوں سے محبت کرتے اورلوگ بھی آپ کے گرویدہ تھے،مفتی صاحب ان کے دُکھ دردمیں شریک ہوتے ، جولوگ آپ کے گھر تعویذات اورروحانی علاج کےلئے آتے، آپ ان کی ہرطرح دلجوئی فرماتے ، آپ لوگوں کی مالی مددبھی کردیا کرتے تھے، پیرجوگوٹھ میں آپ کے مریدبھی تھے،آپ نے وصیت کی کہ مرنے کے بعد مجھے پیرجوگوٹھ میں ہی دفن کیا جائے ،مجھے یہاں سے جدائی گوارانہیں۔مفتی صاحب کی محفل کی کشش اور روحانیت کا یہ عالم تھا کہ ایک مرتبہ حاضری دینے والا ہمیشہ متمنی رہتا کہ زیادہ سے زیادہ آپ کی صحبت سے فائدہ اٹھائے، جامعہ راشدیہ کے اساتذہ اگرچہ دورانِ تدریس آپ کے ساتھ چارپانچ گھنٹے گزارچکے ہوتے تھے لیکن اس کے باوجودشام کو آپ کے پاس پہنچ جاتے اور آپس میں بات چیت ہوتی ، آپ جس محفل میں ہوتے جانِ محفل ہوتے، اعلام و اسماء میں نئے نئے معنی پیدا کرنا، علمی معنویت کے ساتھ مزاح کا رنگ پیدا کرناآپ کا طرۂ امتیاز تھا۔(126)

تحمل مزاج اوربلندی ہمتی کے واقعات

مفتی صاحب تحمل مزاج اورعالی ہمت تھے ،کسی کی طرف سے تکلیف پہنچ جاتی ،طبیعت کے خلاف کوئی کام یا بات ہوجاتی تو برداشت کرلیتے ،چند واقعات ملاحظہ کیجئے :

(1)ایک مرتبہ آپ ایک شادی میں شریک تھے،مہمانوں کی کثرت کی وجہ سے اہل خانہ مہمانوں کوکھانا کھلانے میں تاخیر کا شکارہوگئے، سہ پہرتین بجے تک کھانا نہ کھلایا جاسکا،لیکن مفتی صاحب نے میزبانوں کو کچھ نہ کہابلکہ مجلسِ علمامیں خوشی طبعی کرکے سب کے دل خوش کرتے رہے ۔(127)

(2)ایک مرتبہ جب آپ پیرجو گوٹھ سے کراچی تشریف لائے ہوئے تھے،آپ کے ایک عزیز محمد حنیف والا (ایڈوکیٹ ) کی والدہ کے گھرآپ کی دعوت تھی،مکان چوتھی منزل پر تھا، سیڑھیاں چڑھتےچڑھتے آپ کی سانس اُکھڑ گئی ، آپ جلال میں نہ آئے بلکہ مسکرا کر فرمایا۔’’یہ دعوت ہے یا عداوت‘‘۔(128)

(3)رمضان 1407ھ/مئی 1987ءمیں آپ بیمارہوگئے ،کراچی میں ہی آپ کا ہرنیا کا آپریشن ہوا،ادارۂ تحقیقاتِ امام احمدرضا کے ذمہ داران آپ کی عیادت کے لئے ہسپتال گئے،آپ کو آگاہ کیا کہ الحمدللہ ادارےکے دفترکے لوازمات پورے ہوچکے ہیں،آپ ادارے کے سرپرستِ اعلیٰ ہیں ، دفتر کاافتتاح آپ ہی فرمائیں،آپ نے فرمایا کہ ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کےبعد مجھے لے جائیے گا، دودن کےبعدآپ کو ڈسچارج کردیاگیا، ڈاکٹرپروفیسرمجیداللہ قادری صاحب(129) اورمولاناحاجی شفیع محمدقادری حامدی صاحب (130) گاڑی لےکرپہنچے، مفتی صاحب ان کےساتھ پرنس روڈ پر واقع آفس تشریف لے آئے ،دفترچونکہ پرنشیمن بلڈنگ (اسٹری چن روڈ بالمقابل سندھ مسلم آرٹس کالج) کےتیسرے فلورپر تھا ،لفٹ بھی نہیں تھی اس لئے ذمہ داران نے ایک کرسی کا انتظام کیا ہواتھا تاکہ تین چارآدمی مل کر مفتی صاحب کو اٹھا کر دفتر تک پہنچادیں گے، اسی لئے مفتی صاحب سے کرسی پر بیٹھنے کے لئے کہا گیا مگرمفتی صاحب نےکہا کہ میں سڑھیوں پرچڑھ جاؤں گا،احباب نے عرض کیا حضورآپ کا ہرنیئے کا آپریشن ہواہے ،زخم کچاہے ،سڑھیاں چڑھنے سے تکلیف میں کہیں اضافہ نہ ہوجائے،آپ مسکرائے اورفرمایا کہ میں چڑھ جاؤں گا،مزیدفرمایا کہ دفتربھی تو اعلیٰ حضرت کا ہے ،دیکھنے والوں نے دیکھا کہ مفتی صاحب نےکچھ پڑھا ،ہاتھ پیچھے باندھ لئے اورسڑھیاں چڑھنے لگے ،دیکھتے ہی دیکھتے آپ تیسرے فلورپر پہنچ گئے ،کمال یہ تھا کہ نہ سانس پھولی،نہ تھکاوٹ کا اظہارکیااورزخم میں تکلیف کی بھی کوئی شکایت نہ کی، آپ نے دفترکا افتتاح فرمایا، دعادی،آپ کے رفقا آپ کی ہمت پر حیران بھی ہوئے اورآئندہ کے لئے انہیں کام کاحوصلہ بھی ملا ،ادارہ ترقی کے زینےپڑھتاگیا ،الحمدللہ برسوں سےیہ انٹرنیشنل سطح پرشہرت حاصل کرچکا ہے ۔(131)

(4) ڈاکٹرپروفیسرمولانا مسعوداحمدمجددی صاحب (132) تحریرفرماتے ہیں: حضرت علامہ مفتی تقدس علی خان رحمہ اللہ علیہ سے پہلی ملاقات کی تقر یب یہ ہوئی کہ 1973ء کے لگ بھگ فقیر کو امام احمد رضا رحمہ اللہ علیہ کے آثارِ علمیہ پر مشتمل حضرت علامہ محمد ظفر الدین بہاری۔(133) رحمہ اللہ علیہ کی تالیف ’’المجمل المعدد لِتالیفات المجدد‘‘ (134) کی سخت ضر ورت تھی، معلوم ہوا کہ ایک مطبوعہ پرانا نسخہ حضرت علامہ صاحب کے پاس ہے ۔ فقیر نے خط لکھا، چند روز کے بعد غریب خانے پرایک سادہ لباس بزرگ تشریف لائے ، ایک گھنٹے مکان تلاش کرتے رہے، پسینہ پسینہ ہوگئے، ان بزرگ نے جب اپنا تعارف کروایا تو معلوم ہوا کہ یہی بزرگ حضرت علامہ تقدس علی خان تھے، فقیر نادم و شرمسار ہوا کہ حضرت علامہ کتاب لے کر خود غریب خانے پر تشریف لائے اور فقیر کو سرفراز فرمایا، یہ تھی ان کی بے مثال شفقت اور علم پروری۔(135)

(5)شرفِ ملّت علامہ عبدالحکیم شرف قادری صاحب تحریرفرماتے ہیں : راولپنڈی میں ایک ملاقات کے موقع پر(مفتی تقدس علی خان صاحب)نے فرمایا، ہمارا خیال تھا کہ المحجتہ المؤتمنہ(136) اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ کی آخری تصنیف ہے، لیکن ر دِّ مرزائیت میں اعلیٰ حضرت کا ایک رسالہ الجراز الدّیانی (137) دیکھنے سے اندازہ ہوا کہ وہ آخری رسالہ ہے، لیکن افسوس کہ میں مدینہ منورہ سے اپنے ساتھ لا نہیں سکا، پھر بر یلی شریف تشریف لے گئے اور واپسی پر وہ رسالہ راقم کو دے گئےاور فرمایا کہ صرف یہ رسالہ حاصل کرنے کے لئے مجھے پیلی بھیت جانا پڑا، ایسے عظیم انسان اور سراپا شفقت و محبت پھر کہاں ملیں گے۔

(6) بلندہمت اتنے تھے کہ کبرسنی(طویل عمری) کے باوجود کئی طویل سفراکیلے کرلیا کرتے تھے اورفرمایاکرتے تھے کہ فرشتے میرے ساتھ چلاکرتے ہیں ۔ (138)

(7) مفتی صاحب کے آخری سفرمکہ ومدینہ اورسفربغداد (ربیع الاول ،ربیع الاخر1408ھ/نومبر1987ء)سے پانچ چھ ماہ قبل آپ کا غدودکاآپریشن ہوا،سفرمیں غدودکی تکلیف تونہ ہوئی مگرآپ کمزوری محسوس فرماتے تھے،مگرآپ کی عالی ہمتی کہ کبھی یہ نہ فرمایا کہ میں تھک گیا ہوں ،رفیقِ سفرجس مزارکی حاضری کا کہتے ،آپ تیار ہوجاتے۔(139)

مفتی صاحب کا حلیہ اورکچھ عادات

آپ ہردلعزیز شخصیت کے مالک تھے ،کئی خوبیوں کے جامع تھے ،قاری محبوب رضا خان صاحب نے چندسطروں میں آپ کا تعارف کچھ یوں بیان کیا ہے : دہرے بدن کا چھوٹا قد، گھنی داڑ ھی، بڑا سر ، گول گردن، جلدی جلدی معصومانہ انداز میں گفتگو فرماتے، مسکراتا ہوا چہرہ ،گندمی رنگ، نیچی نظریں، نہایت ذہین، روشن آنکھیں، قوی الحافظہ ، متین ، حلیم الطبع، چھوٹوں پر شفیق، دوستوں کے رفیق، بزرگوں کی خدمت میں نہایت متواضع، منکسر المزاج ، اخلاقِ مجسم، دوستوں کی محفل میں بذلہ سنج ،عادتاً مرنجامرنج ، پُروقار، بُرد بار، سادہ لوح، عفوودرگزر کے عادی، بہترین انسان، ان کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، میں نے ایک مرتبہ اُن کی بذلہ سنجی سے متاثر ہو کر عرض کیا۔تو بھولنے کی چیز نہیں ہے یہ یاد رکھ!

دل سے ترا خیال بھلایا نہ جائے گا

مسکرا کرفرمانے لگے ، آپ دوستوں سے یہی اُمید ہے، مسلک(اعلیٰ حضرت) میں نہایت پختہ ،اورادو وَظائف کے شاغل، نہایت متبع سنت، حجۃ الاسلام حضرت مولانا الشاہ حامد رضا خان صاحب علیہ الرحمہ کے نہایت معتمد علیہ ، منظر اسلام کے مشہور مہتمم، نہایت عمدہ منتظم، بزرگوں کی یادگار، سراپا عجز و انکساری، غریب نواز و غمگسار، نہایت ملنسار، یاروں کے یار، عقل تیز طرار، نرم گفتار،پختہ کردار، میدان تدریسی کے شہسوار، حضرت سادگی کا مجسمہ تھے۔(140)

علامہ محمدصدیق ہزاروی صاحب(141) تحریرفرماتے ہیں :بظاہران کا قدچھوٹاتھا لیکن قد آورشخصیت تھی کہ بڑے بڑے سر و قد اِن کے سامنے سرنیاز خم کردیتے تھے،علم وفضل،زہدوتقویٰ اورخوش خلقی ،ملنساری ،سادہ مزاج اورسادگی پسند جیسی صفات عالیہ سے ان کی زندگی مزین تھی۔ (142) مفتی صاحب بہت نرم مزاج مگردوربین عالم ومفتی تھے ،آپ فتویٰ نویسی میں حتی الامکان احتیاط برتتےاورکبھی جلدبازی نہ کرتے ۔(143)

پروفیسرڈاکٹرمسعود احمد صاحب تحریرفرماتےہیں : آپ کے فضائل وخصائل کیا بیان کیے جائیں، آپ بلند پایۂ مفسر، محدث اور فقیہ تھے، شہرت و ناموری اور صلہ و ستائش سے بے نیاز، دین کی خدمت میں سرشار، سادہ گفتار، سادہ لباس، شگفتہ مزاج ،سراپا شفقت وکرم، علم دوست، محبت نواز ،بے نفس ، بے تکلف، سراپا اخلاص ، مرنجاں مرنج، صاف دل، صاف گو، کن کن خوبیوں کا ذکر کیا جائے؟ وہ صفات ِ حسنہ کا ایک حسین گلدستہ تھے، ان کی صحبت میں بیٹھنے والا کبھی نہ اکتاتا، خوش رہتے اور خوش رکھتے، مصائب کو خندہ پیشانی سے سنہا کوئی اُن سے سیکھے۔(144)

آپ کا لباس بھی سادہ ہوتاتھا،محقق ومصنف سید محمد عبداللہ قادری(واہ کینٹ،ضلع راولپنڈی) (145) تحریر فرماتے ہیں : راقم السطور کو بھی حضرت مفتی تقدس علی خان قادری رحمہ اللہ علیہ کی زیارت و ملاقات کاشرف نصیب ہوا، ایک بار جامعہ نظامیہ(رضویہ) اندرون لوہاری دروازہ لاہور(146) میں حضرت شیخ الحدیث علامہ محمد عبدالحکیم شرف قادری علیہ الرحمہ کے ہاں ملاقات ہوئی تھی، مکتبہ قادریہ(147) کے کمرہ برآمدہ میں مفتی صاحب چٹائی پر لیٹے ہوئے تھے، وہیں سلام و دعا ہوئی آپ نے خانوں والی دھوتی اور ململ کا کرتا پہنا ہوا تھا، درمیانہ قدچہرے پر موزوں داڑھی گندمی گوں رنگ۔(148)

تصنیف وتالیف

مفتی تقدس علی خان صاحب کی زیادہ توجہ درس وتدریس کی جانب تھی اس کے باوجود آپ نے تصوف کی اہم کتاب مکاشفۃ القلوب(149) کا بامحاورہ اورسہل ترجمہ کیا ،جسے دعوتِ اسلامی کے ادارۂ تصنیف وتالیف المدینۃ العلمیہ (اسلامک ریسرچ سینٹر)کراچی نے تخریج اورحواشی کےساتھ جمادی الاخریٰ 1436ھ/اپریل 2015ء کوخوبصورت انداز، بہترین کاغذاوراعلیٰ میعارکی پرنٹنگ کے ساتھ شائع کیا ہے،اس اشاعت کی قبولیت عامہ کا اندازہ اس بات سےلگایا جاسکتا ہے کہ 2015ءسےاب تک چارایڈیشنزمیں سترہ ہزار(17000)کی تعدادمیں پرنٹ ہوچکی ہے ، دیگرکئی مطابع نے بھی اسے شائع کیا ہے ۔مفتی صاحب نے کچھ کتابوں پر تقاریظ وتصدیقات تحریرفرمائیں۔آپ کی بعض تصانیف ہندوستان میں رہ گئیں یا ضائع ہوگئیں۔

تحریکوں میں حصہ

مفتی تقدس علی خان دیگرخوبیوں کے ساتھ ساتھ دردِ امت سے مالامال تھے ،جب بھی کسی اہم تحریک کا آغازہوا،مفتی صاحب نے اس میں اپنا حصہ ضرورشامل کیا ٭تحریک پاکستان کے سلسلے میں اہل سنت کی اہم جماعت آل انڈیا سُنّی کانفرنس (150) نے ہند بھرمیں اپنے اجلاسات کا آغازکیا ،مفتی صاحب بھی ان میں شریک ہوتے تھے ،مثلا مرادآباد میں 19،20شعبان1358ھ/3، 4،اکتوبر1939ء کوہونے والی کانفرس میں آپ شریک ہوئے،اس میں حجۃ الاسلام علامہ حامدرضا خان صاحب اورخلیفہ اعلیٰ حضرت علامہ پیرسیدفتح علی شاہ نقوی قادری صاحب(151) نے دوقومی نظریہ کی اہمیت وافادیت پر بیانات فرمائے۔ (152) اسی کانفرنس میں آپ کی ملاقات مفتی اعظم سندھ مفتی صاحبدادخان جمالی صاحب سے ہوئی تھی۔

٭آل انڈیا کانفرنس کاعدیم النظیراجلاس جمادی الاولیٰ 1365ھ /اپریل1946 ء کو اترپردیش کے شہربنارس میں ہوا جس میں تقریباً پانچ سومشائخ عظام،سات ہزارعلمائے اعلام اور دو لاکھ سے زائدسنی عوام نے شرکت کی ،(153) اس اجلاس میں مفتی تقدس علی خان صاحب بھی اپنے رفقاکے ساتھ بھرپوراندازمیں شریک ہوئے،اس میں پاکستان کے حق میں ایک تاریخ فتویٰ بعنوان’’آل انڈیا سنی کانفرنس کے مشاہیرعلماء ومشائخین کا متفقہ فیصلہ ‘‘شائع ہوا۔ اس میں مفتی صاحب کانام گیارہویں نمبرپر یوں درج ہے ٭(مولانا)تقدس علی خاں رضوی مہتمم دارالعلوم منظراسلام بریلی۔(154) وہ علمائے کرام جنہوں نے آل انڈیا کانفرنس میں شامل ہوکر تحریک پاکستان میں حصہ لیا۔ ان کی فہرست مفسرِقرآن علامہ محمد جلال الدین قادری صاحب (155) نے مرتب کی، ساتھ حوالہ بھی نقل فرمایا ،اس میں مفتی تقدس علی خان صاحب کا نام دبدبہ سکندری(156) 29مارچ 1946ء کے حوالے سے درج کیا ۔(157)

