پچھلے دنوں دعوتِ اسلامی کے اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کے تحت  پاکپتن شریف میں واقع مدنی مرکز فیضان مدینہ منڈی موڑ میں نواسۂ رسول حضرت سیّدنا امام حسین رضی اللہ عنہ اور شہدائےکربلاءرضوان اللہ علیہم کے ایصالِ ثواب کے لئے سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں اسپیشل پرسنز سمیت دیگر اسلامی بھائیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اجتماع کا آغاز تلاوتِ قراٰنِ پاک و نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا جبکہ نگران ساہیوال ڈویژن حاجی سرفراز عطاری مدنی نے ”صبر و آزمائش“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا۔

اجتماع میں شریک اسپیشل پرسنز (گونگے، بہرے اور نابینا افراد) کی آسانی کے لئے ڈسٹرکٹ ذمہ دار احمد رضا عطاری نے اشاروں کی زبان میں بیان کی ترجمانی کی ۔

اس اجتماعِ پاک میں صوبۂ سندھ سے آئے ہوئے ایک ماہ مدنی قافلے کے عاشقان رسول نے بھی شرکت کی۔اجتماع کے اختتام پر اسپیشل پرسنز (گونگے بہرے نابینا اور معذور افراد) نے اچھی اچھی نیتوں کا اظہار کیا نیز نگران ڈویژن نے ”یوم دعوت اسلامی“ کے لئے اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کے تحت اسلامی بھائیوں کو 12 ماہ، ایک ماہ، 12دن اور 3دن کے مدنی قافلوں میں سفر کرنے کا ذہن دیا۔(رپورٹ:محمد سمیر ہاشمی عطاری اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام 11 اگست2022ء  بروز جمعرات گجرات پنجاب میں قائم جامعۃالمدینہ بوائز میں تربیتی سیشن ہوا جس میں دورۂ حدیث شریف سمیت دیگر درجات کے طلبۂ کرام نے شرکت کی۔

اس تربیتی سیشن میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی محمد عقیل عطاری مدنی نے ”منصبِ امامت“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے طلبۂ کرام کو روزانہ تلاوتِ قراٰنِ پاک کرنے کا ذہن دیا۔

اس کے علاوہ رکنِ شوریٰ نے طلبۂ کرام کو دعوتِ اسلامی کے 12 دینی کاموں میں عملی طور پر حصہ لینے کی ترغیب دلائی جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتیں کیں۔(رپورٹ:محمد عابد عطاری مدنی معاون رکن شوری حاجی محمد عقیل عطاری مدنی، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


11 اگست2022ء  بروز جمعرات بعد نماز ظہر دعوتِ اسلامی کے مدنی مرکز فیضان مدینہ گجرات پنجاب میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی محمد عقیل عطاری مدنی نے گجرات ڈسٹرکٹ کے ائمہ کرام اور ذمہ داران کا مدنی مشورہ کیا۔

اس مدنی مشورے میں رکنِ شوری نے سنت قبلیہ اور بعد کے نوافل اور ہرنماز کے بعد تسبیح فاطمہ پڑھنے کا معمول بنانےکی ترغیب دلائی۔

رکنِ شوریٰ نے ائمۂ کرام کو مسجد کے نمازیوں سے حُسنِ اخلاق کے ساتھ پیش آنے اور احسن انداز میں انہیں نیکی کی دعوت دیتے ہوئے ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع و مدنی مذاکرے میں شرکت کروانے کا ذہن دیا۔

آخر میں رکنِ شوریٰ حاجی محمد عقیل عطاری مدنی نےفنائے مسجد میں روحانی علاج کا بستہ لگا کر نمازیوں کو تعویذات عطاریہ دینے اور مجلس کی اجازت سے مدنی قافلہ کورس کرنے کے حوالے سے ذہن سازی کی۔(رپورٹ:محمد عابد عطاری مدنی معاون رکن شوری حاجی محمد عقیل عطاری مدنی، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی کے شعبہ جات کے ذریعے دنیا بھر میں نیکی کی دعوت عام کرنے والے ذمہ داران کی دینی و اخلاقی تربیت کرنے اور 12 دینی کاموں کا فالواپ لینے کے لئے وقتاً فوقتاً مدنی مشورے کا انعقاد کیا جاتاہے۔

