اللہ پاک فرماتا ہے : ترجمہ کنزالایمان : اور وہ جو ان کے بعد آئے عرض کرتے ہیں اے ہمارے رب ہمیں بخش دے اور ہمارے بھائیوں کو جو ہم سے پہلے ایمان لائے۔

(پ 28،الحشر :10)

آیت سے ثابت ہوا کہ زندوں کی عبادت یعنی دعا سے مردوں کو فائدہ پہنچتا ہے۔ یہی ایصالِ ثواب ہے۔ ایصالِ ثواب کی مختلف صورتیں ہو سکتی ہیں ۔

1)صدقہ و خیرات : رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : جب میت کےگھر والے میت کی طرف سے صدقہ کرتے ہیں تو جبریلِ امین علیہ السلام اس صدقہ کو نورانی طباق میں رکھ کر قبر کے کنارے کھڑے ہو کر کہتے ہیں : اے قبر والے یہ تحفہ تیرے گھر والوں نے تجھے بھیجا ہے۔ تو یہ سن کر وہ خوش ہوجاتا ہے۔ (روح البیان،4/322 ) گویا کہ صدقہ و خیرات کے ذریعے اپنے مرحومین کو ایصالِ ثواب کیا جا سلتا ہے ۔

2) قربانی : قربانی کے ذریعے بھی اپنےمرحومین کو ثواب ایصال کیا جاسکتا ہے ۔ حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک مینڈھا ذبح کرکے یہ پڑھا :اےاللہ! اس کو میری اور میری آل اور میری امت کی طرف سے قبول فرما۔ (مسلم،2/156)( امت کی طرف سے ایک قربانی کرنا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا خاصہ ہے)

3)دعا : اپنے مرحومین کے لئے دعائیں کرکے بھی انکو ثواب پہنچایا جا سکتا ہے اور گناہ بخشواۓ جا سکتے ہیں کہ مدینے کے سلطان صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے : میری امت گناہ سمیت قبر میں داخل ہوگی اور جب نکلے گی تو بے گناہ ہوگی کیونکہ وہ مومنین کی دعاؤں سے بخش دی جاتی ہے۔(معجم الکبیرالاوسط،ج:1،حدیث:1879)

4) پانی : حضرتِ سعد بن عبادہ رضی اللہ عنہ نے عرض کی: یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ام سعد یعنی میری والدہ کا انتقال ہو گیا ہے تو انکے لئے کون سا صدقہ افضل ہے؟ فرمایا : پانی ۔ تو حضرت سعد رضی اللہ عنہ نے کنواں کھدوایا اور کہا کہ یہ کنواں سعد کی ماں کی لئے ۔ (ابو داؤد ، ج2،حدیث :1681) یعنی اپنے مرحومین کو ایصالِ ثواب کے لئے پانی پلانے کا احتمام بھی کیا جا سکتا ہے ۔

5) تلاوت : قرآنِ مجید کی تلاوت کرکے ملنے والےثواب کو مرحومین کی بارگاہ میں بھی پیش کیا جاسکتا ہےکہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے کہ : جو شخص قبروں کے پاس سے گزرا اور قُل ھُوَاللّٰهُ أَحَد سورة گیارہ بار پڑھی پھر اسکا ثواب مردوں کو بخشا تو اس بخشنے والے کو مُردوں کی تعداد کے برابر اجر وثواب ملے گا ۔

(شرح الصدور ،ص:130، التذکرہ القرطبی ، 1/97)


ایصالِ ثواب کی لفظی معنیٰ ہے 'ثواب پہنچانا"اس کو "ثواب بخشنا" بھی کہتے ہیں مگر بزرگوں کے لئے "ثواب بخشنا" کہنا مناسب نہیں، "ثواب نذر کرنا" ادب کے زیادہ قریب ہے ۔

(فتاویٰ رضویہ ،26/609)

ایصال ثواب کے چند طریقے بھی ملاحظہ ہو کہ کس کس طرح سے ایصال ثواب کر سکتے ہیں ۔

1۔ فرض، واجب، سنت، نفل، نماز، روزہ، حج، زکوۃ، ذکر اللہ،تلاوت، نعت شریف، درود پاک، بیان، مدنی قافلہ، درس، مدنی انعامات، علاقائی دورہ برائے نیکی کی دعوت، دینی کتاب کا مطالعہ، مدنی کاموں کے لئے انفرادی کوشش وغیرہ ہر نیک کام کا ایصالِ ثواب کر سکتے ہیں_

2۔ میت کا تیجہ، دسواں، چالیسواں اور برسی کرنا بہت اچھے کام ہیں کہ یہ ایصال ثواب کے ہی ذرائع ہیں۔

3۔ گیارہویں شریف اور رجبی شریف (15 کو کونڈے اور 22 کو امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کی نیاز) وغیرہ جائز ہے یٰس شریف پڑھ کر 10 قرآن پاک ختم کرنے کا ثواب کمائیے اور کونڈوں کے ساتھ ساتھ اس کا بھی ایصال ثواب کر دیجئے ۔

4۔ اچھی اچھی نیتوں کے ساتھ کھائے جانے والے کا کھانے سے پہلے ایصالِ ثواب کریں ۔

5۔ مسجد یا مدرسہ کا قیام صدقہ جاریہ اور ایصال ثواب کا بہترین ذریعہ ہے۔

جتنوں کو بھی ایصال ثواب کریں اللہ کی رحمت سے امید ہے کہ سب کو ملے گا، یہ نہیں کہ ثواب تقسیم ہوکر ٹکڑے ٹکڑے ملےایصال ثواب کرنے والے کے ثواب میں کوئی کمی واقع نہیں ہوتی بلکہ یہ امید ہے کہ اس نے جتنوں کو ایصال ثواب کیا ان سب کے مجموعے کے برابر اس (ایصالِ ثواب کرنے والے) کو ثواب ملے مثلاً کوئی نیک کام کیا جس پر اس کو دس نیکیاں ملی اب اس نے دس مردوں کو ایصال ثواب کیا تو ہر ایک کو دس دس نیکیاں پہنچیں گے جبکہ ایصال ثواب کرنے والے کو ایک سو دس اور اگر ایک ہزار کو ایصالِ ثواب کیا تو کرنے والے کو دس ہزار دس۔ (وعلی ھذا القیاس)

اللہ پاک سے دعا ہے کہ ہمیں خوب خوب نیکیاں کرنے اور نیکیوں کو ایصال ثواب کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔اٰمین بجاہ النبی الکریم صلی اللہ علیہ وسلم


 ایصال کا معنی "پہنچانا" اور "ثواب " کسی نیک اور جائز کام پر اللہ عزوجل کی جانب سے ملنے والے اجر کو کہتے ہیں۔ جبکہ شرعی طور پر ایصال ثواب کا مطلب قرآن مجید یا درود شریف یا کلمہ طیبہ یا کسی نیک عمل کا ثواب دوسرے کو (چاہے وہ زندہ ہویا مردہ )پہنچانا ہے ۔اور یہ جائز و مستحسن عمل ہے۔( ملتقطا بہار شریعت جلد 3،حصہ 16،ص 645 مکتبۃ المدینہ)

بہار شریعت میں ہے: ایصال ثواب یعنی قرآن مجید یا درود شریف یا کلمہ طیبہ یا کسی نیک عمل کا ثواب دوسرے کو پہنچانا جائز ہے۔ عبادتِ مالیہ یا بدنیہ فرض و نفل سب کا ثواب دوسروں کو پہنچایا جاسکتا ہے، زندوں کے ایصال ثواب سے مردوں کو فائدہ پہنچتا ہے۔

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :جب انسان مر جاتا ہے اس کے عمل ختم ہو جاتے ہیں مگر تین چیزوں سے مرنے کے بعد ان کے ثواب اعمال نامہ میں درج ہوتے رہتے ہیں: 1۔ صدقہ جاریہ 2۔ وہ علم جس سے اس کے مرنے کے بعد لوگوں کو نفع پہنچتا رہے ۔3:نیک اولاد جو مرنے کے بعد اپنے والدین کے لئے دعا کرے ۔

(صحیح مسلم حدیث :1255)

اس حدیث سے معلوم ہوا کہ انسان کو مرنے کے بعد بھی اس کے کچھ کاموں کا ثواب پہنچتا رہتا ہے ۔وہ کام صدقہ جاریہ ہوتے ہیں۔ جس کے کئی طریقے ہیں جن میں سے پانچ یہاں ذکر کیے جاتے ہیں:۔

حضرت سعد رضی اللہ عنہ کی والدہ کا جب انتقال ہوا، انھوں نے حضور اقدس صلَّی اللہ علیہ وسلَّم کی خدمت میں عرض کی، یارسول اﷲ!(صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم) سعد کی ماں کا انتقال ہوگیا، کون سا صدقہ افضل ہے؟ ارشاد فرمایا:پانی۔ انھوں نے کنواں کھودا اور یہ کہا کہ یہ سعد کی ماں کے لئے ہے۔( سنن ابی داود حدیث:1668)

اس حدیث شریف سے ہمیں کئی سبق ملتے ہیں، جس سے ہم ایصال ثواب کو بہتر جہت میں موڑ سکتے ہیں اور میت کے ساتھ ساتھ زندوں کو بھی فائدہ پہنچا سکتے ہیں۔

غور کیا جائے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے( جبکہ صحابہ کرام علیہم رضوان مکہ سے مدینہ ہجرت کر کے آئے تو پانی کی کمی کا شکار تھے۔) پانی کی ضرورت کے پیش نظر پانی کے انتظام کا حکم فرمایا ۔تو معلوم ہوا کہ صدقہ جاریہ ایسے امور سے کرنا چاہیے کہ جو مخلوق کی ضرورت کے مطابق ہو۔ جیسا کہ سائنس کے ماہرین اور ماحول کے معلومات رکھنے والے اہل علم بتاتے ہیں کہ دنیا میں درخت لگانے کی بڑی ضرورت ہے اور اسی کے پیش نظر دعوت اسلامی بھی میدان عمل میں ہے اور ہر سو نعرہ لگا رہی ہے "پودا لگانا ہے درخت بنانا ہے۔'' جہاں درخت کی دنیاوی فائدے ہیں وہاں پر ایصال ثواب کا بہترین ذریعہ ہے۔ چنانچہ:

2: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا مسلمان جو کچھ اگائے پھر اس میں کوئی انسان یا جانور یا پرندہ کھائے تو وہ اس کے لئے قیامت تک صدقہ ہے۔

( صحیح مسلم حدیث:1552،ص 889)

لہذا ہمیں دعوت اسلامی کا بالخصوص اس کام میں ساتھ دینا چاہیے۔

3: یوں ہی ایصال ثواب کا ایک اور ذریعہ حدیث مبارکہ میں یوں بیان ہوا: لوگوں نے ایسا کوئی صدقہ نہیں کیا جو علم کی اشاعت کی مثل ہو۔( المعجم الکبیر لطبرانی 2/231،حدیث:6964)

آج ہم اپنے معاشرے پر غور کرے تو کھانا اور پانی کی ضرورت سے زیادہ "علم دین" کی ضرورت زیادہ نظر آتی ہے۔ لاعلمی اور جہالت کی بنا پر مسلمان ناجائز رسم و رواج میں پڑنے کے ساتھ ساتھ سنت رسول سے دور اور معاذ اللہ گمراہی اور کفریات تک میں پڑ رہے ہیں۔ ایسے موقع پر ہمیں اپنے مسلمان بھائیوں کا احساس کرتے ہوئے ان تک علم دین پہنچانے کا زیادہ سے زیادہ انتظام کرنا چاہیے۔ اور ایصال ثواب کے اس طریقے میں بھی دعوت اسلامی پیش پیش ہے کہ" لنگر رسائل" کے ذریعے مسلمانوں تک اسلامی لٹریچر پہنچانے کی کوشش کی جاتی ہے۔