٭بریلی شریف اورمضافات میں تحریکی پروگرام ہوتےرہے،یہاں تک کہ آپ نے بریلی شریف میں پاکستان کے حق میں جلوس بھی نکالا۔(158) اس تاریخی واقعہ کومفتی صاحب نے اپنے ایک خط میں یوں تحریرفرمایا ہے:حضرت مفتی اعظم ہند (مفتی محمدمصطفی رضا خان ) قدس سرہ العزیز غالباً 1946ء کے الیکشن میں جس میں کانگریس اورمسلم لیگ کا سخت مقابلہ تھا اور یہ فیصلہ ہونا تھا کہ پاکستان بنے یا نہیں ؟ اس میں اول ووٹ حضرت کا ہوا ، امیدوار عزیز احمد خان ایڈووکیٹ تھے ، عزیز احمد خان مسلم لیگ کی طرف سے تھے اور ووٹ ڈالنے کے بعد حضرت کو جلوس کی شکل میں مسلم لیگ کےرضا کار ’’مفتی اعظم پاکستان‘‘کے نعروں کے ساتھ آستانہ شریف پر واپس لائے‘‘۔(159)

٭پاکستان آنے کے بعدتحریک ختم نبوت میں علمائے اہل سنت کے شابہ بشانہ کام کیا ٭ 8،9ربیع الاخر1390ھ/ 13، 14جون  1970ء  کوسنی کانفرنس ٹوبہ دارالسلام (پنجاب)میں مفتی صاحب نے پیرصاحب پگارہ کی نمائندگی کی اور ان کا پیغام پڑھ کرسنایا ٭کل پاکستان سنی کانفرنس14،15، ذیقعد1398ھ/ ملتان16،17،اکتوبر1978ءمیں آپ نے پہلے اجلاس کی صدارت فرمائی ٭زندگی بھرجمعیت علماء پاکستان پیرجوگوٹھ کے صدررہے،1390 ھ/1960ء میں ہونے والے بنیادی جمہوریت کے انتخابات میں کامیاب ہوئےاورچھ سال تک یونین کمیٹی کے چیئرمین رہ کرقوم و وطن کی خدمت کی۔(160)

اسفارحرمین طیبین

مفتی تقدس علی خان صاحب نے تین حج اورکثیرعمرےکرنےکی سعادت حاصل کی،چنانچہ آپ کے3جمادی الاولی 1406 ھ / 14جنوری 1986ءکےلکھے گئےمکتوب میں ہے :اب ان شاء اللہ بشرط زندگی پندرھواں پھیراہوگا۔ (161) کچھ تفصیل ملاحظہ فرمائیے :

٭آپ نےپہلاحج تو اس وقت کیا جب آپ ہندوستان میں رہائش پذیرتھے،آپ کا یہ سفر1368ھ/1945ءمیں بحری جہازکے ذریعے ہوا،اس سفرکی اہم بات یہ ہے کہ بریلی شریف کےمحمد افضل خان صاحب اپنی زوجہ کےساتھ آپ کےساتھ حرمین طیبین جاناچاہتے تھے،اس زمانےمیں ویزے کے بغیرہی سفرہوتےتھے،مسئلہ یہ تھا کہ جس سفینے میں مفتی صاحب کوسفرکرناتھااس میں کوئی نشست خالی نہیں تھی،اس فیملی کا بہت زیادہ اصرارتھاکہ مفتی صاحب کے ساتھ ہی سفرکرنا ہے،مفتی صاحب نے کہاکہ واقعی آپ کا پختہ ارادہ ہے تو انھوں نے اپنے پختگیٔ ارادہ کوظاہرکرنےکے لیے کہاکہ اگرہمیں نشست نہ ملی تو ہم سمندرمیں چھلانگ لگادیں گے ،ہمیں اپنے ساتھ لے جانا آپ کی ذمہ داری ہے ۔مفتی صاحب نےیہ سن کرارشادفرمایاکہ ٹھیک ہے آپ میرے ساتھ سفرکی تیاری کریں ،جب آپ ان کےہمراہ بندرگاہ پہنچے توآپ نے جہازی کمپنی کے ذمہ دار افسر کو ان دونوں کانام لکھ کردیااورکہاکہ اسےاپنی جیب میں رکھ لیں،جب مفتی صاحب جہازمیں سوارہوگئے اورسیٹی بج گئی تو اچانک اعلان ہواکہ محمد افضل خان اورانکی بیوی جہازمیں سوارہوجائیں ،یہ دونوں سوارہوگئے ۔اصل میں ہوا یوں کہ آخری وقت میں پتاچلاکہ دومسافرجنہوں نے نشست بک کروائی ہوئی تھی وہ کسی وجہ سے وقت پرنہیں پہنچے اورانکی نشستیں خالی تھیں۔مفتی صاحب حج کرکے واپس آگئے مگرمحمدافضل خان صاحب مدینہ منورہ میں رہائش پذیرہوگئے ،ان کا انتقال مدینہ شریف میں ہی ہوااورجنت البقیع میں تدفین ہوئی۔جب آپ حج سے واپس آئے تودارالعلوم منظراسلام بریلی شریف میں جلسۂ تہنیت منعقدکیا گیا ،اس دورمیں خوشترملت علامہ محمدابراہیم خوشتررضوی صاحب دارالعلوم کےطالب علم تھے،انھوں نے یہ قطعہ پڑھا:

جھولیاں نعمت ِ دارین سےبھرکراپنی۔۔۔۔۔۔۔۔پھروطن کومیرے مخدوم ومکرم آئے

شادومسرورہیں کس درجہ وہ اللہ اللہ ۔۔۔۔۔۔۔۔کتنے انعام خدا جانے وہاں سے پائے

ہوئی تاریخ یہ خوشترزسرکیف دوام۔۔۔۔۔۔۔۔’’دل کوپُرنورتجلی سے بنا کر لائے‘‘

1945ء

٭دوسراحج آپ نے پاکستان ہجرت کے بعد1388ھ/1969ءکو کیا،اس سفرکی اہم بات یہ ہے کہ اس میں علامہ محمدابراہیم خوشتررضوی صاحب اپنی فیملی سمیت موریشس سے حج کرنے آئے ہوئےتھےانہیں مفتی صاحب کی معیت میں ہی حج کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ ٭تیسرا حج آپ نے 1392ھ/1968 ءمیں کرنےکی سعادت پائی۔ ٭1395ھ /1975ء سے آپ ہرسال مسلسل ماہ رمضان میں عمرہ وزیارت مدینہ کےلیے حرمین طیبین کاسفرفرمایا کرتے تھے ،ماہ رمضان وہاں گزارکرعیدکےبعدواپس آتے تھے،یہاں تک کہ آپ نے وصال فرمایا۔(162)

حرمین طیبین میں آپ کے معمولات

حرمین طیبین کی حاضری کسی بھی عاشق صادق کی معراج ہوتی ہے ، وہ اپنے نیک اعمال میں اضافہ کرتااورخوشنودی خداومصطفی میں مستعدہوجاتاہے ،یہی کیفیت مفتی صاحب کی ہوتی تھی ٭آپ یہاں حاضرہوکرذکروفکر،تلاوت قرآن،صلوۃ وسلام کی کثرت فرماتے ٭اپنے خاندان،مریدوں،خدام واحباب کےلیے فردا فردا دعافرماتے ، ملک و بیرون جب بھی کوئی آپ کو دعایا بارگاہ رسالت میں سلام کے لیے عرض کرتاہے تو آپ اس کا نام اپنی ڈائری میں نوٹ فرمالیتے ،ہرشہروالوں کا نام الگ صفحے پر ہوتا،جب آپ مدینہ شریف میں بارگاہِ رسالت میں حاضرہوتے تو اس ڈائری سے دیکھ کرایک ایک کانام لے کر نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی بارگاہ میں سلام عرض کرتے اوراس کے لیےدعافرماتے ٭حرمین طیبین میں ملاقات کرنےوالوں پر خصوصی شفقت فرماتے٭مدینہ شریف میں حاجی حنیف اللہ والاکے ہاں شارع رومیہ میں قیام فرماتےکیونکہ ان کا گھرقطب مدینہ ،شیخ العرب والعجم علامہ ضیا ء الدین احمدمدنی رحمۃ اللہ علیہ کے آستانےکے قریب تھا،روزانہ شام کو قطب مدینہ کے ہاں ہونے والی محفل نعت میں شرکت فرماتے اورشام کاکھانا وہیں تناول فرماتے ،ماہ رمضان میں قطب مدینہ کے انتہائی اصرارپرسحری وافطاری آستانےپرکرتے ،جب قطب مدینہ وصال فرماگئے تو جانشین قطب مدینہ ،حضرت مولانا حافظ فضل الرحمن مدنی صاحب (163) کی موجودگی میں بھی یہ سلسلہ جاری رہا ۔ اَب حاجی حنیف اللہ والا کا مکان اورقطب مدینہ کا آستانہ جیدتعمیرکی وجہ سے مسجدنبوی میں شامل ہوگیا ہے ۔

اسفارعراق

مفتی صاحب نےبغدادشریف،نجف اشرف،کربلامعلیٰ وغیرہ میں صحابہ عظام واولیاکرام کےمزارات پرحاضری کےلیے دومرتبہ سفرکیا۔٭آپ کا پہلا سفرِ عراق (غالبامحرم )1367ھ/دسمبر1947ءمیں ہوا، اس کا انتظام نظام حیدرآباد دکن میرعثمان علی خان نے کیا ،آپ نے بغدادشریف ،نجف اشرف اورکربلا معلیٰ میں حاضری کا شرف حاصل کیا ، آپ ہندوستان سے عراق روانہ ہوئے،بغدادشریف پہنچ کر نقیب الاشراف(164) کےمہمان ہوئے ،اس وقت سقوط حیدرآباد دکن نہیں ہواتھا،چنانچہ مفتی صاحب نے نقیب الاشراف سے درخواست کی کہ جب آپ دربارغوث الاعظم میں جانب قدم حاضرہوکر ختم قرآن شریف کرتے ہیں تو دعافرمائیےکہ حیدرآباددکن پاکستان میں شامل ہوجائے،نقیب الاشراف نے حامی بھرلی،مگریہ دعاکرنابھول گئے،دوبارہ اورپھرسہ باردعاکی درخواست کی تو فرمانے لگے :مولانا،میں بھُلادیاجاتاہو۔اس لیے دعانہ ہوسکی اور17ستمبر1948ءکوسقوطِ حیدرآبادہوگیا۔(165)

٭آپ کا دوسراسفرزندگی کے آخری سال میں (غالباربیع الاول کے آخریا ربیع الاخرکےابتدامیں ) 1408ھ/نومبر 1987ء کوجدہ سے بغدادشریف ہوا،دربارِغوثُ الاعظم میں نقیب الاشراف حضرت شیخ سیّدیوسف بن عبداللہ جیلانی رحمۃ اللہ علیہ(166) نےآپ کا استقبال کیا، خصوصی کمرہ عنایت فرمایا، دربارکےخادم بابافقیرمحمدصاحب کوایک دینار دیتے ہوئے کھاناکھلانے کی تاکیدکی،مفتی صاحب نےخادم کوبتایاکہ یہ میری چالیس سال کےبعددوسری حاضرہے،خادم صاحب نےکہاکہ گویا آپ الوداع کہنے آئے ہیں ۔آپ نے یہاں دیگر مزارات پربھی حاضری شرف حاصل کیا۔(167)

اہلسنت کے اداروں کےساتھ تعاون

آپ مسلک اعلیٰ حضرت کے سچے اورپکے داعی تھے ،جہاں کہیں آپ کے علم میں کوئی ادارہ یا انجمن بلکہ کوئی فردبھی آتاتو آپ اس کے ساتھ بھرپورتعاون فرماتے ،اس تعاون کی صورت نہ صرف علمی اورمالی ہوتی بلکہ حتی الامکان بنفس نفیس اس میں حصہ لیتے ،مثلا کسی کو کتاب کی ضرورت ہوتی اوروہ آپ کے پاس ہوتی تو اسے بھیج دیتے ،کسی اورکے پاس ہوتی اور آپ کے علم میں ہوتاتو اس سےلے کرروانہ کردیتے،بعض اوقات تو اس کتاب کے لیے سفربھی فرماتے ،اسی طرح آپ اداروں کے ساتھ بھی بھرپورتعاون فرماتے ،آپ نے ادارہ تحقیقات امام احمدرضا کراچی اورمرکزی مجلس رضا لاہور کے ساتھ جو تعاون فرمایا اس کا مختصرذکر کیا جاتاہے :

(1)ادارہ تحقیقات امام احمدرضا کا قیام1400ھ/ 1980ء کوکراچی میں ہوا،مفتی تقدس علی خان بانیان ادارہ میں سے ہیں ، آپ نے تن من دھن سے اسکی معاونت فرمائی ،1406ھ/ 1986ء میں یہ ادارہ رجسٹرہوااوراس کی مجلس عاملہ بنائی گئی ،آپ اس کے اول سرپرست اعلیٰ منتخب ہوئے اورتادم ِوصال اس عہدے پرفائزرہے۔ادارہ رجسٹرہونےکے بعداس کے دفترکی ضرورت تھی،مفتی صاحب نےاراکین مجلس عاملہ کا حوصلہ بڑھایا،حضرت حاجی شفیع محمدقادری صاحب کے گھرآفس کا تذکرہ ہواتو آ پ نے فرمایاکہ یہ مسئلہ حل ہوجائے گا اوراپنی جیب سے سوروپے کانوٹ نکال کر مولانا سیدریاست علی قادری صاحب (168) کے ہاتھ میں رکھ دیا اورفرمایاکہ آفس کے لیے جگہ تلاش کرو،الحمدللہ جلدہی جگہ مل گئی اورمفتی صاحب نے11رمضان 1407ھ/ 10مئی 1987ء کو اپنے ہاتھوں سے اس کا افتتاح فرمایا۔ادارہ میں آپ کی خدمات تادم وصال جاری رہیں ،آپ کا دورِ خدمت 1980 ءتا 1988ءتک ہے ۔مفتی صاحب نے ادارہ کی سالانہ ساتویں کانفرنس( 24،اکتوبر1987ء)کی صدارت بھی فرمائی ۔(169)

(2)مرکزی مجلس رضا لاہورکا قیام1388ھ/ 1968ء کو حکیم اہل سنت حضرت حکیم محمدموسیٰ امرتسری (170) نے اپنے چند رفقاکےساتھ لاہورمیں کیا ، جس کا بنیادی مقصد امام احمد رضا، فکر رضا کا تعارف اور مسلکِ اعلیٰ حضرت کو عام کرنا تھا۔ مفتی تقدس علی خان صاحب اس مجلس کے بھی سرپرست اورمالی معاون تھے اوراس حیثیت سے چودہ پندرہ سال یوم رضا کے موقع پر ہونے والے جلسے کی صدارت فرمانے کے لیے لاہورتشریف لےجاتے رہے اگرچہ آخری عمرمیں آپ بہت کمزورہوگئے تھے پھربھی یوم رضا میں شرکت ضرورفرماتے تھےچنانچہ16محرم1406ھ/ یکم اکتوبر1985ء کے اپنے مکتوب میں اس طرح ذکر فرماتے ہیں :اب میں بتقاضہ ٔ عمربہت کمزورہوگیا ہوں ۔چلنے پھرنے میں دشواری ہوتی ہے اور نگاہ بھی کمزورہوگئی ہے پھربھی 20صفرکویوم رضا(لاہور) میں شرکت کا ارادہ ہے ۔ (171) مصنف ومحقق سید محمد عبداللہ قادری(واہ کینٹ،ضلع راولپنڈی)تحریرفرماتے ہیں : مرکز ی مجلس رضا نے 1968ء تا 1999 بڑا زور دار کام کیا، بہت سی کتب بھی شائع کیں، جن سے تعلیمات امام احمد رضا کو روشناس کروایا۔ بہت سی نایاب اور غیر مطبوعہ کتب کے مسودات بغرض اشاعت مفتی تقدس علی خان بریلوی قادری بریلی شریف جا کر خود لاتے تھے۔ 22 فروری 1988ء کو حضرت مفتی تقدس علی خان علیہ الرحمہ کی رحلت کے بعد، مرکزی مجلس رضا رجسٹرڈ لاہور کے بانی اور مجلس کے دیگر متعلقین ایک عظیم نعمت سے محروم ہوگئے، مفتی تقدس علی خان، مرکزی مجلس رضا رجسٹرڈ کو علمی و دینی مشوروں سے نوازتے اور ہر قسم کا مالی تعاون بھی کرتے تھے۔مرکزی مجلس رضا کے تحت مسجدرضا چاہ میرں لاہورتعمیرکی گئی اس کا افتتاح بھی مفتی تقدس علی خان صاحب نےاپنےہاتھوں سےکیا۔ افتتاحی تقریب کے بعد نماز ظہر حضرت مفتی تقد س علی خان صاحب نے پڑھائی۔(172)