اسی سلسلے میں پچھلے دنوں مدنی مرکز فیضانِ مدینہ جوہر ٹاؤن لاہور میں شعبہ مدرسۃ المدینہ بوائزکے ذمہ داران کا مدنی مشورہ ہوا جس میں شعبہ ڈونیشن بکس اور شعبہ گھریلو صدقہ بکس کے ذمہ دار اسلامی بھائیوں کی بھی شرکت رہی۔

دورانِ مدنی مشورہ رکنِ مرکزی مجلسِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری نےدعوتِ اسلامی کے دینی کاموں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مختلف موضوعات کلام کیا اور ذمہ داران کو اخلاص کے ساتھ دعوتِ اسلامی کے دینی کام کرنے کا ذہن دیا جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتوں کا اظہارکیا۔(رپورٹ:محمد ابوبکر عطاری معاون رکن شوری حاجی یعفور رضا عطاری، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


رنگ و نسل میں بلا تفریق احیائے سنت اور دین اسلام کی تبلیغ کو عام کرنے والی عاشقان رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام ایبٹ آباد کے مدنی مرکز فیضان مدینہ میں ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع انعقاد کیا گیا جس میں نگرانِ تحصیل ایبٹ آباد محمد ظہور عطاری، ماہر علم توقیت مولانا وسیم عطاری مدنی اور اسلامک ریسرچ سینٹر المدینۃ العلمیہ کراچی سے تشریف لائے ہوئے علمائے کرام سمیت شہر و اطراف کے کثیر عاشقان رسول شریک تھے۔

اس اجتماعِ پاک کا آغاز مولانا زید عطاری مدنی نے تلاوتِ قراٰنِ مجید اور نعتِ رسول ِمقبول ﷺ سے کیا جبکہ مبلغِ دعوتِ اسلامی محمد عدنان عطاری نے ”تکبر“ اور”یوم آزادی کے موقع پر نعمتِ الٰہی کا شکر ادا کرنے“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا۔

بعدِ بیان نگرانِ تحصیل محمد ظہور عطاری نے شرکا کوشہدائے پاکستان کے ایصالِ ثواب کے لئے تین دن کے مدنی قافلے میں سفر کرنے کی ترغیب دلائی جس پر وہاں موجود عاشقانِ رسول نے اچھی اچھی نیتیں کیں۔اجتماع کا اختتام رقت انگیز دعا اور صلوٰۃ و سلام پر ہوا۔(رپورٹ:محمد ظہور عطاری تحصیل نگران ایبٹ آباد، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


علمِ دین کی اشاعت و تبلیغ کے سلسلے میں بےشمارتحریکیں منصۂ شہود پر ظاہر ہوئیں اور ہر تحریک نےاپنے زمانے کے اعتبارسے دین کی خدمت کی، اپنے دائرہ کار میں رہ کر تبلیغ کی فرائض سرانجام دیئے، کبھی شخصی صورت میں دینی تحریک کا ظہور ہوا تو کبھی اجتماعی طور اورکبھی علمی تحریک نے غلبہ حاصل کیا تو کبھی منہج تصوف کے گدڑی پوش صوفیا نے تبلیغِ قراٰن وسنت میں عروج حاصل کیا الغرض جس نے بھی اخلاص کے ساتھ دین کی خدمت کی اللہ عزوجل نے ان کی کوششوں کو شرف قبولیت سے نوازا۔

مگر مرورِ زمانہ کے ساتھ ساتھ ہر تحریک اپنے دائرہ کار میں محدود ہوتی ہے چہ جائیکہ ان کے اثرات ہمیں مختلف صورتوں میں نظر آتے رہے لیکن حقیقی طور پر گزشتہ تمام تحریکوں کاڈھانچہ تاریخ کی نظرہوگیا، اس کی وجہ بادی الرائی میں ان کا دائرہ کار تھا۔