ایصال ثواب کے اور بھی کئی طریقے احادیث طیبہ میں ہمیں بتائے گئے ہیں جیسا کہ حدیث میں ہے: اللہ کے آخری نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :مومن کے انتقال کے بعد اس کے عمل اور نیکیوں میں سے جو چیزیں اسے ملتی ہیں وہ یہ ہیں:(1) اس کا علم جسے اس نے سکھایا اور پھیلایا (2) نیک بیٹا جسے چھوڑ کر مرا (3) قرآن پاک جسے ورثاء میں چھوڑا (4) وہ مسجد جسے اس نے بنایا (5) مسافروں کے لئے کوئی گھر بنایا ہو (6) کسی نہر کو جاری کیا ہو (7) وہ صدقہ جاریہ جسے اس نے حالت صحت میں اور زندگی میں اپنے مال سے دیا ہو۔

( سنن ابن ماجہ 1/157،حدیث:242)

اللہ پاک ہمیں زیادہ سے زیادہ ایصال ثواب کرنے والا بنائے۔اٰمین


 ایصال ثواب کا معنی ہے "ثواب پہنچانا "یہ دین اسلام کی خوبصورت تعلیمات ہیں کہ وہ زندوں کے ساتھ ساتھ مرحومین کے ساتھ بھی بھلائی کا حکم دیتا ہے۔ ایصال ثواب مرحومین کے ساتھ بھلائی کا بہترین ذریعہ ہے۔ قرآن نے یوں بیان فرمایا : اور وہ جو ان کے بعد آئے عرض کرتے ہیں اے ہمارے رب ہمیں بخش دے اور ہمارے بھائیوں کو جو ہم سے پہلے ایمان لائے۔

(پ 28،الحشر :10)

حدیث مبارکہ میں ہے کہ : جب تم میں سے کوئی کچھ نفل خیرات کرے تو چاہیے کہ اسے اپنے ماں باپ کی طرف سے کرے کہ اس کا ثواب انہیں ملے گا اور اس کے ( خیرات کرنے والے کے ) ثواب میں کوئی کمی بھی نہیں آئے گی۔

ایصال ثواب کے کئی طریقے ہیں۔ مال خرچ کر کے اور بغیر خرچ کئے بھی ایصال ثواب کیا جا سکتا ہے۔ مگر میں آپ کی توجہ ان طریقوں کی طرف دلانا چاہوں گا جو معاشرے میں بالکل یا تقریبا ختم ہوئے جا رہے ہیں۔میں امید کرتا ہوں کہ آپ پڑھ کر خود عمل کرنے کی کوشش کریں گے اور دوسروں کو بھی ترغیب دلائیں گے۔

(1) دینی کتاب کا مطالعہ کر کے ہم ایصال ثواب کر سکتے ہیں۔ہمارے معاشرے میں بہت بڑی تعداد مطالعہ نہیں کرتی اور کرتی بھی ہے تو وہ دنیاوی علوم کا ۔اگر ترغیب دلائی جائے تو سوال ہوتا ہے کہ "اس سے کون سی نوکری ملے گی؟ کتنے پیسے ملیں گے؟ جبکہ انہیں معلوم نہیں کہ انہیں وہ نیکی ملے گی جسے قیامت کے روز ماں باپ اولاد کو دینے اور اولاد اپنے والدین کو دینے سے منع کر دیں گے۔

(2) کسی عالم دین یا طالب علم کو کتابیں دلا کر مرحومین کو ثواب پہنچایا جا سکتا ہے مگر ہمارے معاشرے میں علمائے کرام کو کم تر سمجھا جاتاہے اور نہ ان کی خدمت کا ذہن ہے۔ آپ جامعۃ المدینہ کے طلباء کرام اور دارالافتاء اہل سنت کے علماء کرام کو کتابیں دلا کر اپنے مرحومین کی آخرت سنوار سکتے ہیں۔

(3) نیکی کی دعوت بھی ایصال ثواب کا ایک طریقہ ہے۔ جس سے ہمارے معاشرے کی بڑی تعداد دور ہے ۔جس کے نقصانات ہم دیکھ رہے ہیں۔ نقصانات پڑھنے کے لئے " نیکی کی دعوت " کتاب بہت مفید ہوگی۔

(4) درس و بیان دینا یا ان میں شرکت کرنا کار ثواب ہے۔ اگر کسی سے شرکت کا کہا جائے تو کہا جاتا ہے" وقت نہیں ہے" جبکہ اکثر لوگ گپ شپ میں گھنٹوں تک ضائع کر دیتے ہیں۔

(5) کتب اور رسائل کو خرید کر تقسیم کرنا بھی ایصال ثواب کے طریقوں میں سے ایک طریقہ ہے۔مگر بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں علم کی اہمیت ہی نہیں ہے تو لوگ کیوں کر اس کے فروغ کیلئے اپنا حصہ ملائیں گے لیکن دعوت اسلامی نے "تقسیم کتب و رسائل" نامی شعبہ قائم کر کے علم کے فروغ کا بیڑہ اٹھایا اور آپ بھی اس شعبے سے مل کر کتب و رسائل تقسیم کروا سکتے ہیں۔

اللہ ہمیں ایصال ثواب کرنے کی توفیق عطا فرمائیں۔ اٰمین


جن کے والدین یا ان میں سے کوئی ایک فوت ہو گیا ہو تو ان کو چاہیے کہ ان کی طرف سے غفلت نہ کرے ،ان کی قبروں پر بھی حاضری دیتا رہے اور ایصال ثواب بھی کرتا رہے۔ اس ضمن میں سلطان مدینہ صلی اللہ علیہ وسلم کے 5 فرامین رحمت  نشان 5 طریقوں کی صورت میں ملاحظہ فرمائیں۔

1) ایک جو بنیت ثواب اپنے والدین یا ایک قبر کی زیارت کرتا ہو، فرشتے اس کی قبر کی(یعنی جب یہ فوت ہوگا )زیارت کو آئیں گے۔