سلسلہ قادریہ رضویہ کی اشاعت

مفتی تقدس علی خان صاحب کا اصل میدان درس وتدریس تھا ،اس کے ساتھ ساتھ آپ شیخ طریقت ، اورادووَظائف کے پابنداورپیرکامل بھی تھے ،کئی لوگوں نے آپ کے ہاتھ پر توبہ وبیعت کی سعادت حاصل کی ،روحانی فیوض وبرکات سے مالامال ہوئے ، آپ نے کئی حضرات کو سلسلہ قادریہ رضویہ حامدیہ کی خلافت سے بھی نوازا،مثلا (1)استاذالعلما مولانامحمد اطہرعلی نعیمی (173) (2)مولانا شمس الحسن شمس بریلوی (174) (3)مولانا سیدریاست علی قادری (175) (4)صاحبزادہ وجاہت رسول قادری (176) (5)الحاج شفیع محمدقادری حامدی (177) (6)مولانا ابوالقاسم ضیائی (178) (7)مولانا محمدعباس مدنی (179)وغیرہ۔ (180)

وفات ومدفن

آخری تقریب جس میں آپ نے شرکت کی وہ جمادی الاخریٰ1408ھ میں مصلحِ اُمّت قاری مصلح الدین صدیقی (181) رحمۃ اللہ علیہ کا عرس تھا ،اس میں بنفس نفیس تشریف لائے ،آپ بہت کمزورہوچکے تھے ،احباب سے اس طرح گفتگوکی جیسے وصیت کررہے ہیں، جن لوگوں کے پاس آپ نے کچھ امانتیں رکھی ہوئیں تھیں ان کاذکرفرمایا، اس کے بعد پیرجوگوٹھ تشریف لے گئے اور وہاں بیمارہوگئے ،3رجب 1408ھ /22فروری 1988ءکو آپ کی طبیعت زیادہ خراب ہوگئی، اس لیے بغرض علاج کراچی تشریف لے آئے، اپنی ہمشیرہ کے گھر نرسری میں قیام فرمایا، حاجی شفیع محمد حامدی، حاجی حنیف اللہ والااورحاجی عبدالغفارپردیسی (182) صاحب آپ کو سول ہسپتال لے گئے ،آپ کو اسڑیچرپرلٹاکر دل وارڈ میں منتقل کردیا گیا،آپ نے چوتھے کلمے کاورد شروع کردیا اور قریب موجوداحباب کو بھی پڑھنے کافرمایا،مسلسل یہ ورد جاری رہا ،پھرآپ کی سانس اکھڑنے لگی،دوپہرپونے بارہ بجے آپ کو آبِ زم زم اورکھجوردی گئی،بارہ بجے آپ کے خادم و شاگردحافظ امتیاز(183) صاحب نے سورۂ یسین کی تلاوت شروع کی ،12بج کر10 منٹ پر جیسے ہی سورہ یسین شریف مکمل ہوئی آپ کاوصال ہوگیا۔وفات کی خبرچاردانگ عالم میں عام ہوگئی ،آپ کی جسدمبارک کو نرسری لایا گیا جہاں احباب نے غسل وکفن دیا ، آپ کا نمازجنازہ آرام باغ مسجدکےباہر مفتی اعظم پاکستان مفتی وقارالدین قادری(184) نےپڑھایا ،نمازجنازہ میں لوگوں کی کثر ت تھی ، آپ کی تدفین آپ کی وصیت کے مطابق پیرجوگوٹھ میں ہونی تھی اس لیےآپ کا جسدمبارک المصطفی ایمبولینس میں رکھا گیا ،احباب بسوں میں تھے ،یہ قافلہ صبح پیرجوگوٹھ پہنچ گیا ،شہرمیں کاروبار اوردکانیں بند ہوگئیں ،لوگ نمازجنازہ کے لیے امنڈپڑے، صبح دس بجےاستاذالعلما مفتی محمد رحیم کھوسہ سکندری صاحب نے نمازجنازہ پڑھائی۔ (185) ڈاکٹرپروفیسرمجیداللہ قادری صاحب تحریرفرماتے ہیں: فقیرنے اپنی آنکھوں سےدیکھا کہ 24گھنٹے گزرنے کے باوجودآپ کےجسم مبارک پر تازگی رہی،اورچہرہ مبارک چمکتارہااورمسکراتارہا۔(186) تدفین پیرجوگوٹھ قبرستان میں اپنے والد،بیٹےاور بیٹیوں کی قبورسے متصل کی گئی ،ہرسال 3رجب کو آپ کا عرس ہوتا ہے ۔(187)

حواشی ومراجع

(1) اعلیٰ حضرت ،مجدددین وملت، امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت10شوال 1272ھ /6جون 1856ءکو بریلی شریف (یو پی) ہند میں ہوئی، یہیں 25 صفر 1340 ھ /28،اکتوبر1921ءکو وصال فرمایا۔ مزار جائے پیدائش میں مرجع خاص وعام ہے۔آپ حافظ قرآن، پچاس سے زیادہ جدیدوقدیم علوم کے ماہر،فقیہ اسلام ،محدث وقت ،مصلح امت، نعت گوشاعر، سلسلہ قادریہ کے عظیم شیخ طریقت، تقریبا ایک ہزارکتب کے مصنف، مرجع علمائے عرب وعجم،استاذالفقہاومحدثین ،شیخ الاسلام والمسلمین ،مجتہدفی المسائل اور چودہویں صدی کی مؤثر ترین شخصیت کے مالک تھے۔ کنزالایمان فی ترجمۃ القرآن،فتاویٰ رضویہ (33جلدیں)، جد الممتارعلی ردالمحتار (7 جلدیں،مطبوعہ مکتبۃ المدینہ کراچی) اور حدائق بخشش آپ کی مشہور تصانیف ہیں۔(حیاتِ اعلیٰ حضرت، 1/58، 3/295،مکتبۃ المدینہ،تاریخِ مشائخِ قادریہ رضویہ برکاتیہ،282، 301)

(2) شہزادۂ اعلیٰ حضرت،حُجّۃُ الاسلام مفتی حامد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ علامۂ دہر، مفتی اسلام ،نعت گوشاعر،اردو،ہندی ،فارسی اورعربی زبانوں میں عبوررکھنے والےعالم دین ، ظاہری وباطنی حسن سےمالامال ،شیخ طریقت ،جانشینِ اعلیٰ حضرت اوراکابرین اہل سنت سے تھے ۔ بریلی شریف میں ربیعُ الاول1292ھ/اپریل1875ء میں پیداہوئے اور17جمادی الاولیٰ 1362ھ /22مئی 1943ءمیں وصال فرمایا ، مزار شریف خانقاہِ رضویہ بریلی شریف ہند میں ہے، تصانیف میں فتاویٰ حامدیہ مشہورہے۔(فتاویٰ حامدیہ،ص48،79)

(3)اعلیٰ حضرت امام احمد رضا قادری رحمۃ اللہ علیہ نے شہر بریلی(یوپی ہند) میں غالباماہ شعبان المعظم 1322ھ/ اکتوبر1904ء میں دارالعلوم(مدرسہ اہل سنت وجماعت) منظر اسلام بریلی کی بنیاد رکھی، اس مدرسے کے بانی اعلیٰ حضرت امام احمدرضا ،سربراہ حجۃ الاسلام مولانا حامدرضا قادری اورپہلے مہتمم برادراعلیٰ حضرت مولانا حسن رضا خان رحمۃ اللہ علیہم مقررہوئے ، ہر سال اس ادارے سے فارغ التحصیل ہونے والے حفاظ قرآن، قراء اور علماء کی ایک بڑی تعداد ہے۔(صدسالہ منظراسلام نمبرماہنامہ اعلیٰ حضرت بریلی،ماہ مئی 2001ء،قسط 1ص28،132)

(4) جامعہ راشدیہ پیرجوگوٹھ ضلع خیرپورمیرس میں واقع ہے ،یہ اہل سنت وجماعت کا شمالی سندھ کابڑادینی مدرسہ ہے ، سلسلہ قادریہ راشدیہ کےعظیم بزرگ حضرت سیدمحمدراشدشاہ روزہ دھنی رحمۃ اللہ علیہ نے اس کا آغازتخمینا1195ھ/1781ء میں کیا ، 9شعبان 1371ھ/4مئی 1952ء کواس کی نشاۃ ثانیہ ہوئی،اس کے پہلے شیخ الجامعہ مفتی تقدس علی خان،شیخ الحدیث مفتی صاحبدادخان صاحب اور مہتمم رائس الافاضل حضرت مولانا محمدصالح مہرقادری رحمۃ اللہ علیہم مقررہوئے،اس سےہزاروں علما فارغ التحصیل ہوچکےہیں ،اوراسکی ذیلی شاخیں تین سوسےزائدہیں جس میں سے دوسودرسِ نظامی اورسوحفظ قرآن کی ہیں۔(انوارعلمائے اہل سنت سندھ،735 ،146،369)

(5)افغانستان وسط ایشیا اور جنوبی ایشیا میں واقع ایک زمین بند ملک ہے یہ پاکستان سے جنوب مشرق میں واقع ہے۔اسکو یکم ربیع الآخر1121ھ/ 10جون1709ء کو احمدشاہ بابادرانی ابدالی نے قائم کیا،افغانستان چاروں طرف سے خشکی سے گھرا ہوا ہے جس کا کوئی ساحلِ سمندر نہیں۔ اس کی سمندری تجارت پاکستان کے ذریعے ہوتی ہے۔ زیادہ علاقہ پہاڑی ہے جو زیادہ تر کوہ ہندوکش پر مشتمل ہے۔ افغانستان میں پانی کی شدید کمی ہے اگرچہ چار دریا ہیں جن کے نام دریائے آمو، دریائے کابل، دریائے ہلمند اور دریائےھریرود ہیں،اس کا رقبہ 652230 مربع کلومیٹر ہے ۔اسلامی جموریہ افغانستان کادارالحکومت کابل ہے،اکثرآبادی پشتواوردری(فارسی)زبان بولتی ہے، 2020ء میں اس کی آبادی ساڑھے تین کروڑسےزیادتھی۔اس کے34صوبے ہیں ۔معاشرتی سسٹم قبائلی ہے ،تقریبا60 فیصدپشتون،20 فیصدتاجک،10 فیصدہزارہ اوربقیہ 10 فیصد دیگرقبائل ہیں ۔ افغانستان کے %99 لوگ مسلمان ہیں جن میں سنی مسلمانوں کی اکثریت ہے۔

(6)قندھارجنوبی افغانستان کا ایک شہر اور صوبہ قندھار کا دار الحکومت ہے، در یائے ارغنداب کے کنار ے واقع اس شہر کی آبادی تقریبا تین لاکھ 16 ہزار ہے۔ یہ افغانستان کا دوسرا سب سے بڑا شہر اور ایک اہم تجارتی مرکز ہے۔ بین الاقوامی ہوائی اڈے اور شاہراہوں کے وسیع جال کے ذریعے یہ شہر دنیا بھر سے منسلک ہے۔ پشاور کے بعد یہ پشتون عوام کا سب سے بڑا مرکز ہے۔

(7)شجاعت جنگ بہادرسعیداللہ خان افغانستان سے ہندمیں آئے،شاہ دہلی محمدشاہ ان کی صلاحیتوں سےبہت متاثرہوااورانہیں لاہور کا شیش محل بطور جاگیردیا،پھردہلی میں بلاکرریاست رامپورمیں جاگیر دی،آخری عمرمیں آپ بریلی شریف میں مستقل رہائش پذیرہوگئے، یہیں انتقال ہوااور شہزادہ کا تکیہ محلہ معماران بریلی میں تدفین ہوئی۔)تجلیات تاج الشریعہ، (82

(8)لاہورایک قدیم وتاریخی شہرہےمغلیہ عہدمیں لاہورکے اردگردفصیل اورتیرہ دروازے بنائےگئے، 372ھ/982ء کویہ ملتان سلطنت کا حصہ تھا،اب یہ پاکستان کے صوبہ پنجاب کا دار الحکومت اور پاکستان کادوسرا بڑا شہر ہے۔ یہ پاکستان کا ثقافتی، تعلیمی اور تاریخی مرکز ہے،اسےپاکستان کا دل اور باغوں کا شہر کہا جاتا ہے۔ یہ شہر دریائے راوی کے کنارے واقع ہے۔ اس شہر کی آبادی تقریباایک کروڑ 11لاکھ ہے۔

(9)دہلی یا دلی  بھارت کے شمال میں واقع ہے۔ دہلی شہربھارت کا ممبئی کے بعد دوسرااوردنیابھرکا تیسراسب سے بڑاشہری علاقہ ہے ، اس کی آبادی اڑھائی کروڑسے زائدہے ، اس کا رقبہ 1،484 مربع کلومیٹر (573 مربع میل) ہےدریائے جمنا کے کنارے یہ شہر چھٹی صدی قبل مسیح سے آباد ہے۔1338ھ/ 1920ء کی دہائی میں قدیم شہر کے جنوب میں ایک نیا شہر "نئی دہلی" بسایا گیا جوکہ موجودہ بھارت کا دارالحکومت ہے ، فی زمانہ دہلی بھارت کا اہم ثقافتی، سیاسی و تجارتی مرکز سمجھا جاتا ہے۔

(10) سعادت یارخان دربارِ دہلی میں وزیرمالیات مقرر ہوئے،انہوں نے دہلی میں بازارسعادت گنج اورنہرسعادت خاں قائم کی ،انکی وفات وتدفین کےبارےمیں معلومات نہ ہوسکیں۔(تجلیات تاج الشریعہ،82)

(11)محمداعظم خان بریلی تشریف لے آئے ،یہ حکومت کے عہدہ وزارت پر فائزتھےپھر وزرات کے عہدے سے علیحدہ ہوکرزہد و عبادات پر مصروف ہوگئے ،شہزادہ کا تکیہ محلہ معماران بریلی میں مقیم ہوئے ،یہیں آپ کا مزارہے آپ کا شماربریلی کے باکرامت اولیائے کرام میں ہوتاہے ۔(امام احمدرضا خان قادری ،ازعلامہ بدرالدین رضوی ،92)

(12)حضرت شاہ نورالحق قادری رزاقی فرنگی محلی،بحرالعلوم علامہ عبدالعلی لکھنوی کےشاگرد،والدگرامی ملااحمدانوارالحق فرنگی محلی کے مرید و خلیفہ اورمدرس درسِ نظامی تھے، 23ربیع الاول1237ھ/17 دسمبر1821ءوصال فرمایا۔آپ عاجزی وانکساری میں مشہور تھے۔ )تذکرہ علمائےہند،452 (

(13)تجلیات تاج الشریعہ،83۔

(14)جدِّ اعلیٰ حضرت ،امام العلماءمفتی رضا علی خان صاحب عالم دین،اسلامی شاعر،مفتی اسلام،استاذالعلماء،علامہ فضل رحمن گنج مرادآبادی کے مرید، شیخِ طریقت اورصاحبِ کرامت ولی کامل تھے۔1224ھ/1809ء کو بریلی شریف کے صاحبِ حیثیت دینی گھرانے میں پیداہوئے اور 2جمادی الاولیٰ1286ھ/10،اگست 1869 ءکویہیں وصال فرمایا، مزار قبرستان بہاری پورنزدپولیس لائن سٹی اسٹیشن بریلی شریف (یوپی، ہند) میں ہے۔ (معارف رئیس اتقیا،ص17)

(15)رئیس الحکماء حکیم تقی علی خان صاحب مفتی تقدس علی خان اورمفتی اعجازولی خاں رحمۃ اللہ علیہما کے پڑداداہیں ۔

(16)حکیم محمداجمل خان کی پیدائش 1284ھ/1864ءکو دہلی میں ہوئی ،آپ بھائیوں میں سب سے چھوٹےتھے ،طب کےساتھ دیگراسلامی علوم پربھی نظرتھی،صاحب دیوان شاعربھی تھے،حافظ اورپھرشیداتخلص رکھا، اولیائے کرام اورتصوف کے محب تھے، تحریک خلافت میں حصہ لیا اورجیل بھی گئے ،زنانہ مدرسہ طیبہ شفاخانہ دہلی آپ نے ہی بنایا ،تقریبا سات سال جامعہ ملیہ اسلامیہ کے چانسلر رہے، 25جمادی الاخریٰ 1346ھ/20دسمبر1927ء کو انتقال ہوا۔(مسیح الملک حکیم اجمل خاں،18تا21،289،540)