اس تناظر کے پیش نظر اگر ہم موجودہ صدی میں 40 سال پہلے مطلع عَالَم پر تبلیغِ قراٰن وسنت کا عَلَم بلند کرنے والی تحریک دعوت اسلامی کے خدوخال کا جائزہ لیں تو اس تحریک نے گزشتہ تمام تحریکوں کے دائرہ کار کی طرح اپنے وجود کو محدود نہیں رکھا بلکہ اس نے ایسا Slogan”مجھے اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اصلاح کی کوشش کرنی ہے‘‘بلند کیا کہ جس نے اس تحریک کو دیگر تمام تحریکو ں سے ممتاز کردیا۔

میدانِ تبلیغ کے علاوہ 80 سے زائد شعبہ جات کا قیام عمل میں لایا، لڑکپن سے لیکر ادھیڑ عمر تک کے لوگوں میں خدمت دین کے شعبوں کو متعارف کروایا، فرد کی اصلاح سے لیکر معاشرے کے رفاہی امور سرانجام دینے تک افراد کار مہیا کئے، ایک طرف علم وعلماء کی سرپرستی ہے تو دوسری طرف قدیم وجدیم علوم کے خوبصورت سنگم کے ساتھ عالی شان جامعۃ المدینہ میں درس وتدریس کا سلسلہ، دنیا کے 40 سے زائد زبانوں میں اسلاف کی علمی میراث کو عام وخاص لوگوں تک پہنچانے کا کام ہے تو دوسری طرف اکناف عالم میں اسلامی تربیت گاہوں کا سنگ بنیاد رکھا جارہا ہے، دنیا کے بدلتے رجحانات کے ساتھ تبلیغِ قراٰن وسنت کےلئے نئے نئے تبلیغ کے مناہیج کو اپنایا جارہا ہے جس کی ایک مثال خالص اسلامی تعلیمات کا حا مل مدنی چینل اور دوسری طرف وقت کے دھارے پر رواں Information Technology Department ہے جس نے بہت تھوڑے عرصے میں اس عظیم تحریک کے پیغام کو Digitalize کرکے عام لوگوں تک پہنچایا۔ہزاروں نہیں لاکھوں مسلمان دعوت اسلامی کےقائم کردہ ڈیپارٹمنٹ آئی ٹی کی Products سے روحانی، علمی، تبلیغی، تربیتی اور تنظیمی پیاس بجھارہے ہیں۔

آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ بھی تبلیغ ِقراٰن وسنت کی عالمگیر تحریک دعوت اسلامی کے عالمی مرکز میں قائم اُن 80 سے زائد شعبہ جات میں سے ایک شعبہ ہے جو بانیِ دعوت اسلامی حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتھم العالیہ کی زیرِ سرپرستی خدمتِ دین میں اپنے حصہ کا کام کررہا ہے۔

شیخِ طریقت امیر اہلِ سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے جو Slogan بلند کیاتھا آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے اسلامی بھائیوں نے اپنے مرشد کے فیض سے مستفید ہوکرتادم تحریر کم و بیش 35 سے زائد اسلامک موبائل ایپلی کیشنز، تعلیم وتعلّم پر مشتمل ڈیکس ٹاپ ایپلی کیشنز، میموری کارڈ، ڈیکس ٹاپ سروسز، سافٹ ویئر سروسز اور دیگر شعبہ جات کو آئی ٹی سروسز جیسی خدمات پیش کیں۔

انفارمیشن ٹیکنولوجی (آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ) کی دنیا میں دعوتِ اسلامی کے تبلیغی و علمی اور روحانی وتنظیمی کاموں کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچانے کے لئے اس ڈیپارٹمنٹ نے وقت کی ضرورت کو مد ِنظر رکھتے ہوئے بہت سارے کا م کئے ہیں نیز جب سے ڈیکس ٹاپ ایپلی کیشنزکی جگہCloud Application اور موبائل ایپلی کیشنز Mobile Applications نے لی ہے اس ڈیپارٹمنٹ کی اہمیت اوربڑھ چلی گئی ہے، اگرآئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے کاموں کو ایک ایک کرکے صفحۂ قرطاس کی زینت بنایا جائے تو یقینا ًایک طویل وقت درکارہے۔