2) جب تم میں سے کوئی کچھ نفل خیرات کرے تو چاہیے کہ اسے اپنے ماں باپ کی طرف سے کرے کہ اس کا ثواب انہیں ملے گا اور اس کے ( خیرات کرنے والے کے ) ثواب میں کوئی کمی بھی نہیں آئے گی۔

لاج رکھ لے گناہگاروں کی

نام رحمٰن ہے تیرا یا رب

3) فرض، واجب ،سنت ،نفل، مستحب، نماز، روزہ، زکوۃ، حج، بیان، چوک و مسجد درس، مدنی قافلے میں سفر، مدنی انعامات ،نیکی کی دعوت، دینی کتاب کا مطالعہ ،مدنی کاموں کیلئے انفرادی کوشش وغیرہ۔ ہر نیک کام کا ایصال ثواب کر سکتے ہیں۔

4) آج کل میت کا تیجہ، دسواں ،چوتھا ،چالیسواں ،برسی کرنا اچھا ہے کہ یہ ایصال ثواب کے ہی ذرائع ہیں۔

5)ایصال ثواب کرنے کا ایک آسان نسخہ وطریقہ یہ ہے کہ اس وقت روئے زمین پر کروڑوں مسلمان موجود ہیں اور کروڑوں بلکہ اربوں دنیا سے چل بسے ہیں ۔اگر ہم ساری امت کی مغفرت کیلئے دعا کریں گے تو انشاءاللہ ہمیں اربوں کھربوں نیکیوں کا خزانہ مل جائے گا۔

میں اپنے لئے اور تمام مومنین و مومنات کے لئے دعا تحریر کر دیتا ہوں۔( اول وآخر درود شریف پڑھ لے) ان شاءاللہ ڈھیروں نیکیاں ہاتھ آئے گی۔اللھم اغفر لی و لکل مومن و مومنۃ یعنی اے اللہ میری اور ہر مومن و مومنہ کی مغفرت فرما۔ آمین ثم آمین۔

آپ بھی اپر دی ہوئی دعا کوعربی یا اردوں یا دونوں زبانوں میں بھی اور ہو سکے تو روزانہ پانچوں نمازوں کے بعد بھی پڑھنے کی عادت بنا لیجیے۔

بے سبب بخش دے نہ پوچھ عمل

نام غفار ہے تیرا یارب

اٰمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم


مسلمانوں کی قبروں کوئی زیارت سنت اور مزارات اولیاء کرام وشہدائے عظام رحمہم اللہ السلام کی حاضری سعادت بر سعادت اور انہیں ایصال ثواب کرنا مستحب (پسندیدہ )اور ثواب ہے۔( فتاوی  رضویہ مخرجہ 9/535)

چنانچہ شفیع مجرمان صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان شفاعت نشان ہے:جو شخص قبرستان میں داخل ہو پھر اس نے سورہ فاتحہ، سورہ اخلاص، سورۃ التکاثر پڑھی پھر دعا مانگی یا اللہ پاک میں نے جو کچھ پڑھا اس کا ثواب قبرستان کے مومن مردوں اور مومن عورتوں کو پہنچا تو وہ تمام مومن قیامت کے روز اس (ایصال ثواب کرنے والے) کے سفارشی ہوں گے۔

( شرح الصدور، ص 311)

ایصال ثواب کا انتظار:سرکار نامدار صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد مشکبار ہے: مُردے کا حال قبر میں ڈوبتے ہوئے انسان کی مانِند ہے کہ وہ شدّت سے انتِظار کرتا ہے کہ باپ یا ماں یا بھائی یاکسی دوست کی دعا اس کو پہنچے اور جب کسی کی دعا اسے پہنچتی ہے تو اس کے نزدیک وہدنیا ومَافِیْھا (یعنی دنیا اور اس میں جو کچھ ہے) سے بہتر ہوتی ہے۔ اللہ پاک قبر والوں کو ان کے زندہ مُتَعَلِّقینکی طرف سے ہَدِیَّہ (ہَ۔ دِی۔ یَہ ) کیا ہوا ثواب پہاڑوں کی مانند عطا فرماتا ہے،  زندوں کا ہَدِیَّہ (یعنی تحفہمُردوں کیلئے دعائے مغفرت کرنا ہے۔

( شُعَبُ الاِْیْمَان 6/203،حدیث:7905)

دوسروں کے لئے دعائے مغفرت کرنے کی فضیلت: رسول اکرم نور مجسم رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلمہ فرمان عظمت نشان ہیں: جو کوئی تمام مومن مَردوں اور عورَتوں کیلئے دعائے مغفرت کرتا ہے،اللہ پاک اُس کیلئے ہر مومن مرد و عورت کے عِوَض ایک نیکی لکھ دیتا ہے۔  (مسندُ الشّامیین لِلطَّبَرانی 3/234،حدیث:2155)

دعاؤں کی برکت :مدینے کے سلطان صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمانِ مغفِرت نشان ہے :  میری اُمّت گناہ سَمیت  قَبْر میں داخِل ہوگی اور جب نکلے گی تو بے گناہ ہوگی کیونکہ وہ مؤمِنین کی دعائوں سے بَخش دی جاتی ہے ۔(اَلْمُعْجَمُ الْاَ وْسَط 1/509،حدیث:1879)

ایک سال سے ثواب تقسیم کر رہے ہیں:حضرتِ سیِّدُنا حَمّاد مکّی رحمۃُ اللہِ علیہ فرماتے ہیں: میں ایک راتمکّۂ مکرَّمہ زَادَھَا اللہُ شَرَفاً وَّ تَعْظِیْماً کے قبرِستان میں سوگیا ۔  کیا دیکھتا ہوں کہ قبر والے حلقہ در حلقہ کھڑے ہیں ،  میں نے ان سے اِستِفسار کیا (یعنی پوچھا)   : کیا قِیامت قائم ہوگئی ؟  اُنہوں نے کہا :  نہیں ، بات دراصل یہ ہے کہ ایک مسلمان بھائی نے سُوْرَۃُ الْاِخْلَاص پڑھ کر ہم کو ایصالِ ثواب کیا تو وہ ثواب ہم ایک سال سے تقسیم کررہے ہیں ۔

