سابق چیئرمین رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان، سابق خطیب جامع مسجد آرام باغ کراچی ،استاذ الاساتذہ و استاذالعلماء حضرت علامہ مولانا مفتی محمد اطہر نعیمی صدیقی اشرفی صاحب 19 دسمبر 2023ء کو کراچی میں قضائے الٰہی سے انتقال فرماگئے۔اِنَّا لِلہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رٰجِعُوْن

مفتی اطہر نعیمی صاحب رحمۃُ اللہِ علیہ کی نمازِ جنازہ جامع مسجد آرام باغ کراچی میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں سابق چیئرمین رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان مفتی منیب الرحمٰن صاحب دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ، دارالافتاء اہلسنت کے مفتیان کرام مفتی شفیق عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی ، مفتی محمد حسان عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی ،مفتی سعید عطاری مدنی، دیگر علمائے اہلسنت، رکن شوریٰ دعوتِ اسلامی حاجی فضیل عطاری اور دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران سمیت کثیر تعداد میں عاشقان رسول شریک ہوئے۔

انتقال کی خبر ملنے پر شیخِ طریقت امیر اہل سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے 21 دسمبر 2023ء کو اپنے ویڈیو پیغام کے ذریعے مفتی صاحب رحمۃُ اللہِ علیہ کے تمام سوگواران سے تعزیت کی ۔ امیر اہل سنت نے لواحقین کو صبر کی تلقین کرتے ہوئے مفتی صاحب کے لئے ایصالِ ثواب کیا اور دعائیں کیں۔

پیغام امیر اہلسنت کا خلاصہ :

قبر میں پہلا تحفہ

مکتبۃ المدینہ کے رسالے ”نماز جنازہ کا طریقہ“ کے صفحہ 4 پر ہے:

رسول پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّمسے کسی نے پوچھا: مومن جب قبر میں داخل ہوتا ہے تو اس کو سب سے پہلا تحفہ کیا دیا جاتا ہے؟ تو ارشاد فرمایا: اُس کی نمازِ جنازہ پڑھنے والوں کی مغفرت کردی جاتی ہے۔(شعب الایمان، ج7، ص8، حدیث 9297)

سگِ مدینہ محمد الیاس عطار قادری رضوی عفی عنہ کی جانب سے ۔۔ ۔۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

مجھے یہ افسوسناک خبر ملی کہ جناب اَنفُس نعیمی، جناب مظہر نعیمی اور جناب زبیر نعیمی کے والد محترم جبکہ جناب محمدطاہر نعیمی کے بھائی جان سابق چیئرمین رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان، سابق خطیب جامع مسجد آرام باغ کراچی استاذ الاساتذہ و استاذالعلماء حضرت علامہ مولانا مفتی محمد اطہر نعیمی صدیقی اشرفی ، 5جمادی الاخریٰ 1445ھ بمطابق 19 دسمبر 2023ء کو تقریباً 94 سال کی عمر میں کراچی میں وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رٰجِعُوْن

میں حضرت کے تمام تلامذہ، عقیدت مندوں اور جملہ سوگواروں سے تعزیت کرتا ہوں اور صبر و ہمت سے کام لینے کی تلقین۔

حضرت العلّام مفتی صاحب نے دار العلوم نعیمیہ کراچی میں طویل عرصے تک تدریس اور فتویٰ نویسی فرمائی۔ اس کے علاوہ حضرت قاضی عیاض رحمۃُ اللہِ علیہ کی مشہور کتاب الشفاءاور دیگر کتب کے ترجموں کے ساتھ ساتھ کئی کتابوں کے مؤلف بھی تھے۔اللہ رب العزت حضرت کی دینی خدمات قبول فرمائےاور اس پر انہیں اجر عظیم عنایت کرے،حضرت کے فیوض و برکات سے ہمیں مالا مال فرمائے۔

دعائے عطار

یارب المصطفٰے جل جلالہ و صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم! حضرت العلّام مفتی صاحب مرحوم کی بےحساب مغفرت فرما، رب کریم ان کی مبارک قبر جنت کا باغ بن جائے، رحمت کے پھولوں سے ڈھک جائے۔ یااللہ پاک! نورِ مصطفٰے کا صدقہ حضرت کی قبر تا حشر جگمگاتی رہے، نور علی نور ہوجائے۔

یااللہ پاک! تمام سوگواروں کو صبر جمیل اور صبر جمیل پر اجر جزیل مرحمت فرما۔

یاذوالجلال والاکرام، اے عظمت و عزت والے مولا! میرے پاس جو کچھ ٹوٹے بھوٹے اعمال ہیں، اپنے کرم کے شایان شان ان پر اجر عطا فرما، یہ سارا اجر و ثواب جناب رسالت عزت مآب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو عنایت فرما، بوسیلۂ خاتم النبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم یہ سارا ثواب حضرت سمیت ساری امت کو عنایت فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتمِ النّبیِّین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

رکنِ شوریٰ مولانا حاجی ابوماجد محمد شاہد عطاری مدنی اور شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب و روز کی ٹیم دعاگو ہے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور انہیں جنت میں بلند درجات عطا فرمائے۔ آمین