مگر آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ نے اپنے تمام صارفین (Users) کے لئے ایک ایسا پلیٹ فارم پیش کیا ہے جہاں تمام موبائل اپیلی کیشنز، سوشل میڈیا سروسز، سوشل اکاؤنٹ اور ویب سروسز کو بخوبی ملاحظہ کیا جاسکتا ہے۔اس پروڈکٹ(product) کو Dawateislami Digital Services کے نام سے موسوم کیا گیاہے۔اس Application کی خوبصورتی یہ ہےکہ اس میں وہ تمام ایپلی کیشنز، ویب سروسز، سوشل میڈیا اکاؤنٹ جو علیحدہ علیحدہ موبائل کی زینت بنتے تھے موجود ہیں گویا یہ ایپلی کیشن تمام آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے پروڈکٹس کی مالا ہے جس کے ارگرد تمام اپیلی کیشنز ویب سروسز، سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے موتی لٹک رہے ہیں، وہ گلدستہ ہے جس میں آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے تمام پھول سجادیئے گئے ہیِں۔

یہ وہ پلیٹ فارم ہے جس پر تمام موبائل ایپلی کیشنز، آفیشل ویب سائٹ، فیس بک، ٹیوٹر، انسٹاگرام اور سوشل میڈیا کے چینل اپنی آب وتاب کے ساتھ چمک رہے ہیں۔ Dawateislami Digital Servicesآپ کےلئے ایک تحفہ ہے ضرور اس سے مستفید ہوں۔الحمد للہ ! Information Technology Department اپنے شیخ طریقت، امیر اہلِ سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی علمی میراث وتنظیمی کام کو موجودہ دور کے ٹیکنیکل تقاضو ں کو پیشِ نظر رکھ کرمزید بہتری کے ساتھ کام کرنے کا عزم لئے ہوئے ہے۔(منجانب آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ دعوتِ اسلامی)


دعوتِ اسلامی کے زیرِاہتمام 10 اگست 2022ء بروز بدھ لاہور کے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ جوہر ٹاؤن میں مدنی مشورے کا انعقاد کیا گیا جس میں ائمۂ کرام اور ذمہ داران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق مدنی مشورے میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی محمد عقیل عطاری مدنی نے سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے اسلامی بھائیوں کی دینی و اخلاقی اعتبار سے تربیت کی اور انہیں سنتِ قبلیہ اور بعد کے نوافل پڑھنے نیز ہرنماز کے بعد تسبیح فاطمہ رضی اللہ عنہا کا ورد کرنے کی ترغیب دلائی۔

اس کے علاوہ رکنِ شوریٰ نے مسجد کے نمازیوں سے حسنِ اخلاق کے ساتھ پیش آنے اور انہیں نیکی کی دعوت دینے کا ذہن دیا۔مزید ائمہ کرام کوفنائے مسجد میں روحانی علاج کابستہ لگاکر نمازیوں کو تعویذات عطاریہ دینے اور مدنی قافلوں میں سفر کرنے کے حوالے سے ذہن سازی کی جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتوں کا اظہا رکیا۔

اس موقع پر دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی یعفور رضا عطاری بھی موجود تھے۔(رپورٹ:محمد عابد عطاری مدنی معاون رکن شوری حاجی محمد عقیل عطاری مدنی، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)

دعوتِ اسلامی کے تحت حضرت سیّدنا امام علی الحق شہید علیہ رحمہ کے سالانہ عرس کے موقع پر شعبہ مزاراتِ اولیاء کے ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے ڈسٹرکٹ منیجر اوقاف جہانگیر اقبال کدھر سے ملاقات کی۔