(17) حکیم محمدواصل خان ثانی، مشہوردہلوی حکیم خاندان کے اہم فردتھے ،آپ مشہورحکیم محمودخاں کے منجھلے بیٹےاورحکیم اجمل کے بڑے بھائی تھے،پیدائش1277ھ/ 1861ء کوہوئی ،اپنے بڑے بھائی حکیم عبدالمجید خان کے ساتھ مل کر1883ءمیں علم طب کی ترویج کے لیے مدرسہ طیبہ دہلی کا آغازکیا ،بڑے بھائی کے انتقال(وفات:1901ء) کے وفات کے بعد خاندان مطب اوراس درسگاہ کی ترقی میں تادم وفات مصروف رہے ،درس گاہ کے اخراجات کے لیے ایک دواسازادارہ بنایا جو بعدمیں ہندوستانی دواخانہ کے نام سے مشہورہوا،تقریبا 4سال یہ خدمات سرانجام دے کر صرف43سال کی عمرمیں1322ھ/ 1904ء کو انتقال کرگئے ،تدفین درگاہِ سیدحسن رسول نمانئی دہلی میں بڑے بھائی کی قبرکے قریب ہوئی۔(مسیح الملک حکیم اجمل خاں،17،18)

(18)مفتی تقدس علی خان کا تذکرہ جن کتابوں میں ہے ان میں سے اکثر میں اعلیٰ حضرت کے دادامولانا رضا علی خان کوحکیم ہادی علی خان کاوالدلکھا گیا ہے جوکہ درست نہیں ،مفتی تقدس علی خان صاحب کے دادا حکیم ہادی علی خان ،امام العلما مولانا رضا علی خان صاحب کے بھائی رئیس الحکماءحکیم تقی علی خان کے بیٹے ہیں ۔

(19)حیات اعلیٰ حضرت ،مکتبۃ رضویہ کراچی،13تا18۔

(20)سِراجُ العَارِفِین حضرت مولانا سیّد ابوالْحُسَین احمد نُوری رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہِ عالِمِ دین،شیخِ طریقت اورصاحِبِ تصانیف ہیں۔1255ھ /1840 ءمیں پیدا ہوئے اور 11رجب 1324ھ /31اگست 1906ءمیں وِصال فرمایا۔ مزارِ پُراَنوار مارہرہ شریف (ضلع ایٹہ یو پی) ہِند میں ہے۔ ”سِرَاجُ الْعَوَارِفِ فِیْ الْوَصَایَا وَالْمَعَارِفِ“ آپ کی اہم کتاب ہے۔(تذکرۂ نوری، ص 146،275،218)

(21)حیات مفتی تقدس علی خان ،تحریک اہل سنت کراچی،5 ، ماہنامہ معارف رضا کراچی،جولائی 2013ء،ص57۔

(22)مفتی تقدس علی خان کا تذکرہ جن کتابوں میں ہے ان میں یہ لکھا گیا ہے کہ ’’آپ(یعنی مفتی تقدس علی خان صاحب) کی نانی صاحبہ کی بہن اعلیٰ حضرت علیہ الرحمہ کی زوجہ محترمہ تھیں۔‘‘یہ درست نہیں ہے ، درست یہ کہ مفتی تقدس علی خان صاحب کی نانی حجاب بیگم اعلیٰ حضرت کی بہن تھیں ،دیکھئے : حیات اعلیٰ حضرت ،مکتبۃ رضویہ کراچی، 17 ۔

(23)حیات اعلیٰ حضرت ،مکتبۃ رضویہ کراچی،16،17۔

(24)حیات مفتی تقدس علی خان ،تحریک اہل سنت کراچی،5 ۔

(25)حیات اعلیٰ حضرت ،مکتبۃ رضویہ کراچی، 17،18۔

(26) مُفسرِ اعظم حضرتِ مولانا محمد ابراہیم رضا خان رضوی جیلانی میاں رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت10ربیع الاخر1325ھ/ 23مئی 1907ء کو بریلی شریف (یوپی) ہند میں ہوئی۔ آپ عالمِ دین، مصنف، مہتمم دار العلوم منظرِ اسلام اور شیخ الحدیث تھے۔11 صفرالمظفر 1385ھ/11جون 1965ء کو وصال فرمایا، آپ کا مزار مبارک بریلی شریف (یوپی) ہند میں روضۂ اعلیٰ حضرت کے دائیں جانب ہے۔ (تجلیات تاج الشریعہ،ص93، تذکرہ جمیل ،205)

(27)مولانا حمادرضا خان نعمانی میاں حجۃ الاسلام کے دوسرے فرزندہیں ،آپ کی ولادت 1334ھ/1915ء کو بریلی شریف میں ہوئی ، اعلیٰ حضرت کی زیارت سے مشرف ہوئے ،اعلیٰ حضرت نے اپنے ایک مکتوب میں آپ کو ’’چھوٹانبیرہ ‘‘تحریرفرمایاہے ،آپ نے علم دین حجۃ الاسلام سے حاصل کیا ،1357ھ/1937ءکوآپ کی شادی بریلی کے ایک سادات گھرانے میں ہوئی ،3بیٹے اور4بیٹیاں ہیں ،آپ نے پاکستان ہجرت فرمائی اور1375ھ/1956ءکو کراچی میں وصال فرمایا تدفین فردوس قبرستان کراچی میں ہوئی۔(تجلیات تاج الشریعہ،ص94 )

(28)حیات مفتی تقدس علی خان ،7۔

(29)ذکرجمیل،237۔

(30) حسن اتفاق آپ کی ولادت سے چنددن پہلے10ربیع الاخر1325ھ/23مئی1907ء کو حجۃ الاسلام علامہ رضا خان صاحب کے ہاں کئی بچیوں کی پیدائش کے بعدعلامہ ابراہیم رضا جیلانی میاں کی ولادت ہوئی ،جس سےخاندان بھرمیں خوشی کی لہردوڑگئی۔(تذکرہ جمیل ، 204

(31) صاحبِ ذوقِ نعت، استاذِ زمن ،شہنشاہ سخن حضرت مولانا حسن رضا خان، اعلیٰ حضرت امام احمدرضا خان کےمنجھلے بھائی، قادِرُالکلام شاعر ، کئی کتب کے مصنف اور دارُالعلوم منظرِ اسلام بریلی شریف کےمہتممِ اوّل ہیں،22ربیع الاول 1276ھ/19،اکتوبر1859ءکو محلہ سوداگران بریلی میں پیدا ہوئے، 3شوال 1326ھ/29،اکتوبر1908ءکوبریلی شریف میں وصال فرمایا، مزارمبارک قبرستان بہاری پور نزد پولیس لائن سٹی اسٹیشن بریلی شریف (یوپی، ہند) میں ہے۔ (ماہنامہ سنی دنیابریلی،صفر1408ھ/اگست1994ء،ص205تا208)

(32)ایک کتاب میں لکھاہے کہ یہ نام(اعلیٰ حضرت کے بھتیجے) مولانا حسنین رضا خان صاحب(پیدائش: 1310 ھ) نے رکھا مگریہ بات درست نہیں کیونکہ اس وقت ان کی عمرپندرہ سال تھی ، مولاناحسن رضا خان (وفات3شوال 1326ھ)بھی حیات تھے ، مفتی تقدس علی خان صاحب کا نام مولانا حسن رضا خان صاحب نے رکھا ہوگا،اس کی تائیدمفتی تقدس علی خان صاحب کے ایک مکتوب سے بھی ہوتی ہے چنانچہ آپ علامہ حسن رضا خان صاحب کا تذکرہ کرتےہوئے تحریرفرماتے ہیں :میری پیدائش 1325ھ کی ہے،میراتاریخ نام ’تقدس علی خاں‘(1325ھ)انہیں کا استخراج کردہ ہے۔ (ماہنامہ معارف رضا کراچی،جولائی 2013ء،ص51 )

(33)حیات مفتی تقدس علی خان ،5

(34)حیات مفتی تقدس علی خان ،7۔

(35)مفتی تقدس علی خان صاحب کی تمام تعلیم دارالعلوم منظراسلام بریلی شریف میں ہوئی،بعض حضرات نے لکھا ہے کہ آپ نے مدرسہ عالیہ رام پور میں بھی تعلیم حاصل کی مگریہ بات درست معلوم نہیں ہوتی ، کیونکہ آپ کے رامپوری اساتذہ یعنی علامہ ظہورالحسین صاحب آپ کےزمانہ طالب علمی میں دارالعلوم منظراسلام کے مدرس تھے ان کا وصال 22جُمادَی الاُخریٰ 1342ھ/30جنوری 1924ء کو ہواتو حجۃ الاسلام علامہ حامدرضا خان صاحب نے تاریخ وصلہ کےعنوان سے منظوم تعزیت رقم فرمائی (تذکرہ جمیل ،28،64) اس کے بعدان کے بیٹے علامہ نورالحسین رامپوری صاحب دارالعلوم منظراسلام بریلی کے مدرس مقررہوئے۔الحاصل مفتی تقدس علی خان صاحب نے ان دونوں مدرسین سے بریلی شریف میں رہتے ہوئے تعلیم حاصل کی ۔واللہ اعلم بالصواب۔

(36)واعظ دلپزیرحضرت علامہ مولانا محمدخلیل الرحمٰن بہاری کا تعلق ہندکےصوبہ بہارسے ہے ،جب اعلی حضرت امام احمدرضاخان صاحب مدرسہ حنفیہ پٹنہ کےسالانہ اجلاس(15تا17رجب 1317ھ/19تا21نومبر1899ء) میں تشریف لائے تو اِنہوں نے جیسے ہی اعلیٰ حضرت کی زیارت کی تو بہت متاثرہوئے ،اجلاس کے اختتام پر بریلی شریف حاضر ہوئے ،اعلیٰ حضرت سے بیعت کی اورپھر خلافت سے نوازے گئے، آپ استاذدرس نظامی مدرسہ عربیہ متیال مٹھ مدراس (نیانام ،چینائی،ریاست تمل ناڈو،ہند)،جیدعالم دین،بہترین واعظ، مجاز طریقت ، جماعت رضائے مصطفیٰ اورجماعت انصارالاسلام کے ہمدردورکن تھے۔(تجلیات خلفائے اعلیٰ حضرت،415تا417)

(37)حیات مفتی تقدس علی خان ،۵۔

(38)شہزادۂ استاذِ زمن، استاذُ العلما حضرتِ مولانا محمد حسنین رضا خان رضوی رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت 1310 ھ/1893 ء کو بریلی شریف (یوپی) ہند میں ہوئی۔ آپ اعلیٰ حضرت امام احمدرضاخان صاحب کے بھتیجے، داماد، شاگرد و خلیفہ، جامع معقول و منقول،ذہین و فطین ومحنتی، کئی کُتُب کے مصنف، مدرسِ دار العلوم منظرِ اسلام، صاحبِ دیوان شاعر، بانیِ حسنی پریس و ماہنامہ الرضا و جماعت انصار الاسلام تھے۔ وصال5 صَفَر 1401ھ /14ستمبر1980ء میں فرمایا اور مزار بریلی شریف میں ہے۔ (تجلیات تاج الشریعہ، ص95، صدر العلما محدث بریلوی نمبر، ص77تا81)

(39) صاحبِ حق استاذالعلماعلامہ عبد المنان شہبازگڑھی،1895ء/ 1313ھ کو شہباز گڑھ ضلع مردان کے علمی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ اپنے علاقے کے علماسے علوم عقلیہ ونقلیہ سے فارغت کے بعد مدرسہ اندرکوٹ میرٹھ (یوپی ہند)سے دورہ حدیث کیا ،مدرسہ نصرۃ الاسلام سے تدریس کا آغازکیا ،پھر دارالعلوم منظراسلام میں پڑھایا ،پھرپاکستان میں آکر دار العلوم حزب الاحناف لاہورمیں تدریس کی، پھراپنےگاؤں میں آخرزندگی تک سلسلہ تدریس جاری رکھا اورمسجدبہران خیل کے امام وخطیب مقررہوئے۔ ( تعارف علماء اہل سنت ص 210)مفتی تقدس علی خان صاحب کےبعض تذکروں میں آپ کی منتہی کتب کے اساتذہ میں علامہ عبدالمنان خان صاحب کا نام بھی لکھاگیا ہے لیکن یہ بات درست معلوم نہیں ہوتی کیونکہ علامہ عبدالمنان صاحب کی فراغت کا سال 1341ھ /1923ءہے اورمنظراسلام میں آپ کی تدریس غالبا 1342ھ/1924ءکے بعدشروع ہوئی،قرین قیاس یہی ہے کہ آپ علامہ تقدس صاحب کے متوسط کتب کے استاذہیں،واللہ اعلم۔

(40)شرح جامی ،مشہورعاشق رسول علامہ عبدالرحمن جامی رحمۃ اللہ علیہ (پیدائش:23شعبان817ھ۔وفات:18محرم898ھ)کی کتاب ہے جس کا اصل نام الفوائدالضیائیہ ہے جوکہ علامہ ابن حاجب عثمان بن عمردوینی (پیدائش:اواخر570ھ۔ وفات:16شوال 646ھ) کی علم النحومیں کتاب الکافیہ کی شرح ہے ، یہ بہت اعلیٰ ،مشہور،معروف شرح ہے ،یہ کئی شروحات کافیہ کا خلاصہ ہے ،اس میں نحوی مباحث کو عقلیت کا رنگ دیا گیا تاہم ٹھوس استعداد پیداکرنے کے لیے بہت عمدہ کتاب ہے۔یہ اب بھی درسِ نظامی کےچوتھے سال (درجہ رابعہ)میں پڑھائی جاتی ہے۔ دعوتِ اسلامی کےادارۂ تصنیف وتالیف المدینۃ العلمیہ(اسلامک ریسرچ سینٹر)کےعالم دین، استاذالعلماء علامہ عبدالواحدعطاری مدنی صاحب نےشرح جامی کا عربی حاشیہ بنام الفرح النامی تحریرفرمایا ہے جسے مکتبۃ المدینہ نے بہت خوبصورت اندازمیں شائع کیا ہے ۔

(41)سیدی ابوالبرکات ،75۔

(42)شمسُ العلماء حضرت علّامہ ظہور الحسین فاروقی مجددی رامپوری رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت 1274ھ/1857ء میں ہوئی اور وصال 12جُمادَی الاُخریٰ 1342ھ/20جنوری 1924ء کو رامپور (یوپی، ضلع لکھنؤ) ہند میں ہوا۔ آپ علومِ عقلیہ و نقلیہ میں ماہر،مدرس مدرسہ عالیہ رامپورو صدر مدرس دارُالعلوم منظراسلام بریلی ، بشمول مفتیِ اعظم ہند سینکڑوں علما کے استاذ اور کئی دَرسی کتب کے مُحَشِّی ہیں۔ ( تذکرہ کاملان رامپور،184تا186)

(43)علامہ نورالحسین رامپوری اپنےوالدصاحب علامہ ظہورالحسین رامپوری کے علمی جانشین،مدرس درسِ نظامی،استاذالعلماء اورکئی کتب کے مصنف ہیں۔(تذکرہ کاملان رامپور،186

(44)بدرالطریقہ حضرت مولانا حافظ عبد العزیز خان محدث بجنوری رضوی رَحْمَۃُ اللہ عَلَیْہ کی ولادت بجنور(یوپی،ہند)میں ہوئی، آپ عالم، مدرس،صوفی باصفا اور خلیفہ اعلیٰ حضرت تھے،پہلے مدرسہ جامع مسجدپیلی بھیت کے مدرس مقررہوئے،پھر جامعہ منظر ِاسلام بریلی میں تقریباً 20 سال تدریس کی،اس دوران مدرسہ مظہراسلام مسجدبی بی جی بریلی میں بھی پڑھایا ،8جمادی الاولیٰ 1369ھ/26فروری1950ء میں بریلی شریف میں وصال فرمایا ۔تدفین انجمن اسلامیہ بریلی قبرستان میں ہوئی۔(تذکرہ خلفائے اعلی حضرت، ص181)

(45)ماہنامہ معارف رضا کراچی،جولائی 2013ء،ص54،تجلیات خلفائے اعلیٰ حضرت ،185)

(46)استاذُ العلما، حضرت مولانا رحم الٰہی منگلوری مظفر نگری قادری رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت منگلور (ضلع مظفر نگر، یو پی) ہند میں ہوئی۔ آپ ماہرِ معقولات عالم دین، صدر مدرس، مجازِ طریقت اور دارالعلوم منظراسلام کےاولین( ابتدائی) اساتذہ میں سے ہیں ۔ آپ نے بحالتِ سفر آخر (غالباً28) صَفر 1363ھ /23فروری 1944ءکو وصال فرمایا۔ (تذکرہ خلفائے اعلی حضرت، ص138)

(47)صاحب ِ بہارِ شریعت صدرُالشّریعہ حضرت علامہ مولانا مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللّٰہ علیہ کی ولادت 1300ھ/1883ء کو مدینۃ العُلَماء گھوسی (ضلع مؤ،یوپی)ہند میں ہوئی اور 2 ذیقعدہ1376ھ/31مئی 1957ء کووصال فرمایا،مزارمبارک گھوسی میں ہے۔ آپ جیّدعالم، بہترین مفتی ،مثالی مدرّس،متقی وپرہیزگار ،استاذالعُلَماء،مصنفِ کتب وفتاویٰ ، مؤثرشخصیت کے مالک اوراکابرینِ اہلِ سنّت سے تھے۔اسلامی معلومات کا انسائیکلوپیڈیا بہارِ شریعت آپ کی ہی تصنیف ہے۔ (تذکرہ صدرالشریعہ،5، 41وغیرہ) (48)ماہنامہ معارف رضا کراچی،جولائی 2013ء، ص56)