(شَرحُ الصُّدُوْر  ص312)

بھیجنے والے کے ثواب میں کوئی کمی نہیں : حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ارشاد فرمایا :جب تم میں سے کوئی نفلی صدقہ کرے تو اس کا ثواب والدین کو بھیجے تو والدین کو بھی اس کا ثواب ملے گا اور بھیجنے والے کے ثواب میں بھی کوئی کمی نہیں آئے گی۔( مراقی الفلاح، ص:376)

بخشش کا سبب: جو شخص جمعہ کے روز اپنے والدین یا ان میں سے کسی ایک کی قبر کی زیارت کرے اور اس کے پاس سورہ یٰس پڑھے بخش دیا جائے ۔(الکامل لابن عدی 6/260)

دعاؤں کی برکت: مدینے کےسلطان صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان مغفرت نشان ہے: میری اُمّت گناہ سمیت قَبْر میں داخِل ہوگی اور جب نکلے گی تو بے گناہ ہوگی کیونکہ وہ مؤمنین کی دعاؤں سے بخش دی جاتی ہے ۔ ( اَلْمُعْجَمُ الْاَ وْسَط 1/509،حدیث:1879)

ایصال ثواب کئی طریقوں سے کیا جا سکتا ہے: فرض، واجب، سنت ،نفل نماز، روزہ، زکوۃ، حج،درس و بیان ،مدنی قافلے میں سفر،مدنی انعامات، مدنی دورہ ، مدنی کاموں کے لئے انفرادی کوشش وغیرہ وغیرہ کا ایصال ثواب کر سکتے ہیں۔ نعت شریف ،ذکر اللہ، درود شریف، دینی کتاب کا مطالعہ، قرآن پاک کی تلاوت مثلا سورہ یٰس ،سورہ بقرہ، سورۃ الملک اور سورہ اخلاص وغیرہ پڑھ کر ایصال ثواب کر سکتے ہیں۔ مسجد، مدرسہ ،محفل پاک، کھانے سے پہلے اچھی اچھی نیتیں کر کے ایصال ثواب کر سکتے ہیں۔( فاتحہ اور ایصال ثواب کا طریقہ ماخوذاً)


رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور خلفائے راشدین علیہمُ الرّضوان کے عہد مبارک میں مردوں کے لئے ایصال ثواب کے متعدد طریقے تھے۔ جن میں سے غور و تامل کے بعد اس وقت فقیر چند طریقے احادیث قولی و فعلی و اقوال علماء کرام سے صراحۃ ثابت ہوتے ہیں نیز اس وقت تک علماء مشائخ کے تعامل و تورث سے ان کی تائید ہوتی ہے۔

پہلا طریقہ: سورہ یٰس شریف پڑھنا ہے۔ جس کا کرنا حدیث سے ثابت ہے ۔چنانچہ سنن ابی داود جلد 2 صفحہ 89 میں حضرت معقل بن یسار رضی اللہ عنہ سے مروی ہےرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :اپنے مردوں پر سورہ یٰس پڑھو۔

مرقات شرح مشکاۃ جلد 2 صفحہ 287 میں علامہ قرطبی فرماتے ہیں کہ اس حدیث کے دو مطلب ہے اول یہ کہ مرنے والے کے پاس اس کی حیات میں پڑھی جائے اور دوسرا یہ کہ اس کی قبر پر پڑھی جائے۔

دوسرا طریقہ :دفن کے بعد سرہانے فاتحہ اور سورہ بقرہ پڑھنا ۔

چنانچہ شرح احیاء العلوم میں ص 370 میں ہے: عبدالرحمٰن بن علا کہتے ہیں کہ میرے والد نے کہا کہ میرے بیٹے جب مجھے قبر میں رکھو تو بسم اللہ و فی سبیل اللہ و علی ملۃ رسول اللہ کہہ کر رکھنا پھر آہستہ آہستہ مجھ پر مٹی ڈالنا پھر میرے سرہانے فاتحہ ، بقرہ اور خاتمہ بقرہ پڑھنا کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا کہ اس کا حکم فرماتے تھے۔( رواہ الطبرانی)

تیسرا طریقہ :ستر ہزار بار کلمہ طیبہ پڑھ کر اس کا ثواب مردے کو بخشنا۔ کہ اس سے امید مغفرت ہے ۔چنانچہ ملا علی قاری رحمتہ اللہ علیہ مرقاۃ شرح مشکاۃ جلد 2 ص102 میں فرماتے ہیں سیدی شیخ اکبر محی الدین ابن عربی فرماتے ہیں نے فرمایا: مجھے حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم سے حدیث پہنچی ہے کہ جو شخص ستر ہزار بار لا الہ الا اللہ کہے اس کی مغفرت ہو اور جس کے لئے اتنے مرتبہ کہا جائے ،اس کی مغفرت ہو۔

چوتھا طریقہ :میت کے لئے نماز روزہ رکھنا یعنی نماز پڑھ کر روزہ رکھ کر اس کا ثواب میت کو بخشنا ۔چنانچہ دار قطنی نے روایت کیا ہے کہ ایک شخص نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال کیا اور کہا کہ میرے ماں باپ نہیں، ان کی حیات میں تو ان کے ساتھ بھلائی کرتا ہوں تو ان کے مرنے کے بعد ان کے ساتھ کس طرح کوئی بھلائی کر سکتا ہوں؟ ارشاد فرمایا: کے مرنے کے بعد ان کے ساتھ نیکی کرنے کی صورت یہ ہے کہ اپنی نماز ساتھ ان دونوں کے لئے بھی نماز پڑھو اور اپنے روزہ کے ساتھ ان دونوں کے لئے بھی روزہ رکھو۔