دورانِ ملاقات ذمہ داران نے منیجر کو دعوتِ اسلامی کے شعبہ جات کے ذریعے دنیا بھر میں نیکی کی دعوت عام کرنے کے حوالے سے بریفنگ دی جس پر انہوں نے دعوتِ اسلامی کی کاوشوں کو سراہا۔بعدازاں اسلامی بھائیوں نے منیجر کو دعوتِ اسلامی کے شعبہ مکتبۃا لمدینہ سے شائع کردہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ تحفے میں پیش کیا۔(کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


پچھلے دنوں پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں واقع حضرت سیّدنا امام علی الحق شہید علیہ رحمہ کے سالانہ عرس کے موقع پر شعبہ مزاراتِ اولیاء دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام مزار شریف پر فاتحہ خوانی کا انعقاد کیا گیا جس میں مدرسۃ المدینہ بوائز کے بچوں سمیت دیگر اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

اس دوران مدرسۃ المدینہ بوائز کے بچوں نے قراٰن خوانی کی جبکہ شعبہ مزارات اولیاء کے ڈویژن ذمہ دار نے بچوں کے ہمراہ مزار شریف پر حاضری دی اور دعا و فاتحہ خوانی کروائی۔(کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی کے شعبہ ہفتہ وار مدنی مذاکرہ کے زیرِ اہتمام اجتماعی طور مدنی مذاکرہ دیکھنے کا انعقاد کیا گیا جس میں کم بیش 630 عاشقانِ رسول (جن میں اسکول کے اسٹوڈنٹس اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات شامل تھیں) نے شرکت کی۔

یہ ہفتہ وار مدنی مذاکرہ اجتماع 61چک کھڑیانوالہ پنجاب کے ایک نجی اسکول میں منعقد ہوا نیز مدنی مذاکرے میں شرکت کرنے والے اسلامی بھائیوں نے تاثرات دیتے ہوئے کہا کہ الحمد لله عزوجل مدنی مذاکرے سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا اور اسی طرح ہر ہفتے کو اپنے علاقوں میں اجتماعی طور پر مدنی مذاکرہ اجتماع منعقد کرنے کی اچھی اچھی نیتیں کیں۔

بعدِ مدنی مذاکرہ کثیر تعداد میں اسلامی بھائیوں نے مدنی قافلے میں سفر کرنے کے حوالے سے اپنے نام لکھوائے۔(رپورٹ:محمد عبدالرزاق عطاری شعبہ ہفتہ مدنی مذاکرہ رکن صوبائی پنجاب مشاورت، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


10 اگست 2022ء بروز بدھ دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام پاکستان کے صوبہ سندھ میں 12 ماہ کےمدنی قافلے میں سفر کرنے والے عاشقانِ رسول کے لئے ماہانہ نشست کا انعقاد کیا گیا۔

اس نشست میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی محمد فاروق جیلانی عطاری  نے ”انفرادی عبادت“  کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے شرکائے مدنی قافلہ کی دینی و اخلاقی اعتبار سے تربیت کی۔

اس کے علاوہ رکنِ شوریٰ نے انہیں دعوتِ اسلامی کے 12 دینی کاموں کو زیادہ سے زیادہ بڑھانے کا ذہن دیا۔بعدازاں رکنِ شوریٰ نے عاشقانِ رسول کے درمیان تحائف تقسیم کئے۔(رپورٹ:علی حسن عطاری، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


پنجاب پاکستان کے قصبے علی پور چٹھہ مدینہ چوک ضلع گوجرانوالہ  میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں قرب و جوار کے عاشقانِ رسول نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس اجتماعِ پاک میں شعبہ تحفظِ اوراقِ مقدسہ کے ڈسٹرکٹ ذمہ دار نے سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے اوراقِ مقدسہ کو محفوظ کرنے اور ان کا ادب کرنے کا ذہن دیا۔

اس موقع پر اہلِ علاقہ نے اوراقِ مقدسہ کے باکسز بڑھانے، انہیں بروقت خالی کرنے اور اوراقِ مقدسہ کو محفوظ مقام تک پہنچانے کے لئے اچھی اچھی نیتوں کا اظہار کیا۔(رپورٹ:محمد آفتاب عطاری شعبہ تحفظ اوراق مقدسہ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)