(49)جہان مفتی اعظم ہند ،1060۔

(50)انوارعلمائے اہل سنت سندھ،145۔

( 51)ماہنامہ معارف رضا کراچی،جولائی 2013ء،ص56)

(52)حاجی مریداحمدچشتی صاحب کی پیدائش ذوالحجہ1371ھ/ ستمبر1952ء کو چک جانی(تحصیل پنڈدادنخان ضلع جہلم)میں ہوئی اور قریبی علاقے پنڈی سیدپورمیں 10ذیعقدہ1435ھ/ 6ستمبر2014ء کو وصال فرمایا،آپ اسکول ٹیچر،پابندصوم و صلوۃ،مصنف کتب کثیرہ اورشیخ الاسلام خواجہ قمرالدین سیالوی صاحب کے مریدتھے،آپ کی تصانیف میں خیابان رضا،فوزالمقال(نوجلدیں)وغیرہ ہیں۔ (فوزالمقال، 3/874)

(53) ماہنامہ معارف رضا کراچی،جولائی 2013ء،ص58،تجلیات خلفائے اعلیٰ حضرت ،186۔

(54)عالمی مبلغِ اسلام علّامہ محمد ابراہیم خَوشْتر صِدّیقی رضوی رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت1348ھ/1930ء کو بنڈیل (ضلع چوبیس پرگنہ،مغربی بنگال) ہند میں ہوئی۔آپ حافظ قرآن، تَلمیذِ محدّثِ اعظم پاکستان، خلیفۂ حجۃُ الاسلام و قُطبِ مدینہ، مُصنّف و شاعر، بہترین مدرّس، باعمل مبلغ، بانی سنّی رضوی سوسائٹی انٹرنیشنل اور امام و خطیب جامع مسجد پورٹ لوئس ماریشس تھے۔تصانیف میں ”تذکِرَۂ جمِیل“ اہم ہے۔5جُمادَی الاُخریٰ 1423ھ/24،اگست2002ء کو ماریشس میں وِصال فرمایا، مَزارمُبارک سنّی رضوی جا مع مسجد عیدگاہ پورٹ لوئس ماریشس میں ہے۔(ماہنامہ اعلیٰ حضرت بریلی شریف، رجب 1435ہجری،ص 56،57،مفتیِ اعظم اور ان کے خلفاء، ص 125تا 129)

(55)ذکرجمیل،278۔

(56)ذکرجمیل،238۔

(57) قُطْبِ مدینہ،شیخُ العَرَبِ والعَجَم، حضرت مولانا ضیاء الدین احمدقادری مدنیرحمۃ اللہ علیہکی ولادت1294ھ 1877ء کلاس والاضلع سیالکوٹ میں ہوئی اوروصال 4 ذوالحجہ 1401ھ/2 اکتوبر 1981ءکو مدینہ منورہ میں ہوا۔ تدفین جنت البقیع میں کی گئی ۔آپ عالم ِباعمل ،ولیِ کامل ، حسنِ اخلاق کے پیکراوردنیا بھرکے علماومشائخ کے مرجع تھے ۔آپ نے تقریبا75سال مدینۂِ منوّرہ میں قیام کرنے کی سعادت حاصل کی، اپنے مکان ِعالی شان پرروزانہ محفل میلادکا انعقادفرماتے تھے۔امیراہل سنت علامہ محمدالیاس عطارقادری صاحب آپ کے مریدہیں ۔ (سیدی قطب مدینہ،17،11،8،7)

(58)شہزادۂِ اعلیٰ حضرت، مفتیِ اعظم ہند، حضرت علّامہ مولانا مفتی محمدمصطفےٰ رضا خان نوری رضوی رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت 22ذوالحجہ 1310ھ مطابق 7جولائی 1893ء کورضا نگر محلّہ سوداگران بریلی (یوپی،ہند) میں ہوئی۔ آپ فاضل دارالعلوم منظرِ اسلام بریلی شریف، جملہ علوم و فنون کے ماہر، جید عالِم، مصنفِ کتب، مفتی و شاعرِ اسلام، شہرۂ آفاق شیخِ طریقت، مرجعِ علما و مشائخ و عوامِ اہلِ سنّت تھے۔ 35سے زائد تصانیف و تالیفات میں سامانِ بخشش اور المکرمۃ النبویۃ فی الفتاوی المصطفویۃ المعروف فتاویٰ مفتی اعظم (یہ چھ جلدوں پرمشتمل ہے اس میں پانچ سوفتاویٰ اور22 رسائل ہیں )مشہور ہیں۔ 14 محرّمُ الحرام 1402ھ /13نومبر1981ءمیں وصال فرمایا اور بریلی شریف میں والدِ گرامی امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ کے پہلو میں دفن ہوئے۔(جہانِ مفتی اعظم، ص64تا130)

(59)مکاشفۃ القلوب اردو،بزم تقدس کراچی، 688۔

(60)حیات مفتی تقدس علی خان ،6۔

(61)تذکرہ اراکین ادارہ تحقیقات امام احمدرضا ،113۔

(62)حضرت مولاناحکیم مفتی قاری محبوب رضا خان رضوی صاحب،کی پیدائش20محرم1335ھ/ 16نومبر1916ءکو بریلی شریف میں ہوئی اوروصال کراچی میں 2جمادی الاخریٰ 1412ھ/9دسمبر1991ءکو ہوا،عالیشان مزارمیوہ شاہ قبرستان میں ہے ،آپ فاضل دارالعلوم منظراسلام،شاگردصدرالشریعہ،حازق طبیب،بانی مدرسہ حنفیہ رضویہ کراچی،مدرس ومفتی دارلعلوم امجدیہ کراچی،مبلغ اسلام،خلیفہ مفتی اعظم ہند،مفتی امام وخطیب جامع مسجدمصلح الدین گارڈن اورصاحب تصنیف تھے۔(انوارعلمائےاہل سنت سندھ، 887 تا 889)

(63)حیات مفتی تقدس علی خان ،14۔

(64)شرفِ ملت حضرت علّامہ محمد عبد الحکیم شرف قادری رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت23شعبان 1363ھ  13/ اگست 1944ء مزار پور (ضلع ہوشیار پور پنچاب) ہند میں ہوئی۔ آپ استاذالعلماء، شیخ الحدیث و التفسیر جامعہ نظامیہ رضویہ لاہور ، مصنف و مترجم کتب، پیرِ طریقت اور اکابرینِ اہلِ سنّت سے تھے۔ 18شعبان 1428ھ/یکم ستمبر2007ء کو وصال فرمایا، مزار مبارک جوڈیشنل کالونی لالہ زار فیز-2 لاہور پاکستان میں ہے۔آپ کاترجمہ قرآن ’’انوارالفرقان فی ترجمۃ معانی القرآن ‘‘یادگارہے۔راقم کوکئی مرتبہ آپ کی بارگاہ میں حاضری کاشرف حاصل ہوا۔(شرفِ ملت نمبر لاہور، ص 126)

(65)عظمتوں کے پاسباں،384،385۔

(66)ماہنامہ معارف رضا کراچی،جولائی 2013ء،ص،50،52،57۔

(67)مفتی اعظم اورانکے خلفاء،269۔

(68)مکاشفۃ القلوب اردو،بزم تقدس کراچی، 18۔

(69)حیات مفتی تقدس علی خان ،8۔

(70)شرح تہذیب ،علامہ امام سعدالدین مسعودبن عمرتفتازانی رحمۃ اللہ علیہ(پیدائش:صفر712ھ،وفات:792ھ) کی علم منطق کی کتاب ’’تہذیب المنطق والکلام ‘‘کی شرح ہے ،جسے درسِ نظامی کے تیسرےسال(درجہ ثالثہ )میں پڑھایا جاتاہے ، شارح کانام علامہ عبداللہ بن حسین یزدی اصفہانی ہے ،شارح کا انتقال 1015ھ میں ہوا۔(شرح التہذیب،ص8تا10) دعوتِ اسلامی کےادارۂ تصنیف وتالیف المدینۃ العلمیہ(اسلامک ریسرچ سینٹر)کےرکن ،استاذالعلماء علامہ کامران احمد عطاری مدنی صاحب نےشرح تہذیب کا عربی حاشیہ بنام فرح التقریب تحریرفرمایا ہے جسے مکتبۃ المدینہ نے بہت خوبصورت اندازمیں شائع کیا ہے ۔

(71)مکاشفۃ القلوب اردو،بزم تقدس کراچی، 19۔

(72)دارالعلوم منظراسلام بریلی شریف کے پہلے مہتمم شہنشاہ سخن حضرت مولانا حسن رضا خان(دورِ نظامت ،1322ھ تا1326ھ) دوسرے مہتمم حجۃ الاسلام مولانا حامدرضا خان (دورِنظامت :1326ھ تا1362ھ)تھے۔ (صدسالہ منظراسلام نمبرماہنامہ اعلیٰ حضرت بریلی،ماہ مئی 2001ء،قسط 1ص 132تا135) ۔

(73)مفتی اعظم اورانکے خلفاء،269۔

(74)ایک کتاب میں آپ کے ہجرت کا سال1368ھ/ 1948ء لکھا ہے مگرآپ کے حالات زندگی اس کی تائیدنہیں کرتے ۔

(75)مفتی عبدالواجدنیّرقادری صاحب کی پیدائش 5ذیقعدہ1352 ھ/ 19فروری 1934ء میں اپنے نانیہالی گاؤں ’’دوگھرا جالے‘‘ ضلع در بھنگہ بہار ہندمیں ہوئی اور13ذیعدہ1439ھ/26 جولائی 2018کو ایمسٹرڈیم ہالینڈ یورپ میں وصال فرمایا۔آپ شہزادگان اعلیٰ حضرت حجۃ الاسلام اورمفتی اعظم ہندکے تلمیذومریدوخلیفہ،جیدمفتی اسلام،صاحب ِدیوان شاعر،بہترین مدرس ومقرر،پچاس سے زائدکتب کے مصنف،16 مساجد،مدارس اوراداروں کے بانی یا سرپرست،ہالینڈکے قاضی القضاۃ اور مفتیٔ اعظم تھے ۔آپ کی کتاب فتاویٰ یورپ کو بہت شہرت حاصل ہوئی۔

(76)صدسالہ منظراسلام نمبرماہنامہ اعلیٰ حضرت بریلی،ماہ مئی 2001ء،قسط 1ص تا135۔

(77) محدثِ اعظم پاکستان حضرت علّامہ مولانا محمد سردار احمد قادری چشتی علیہ رحمۃ اللہ القَوی کی ولادت 1323ھ/1906ء میں ضلع گورداسپور (موضع دیال گڑھ مشرقی پنجاب) ہند میں ہوئی اور یکم شعبان 1382ھ/28دسمبر1962ء کو وصال فرمایا،آپ کا مزار مبارک فیصل آباد پنجاب،پاکستان میں ہے۔آپ استاذالعلماء، محدثِ جلیل، شیخِ طریقت، بانیِ سنّی رضوی جامع مسجد و جامعہ رضویہ مظہرِ اسلام سردارآباد اور اکابرینِ اہلِ سنّت میں سے تھے۔(حیاتِ محدثِ اعظم، ص334،27)

(78)ان کا ذکرہوچکا ۔

(79) بلبل ہندمفتی رجب علی نانپاری قادری کی ولادت13جمادی الاولیٰ 1341ھ/ یکم جنوری1923ء کو ضلع بہرائچ کے قصبہ نانپارہ میں اور وفات 3ذوالحجہ 1418ھ/یکم اپریل 1998ء کو کانپورمیں ہوئی،آپ کو مدرسہ عزیز العلوم نانپارہ کے قریب دفن کیاگیا ،جس پرمزاربنایاگیاہے۔آپ فاضل دارالعلوم منظراسلام ،بانی مدرسہ عزیزالعلوم نانپارہ،صاحبِ دیوان صوفی شاعر،بہترین واعظ ،مریدبدرالطریقہ علامہ علامہ عبدالعزیزخاں ،خلیفہ مفتی اعظم ہنداورشیخ طریقت تھے،ریاض عقیدت آپ کا شعری مجموعہ مطبوع ہے۔

(80)مفتی اعظم راجستھان الشاہ مفتی محمد اشفاق حسین نعیمی کی ولادت18ربیع الاخر1340ھ/ 19دسمبر 1921ءکوموضع شیونولی (ضلع امروہہ،یوپی)ہند میں ہوئی اور9ذی الحجہ 1434ھ/15اکتوبر 2013 ء کو وصال فرمایا،مزارمبارک چوکھا شریف (ضلع جودھپور راجستھان)ہندمیں ہے۔آپ فاضل مدرسہ اجمل العلوم سنبھل(نزد مرادآباد،یوپی)،مریدوخلیفہ اجمل العلما، صدرالمدرسین دارالعلوم اسحاقیہ جودھپوراورراجستھان کی کئی مساجدومدارس نیزاداروں کےبانی یا سرپرست تھے،آپ کو مفتی اعظم ہند اورقطب مدینہ سے بھی خلافت حاصل تھی ۔

(81)تلمیذِ اعلیٰ حضرت،بردارِ مفتی تقدس علی خان ،حضرت مولانا مفتی محمد اعجاز ولی خان قادری رَضَوی رحمۃ اللہ علیہ شیخ الحدیث، استاذُ العلماء، مدرس، فقیہِ عصر، مصنّف، مترجم، واعِظ اور مجازِ طریقت تھے۔ 11 ربیع الثانی 1332ھ/20 مارچ 1914ء میں بریلی شریف میں پیدا ہوئے اور لاہور میں 24 شوال 1393ھ/ 20 نومبر 1973ء میں وِصال فرمایا، مزار مبارک میانی صاحب قبرستان میں ہے۔(تذکرہ اکابرِ اہلِ سنت، ص 63-65)

(82)رئیس القلم، ملک التحریر حضرت علامہ غلام رشید ارشد القادری مصباحی علیہ رحمۃ اللہ الوَالی کی پیدائش 09 شعبان1343ھ / 5 مارچ 1925ء میں سید پور (ضلع بَلیا یوپی ہند) میں ہوئی اور 15صفر 1423ھ/ 29 اپریل 2002ء کو وصال فرمایا، مزار دارالعلوم فیض العلوم جمشید پور(جھار کھنڈ، ہند) میں ہے۔ آپ مریدِصدر الشریعہ، شاگردِ حافظِ ملت، خلیفۂ مفتیِ اعظم ہند، استاذ العلماء، مناظرِ اہل سنت، مفکرِ اسلام، ملک و بیرونِ ملک کئی تنظیمات و مدارس کے بانی، مصنفِ کتب اور اکابر علمائے اہل سنت سے تھے۔(رئیس القلم علامہ ارشد القادری، ص1تا36،سیرتِ صدرالشریعہ، ص251)

(83)خلیفۂ حجۃُ الاسلام،شیخُ الحدیث حضرت علّامہ عبدالمصطفےٰ اعظمی نقشبندی رحمۃ اللہ علیہ 1333ھ/1915ء میں ہند کے قصبہ گھوسی ضلع مؤ میں پیدا ہوئے اور وِصال 5رمضان 1406ھ/14مئی1986ء کو فرمایا۔ آپ تلمیذِ صدرُالشریعہ و محدثِ اعظم پاکستان، عالمِ باعمل، بہترین واعظ و مدرس، استاذالعلماء، مجازِ طریقت اور کثیر کُتب کے مصنف ہیں۔ سیرتِ مصطفیٰ اور عجائبُ القرآن آپ کی مشہور کُتب ہیں۔ (جنتی زیور،ص28،30، سیرتِ صدرُالشریعہ، ص235، 233)

(84)بحرالعلوم حضرت علّامہ مفتی سیّد محمد افضل حسین مونگیری رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت 1337ھ/1919ء کو بوانا (ضلع مونگیر صوبہ بہار) ہند میں ہوئی اور 21 رجب 1402ھ/15مئی1982ء کو سکھر سندھ میں وصال فرمایا۔ آپ فاضل دار العلوم منظر اسلام بریلی شریف، استاذُالعلماء، شیخ الحدیث، ماہرِ علم توقیت و منطق و حساب، خلیفہ مفتیِ اعظم ہند، مصنّفِ کتب اور اکابرینِ اہلِ سنّت سے تھے۔آپ کی 40 کتب میں زبدۃ التوقیت، عمدۃ الفرائض بھی ہیں۔ (تجلیات تاج الشریعہ، ص122، مفتیِ اعظم ہند اور ان کے خلفاء، ص193، 198)۔

(85) بلبل سندھ حضرت مولاناقاضی دوست محمد صدیقی1336ھ/1918ء کوموضع گوٹھ ترائی (تحصیل گڑھی یاسین،ضلع شکارپور)کے علمی صدیقی قاضی خاندان میں ہوئی اور یکم رجب المرجب 1407ھ/2،مارچ 1987ء کو کندھ کوٹ میں وفات پائی اوردرگاہ شریف مخدوم محمد عثمان قریشی ( لاڑکانہ ، سندھ )میں دفن کئے گئے۔ آپ فیض یافتہ دارالعلوم منظراسلام بریلی شریف ،فارغ التحصیل جامعہ رضویہ مظہر اسلام فیصل آباد، سلسلہ قادریہ راشدیہ میں مرید، رسالہ گلدستہ عشق کے مصنف اورمسلک اعلیٰ حضرت کے سحرالبیان خطیب تھے ،آپ حاضر جوابی ، فن خطابت ، خوش الحانی ، طرز بیانی ، گوہر روانی اور فصیح لسانی میں کامل قوت و حافظہ سے مالامال تھے۔ (انوارِ علماِ اہلسنت سندھ صفحہ 246)

(86)شیخ الحدیث والتفسیر حضرت مولانا مفتی عبدالحمیدقادری رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت 1319ھ /1901ءکو قصبہ آنولہ (ضلع بریلی یوپی) ہند میں ہوئی اور وصال 2ربیعُ الآخر1393ھ/5مئی1973ء کو نواب شاہ (سندھ) پاکستان میں ہوا، آپ حافظِ قراٰن، جید عالمِ دین، فاضل دارالعلوم منظراسلام بریلی شریف، اچھے مقرر و مدرس اور امام و خطیب جامع مسجد نواب شاہ تھے۔(تذکرہ اکابرِ اہلِ سنّت پاکستان، ص215)

(87)جامعہ نظامیہ (  حیدرآباددکن،ریاست تلنگانہ،ہند) درس نظامی کا منفرد و معتبر اور قدیم و عظیم ادارہ ہے،اس کا قیام شیخ الاسلام والمسلمین، امام حافظ محمد انواراللہ چشتی فاروقی صاحب نے1292ھ/ 1876ء میں رکھا ،یہ اپنے قیام سے اب تک ترقی کی منزلیں طے کررہا ہے ،تقریباتمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں لوگ اس سے مستفیض ہوچکے ہیں ، جہاں سے ہزاروں علماء،حفاظ، محدثین، مفسرین، محققین، مفکرین پیدا ہوئے اور جنہوں نے ساری دنیا میں دین اسلام کی تعلیمات کی نشر و اشاعت اور تبلیغ دین میں اپنی زندگیاں وقف کردیں۔جامعہ کی دیگرشاخوں کی تعداد263ہے ،جامعہ اوراس کی شاخوں میں طلبہ کی تعدادتقریبا50 ہزارہے۔اس کے کئی ذیلی ادارے ہیں ،مثلا کلیۃ البنات(گرلزکالج)،مجلس اشاعت العلوم وغیرہ۔

(88)وہ علوم جو مشرقی یعنی ایشیائی ممالک میں مروج ہیں مثلاً عربی،فارسی یا اردو وغیرہ زبانوں میں جن ایشیائی علوم کا ذکر ہے وہ علوم شرقیہ کہلاتے ہیں ۔

(89)نظام المُلک نواب میر عثمان علی خان صدیقی (پیدائش:6 اپریل 1886ء،وفات:24 فروری 1967ء)، حیدرآباد دکن ریاست کے آخری بادشاہ تھے۔نظام ایک مؤثر منتظم اور ایک رعایا پرور بادشاہ کے طور پر جانے جاتے تھے۔ان کا دورِ حکمرانی 1911 ء تا 17ستمبر 1948ء کوسقوطِ حیدرآباد تک 37سالوں پر محیط ہے ،ان کے زمانے میں حیدرآبادشہرکی ازسرنوتعمیرہوئی،عثمانیہ جنرل ہاسپٹل اورعثمانیہ یونیورسٹی قائم ہوئی، انھوں نے کئی اہم عمارتیں، جیسے، حیدرآباد ہائی کورٹ،  آصفیہ لائبریری، عثمانیہ جنرل ہاسپٹل، نظام کالج وغیرہ کی تعمیر کی، نظام کے بجٹ کا تقریبا 11 فیصد حصہ تعلیمی اداروں پر خرچ کیا جاتاتھا، انکی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایاجاسکتاہے کہ تقریبا 10 ملین افراد نے انکی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ 

(90)حیات مفتی تقدس علی خان ،8۔

(91)مفسّرِقراٰن حضرت ِ علامہ سیّدمحمد عمر خلیق حسینی قادری حنبلی رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت 1282 ھ/1865ء کو محلہ قاضی پورہ (حیدرآباددکن ) ہندمیں علمی سادات خاندان میں ہوئی اوروصال20 صفر 1330 ھ/9فروری1912ء کو فرمایا،مزار قادری چمن،مضافاتِ محلہ فلک نما حیدرآباد دکن ہندمیں ہے۔آپ بہترین واعظ ،مفسر ،قاری،مصنف ،شاعر،اُستاذالعُلَماء اورشیخِ طریقت تھے۔اعلیٰ حضرت امام احمدرضا خان رحمۃ اللہ علیہ نے ان کی وفات پر منظوم عربی قصیدہ قلمبندفرمایا۔ (مرقع انوار،ص929،تذکرہ علمائے اہلسنت ص186)

(92) ان کے حالات نہ مل سکے۔

(93)بحر العلوم،مفسرِقرآن حضرت مولانامحمد عبد القدیر حسرت صدیقی کی ولادت 27رجب 1288ھ /12اکتوبر1871ء اور وفات 18شوال 1388ھ/8جنوری1969ء کو حیدرآباد دکن (تلیگانہ ،ہند)میں ہوئی ، آخری آرامگاہ ’’صدیق گلشن‘‘ بہادر پورہ میں ہے۔آپ علوم جدیدہ وقدیمہ کے ماہر،علوم کے سمندر،خوف خداکے پیکراورمجازطریقت تھے ۔تصانیف میں تفسیرصدیقی(6جلدیں)اہل علم میں معروف ہے۔ آپ عثمانیہ یونیورسٹی میں حدیث کے پروفیسراورشعبہ دینیات کے سربراہ تھے ،جامعہ نظامیہ کے اعزازی ناظم بھی رہے ۔

(94)مفتی حیدرآباددکن حضرت علامہ مفتی محمدرحیم الدین صاحب کی ولادت 7ربیع الآ خر 1311ھ/18،اکتوبر1893ء اوروفات 1389ھ مطابق 1970ء میں ہوئی،آپ فاضل جامعہ نظامیہ ،فقیہ ومحدث،استاذالعلما،مرید وخلیفہ شیخ الاسلام علامہ انواراللہ فاروقی،رکن مجلس منتظمہ جامعہ نظامیہ ومجلس علمائے دکن ، شیخ الجامعہ اور معتمد جامعہ اورحکومت آصفیہ کے محکمہ دینیہ ’’صدارت العالیہ‘‘ کے مفتی تھے ۔آپ کے فتاوٰی کا مجموعہ’’ فتاوی صدارت العالیہ ‘‘مطبوع ہے ۔

(95)شیخُ الاسلام حضرت علّامہ محمد انوارُاللہ فاروقی رحمۃ اللہ علیہ جیّد عالمِ دین، سلسلۂ چِشتیہ صابریہ کے شیخِ طریقت، صاحبِ تصنیف، بانیِ جامعہ نِظامیہ حیدرآباد دکن اور عالمی شہرت یافتہ بزرگ تھے۔ انواراحمدی،افادۃُ الافہام اورمقاصدُ الاسلام آپ کی مشہور کُتُب ہیں،اسلامی ریاست حیدرآباد دکن میں آپ صدرُالصّدور اور وزیرِ مذہبی اُمور کے مَنصب پر بھی فائز رہے۔ریاست کی جانب سے آپ کو نواب فضیلت جنگ بہادرکا لقب دیا گیا ،آپ کی پیدائش 1264ھ/1848ء کوناندیڑ (مہاراشٹر) ہند میں ہوئی اور 29 جمادی الاولیٰ 1336ھ/12مارچ1918ء کو حیدرآباد دکن میں وفات پائی، مزار جامعہ نظامیہ میں مرجعِ اَنام ہے۔ (مرقعِ انوار، ص25، 27)

(96) ماہنامہ معارف رضا کراچی،جولائی 2013ء،ص54۔

(97)مفتی ظفرعلی نعمانی صاحب(پیدائش:1330ھ/1921ء،وفات:20رمضان1424ھ/16نومبر2003ء) نے1367ھ مطابق 1948ء کو گاڑی کھاتہ فیروزاسٹریٹ آرام باغ کراچی کے ایک کرائے کے مکان میں دارالعلوم امجدیہ کاآغازکیا ،جب وہ جگہ تنگ ہوگئی تو عالمگیرروڈپر جگہ حاصل کی گئی اورپھرآہستہ آہستہ اس کی تعمیرہوتی رہی ،حتی کہ اب عالیشان عمارت بن چکی ہے،یہ کراچی کے تمام مدارس اہل سنت کی اصل اور ماں ہے۔ اسی لیے اسے ام المدارس کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔ (انوارعلمائے اہل سنت سندھ،295تا298)

(98)انوارعلمائے اہل سنت سندھ،146۔

(99)حیات مفتی تقدس علی خان ،9۔

(100)مفتی تقدس علی خان صاحب فرماتے ہیں کہ مفتی صاحبدادخان جمالی مرحوم سےمیری ملاقات اوردوستی مرادآبادسنی کانفرنس ( یہ کانفرنس مدرسہ اہل سنت[دارالعلوم نعیمیہ] مرادآبادکے سالانہ جلسہ کے موقعہ پر19،20شعبان1358ھ/3، 4،اکتوبر1939ء کوہوئی،تاریخ آل انڈیا سنی کانفرنس ،58)میں ہوئی جس میں آپ سندھ سے علمائے اہل سنت کا ایک وفدلے کرشریک ہوئے تھے۔ ( مکاشفۃ القلوب اردو،بزم تقدس کراچی، 20)

(101)سندھ مدرسۃ الاسلام یکم ستمبر 1885ء میں قائم کیا گیا،اس کے بانی حسن علی آفندی (پیدائش: 1830ء وفات: 30اگست 1895ء)ہیں ،اس میں دنیاوی تعلیم دی جاتی تھی،ابتدائی اسلامی تعلیم کاسلسلہ بھی تھا،بانیِ پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح نے بھی اس میں تعلیم حاصل کی ، 21 جون 1943ء میں اسے کالج کادرجہ دیا گیا ،قیام پاکستان سے لے کر1371ھ/ 1952ءتک مفتی صاحبدادخان صاحب اس میں بطورِشیخ الفقہ اوراستاذِ اسلامیات خدمت سرانجام دیتےرہے۔

(102)امام انقلاب حضرت سیّدصبغۃ اللہ شاہ راشدی ثانی کی ولادت13صفر1327ھ/ 1908ءکو پیرجوگوٹھ میں ہوئی اورآپ کو 14ربیع الاول 1362ھ/20مارچ 1943ھ کو شہید کیا گیا ،آپ درگاہِ قادریہ راشدیہ کے چھٹے سجادہ نشین تھے۔ (انوارعلمائے اہلسنت سندھ،1042،1049)

(103) پیرجوگوٹھ (سابق نام کنگری)پاکستان کے صوبہ سندھ کے خیرپورمیرس شہرسےجانب شمال مغرب 16کلومیٹرفاصلے پرواقع ایک تاریخی قصبہ ہے، اس کے محلے،سالار،میمن،ڈینل اورہندو وغیرہ ہیں ،اس کی شہرت کی وجہ سلسلہ قادریہ راشدیہ کے عظیم درگاہ اورجامعہ راشدیہ ہے، جہاں قطب الاقطاب حضرت پیر سید محمد راشد روزہ دھنی کا مزارمبارک ہے۔

(104) مکاشفۃ القلوب اردو،بزم تقدس کراچی،20۔

(105)رأس الافاضل حضرت مولانا محمدصالح مہرقادری کی ولادت احمد فقیر مہر گوٹھ ضلع گھوٹکی میں1331ھ/1913ءکو ہوئی اورآپ کا وصال 6ذیقعد1396ھ/30،اکتوبر1972ءکوپیرجوگوٹھ میں ہوا،مزارمقامی قبرستان میں ہے۔آپ عالم دین ،مجاہدحرجماعت، خوددار طبیعت کے مالک، مسجددرگاہ راشدیہ کے امام وخطیب،جامعہ راشدیہ کے مدرس ومہتمم اورتاریخ ساز شخصیت تھے،آپ امام انقلاب حضرت سیّدصبغۃ اللہ شاہ راشدی رحمۃ اللہ علیہ کے ساتھ تحریک آزادی میں شریک ہوئے اورپیرجوگوٹھ کی گدی بحال کرنےمیں بھرپورکرداراداکیا۔(انوارِعلمائےاہل سنت سندھ،839تا842)

(106)انوارعلمائے اہل سنت سندھ،839۔

(107)پیر پگارا ہفتم حضرت سیدسکندرعلی مردان شاہ ثانی چھٹ دھنی حُر قبیلہ کے روحانی پیشواتھے۔ 7 جمادی الاخری1347ھ مطابق 22نومبر 1928ء ، پیر جو گوٹھ ضلع خیرپور میرس سندھ میں پیدا ہوئے اور 16 صفر المظفر 1433ھ10 جنوری 2012ء کو لندن کے ہسپتال میں وفات پائی۔ پیر جو گوٹھ خیرپورسندھ میں اپنے بزرگوں کی پہلو میں مدفون ہوئے۔سندھ حکومت نے جمعرات کو ان کی تدفین کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا،آپ سلسلہ قادریہ راشدیہ کے ساتویں سجادہ نشین تھے ، احمد فقیر مہر گوٹھ (گھوٹکی) کے ایک بزرگ اور حافظ امام بخش باقرانی والے نے ابتدائی اسلامی تعلیم دی،والدصاحب کی شہادت کے بعد علی گڑھ یونیورسٹی اورپھرانگلینڈمیں دنیاوی تعلیم پائی ،آزادی کےبعدشیخ الحدیث مفتی تقدس علی خان صاحب اتالیق مقررہوئے ،ان سے دینی تعلیم کا سلسلہ ہوا۔

(108)انوارعلمائے اہل سنت سندھ، 369۔

(109) مکاشفۃ القلوب اردو،بزم تقدس کراچی،20۔

(110)استاذالعلماحضرت مولاناعبدالصمدمیتلوکی ولادت گوٹھ بڈوواہن(تحصیل ڈوکری،ضلع لاڑکانہ )میں تقریبا1336ھ/ 1918ء کو ہوئی اوروصال ۴ربیع الاول 1393ھ/اپریل 1973ء کو سول ہسپتال لاڑکانہ میں فرمایا،آپ جیدعالم دین،صرف ونحو،فن ترکیب،فارسی اورکتابت میں ماہرتھے۔23سال جامعہ راشدیہ میں پڑھایا،کچھ سال دیگرمدارس میں پڑھانے کی سعادت بھی پائی،کثیرطلبہ یادگارہیں، آپ سلسلہ نقشبندیہ میں بیعت تھے ۔(انوارعلمائے اہل سنت سندھ۔471تا473)

(111)سوانح حیات مفتی محمدصاحبدادجمالی ،ص23،غیرمطبوعہ۔

(112)حیات مفتی تقدس علی خان ،10،11۔

(113)انوارعلمائے اہل سنت سندھ،147۔

(114)سلطان الواعظین مفتی عبد الرحیم سکندری کی ولادت 27رمضان 1365ھ/ یکم ستمبر 1944ء کو گوٹھ سیبانو خان شر(تعلقہ ٹھری میر واہ، ضلع خیرپور میرس)سندھ میں ہوئی اور11 رجب المرجب 1429ھ / 29 مارچ 2018ء لیاقت نیشنل ہسپتال کراچی میں کلمہ ٔشہادت پڑھ کر وصال فرمایا۔آپ محرم 1377ھ/ اگست 1957 ء میں جامعہ راشدیہ پیر جو گوٹھ میں داخل ہوئےاور27 رجب 1386ھ /11نومبر 1966ء کو فارغ التحصیل ہوئے۔آپ نے یکم محرم 1387 ھ /11،اپریل 1967ء میں مدرسہ صبغۃ الہدیٰ شاہ پورچاکر(ضلع نواب شاہ)سندھ قائم فرمایا اور چالیس سال سے یہاں درس و تدریس، وعظ و نصیحت، تصنیف و تالیف اورفتویٰ نویسی میں مصروف رہے،اس مدرسے کی خدمات کی وجہ سے 2011 ء میں مدرسہ صبغۃ الہدیٰ کا جامعہ ازہر مصر کے ساتھ الحاق ہوا۔آپ کے سندھی زبان کے بہترین واعظ بھی تھے۔

(115)شیخ الحدیث مفتی محمد رحیم کھوسہ سکندری قادری 4ذوالحجہ1359ھ/ 3جنوری1941ء کو گوٹھ قادرپوربیلو تحصیل ٹھل ضلع جیکب آباد میں پیداہوئے ،آپ نے جامعہ راشدیہ میں داخلہ لیا اور1960ھ/1379 ء میں فارغ التحصیل ہوئے،آپ جامعہ راشدیہ کے پرنسپل وشیخ الحدیث،خطیب جامع مسجددرگاہ شریف ،چیف اڈیٹرماہنامہ الراشد،شاہ عبدالطیف یونیورسٹی کے اعزازی رکن،صوبائی نائب ناظم تنظیم المدارس،سابق صدرجمیعت علمائے سکندریہ اورنوکتب کے مصنف ومؤلف ہیں ،آپ نے کنزالایمان کا سندھی میں ترجمہ بھی کیا ہے ۔

