19 نومبر 2022ء بمطابق 24 ربیع الاٰخر 1444ھ بروز ہفتہ بعد نماز عشاء عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کراچی کے عاشقان رسول نے فیضان مدینہ آکر جبکہ دیگر مقامات پر ہزاروں عاشقان رسول بذریعہ مدنی چینل شریک ہوئے۔

مدنی مذاکرے میں شیخ طریقت، امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقان رسول کی جانب سے کئے گئے سوالات کے علم و حکمت سے بھر پور جوابات دیئے اور مسلمانوں کی دینی ومعاشرتی رہنمائی کے لئے مدنی پھول ارشاد فرمائے۔

سوال:جوانی میں بندے کا بدن مضبوط ہوتاہے،نفسانی خواہشات کا بھی غلبہ ہوتا ہے،ایسی حالت میں ایمان کی مضبوطی کے لئے کیا کرنا چاہیئے؟

جواب:ایمان کی مضبوطی کے لئے عمرکی کوئی قیدنہیں، جوان اور بوڑھے سبھی کو اپنا ایمان مضبوط رکھنا ہے، جتنا بندہ آگ میں گِر جانے کو بُراسمجھتاہے اتنا کفرمیں جاپڑنے کو بھی بُراجانے،ہمیں ایمان پر جمے رہنا ہے، اس کے لئے علم بھی ضروری ہے، کفریہ کلمات کے بارے میں معلومات حاصل کرنی چاہیئے کہ کہیں بندہ ایساکلمہ نہ بول دے جس سے کفرمیں جاپڑے،مکتبۃ المدینہ کی کتاب ’’کفریہ کلمات کے بارے میں سوال جواب‘‘  کا ضرورمطالعہ کیجئے۔سوال میں خواہشات کا ذکرہے، بعض خواہشات مباح ہوتی ہیں مثلاً میں عمدہ کھانے کھاؤں ،اس میں توکوئی اچھی نیّت بن سکتی ہوتو ثواب کی صورت بھی موجودہے ، البتہ بعض خواہشات گنا ہ کی ہوتی ہیں ،یہ خطرناک ہیں ،ایسی خواہشوں سے اپنے آپ کو بچاناضروری ہے۔

سوال:ہم اپنے جدول (Schedule) کو کس طرح منظم کریں کہ اس میں دینی کاموں کے لئے بھی وقت نکل آئے ؟

جواب:بندہ جس کام کوسنجیدگی سے لیتاہے تو وہ ہوجاتاہے ،ہماری مصروف زندگی میں ماہِ رمضان بھی آتاہے تو ہماراجدول تبدیل ہوجاتاہے ،بندہ اپنے کاموں کوترتیب دے لیتاہے ،اسی طرح حج وعمرہ کے لیے جانے کی صورت میں معمولاتِ زندگی کواس کے مطابق کرلیتاہے، دنیاوی طورپر پکنک یا بیرونِ ملک جانے والے بھی کوئی نہ کوئی اِنتظام کرہی لیتے ہیں ، مبلغ ہرجگہ مبلغ ہوتاہے وہ جہاں پربھی جاتاہے ،جو کام کرتاہے،دِینی کاموں کے لیے وقت نکال لیتاہے، نیکی کی دعوت زبان یا کردارسے دے سکتاہے ،حُسنِ اخلاق سے لوگوں کو اپنے قریب لاسکتاہے۔بہرحال جو بندہ کسی کام کوسنجیدگی سے لےتو اس کو پورا کر سکتاہے ،کوشش کریں تو اللہ پاک کی مددشامل ہوگی اوردین کاکام کرنے میں کامیابی ہوگی ۔ہم کم کوشش کریں گے اوراللہ پاک زیادہ کامیابی عطافرمائے گا۔کوشش اپنی طرف سے ہوتی ہے اور کام اللہ پاک کے کرم سے ہوتا ہے،اپنے ذہن میں تھا کہ دین کا کام کرنا ہے، اللہ پاک نےراستے کھول دئیے، ذہن اورسوچ اُسی نے دی اور راستے بھی اُسی نے کھولے،جذبہ بھی اُسی نے دیا ،جوکچھ کیا اللہ پاک نے کیا مَیں نے کچھ نہیں کیا ۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ ”روٹی کا احترام“ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی؟

جواب  : یارَبَّ المصطفٰے!    جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ”روٹی کا احترام“پڑھ یا سُن لے، اُسے حلال و آسان برکت والی روزی عطا فرما اور ہمیشہ ہمیشہ کیلئے اُس سے راضی ہوجا۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