پانچواں طریقہ :قرآن شریف پڑھ کر بخشنا ۔اس کے لئے کسی سورہ کا پڑھنا خاص طور پر بھی آیا ہے یاجو سورۃ یا آیت پڑھ کر اس کا ثواب بخشے کافی ہے ۔سب سے بہتر تو یہ ہے کہ قبر پر جا کر ایک ختم کا ثواب ایصال کرے۔ جیسے امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ جب لیث بن سعد کی قبر کی زیارت کو گئے تو ان کی تعریف کی اور ایک ختم قرآن شریف کیا اور فرمایا کہ میں امید کرتا ہوں کہ یہ کار خیر ہمیشہ جاری رہے اور ان کے فرمان کے مطابق ہو ۔

اللہ پاک اس سے دعاہے کہ اللہ پاک ہمیں اپنے مردوں کو یاد رکھنے اور ان کو ایصال ثواب کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔اٰمین


مسلمان اپنے کسی بھی نیک عمل وہ (عمل) مالی  عبادت ہو یا بدنی کسی دوسرے شخص کو پہنچا سکتا ہے۔ (بہار شریعت جلد 3، حصہ 16، صفحہ 645 بتغیر قلیل)

ایصال ثواب کرنے والا بھی اپنی نیکیوں سے محروم نہیں ہو جاتا ۔اس کے عمل کا اجر اس کے پاس بھی باقی رہتا ہے اور ان سب کی گنتی کے برابر نیکیاں ملتی ہیں جن کو اس نے ایصال ثواب کیا ہوتا ہے۔ ایصال ثواب کرنا کرنا مرنے والوں کے لئے بہت بڑا احسان ہے کیونکہ اس سے گناہ گاروں کے گناہ معاف ہوتے ہیں اور قبر میں اگر سختی یا عذاب ہو رہا ہو تو نجات مل جاتی ہے یا اس میں کمی ہو جاتی ہے جبکہ نیکوں کے درجات بلند ہوتے ہیں۔

ایصال ثواب کے 5 طریقے مندرجہ ذیل ہیں:۔

(1) تلاوت قرآن اور نعت خوانی: دوجہ،تیجہ (سوئم)،دسواں،بیسواں،تیسواں،چہلم ( چالیسواں) برسی، عرس اولیاء کرام ،قبر پر دعا، مزارات اولیاء پر حاضری، یوم عاشورہ اور عید میلاد النبی وغیرہ موقعوں پر یہی طریقہ ایصال ثواب اختیار کیا جاتا ہے۔

(2) عطیات کے ذریعے: حالات و واقعات، موقع و محل، ضرورت و حاجت ،معاملات و خیالات، حال و قال اور شدت موسم وغیرہ کا لحاظ رکھ کر ڈونیشن دے کر بہت سارا ایصال ثواب کیا جا سکتا ہے۔ مثلا قحط ہو تو راشن، سیلاب وہ زلزلے میں ہر کسی کے ضرورت کے مطابق ضرورت کی چیزیں مہیا کر کے، جہاں فیضان مدینہ، مسجد و مدرسہ کی ضرورت ہوتو ان کو بنوا کر ،کسی کو میڈیسن دلوا کر ،جہیز کا انتظام کروا کر یا شادی کا خرچہ وغیرہ دے کر۔

(3) پانی پلانے یا مہیا کرنے کے ذریعے: بات ایصال ثواب کی ہو اور پانی کا تذکرہ نہ ہو ایسا کیسے ہو سکتا ہے جس کے خود آخری نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بہت فضیلت بیان کی چنانچہ فرمایا کہ "جس نے کسی کو ایک گھونٹ پانی وہاں پلایا جہاں پانی عام ملتا ہو اس نے گویا غلام آزاد کیا اور جس نے وہاں ایک گھونٹ پانی پلایا جہاں پانی نہ ملتا ہواس نے گویا اسے زندگی بخشی۔

( سنن ابن ماجہ 3،/177،حدیث :2474)

(4) پودوں کے ذریعے :درخت کاٹے زیادہ جارہے ہیں اور نئے جنگلات لگائے نہیں جا رہے تو ایسی کنڈیشن میں بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے لئے پودے لگا کر ان کو درخت بنانا بہت ضروری ہے جو کہ ثواب جاریہ کا بھی ذریعہ ہے۔ فرمان آخری نبی صلی اللہ علیہ وسلم:" جس نے بغیر ظلم و زیادتی کے کوئی گھر بنایا ظلم و زیادتی کے بغیر کوئی درخت لگایا جب تک اللہ پاک کی مخلوق میں سے کوئی ایک بھی اس میں سے نفع اٹھاتا رہے گا تو اس لگانے والے کو ثواب ملتا رہے گا۔( مسند امام احمد 5/309،حدیث:15616)

(5) مدنی چینل وکتابوں کے ذریعے(الیکٹرانک میڈیا و پرنٹ میڈیا ):جبکہ عام مسلمان دین کی تعلیمات سے دور ہو گئے ہیں اپنے ضروری فرائض تک کو نہیں جانتے تو اس ناگفتہ بہ حالت میں مدنی چینل نے علم دین کی اشاعت (پھیلانے )میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ کسی کو اگر مدنی چینل ڈش لگوا دی جائے تو قیامت تک ایصال ثواب کا ذریعہ بن جائے گا۔ مکتبۃ المدینہ کی کتابیں گفٹ کرنے سے یا ماہنامہ فیضان مدینہ کی سالانہ بکنگ کسی دوسرے کو کروا دیں تو وہ بھی ایصال ثواب کا سبب ہے۔

عوام یہ سمجھتے ہیں کہ صرف مرنے والوں کو ایصال ثواب کیا جا سکتا ہے یہ بات غلط ہے بلکہ ایصال ثواب زندوں کو، اور مسلمان جنوں کو بھی کیا جا سکتا ہے۔


