21 مارچ 2020ء کی شب دعوت اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس میں عالمی مذہبی اسکالر علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقان رسول کی جانب سے کئے گئے سوالات کے جوابات حکمت بھرے جوابات دیئے۔ اس مدنی مذاکرے میں دنیابھر کے عاشقان رسول نے مدنی چینل اور سوشل میڈیا کے ذریعے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال: حضرت سیدنا عباس رضی اللہ عنہ کون ہیں؟

جواب: حضرت سیدناعباس رضی اللہ عنہ ہمارے پیارے آقا صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے چچاجان اورعظیم فضائل رکھنے والے صحابی ہیں ۔

سوال:اللہ پاک سے عافیّت یعنی سلامتی مانگنے کا کیا فائدہ ہے؟

جواب:اللہ پاک کوبندے کا عافیّت کا سوال کرنازیادہ پسندیدہ اورمحبوب ہے ،حدیث پاک میں ہے: بندہ اس سے افضل کوئی دعا نہیں مانگتا:اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ الْمُعَافَاۃَ فِی الدُّنْیَا وَالْآخِرَۃِ(یعنی ا ے اللہ ! میں تجھ سے دنیا اور آخرت میں عا فیّت کا سوال کرتاہوں۔ابنِ ماجہ، ۴/۲۷۳(

سوال:ایثارکسے کہتے ہیں ؟

جواب:دوسرے کی ضرورت کو اپنی ضرورت پر ترجیح دینا ایثارہے۔ایثارپر مغفرت کی بشارت ہے اوریہ بہت ثواب کا کام ہے۔

سوال: نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی والدۂ محترمہ حضرتسَیِّدَتُنَا آمنہ رضی اللہ عنہاکاوصال کہاں ہوااوراس وقت آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی عمرکتنی تھی؟

جواب:حضرتسَیِّدَتُنَا آمنہ رضی اللہ عنہاکاوصال مدینۂ منورہ اورمکہ مکرمہ کے درمیانی راستے میں ایک مقام’’اَبْوَاء‘‘میں ہوااوراس وقت آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی عمر چھ(6 Years)سال تھی۔

سوال:اِسریٰ کا کیا معنیٰ ہے؟

جواب:معراج کی رات بیتُ اللہ شریف سے لے کر بیت المقدس تک جو سفرہوااُسے اِسریٰ کہتے ہیں ۔

سوال:سفرِ معراج کہاں سے شروع ہوا۔

جواب: نبیِ پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی چچازادبہن حضرت اُمِّ ہانی رضی اللہ عنہاکے گھرسے ۔

سوال:کتابیں پڑھنے کا کیا فائدہ ہے اورکتابیں پڑھنے میں کس طرح دل لگے؟

جواب:کتابیں پڑھنا علمِ دین حاصل کرنے کابہترین ذریعہ ہے ،شروع شروع میں اسلامی حکایات اورواقعات کو تھوڑا تھوڑا پڑھیں ،اِنْ شاۤء اللہ دل لگے گا ،پھر دوسری کتابوں کا مطالعہ کریں، سب کو چاہئے کہ اسلامی کتابیں پڑھیں اوراسلامی معلومات بڑھائیں۔ماہنامہ فیضانِ مدینہ بہترین رسالہ ہے ۔یہ ہرماہ شائع ہوتاہے،ہرماہ ہدیۃً حاصل کریں،اس میں بہت ساری پیاری پیاری معلومات اورمضامین ہوتے ہیں۔

سوال:مرکزی مجلس شوریٰ کی جانب سے دعوتِ اسلامی کا ترجمان کس کو مقررکیا گیا ہے ؟

جواب:رکنِ شوریٰ مولانا عبدالحبیب عطاری کو۔

سوال:جِنّات سے ڈرلگے تو کیا وظیفہ پڑھنا چاہئے؟

جواب:آیۃُ الْکُرْسِی پڑھیں۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ’’دعا مانگنے کے 34 آداب ‘‘پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب:یاربِِ کریم! جو کوئی رسالہ ’’دعا مانگنے کے 34 آداب‘‘کے 39 صفحات پڑھ یا سُن لے اُس کو رِیا سے بچتے ہوئےگِڑگِڑاکراورروروکردُعائیں مانگنے کی سعادت عنایت فرمااوراُس کی بے حساب مغفرت کر۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم