تفصیلات کے مطابق بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ آج 31 مارچ 2022ء کی شب کراچی پاکستان پہنچ گئے ہیں، ایئرپورٹ سے اپنے گھر کی جانب آتے ہوئے انہوں نے اپنی گاڑی سے ایک ویڈیو پیغام اپنے چاہنے والوں کے لئے جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ”الحمد للہ میں آج 27 شعبان المعظم 1443سن ہجری کو کراچی ایئرپورٹ پر اُتر کر اب گھر کی طرف جارہا ہوں، ان شاء اللہ عنقریب ماہِ رمضان کا چاند نظر آجائے گاا ور اللہ نے زندہ سلامت رکھا تو نیت ہے کہ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں معتکفین کی برکتیں حاصل کروں گا، ان شاء اللہ رمضان کے پورے مہینے اعتکاف کی دھوم دھام ہوگی جبکہ روزانہ دو مدنی مذاکرے ((01) بعد عصر (02) بعد تراویح) ہوا کریں گے۔ “

امیرِ اہلِ سنت نے اپنے ویڈیو میں اللہ پاک کے آخری نبی حضرت محمد ﷺ کا فرمان سناتے ہوئے حدیثِ مبارک بیان کی: فرمانِ مصطفیٰ ﷺ : ”اللہ پاک ماہِ رمضان میں روزانہ افطار کے وقت دس لاکھ ایسے گناہ گاروں کو جہنم سے آزاد فرماتا ہے جن پر گناہوں کی وجہ سے جہنم واجب ہوچکا تھا۔ نیز شبِ جمعہ اور روزِ جمعہ یعنی جمعرات کو غروبِ آفتاب سے لے کر جمعہ کو غروبِ آفتاب تک کی ہر ہر گھڑی میں ایسے دس دس لاکھ گناہ گاروں کو جہنم سے آزاد کیا جاتا ہے جو عذاب کے حقدار قرار دیئے جاچکے ہوتے ہیں۔ “(کنزالعمال)

واضح رہے کہ کراچی میں ملاقات کرنے والوں اور دیگر مصروفیات کے سبب تحریری کاموں میں خلل واقع ہوتا ہے اس لئے امیر اہل سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ اپنے تحریری کاموں یعنی کتابیں اور رسائل وغیرہ لکھنے کی غرض سے بیرونِ ملک تشریف لے جاتے ہیں جہاں یکسوئی کے ساتھ تحریر ی کام کرتےہیں اور امت کو بہترین رسالہ یا کتاب عطا فرماتے ہیں۔