اللہ پاک کے آخری نبی مکی مدنی،محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کے مبارک دور سے لے کر آج کے اس پرفتن دور تک امت مسلمہ میں اپنے پیاروں کے دنیا سے جانے کے بعد ان کو سکون و آرام پہنچانے کے لئے تلاوت قرآن، امداد فقراء، مدارس و مساجد کی کفالت وغیرہ وغیرہ نیک افعال بجا لانے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ جسے "ایصال ثواب" کا نام دیا گیا ہے۔

لہذا "ماہانہ فیضان مدینہ" کے پڑھنے والوں کے لئے ایصال ثواب کے 5 ایسے طریقے بیان کیے جاتے ہیں جن کے ذریعے آپ اپنے مرحومین کے لئے راحت و سکون کا باعث بن سکتے ہیں۔ چنانچہ :

پہلا طریقہ :ممکن ہے کہ کبھی آپ کا گزر روڈ سے ہوا اور آپ کسی نابینا کو سڑک پار کرنے کی تگ و دو میں دیکھے تو خود سے آگے بڑھیے اور اپنے جس مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے چاہے بنیت ایصال ثواب اس نابینا کو سڑک پا رکروا دیں۔

دوسرا طریقہ: اگر آپ طالب علم ہیں اور اپنے اسباق کو اچھے انداز میں سمجھ بھی لیتے ہیں تو اپنے اردگرد نظر گھمائیں ممکن ہے کہ آپ کے اردگرد کوئی ایسا طالب علم ہو جسے اسباق کو سمجھنے میں پریشانی ہوتی ہو تو ہمت کرے آگے بڑھے اور اسے اسباق سمجھائے کیونکہ ممکن ہے کہ اگر آپ مستقبل میں کچھ نہ بھی بن سکیں مگر آپ نے جسے اسباق سمجھائے وہ کچھ بن کر آپ کے لئے ایصال ثواب کا سبب بنے۔

تیسرا طریقہ: اگر اللہ پاک نے آپ کو اچھا بڑا کاروبارعطا فرمایا ہے اور آپ اس بات کی استطاعت رکھتے ہیں کہ آپ کسی چھوڑے ہوئے کاروباری شخص کی مدد کر دے تو دیر نہ کریں ۔اس سے پہلے کہ سانس بند ہوجائے اور یہ سنہری موقع ہاتھ سے نکل جائے آگے بڑھ کر اس پریشانی میں گھرے شخص کی مالی یا ذہنی مدد کر کے اپنے ایصال ثواب کا ذریعہ بنائیں کہ جب تک وہ آپ کی دی ہوئی مدد سے رزق حلال کما کر اپنے اردگرد لوگوں کی کفالت کرے گا اس میں آپ کے لئے بھی ثواب یقینا رہے گا۔

چوتھا طریقہ: آپ کسی مسجد کے امام ہیں تو اردگرد نظر شفقت سے دیکھیں کوئی علم کا پیاسا نظر آئے تو آگے بڑھ کر اسے علم دین سے مزین کریں کیونکہ حدیث پاک کے مطابق ایسا علم جس سے فائدہ اٹھایا جاتا رہے گا وہ نہ ختم ہونے والے ایصال ثواب کا ذریعہ ہے۔

پانچواں طریقہ: زندگی میں جب کبھی اللہ پاک شادی جیسی عظیم سنت کی ادائیگی کی سعادت نصیب فرمائے اور اولاد کی نعمت سے بھی سرفراز فرمائے تو اپنی اولاد کو نیک بنائیں، قرآن پڑھائیں ،عالم بنائیں، حافظ بنائیں اور اس کو ایسی نیک تربیت کرے کہ وہ آپ کے اس دنیا سے جانے کے بعد آپ کو اپنی دعائے خیر میں یاد رکھے۔

اللہ پاک ہمیں بیان کردہ طریقوں کے مطابق اپنے اور اپنے پیاروں کے لئے ایصال ثواب کرنے کی سعادت نصیب فرمائے۔اٰمین یا رب العالمین


ایصال ثواب کے لفظی معنی :ایصال ثواب کے معنی ہیں ثواب پہنچانا اس کو ثواب بخشنا بھی کہتے ہیں مگر بزرگوں کے لئے ثواب بخشنا کہنا مناسب نہیں " ثواب نذر کرنا "کہنا ادب کے زیادہ قریب ہے۔ امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمن فرماتے ہیں حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم خواہ اور نبی یا ولی کو ثواب بخشنا کہنا بے ادبی ہے۔ بخشنا بڑے کی طرف سے چھوٹے کو ہوتا ہے بلکہ نذر کرنا یہ ہدیہ کرنا کہے۔( فاتحہ اور ایصال ثواب کا طریقہ ص: 12 )

عقیدہ اہل سنت والجماعت ایصال ثواب کے بارے: ہمارا عقیدہ ہے کہ ہر انسان اپنے نیک اعمال کا ثواب زندہ مردہ دونوں کو ایصال کر سکتا ہے بشرطیکہ اس کی موت ایمان پر ہوئی ہو چاہے اعمال کا تعلق خالص بدنی یا مالی یا بدنی و مالی کے مرکب سے ہو۔( حق پر کون ص:245)

حضرت عمر بن شعیب رضی اللہ عنہ اپنے والد سے اور وہ ان کے دادا سے روایت فرماتے ہیں کہ عاص بن وائل نے وصیت کی تھی کہ اس کی طرف سے سو غلام آزاد کر دیے جائیں ۔ اس کے بیٹے ہشام نے اس کی طرف سے پچاس غلام آزاد کر دیے اس کے دوسرے بیٹے عمرو نے اس کی طرف سے باقی ماندہ پچاس غلام آزاد کرنے کا ارادہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھ لوں وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے۔ عرض کیا :یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میرے والد نے اپنی طرف سے سو غلام آزاد کرنے کی وصیت کی تھی اور ہشام نے اس کی طرف سے پچاس آزاد کر دیے ہیں اور پچاس مزید اس کے ذمے ہیں کیا میں اس کی طرف سے آزاد کر دوں؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اگر وہ مسلمان ہوتا تو تم لوگ اس کی طرف سے آزاد کرتے یا صدقہ دیتے یا حج کرتے تو وہ اس تک پہنچ جاتا۔( المستندص:449)