(116) حضرت مولانا محمدصالح مہرقادری صاحب کا تعارف حاشیہ 105میں ہے۔

(117)مفتی درمحمدسکندری کی ولادت1357ھ/1939ءکو گوٹھ وروائی(نزداسلام کوٹ ضلع تھرپارکر،سندھ)میں اور وفات 12محرم 1442ھ /17 ،اپریل2001ءکوہوئی، قبرستان گوٹھ وروائی میں دفن کئے گئے ۔مفتی صاحب انتہائی ذہین ومحنتی،عربی،فارسی اورسندھی میں ماہر،فاضل جامعہ راشدیہ،جیدعالم دین ومفتی،مدرس ومہتمم مدرسہ صبغۃ الا سلام سانگھڑ تھے،ملفوظات شریف روضے دھنی کی دوسری جلد کاسندھی ترجمہ یادگارہے ۔(انوارعلمائے اہل سنت سندھ ،254،256)

(118)حضرت مولاناسیدغوث محمدشاہ جیلانی قادری کی ولادت گوٹھ پرھیار(نزددوڑ،ضلع نوابشاہ)میں ہوئی اور9رجب1403ھ /30 اپریل 1983ءکووصال فرمایا،تدفین قبرستان جیلانی محلہ دوڑ(ضلع نوبشاہ)میں ہوئی،آپ حسن ظاہری باطنی سے مالامال،فاضل جامعہ راشدیہ،مریدپیرپگاراہفتم، امام وخطیب جامع مسجدفاروق اعظم وجامع مسجدطیبہ لیاقت آبادکراچی،اہم رہنماجمیعت علماءپاکستان، صدر جمیعت علماءسکندریہ،فعال ومتحرک سنی رہنمااورکئی خوبیوں کے جامع تھے ۔(انوارعلمائے اہل سنت سندھ ،648،650)

(119)انوارعلمائے اہل سنت سندھ،147،6 تا9علمائے کرام کاتعارف معلوم نہ ہوسکا۔

(120)حیات مفتی تقدس علی خان ،11۔

(121)حیات مفتی تقدس علی خان ،11۔

(122)حیات مفتی تقدس علی خان ،11،12۔

(123)حیات مفتی محمدصاحبدادجمالی ،111،غیرمطبوعہ۔

(124)حیات مفتی تقدس علی خان ،15، انوارعلمائے اہل سنت سندھ،147۔

(125)حیات مفتی تقدس علی خان ،11۔

(126)حیات مفتی تقدس علی خان ،13۔

(127) انوارعلمائے اہل سنت سندھ،149۔

(128)حیات مفتی تقدس علی خان ،13۔

(129) ڈاکٹرپروفیسرمجیداللہ قادری صاحب کی پیدائش10شعبان1374ھ/ 3،اپریل 1955ء کو ملیرگوٹھ کے مذہبی کانپوری گھرانے میں ہوئی،بچپن والدصاحب کے ساتھ عرب شریف میں گزارا،قطب مدینہ علامہ ضیاء الدین احمدمدنی کی زیارت وصحبت بھی حاصل ہوئی، وطن آکرباقاعدہ تعلیم کا سلسلہ شروع ہوا،آپ شروع سے ہی محنتی اورذہن ہیں،1972ء میں ایم ایس سی اعلیٰ نمبروں میں پاس کرکے گولڈ میڈل حاصل کیا ، یکم جنوری 1978ءمیں جامعہ کراچی میں لیکچرارہوئے اوراس وقت شعبہ پڑولیم ٹیکنالوجی کے صدرہیں،آپ مفتی اعظم ہند کے مرید اورسلسلہ قادریہ رضویہ حامدیہ کے شیخ طریقت ہیں ،1982ء میں ادارہ تحقیقات امام احمدرضا سےوابستگی ہوئی عرصہ درازتک اس کے جنرل  سیکریٹری رہے ،ابھی ادارے کے صدرہیں ،آپ کئی کتب کے مصنف ہیں ،اللہ پاک آپ کا سایہ عوام اہلسنت پرطویل فرمائے۔ (تذکرہ اراکین ادارہ تحقیقات امام احمدرضا ،72تا74)

(130)حاجی شفیع محمدقادری حامدی صاحب کی ولادت17ذوالحجہ1344ھ/ 28جون 1926ء کو چتوڑگڑھ(راجستھان)ہند میں ہوئی،6رجب1376ھ/6فروری 1957ء کو حجۃ الاسلام علامہ حامدرضا خان صاحب سےبیعت کاشرف پایا،ابتدائی تعلیم کے بعد تجارت میں مصروف ہوگئے،آپ والدین کے ہمراہ 1949ء میں پاکستان تشریف لےآئے،یہاں آپ نے المکتبۃ کے نام سےایک اشاعتی ادارہ بنایا جس سے تقریباسوکتب شائع کروائیں ،آپ ادارہ تحقیقات امام احمدرضا کے بانیان اورمالی طورمعاونت کرنے والوں سے تھے ،کافی عرصہ نائب صدربھی رہے،آپ ادارہ میں ریڑھ کی ہڈی کی مانندتھے،آپ کو مفتی تقدس علی خان صاحب نے1407ھ /1987ء کے حج میں سلسلہ قادریہ رضویہ حامدیہ کی خلافت عطافرمائی،(شفیع صاحب نے1993 ء میں پروفیسرمجیداللہ قادری صاحب کو اس سلسلے کی خلافت عطافرمائی)آپ مفتی صاحب کو ہرسال عرس حامدیہ کے موقع پر گھربلاتےاوربااہتمام عرس حامدی مناتےتھے،آپ کو کراچی میں میزبان ِ خاندان اعلیٰ حضرت کاشرف حاصل رہتاتھا،آپ نے مسلک اعلیٰ حضرت کے مطابق زندگی گزارکویکم ذیقعد1425ھ /12جنوری 2005ءکووصال فرمایا،علامہ شاہ تراب الحق قادری قبلہ نے نمازجنازہ پرھائی،فردوس کالونی میں اپنےمرشدزادے، صاحبزادۂ حجۃ الاسلام مولاناحمادرضا نعمانی میاں کے سرہانےکی جانب دفن کئے گئے۔میرے اس مضمون کا اہم ماخذ’’حیات ِ مفتی تقدس علی خان صاحب‘‘(ناشر:تحریک اتحاداہل سنت پاکستان)غالبا انہیں کی تحریرکردہ کتاب ہے۔(تذکرہ اراکین ادارہ تحقیقات امام احمدرضا ،158تا162) (131)تذکرہ اراکین ادارہ تحقیقات امام احمدرضا ،40،41 ۔

(132)ماہر رضویات حضرت علامہ پروفیسر ڈاکٹر محمد مسعود احمد مجددی رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت یکم جمادی الاخریٰ 1349ھ مطابق 24،اکتوبر1930ء کو دہلی ہندمیں ہوئی اور23ربیع الاخر1429ھ /29،اپریل 2008ء کو کراچی میں وصال فرمایا ،تدفین احاطہ ِ خانوادۂ مجددیہ ماڈل کالونی قبرستان،ملیرکراچی میں ہوئی ۔آپ عالم دین،سلسلہ نقشبندیہ مظہریہ کے مرشدکریم،جدیدوقدیم علوم سے مالامال،عالم باعمل ،مصنف کتب کثیرہ اوراکابرین اہلسنت سے تھے،اعلیٰ حضرت امام احمدرضا خان رحمۃ اللہ علیہ کی خدمات پر آپ کی 40سے زائدکتب ورسائل اورمقالات یادگارہیں ،امام ربانی حضرت مجددالف ثانی رحمۃ اللہ علیہ کےحالات وخدمات اورمقامات پر مشتمل مقالات کاعظیم انسائیکلوپیڈیا’’جہان امام ربانی‘‘ (12جلدیں)آپ کی زیرسرپرستی شائع ہوا۔ آپ نہایت ملنسار، اعلی اخلاق کے مالک اور محبت و شفقت فرمانے والے بزرگ تھے۔(پروفیسرڈاکٹرمحمدمسعوداحمد حیات ،علمی اورادبی خدمات،77تا108)راقم زمانہ ٔطالب علمی میں آپ کی خدمت میں حاضرا،بہت شفقت اورحوصلہ افزائی فرمائی نیزدعاؤں سے نوازا۔

(133)مَلِکُ العُلَماء حضرت مولانا مفتی سیّدمحمد ظفَرُ الدّین رضوی محدِّث بِہاری رَحْمَۃُ اللہ عَلَیْہ عالمِ باعمل، مناظرِ اہلِ سنّت مفتیِ اسلام، ماہرِ علمِ توقیت، استاذُ العلما ءاور صاحبِ تصانیف ہیں، حیاتِ اعلیٰ حضرت اور صَحِیْحُ الْبِہَارِی کی تالیف آپ کا تاریخی کارنامہ ہے،14 محرم 1303ھ/23 اکتوبر 1885 ء میں پیدا ہوئے اور 19 جُمادی الاُخریٰ 1382ھ/17نومبر962 1ءمیں وصال فرمایا، قبرستان شاہ گنج پٹنہ (بہار) ہند میں دفن کئے گئے۔(حیاتِ ملک العلما،ص 9،16،20،34 )

(134)المجمل المعدد لتالیفات المجدد ،ملک العلماء علامہ ظفرالدین بہاری رحمۃ اللہ علیہ کی تالیف ہے، آپ نے اعلیٰ حضرت کی وفات سے13سال پہلے 1327ھ/1909ء کومرتب فرمایا ،اس کتاب میں اعلیٰ حضرت کی ساڑھے تین سوتصانیف کاذکرہے ،اس کا پہلاایڈیشن مطبع حنفیہ پٹنہ سے اسی سال شائع ہوا،اسی کے دوایڈیشن مرکزی مجلس رضا لاہورنےبھی شائع کئے ۔ 1363ھ/1944ء میں ملک العلما نےبریلی شریف میں رہ کرتین ماہ کام کیا اورالمجمل المعددمیں ترمیم واضافہ کیا اوراعلی حضرت کی 760تصانیف کا ذکرکیا مگریہ ایڈیشن شائع نہ ہوسکا ۔

(135) انوارعلمائے اہل سنت سندھ،149۔

(136) المحجتہ المؤتمنہ اعلیٰ حضرت کی تاریخی تصنیف ہے،اس کا مکمل نام المجحتہ المؤتمنہ فی آیتہ الممتحنتہ ہے جو فتاویٰ رضویہ کی جلد14پرصفحہ 419تا544میں موجودہے ،یہ دوفتاویٰ پر مشتمل ہے ،اس میں غیرمسلموں سے موالات وترک موالات ،معاملات وترک معاملات وغیرہ پرمدلل تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔یہ تصنیف صفر1339ھ/اکتوبر 1920ء میں اُس وقت لکھی گئی ،جب بعض مسلمانوں نے ہندوؤں اوربرطانوی حکومت کےساتھ تعلقات کے سلسلے میں توازن کھودیا تھا،وہ ایک طرف برطانوی حکومت سے پورے طورپررشتۂ تعلقات منقطع کرناچاہتے تھے اوردوسروں طرف ہندوؤں کےساتھ قریبی تعلقات قائم کرنےکے خواہاں تھے ۔(فاضل بریلوی اورترک موالات،ص59،عقیدت پر مبنی اسلام اورسیاست،316)

(137)اس کا مکمل نام ’’ الجراز الدیانی علی المرتد القادیانی‘‘ ہے یہ فتاوی رضویہ کی جلد15پرصفحہ611تا628 میں ہے ،یہ اعلیٰ حضرت نےاپنی وفات کےتقریباڈیڑھ مہینہ پہلے تحریرفرمایا ،سوال کی تاریخ 3محرم الحرام 1340ھ درج ہے ۔

(138)عظمتوں کے پاسباں، 385۔

(139) حیات مفتی تقدس علی خاں ،21۔

(140)حیات مفتی تقدس علی خان ،14۔

(141)شیخ الحدیث حضرت علامہ محمدصدیق ہزاروی سعیدی صاحب کی ولادت29شوال1366ھ/ 15ستمبر1947ء کوموضع چہڑھ (نزدچٹہ بٹہ،ضلع مانسہرہ،ہزارہ،K.P.K)میں ہوئی، آپ فاضل جامعہ نظامیہ رضویہ لاہور،مریدغزالی دوراں علامہ کاظمی ،سابق مدرس (1975ء تا2007) جامعہ نظامیہ رضویہ، موجودمدرس جامعہ ہجویریہ لاہور،1970ء سےخطیب جامع مسجدخراسیاں،سابقہ ممبراسلامی نطریاتی کونسل ،مصنف ومترجم کتب کثیرہ اوراستاذالعلماہیں ،حال ہی میں ان کا فتاوی قاضی خان(5 جلدیں )مکتبہ اعلیٰ حضرت لاہورنے شانداراندازمیں شائع کیاہے ۔( فتاوی قاضی خان،1/57،58)

(142)انوارعلمائے اہل سنت سندھ،147۔

(143)تذکرہ اراکین ادارہ تحقیقات ِ امام احمدرضا ،120۔

(144)مجلہ امام احمدرضاکانفرنس1988ء،ص64۔

(145)محقق ومصنف سید محمد عبداللہ قادری کا تعلق منڈی بہاؤالدین (چک 15شمالی،ڈاکخانہ چک5)کے ایک علمی گھرانے سے ہے عرصہ درازبسلسلہ ٔملازمت واہ کینٹ(ضلع راولپنڈی) میں رہے ۔

(146)جامعہ نظامیہ رضویہ لاہور لوہاری گیٹ کے اندرونی حصے میں ایک دینی درس گاہ ہے۔ اس کا افتتاح شوال المکرم 1376ھ /مئی 1956 ء کو محدث اعظم پاکستان علامہ محمدسرداراحمدچشتی قادری صاحب نے قدیم تاریخی مسجد خراسیاں اندرون لوہاری دروازہ میں فرمایا، ان کے شاگرد استاذالعلماء شیخ الحدیث علامہ غلام رسول رضوی نے1381ھ/ 1962 ء تک اس کی نگرانی اور آبیاری کی۔اس کے بعدعلامہ غلام رسول رضوی صاحب نے اسے اپنے ذہین اور محنتی تلمیذ استاذ العلماء حضرت علامہ مفتی محمد عبدالقیوم ہزاروی صاحب کے سپردکیا ۔آپ نے 2003 ء تک نہ صرف اس ادارے کو ترقی و عروج کی منازل سے آشنا کیا بلکہ جامعہ نظامیہ رضویہ شیخوپورہ کی فلک بوس عمارتوں کی صورت میں امت مسلمہ کو مژدہ جانفرا بھی سنایا۔ جامعہ نظامیہ رضویہ شیخوپورہ تین کنال سے زیادہ جگہ پرمشتمل ہے اس میں 115کمر ے،5ہال،لائبریری وغیرہ تعمیرہوچکے ہیں ،حفظ وتجویداوردرسِ نظامی کے تقریبا 12سوسے زائدطلبہ مصروف تعلیم ہیں ۔

(147) مکتبہ قادریہ لاہورایک اشاعتی ادارہ ہے اس کے بانی شرف ملت شیخ الحدیث علامہ محمدعبدالحکیم شرف قادری رحمۃ اللہ علیہ ہیں، اب ان کےبیٹے حافظ قاری نثاراحمدقادری صاحب اس کے مہتمم ہیں ،پہلے یہ جامعہ نظامیہ رضویہ اندرون لوہاری گیٹ میں شرف ملت کے کمرے میں تھا ،پھرداتادربارمارکیٹ میں منتقل ہوگیا ،راقم کو دونوں جگہوں میں شرف ملت کی زیارت کے لیے حاضرہونے کا شرف حاصل ہے ۔

(148) ماہنامہ معارف رضا کراچی،مارچ 2012ء،ص46۔

(149)مکاشفۃ القلوب تصوف پر مشتمل کتاب ہے جو امام غزالی کی کتاب المکاشفۃ الکبریٰ کا اختصارہے مزید چندکتابوں مثلا منیۃ المصلی، زہرالریاض وغیرہ سے مواد بھی شامل کیا گیا ہے ،یہ پندونصائح،ترغیب وترہیب کے حوالے سے پُراثرکتاب ہے ،(پیش لفظ مکاشفۃ القلوب،18،مطبوعہ مکتبۃالمدینہ)راقم کا تجربہ ہے کہ اگرکوئی اس کا بالاستیعاب مطالعہ کرے تو اس کا دل نرم،مذموم دنیا کی محبت سے بیزاراوراشک بارہوجائے گا،ان شاء اللہ ۔

(150)آل انڈیا سنی کانفرنس،قیام پاکستان سے پہلے  اہل سنت وجماعت کی ایک سیاسی جماعت تھی جس کے زیرِ اہتمام کئی اجتماعات منعقد کیے گئے۔20تا23شعبان1343ھ/ 16 تا 19 مارچ 1925کو مراد آباد میں پہلی آل انڈیا سنی کانفرنس کا انعقاد کیا گیااور آل انڈیا مسلم لیگ کے مطالبۂ پاکستان کی مکمل حمایت کی گئی۔ قیامِ پاکستان کے بعد اس پارٹی کا نام جمعیت علمائے پاکستان رکھ دیا گیا ۔(مزیددیکھئے علامہ جلال الدین قادردی صاحب کی کتاب ’’تاریخ آل انڈیا سنی کانفرنس 1925ءتا 1947ء‘‘)

