تعارُف مَلِکُ العلما

Wed, 12 Feb , 2020
4 years ago

نام ونسب

سید محمد ظفرالدین  بن عبد الرزاق، کنیت ’’ابوالبرکات‘‘ اور آپ کالقب ’’ مَلِکُ الْعُلَما ‘‘ہے۔ آپ کے مورث اعلیٰ سید ابراہیم بن سید ابوبکر غزنوی ملقب بہ ”مَدارُ الْمُلْک“ہیں۔ ان کا نسب ساتویں پشت میں حضور غوثِ اعظم حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رَحْمَۃُ اللّٰہِ عَلَیْہِ تک پہنچتا ہے۔([1])

تاریخِ ولادت

آپ رسول پور، میجرا ضلع پٹنہ(موجودہ ضلع نالندہ) صوبہ بہار میں 10 مُحَرَّمُ الْحَرام 1303ہجری بمطابق 19اکتوبر 1880عیسوی کو صبح صادق کے وقت پیدا ہوئے۔ ظفرالدین نام اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللّٰہِ عَلَیْہِ کی بارگاہ سے ملا اور اسی نام سے شہرت پائی۔([2])

بیعت وخلافت

مُحَرَّمُ الْحَرام 1321ہجری میں اعلیٰ حضرت سے مرید  ہوئے۔اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللّٰہِ عَلَیْہِ نے تمام سلاسل میں انہیں اجازت ِ عام عطا فرمائی۔

کمالات وخصائص اعلیٰ حضرت کی زبانی

اعلیٰ حضرت،امامِ اہلِ سنت امام احمد رضا خان رَحْمَۃُ اللّٰہِ عَلَیْہِ نے مفتی ظفرالدین بہاری رَحْمَۃُ اللّٰہِ عَلَیْہِ کے بارے میں فرمایا:”مکرمی مولانا مولوی محمد ظفرالدین صاحب قادری سَلَّمہٗ فقیر کے یہاں اعز طلبہ سے ہیں اور میرے بجانے عزیز ۔ابتدائی کتب کے بعد یہیں تحصیل علوم کی۔ اور اب کئی سال سے میرے مدرسے میں مدرس اور اس کے علاوہ کار افتا میں میرے معین ہیں ۔میں نہیں کہتا کہ جتنی درخواستیں آئی ہوں سب سے یہ زائد ہیں مگر اتنا ضرور کہوں گا:” (1)... سنی خالص مخلص نہایت صحیحُ الْعقیدہ ہادی مہدی ہیں (2)...عام درسیات میں بِفَضلِہ تَعَالیٰ عاجزنہیں (3)...مفتی ہیں (4)...مصنف ہیں (5)...واعظ ہیں(6)...مناظرہ بِعَونِہ تَعالیٰ کرسکتے ہیں(7)...علماء زمانہ میں ’’علم توقیت‘‘سے تنہاءآگاہ ہیں ۔“ ([3])

علمِ توقیت اور فلکیات پر آپ کی تصانیف

(1)...اَلْجَواہِر وَ الْیَواقِیت فِی عِلْمِ التَّوْقِیت(2)...بَدْرُالْاِسْلَام لِمِیْقَاتِ کُلِّ الصَّلوٰۃِ وَالصِّیَام(3)...تَوْضِیْحُ الْاَفْلَاک “ معروف بہ”سُلَّمُ السَّمَاء(4)...مُؤَذِّنُ الْاَوقات“ جیسی قیمتی اور نادِر تصانیف آپ کی توقیت دانی اور علم فلکیات میں مہارتِ تامہ کا مُنہ بولتا ثبوت ہیں۔

وفات حسرت آیات

شب دو شنبہ(پیر کی رات) 19 جَمادی الْاُخْریٰ 1382؁ھ مطابق 18نومبر 1962؁ء کو ذکرِجہر ”اللہ،اللہ “کرتے ہوئے واصل بحق ہوئے۔ ([4])

اعلیٰ حضرت،امامِ اہل سنت رَحْمَۃُ اللّٰہِ عَلَیْہِ اپنے خلیفہ وشاگرد ملک العلما رَحْمَۃُ اللّٰہِ عَلَیْہِ کے متعلق فرماتے ہیں:

میرے ظفر کو اپنی ظفر دے اس سے شکستیں کھاتے یہ ہیں



[1]... حیاتِ ملک العلما،ص9 ادارہ معارفِ نعمانیہ

[2]... حیاتِ ملک العلما،ص9

[3]...حیاتِ اعلیٰ حضرت،۱/۵۳،بتغیر مرکز اہلسنت برکات رضا ،پوربندر گجرات ہند

[4]...حیاتِ ملک العلما،ص16