اس حدیث شریف سے ایصال ثواب کے تین طریقے ثابت ہو رہے ہیں۔

(1)غلام آزاد کر کے اس کا ثواب مردے کو دینا یہ بھی ثابت ہو رہا ہے۔

(2) مردے کی طرف سے کوئی چیز صدقہ کرنا اور اس کا ثواب مردے کو دینا۔

(3) حج کر کے اس کا ثواب مردے کو دینا یہ بھی اس حدیث سے ثابت ہو رہا ہے۔

(4) ایصال ثواب کی نیت سے مدنی قافلے میں سفر کرنا اور ثواب مردوں کو دینا جیسا کہ ملفوظات امیر اہلسنت جلد اول صفحہ نمبر 361 پر ہے کہ جس کا مفہوم ہے کہ ملتان شریف کے چار اسلامی بھائی جو اجتماع کے دوران ٹرین کی پٹری پر موجود تھے۔ تو اوپر سے ٹرین گزر گئی اور یہ چاروں شہید ہو گئے۔ تو امیر اہلسنت دامت برکاتہم العالیہ ان کے ایصال ثواب کے لئے ملتان شریف کے اسلامی بھائیوں سے یہ مدنی التجاء فرمائی کہ ان کے ایصال ثواب کے لئے صرف تین دن کے مدنی قافلوں میں سفر کریں۔

(5) ایصال ثواب کی نیت سے مسجد بنانا جیسا کہ ملتان شریف میں اجتماع میلاد ہونے والےچاروں اسلامی بھائیوں کے لواحقین سے مسجد بنانے کی عرض کی اور امیر اہلسنت دامت برکاتہم العالیہ نے اس مسجد کا نام فیضان میلاد رکھنے کا بھی فرمایا اور مسجد بناکے اس کا ایصال ثواب ان کو کو دے ۔( ملفوظات امیر اہلسنت جلد اول صفحہ نمبر 361)

اور ملفوظات امیر اہلسنت جلد اول صفحہ نمبر 110پر یہ بھی طریقہ ہے کہ ایصال ثواب کے لئے درخت اور پودے لگائے اور ایصال ثواب کسی بزرگ کو دیں۔


دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اراکین و مبلغین دعوت اسلامی دینی کاموں کے سلسلے میں وقتاً فوقتاً ملک و بیرون ملک کا سفر کرتے رہتے ہیں۔

اسی سلسلے میں رکن شوریٰ حاجی محمد جنید عطاری مدنی24 نومبر 2021ء کو کینیا کے دورے پر روانہ ہوگئے جہاں وقتاً فوقتاً مختلف مقامات پر ہونے والے سنتوں بھرے اجتماعات میں بیانا ت فرمائیں گے جبکہ ذمہ داران سے ملاقات کرنا، دینی کاموں کی کارکردگی کا فالوں اپ کرنا، مدارس و جامعات کا وزٹ کرنا آپ کے شیڈول میں شامل ہے

رکن شوریٰ حاجی جنید عطاری مدنی کینیا کےجن جن شہروں کا دورہ کریں گے ان کی تفصیلات ملاحظہ کریں:

٭Wed 24th TO 26th Fri November 2021 NAIROBI

٭Sat 27th TO Tue 30th November 2021 MOMBASA

٭Tue 30th November 2021 MALINDI

٭Tue 30th Nov TO Wed 1st Dec 2021 LAMU

٭Wed 1st December 2021 GANGONI

٭ Thu 2nd To 4th December 2021 MOMBASA

٭ Sat 4th To 7th December NAIROBI


اولیائے کرام رحمۃ اللہ علیہم کی سیرت طیبہ ہمارے لئےمشعل راہ ہیں۔ان کی تعلیمات پر عمل کرنا دنیا وآخرت کی کامیابیاں حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔اولیائے کرام رحمۃ اللہ علیہم کی تعلیمات کی روشنی میں اپنے عملے کی تربیت کرنے کے لئے دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم میں تربیتی اجتماعات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

گزشتہ دنوں دارالمدینہ ہیڈ آفس کراچی کے اسلامی بھائیوں کےلئےعالمی مدنی مرکزفیضان ِ مدینہ کراچی میں سالانہ محفلِ گیارہویں شریف کا انعقاد کیا گیا۔محفل کا آغاز تلاوتِ قراٰن پاک سے ہوا جبکہ نعت ِ رسول ِ مقبول ﷺ پڑھ کر نبیٔ کریم ﷺ کی بارگاہِ اقدس میں نذرانۂ عقیدت پیش کیاگیا۔

اس اجتماعِ پاک میں رکن ِ شوری حاجی محمد اطہر عطاری نے غوثِ اعظم شیخ عبد القادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ کی سیرت طیبہ پر سنتوں بھرابیان کیا۔غوثِ اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے فضائل بیان کرتے ہوئے رکنِ شوریٰ کاکہناتھا کہ اولیائے کرام رحمۃ اللہ علیہم کےکمالات و کرامات سننے کے ساتھ ہمیں اولیائے کرام کی عبادات و مجاہدات اور راہِ حق میں ان کی قربانیوں کے حوالےسے بھی معلومات ہونی چاہیئے۔مزیدمعمولاتِ غوث اعظم رحمۃ اللہ علیہ بیان کرتے ہوئے رکنِ شوریٰ نےاپنے ماتحتوں کے ساتھ اچھا سلوک اختیار کرنے کے حوالے سے شرکا کی تربیت فرمائی۔محفل کے اختتام پر رکن ِ شوری ٰنے خواہشمند اسلامی بھائیوں کو قادری سلسلے میں بیعت بھی کروائی۔ (رپورٹ:محمد سعد موسانی اردو کانٹینٹ رائٹر سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ دارالمدینہ ہیڈ آفس کراچی، ویب ڈیسک رائٹر:غیاث الدین عطاری)