ٹھاکرہ اسٹیڈیم مانسہرہ میں عاشقانِ رسول کا عظیم
الشان ہفتہ وار اجتماع منعقد
مانسہرہ کے تاریخ ساز اسٹیڈیم، ٹھاکرہ اسٹیڈیم میں
ہفتہ وار اجتماع کی خوشیوں بھری محفل سجی، جہاں عاشقانِ رسول کی کثیر تعداد نے
شرکت کی۔ اس روحانی تقریب میں ہزاروں عاشقانِ رسول نے جمع ہوکر اپنے محبت بھرے
جذبات کا اظہار کیا اور حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کا پیغام
عام کیا۔
اس اجتماع کے دوران معروف مذہبی رہنما، رکن
شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری نے اپنے انداز میں محبت اور عقیدت کے جذبات کو بیان کیاجس
سے حاضرین کے دل مزید عشقِ رسول میں ڈوب گئے۔ انہوں نے پیغام دیا کہ محبتِ رسول ہی
ایمان کی اصل تقویت ہے اور ہمیں اپنی زندگیوں میں حضور سرورِ عالم صلی اللہ علیہ
وآلہ وسلم کی سیرت کو اپنانا چاہیے۔
اجتماع کے انتظامات نہایت مضبوط اور منظم تھے،
جس میں ہر قسم کی حساس صورتحال سے نمٹنے کے لیے بھرپور تیاری کی گئی تھی۔ خصوصی
طور پر، ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے بائیبرگیڈ کی گاڑیاں اور ایمبولینس بھی موجود تھیں،
تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طبی اور حفاظتی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے اس انتظامات کو عوام نے سراہا اور یہ ثابت کیا کہ یہ
اجتماع ہر لحاظ سے محفوظ اور خوشگوار ماحول میں منعقد ہوا۔
یہ ہفتہ وار اجتماع نہ صرف ایک روحانی محفل تھی
بلکہ اس میں عوامی محبت، اتحاد اور امن کا پیغام بھی پھیلا۔ اس طرح کے اجتماعات سے
معاشرہ میں محبت اور رواداری کو فروغ ملتا ہے اور نوجوان نسل کے دلوں میں محبتِ
رسول کا جذبہ مزید بڑھتا ہے۔
حکومتی اور انتظامی اداروں کی جانب سے بھی اس
تقریب کی نگرانی کی گئی اور یہ یقین دہانی کروائی گئی کہ آئندہ بھی اسی طرح کے
پروگرام کامیابی سے منعقد ہوتے رہیں گے تاکہ عوام کے دلوں میں محبتِ رسول اور
اسلام کی تعلیمات کو زندہ رکھا جا سکے۔