(151) سیِّدُ السادات حضرت مولانا پیر سیِّد فتح علی شاہ نقوی قادِری رحمۃ اللہ علیہ ، عالِمِ دین، واعِظ، شاعِر اور صاحِبِ تصنیف تھے، 1296ھ/1879 ءمیں پیدا ہوئے اور 9رجب 1378ھ/19جنوری1959 ء کو وِصال فرمایا، آپ کا مزار جامِع مسجد سیِّد فتح علی شاہ سے متصل محلّہ کھراسیاں جیرامپور ،کھروٹہ سیداں( ضلع سیالکوٹ، پنجاب) میں ہے۔(تذکرہ اکابرینِ اَہْلِ سنّت، ص 367 )

(152)انوارعلمائے اہل سنت سندھ،148،تاریخ آل انڈیاسنی کانفرنس،58۔

(153)تاریخ آل انڈیا سنی کانفرنس ،225۔

(154)تاریخ آل انڈیا سنی کانفرنس ،208،282۔

(155) مفسر قرآن ، محقق اہلسنت علامہ محمد جلال الدین قادری موضع چوہدو(تحصیل کھاریاں ،ضلع گجرات) میں یکم جمادی الاخریٰ 1357ھ/ 29 جولائی 1938ء کو پیدا ہوئےاور2محرم الحرام 1429/بمطابق 12جنوری 2008 ء کو وصال فرمایا،مزار جامعہ اسلامیہ کھاریاں (ضلع گجرات )کے پہلومیں ہے ،آپ عالم باعمل، تلمیذومرید محدث اعظم پاکستان،خلیفہ مفتی اعظم ہند،مؤرخ اورمحقق اہلسنت، مفسرقرآن اوربانی جامعہ اسلامیہ کھاریاں ہیں ،14تصانیف میں اہم ترین تفسیراحکام القرآن ہے جو سات جلدوں پرمشتمل ہے۔(ماہنامہ احکام القرآن،کھاریاں، صفر1429ھ،ص13،26)

(156)ہفت روزہ ’’دبدبہ سکندری‘‘ 1283 ھ /1866ء میں جاری ہوااور 1364ھ/1945ء تک کامیابی کے ساتھ قریب ایک صدی جاری رہا ۔ اس نے حمایتِ دین کی غرض سے مخلصانہ خدمت انجام دی، جماعت رضائے مصطفی کی روداد اور ارکان کی داعیانہ سرگرمیوں کی پل پل کی رپورٹ دبدبۂ سکندری میں شائع ہوتی تھی اس کے مدیر دوستِ اعلیٰ حضرت مولانا شاہ محمد فاروق حسن خاں صابرؔی صاحب اورنائب مدیران کے بیٹے مولانافضل حسن خاں صاحب تھے۔

(157)تاریخ آل انڈیا سنی کانفرنس ،407۔

(158)حیات مفتی تقدس علی خان ،9۔

(159)ماہنامہ ضیائے حرم ، لاہور ، اگست 1997ء ص 67،68۔

(160)مفتی اعظم اوران کے خلفا،270۔

(161) ماہنامہ معارف رضا کراچی،جولائی 2013ء،ص57۔

(162)حیات مفتی تقدس علی خان ،15،16،مفتی اعظم اوران کے خلفا،271،ذکرجمیل،9۔

(163)صاحبزادۂ قطب مدینہ، حضرت مولانا حافظ فضل الرحمن قادری مدنی صاحب کی ولادت ربیع الاخر 1344ھ/دسمبر1925ء کو محلہ باب السلام زقاق الزرندی مدینہ منورہ میں ہوئی اور 27شوال 1423ھ/30دسمبر2002ھ کو وصال فرمایا۔ تدفین جنۃ البقیع میں ہوئی۔ آپ عالمِ دین، بہترین حافظ وقاری، شیخ طریقت اورجانشین قطب مدینہ تھے۔ امیر اہل سنت علامہ محمدالیاس عطارقادری صاحب کو آپ سے سلاسل کثیرہ کی خلافت حاصل ہے۔(سیدی ضیا ء الدین احمد القادری، 2/406تا 417،انوارِ قطبِ مدینہ، ص 576، تعارف امیر اہل سنت،ص73)

(164)دربارغوث الاعظم حضرت شیخ سیدعبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ کے جوبھی سجادہ نشین ہیں انھیں نقیب الاشراف کہاجاتاہے ۔

(165)حیات مفتی تقدس علی خان ،18۔

(166)نقیب الاشراف شیخ سید یوسف بن عبداللہ جیلانی رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت یکم محرم1325ھ/ 14فروری1907ء میں ہوئی اور18ربیع الاخر1417ھ/2 ستمبر 1996 کو بغداد شریف عراق میں وصال فرمایا ۔خانقاہِ قادریہ کے دوسرے حجرہ میں آپ کودفن کیاگیا،آپ بلند قامت اورخوبصورت و دلکش شخصیت کے مالک تھے۔دینی ودنیوی دونوں علوم کےجامع اوروزارت خارجہ عراق کے اہم رکن تھے1371ھ/ 1952ء میں آپ خانقاہِ قادریہ کے نقیب اور متولی مقرر ہوئے،قادریہ لائبریری کو وسعت دی اورکتب کی تعداد65ہزارتک لے گئے، حضرت نقیب الاشراف نے اپنی حیات مبارکہ کے 44 سال خانقاہ عالیہ اور مسجد قادریہ کی تعمیر و ترقی نیز سلسلۂ عالیہ کی ترویج و اشاعت میں صَرف فرمائے۔(نوائے وقت،30،اگست ، 2019 حیات مفتی تقدس علی خان، صفحہ 20پر نقیب الاشراف کا نام سیدابراہیم بن عبداللہ لکھا گیا ہے جبکہ درست سیدیوسف بن عبداللہ ہے ۔

(167)حیات مفتی تقدس علی خان ،20۔

(168)بانی ادارہ مولاناسید ریاست علی قادری صاحب کی پیدائش22صفر1351ھ/27جون 1932ء کو محلہ شاہ آباد بریلی شریف کے علمی خانوادے میں ہوئی اور3جنوری 1992ء/18رجب 1412ھ میں اسلام آباد میں وفات پائی،آپ اہل سنت کے متحرک رہنما،کئی کتب کے مصنف، اردو، فارسی، عربی ، انگلش، جرمنی وغیرہ زبانوں کے ماہر، محکمہ ٹیلی فون پاکستان کے آفیسر،مسجد الحسین اسلام آباد کے خطیب،مرید مفتی اعظم ہند اورعظیم الشان ادارے تحقیقات امام احمد رضاکے بانی وصدرتھے،آپ نے اسے ادارے کے ذریعے کتب کی اشاعت اورامام احمدکانفرنس کاآغازفرمایا،آپ کی خدمات قابل تحسین ہیں ۔ مفتی تقدس علی خان صاحب نے آپ کو 10 صفر 1408ھ مطابق28فروری 1988ءکو خلافت عطافرمائی۔ ( انوار علمائے اہل سنت سندھ،ص269،تذکرہ اراکین ادارہ تحقیقات امام احمدرضا ،57)

(169)تذکرہ اراکین ادارہ تحقیقات ِ امام احمدرضا ،8،115،116۔

(170)حکیم اہل سنت حکیم محمدموسیٰ امرتسری کی ولادت 28 صفر 1346ھ/27 اگست 1927ءامرتسرمشرقی پنجاب ہند میں ہوئی اور 8 شعبان 1420ھ/17 نومبر 1999ءکووفات پائی، مقابر چشتیاں، قبرستان نتھے شاہ، جواردربار میاں میر قادری(لاہورکینٹ) میں مدفون ہیں،آپ طبیب حازق،دینی ودنیاوی تعلیم کے جامع، صاحب تصنیف ،درد امت سے سرشار،سلسلہ چشتیہ صابریہ میں مرید اور قطب مدینہ کے خلیفہ تھے۔آپ نے زندگی بھرطبابت کی ،آپ کامطب 55ریلوے روڈ لاہورمیں تھا، یہ مریضوں کےلیے مقام دوااور معرفت وعلم کے طالبوں کے لیے سرچشمہ علم وحکمت تھا، آپ کی دس ہزارسےزائدکتب پرمشتمل شاندار لائبریری بھی اہل علم کے یہاں آنےکا سبب بنتی تھی،حکیم صاحب مفتی تقدس علی خان صاحب کےمداح ومعترف تھے ، آپ نے 1388ھ/1968ء میں ’’مرکزی مجلس رضا‘‘ کی بنیاد رکھ دی۔(حکیم محمدموسیٰ امرتسری،ایک ادارہ ایک تحریک،13،25،41،26 )

(171) ماہنامہ معارف رضا کراچی،جولائی 2013ء،ص56۔

(172) مخلصاماہنامہ معارف رضا کراچی،مارچ 2012ء،ص45۔

(173)صاحبزادۂ تاج العلماء حضرت مولانا محمداطہرعلی نعیمی صاحب کی ولادت 27شعبان 1345ھ/2مارچ 1927ءکو مرادآباد (یوپی) ہند میں ہوئی،جامعہ نعیمیہ مرادآباد سے28رجب1366ھ/17جون1947ء کو فارغ التحصیل ہوئے،پاکستان آکرجرنل پوسٹ آفس (GPO) میں ملازمت اختیارکرلی،1393ھ/1973 ء میں جامعہ نعیمیہ کراچی کےٹرسٹی بنے،آپ اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن اور رویت ہلال کمیٹی کےچیئرمین بھی رہے،آپ شیخ المشائخ سیدعلی حسین اشرفی کچھوچھوی کے مرید،صدرالافاضل ،پیرسیدطاہرعلاؤ الدین گیلانی اورمفتی تقدس علی خان صاحب کے خلیفہ تھے ،آپ کئی عربی کتابوں کے مترجم ہیں ، عرصہ درازسےفی سبیل اللہ جامع مسجدآرام باغ میں خطابت بھی فرمارہے ہیں ۔(تاج العلمامفتی محمدعمرنعیمی حیات وخدمات،24،انٹرویوسے ماخوذ)

(174)ادیب شہیرحضرت مولانا شمس الحسن شمس صدیقی بریلوی صاحب کی ولادت محلہ ذخیرہ نیاشہربریلی(یوپی)ہند میں 1337ھ /1919ء کو ہوئی،آپ فاضل دارالعلوم منظراسلام بریلی شریف،منشی وادیب کامل(الہ آبادبورڈ)، صدرمدرس شعبہ ٔ فارسی منظراسلام، استاذاسلامیہ کالج بریلی،اسکول ٹیچرگورنمنٹ اسکول ائیرپورٹ کراچی،اردو،فارسی اورعربی نعت گوشاعر،کئی کتب کےمصنف ومترجم اور صدارتی ایوارڈیافتہ تھے،آپ کاوصال3ذیقعدہ1417ھ/12مارچ1997ء کوکراچی میں ہوا۔سخی حسن قبرستان میں تدفین ہوئی۔ (تذکرہ اراکین ِ ادارۂ تحقیقات امام احمدرضا،124تا130)

(175) مولانا سیدریاست علی قادری صاحب کا تعارف حاشیہ نمبر168میں دیکھئے۔

(176) صاحبزادہ وجاہت رسول قادری صاحب کی پیدائش1358ھ/ 1939ء کو بنارس (یوپی،ہند)میں ہوئی،آپ خلیفہ اعلیٰ حضرت مولاناہدایت رسول قادری لکھنوی صاحب کے پوتے ہیں ،ابتدائی تعلیم گھر میں حاصل کرکے1365ھ/1946ء میں مدرسہ حمیدیہ بنارس میں داخلہ لیا،ایک سال بعد والدین کےساتھ راجشاہی بنگلادیش میں ہجرت کرگئے،وہاں ایم اے معاشیات کیا1384ھ/1964ء میں کراچی منتقل ہوگئے ،درس نظامی کی بعض کتب اوربخاری شریف کے ابتدائی اسبا ق استاذالعلماءعلامہ نصراللہ خان افغانی صاحب سے پڑھے ،روزگارلیےملازمت اختیارکی، آپ ادارہ تحقیقات امام احمدرضا کےبانی اراکین سے ہیں ،1986ءمیں رکن مجلس عاملہ منتخب ہوئے،اگلے سال نائب صدراور1992ءمیں صدربنائے گئے،آپ مفتی اعظم ہندکےمرید اورمفتی تقدس علی خان صاحب کےخلیفہ تھے، مفتی صاحب نے آپ کو 10صفر1408ھ/28فروری 1988ءکو خلافت عطافرمائی،30جمادی الاولیٰ 1441ھ/27جنوری 2020ء کو کراچی میں فوت ہوئے،نمازجنازہ مرکز دعوت اسلامی ڈیفنس جامع مسجد فیضان جیلان کلفٹن کےباہر علامہ سید شاہ عبد الحق قادری(امیر جما عت اہلسنّت کراچی) نے پڑھائی۔تدفین نیوقبرستان،فیز8ڈیفنس میں کی گئی۔ (ماہنامہ معارف رضا2020ء ،وجاہت رسول نمبر، ص7،8)

(177) ان کا تعارف حاشیہ نمبر۔۔۔میں دیکھئے۔

(178) مولانا ابوالقاسم ضیائی صاحب کا تعلق کراچی سے ہے ،آپ فارغ التحصیل عالم دین ہیں ،آپ نےکافی عرصہ قطب مدینہ علامہ ضیاءالدین احمدمدنی صاحب کی صحبت میں گزاراہے ۔

(179) مولانا محمدعباس مدنی صاحب کی معلومات نہ مل سکیں ۔

(180)حیات مفتی تقدس علی خان ،23۔

(181) مصلحِ اہلِ سنّت،حضرت مولانا قاری مُصلح الدّین صدیقی قادری رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت11 ربیع الاول 1336ھ/27 دسمبر 1918ء کو قندھار شریف (ضلع نانڈیر، حیدر آباد دَکّن) ہند میں ہوئی۔ 7جُمادَی الاُخریٰ1403ھ/23 مارچ 1983 ءکو وِصال فرمایا، مَزار مُبارک مُصلح الدّین گارڈن باب المدینہ کراچی پاکستان میں ہے۔آپ عالمِ باعمل، خوش الحان قاری، اُستاذالعلماء اور شیخِ طریقت تھے۔ (حیاتِ حافظِ ملّت،ص139تا142) امیراہل سنت علامہ محمدالیاس عطارقادری صاحب کو انکی کثیرصحبت ورہنمائی حاصل ہوئی ،ان سے ابتدائی صرف ونحوکے اسباق بھی پڑھے۔

(182) حاجی عبدالغفارپردیسی صاحب کراچی شہرکی مشہورمذہبی شخصیت اوربرکاتی فاؤنڈیشن کےچیئر مین ہیں ۔

(183) حافظ امتیازصاحب کے بارے میں معلومات نہ مل سکیں ۔

(184) مفتی اعظم پاکستان حضرت مفتی محمد وقار الدین قادری رضوی کی ولادت14صفر 1333ھ/ یکم جنوری 1915ء کو پیلی بھیت (ہند) میں ہوئی اورکراچی میں 20 ربیعُ الاول 1413 ھ /19 ستمبر 1993 ءکو وِصال فرمایا، آپ کا مزار دارالعلو م امجدیہ عالمگیرروڈ کراچی میں ہے۔ آپ فاضل دارُالعلوم منظرِ اسلام بریلی شریف، مریدِ حجۃُ الاسلام، خلیفۂ مفتیِ اعظم ہند، جید عالم و مدرس، مفتیِ اسلام اور شیخُ الحدیث ہیں۔ وقارُالفتاویٰ (3 جلدیں) آپ کے فتاویٰ کا مجموعہ ہے۔ امیرِ اہلِ سنّت علّامہ محمد الیاس عطّار قادری صاحب 22سال تک آپ کی صحبت سے فیض یاب رہے حتی کہ مفتی صاحب نے آپ کو خلافت سے بھی نوازا۔(وقارالفتاویٰ،1/1، 38، شوقِ علم دین، ص25)

(185)حیات مفتی تقدس علی خان ،22،21۔ نماز جنازہ کی تکرار مطلقًا ناجائز ونامشروع ہے، مگر جب کوئی ایسا شخص جسے  جنازہ پڑھانے کا حق حاصل نہیں،ولی کی اجازت کے بغیر نماز جنازہ پڑھا دے اور کسی ولی نے نماز جنازہ ادا نہ کی ہو تو میت کا ولی دوبارہ نماز  ادا کرسکتاہےکیونکہ یہ اس کا حق ہے  اور دوسرے جنازے میں فقط وہی افراد شریک ہوں گے  جو پہلے جنازے  میں شریک نہ تھے۔ بہار شریعت جلد 1 صفحہ 838 میں ہے کہ ولی کے سوا کسی ایسے نے نماز پڑھائی جو ولی پر مقدم نہ ہو اورولی نے اُسے اجازت بھی نہ دی تھی تو ا گر ولی نماز میں شریک نہ ہوا تو نماز(جنازہ) کا اعادہ کر سکتا ہے۔

(186)تذکرہ اراکین ادارہ تحقیقات امام احمدرضا ،113۔

(187)حیات مفتی تقدس علی خان ،22 ۔