دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام رمضان المبارک کے پر کیف لمحات میں مدنی مذاکروں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ پہلا مدنی مذاکرہ یکم رمضان المبارک کو بعدِ تروایح  ہوا جس میں دعوتِ اسلامی کے امیر حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے مدنی چینل کے ناظرین کو مدنی پھول ارشادفرمائے۔

چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال : رمضان المبارک کی آمدپر کون سی دُعامانگی جائے ؟

جواب :یہ دُعاپڑھی جائے : اَللّٰهُمَّ سَلِّمْنِیْ لِرَمَضَانَ، وَسَلِّمْ رَمَضَانَ لِیْ۔یعنی اے اللہ !مجھے رمضان کے لیے اوراسے میرے لیےسلامت رکھ۔

سوال : گناہوں سے بچنے کا کوئی وِرداِرشاد فرمادیجئے ؟

جواب: جو ہرنمازکے بعدھُوَاللہُ الرَّحِیْمُ 7 بار پڑھا لیا کرے، وہ گناہوں سے بچارہے گا اوراس کا ایمان پر خاتمہ ہوگا ۔

سوال: ولی کی پہچان کیا ہے ؟

جواب: حقیقت یہ ہے کہ ولی کی پہچان بہت مشکل ہے،بہرحال اس کی ایک نشانی یہ ہے کہ اُسےدیکھ کر اللہ پاک یادآجائے۔

سوال: ماہِ رمضان کی کیا اہمیت ہے ؟

جواب:ماہِ رمضان میں نفل کا ثواب فرض کے برابراورفرض کا ثواب70گُنا کردیا جاتاہے،رمضان کی آمدپر جنت اوررحمت کےدروازے کھول دئیے جاتے ہیں ، جب ماہِ رمضان ختم ہوتاہے تو جنت کو ماہ ِرمضان کے اِستقبال کے لیے سجانا شروع کیا جاتاہے اورساراسال سجایاجاتاہے ، اس میں ہرگھڑی رحمت بھری ہے،الغرض وہ کون سی فضیلت ہے جو ماہِ رمضان کو حاصل نہیں ۔

سوال : سحری کے لیے کب اٹھنا چاہئے ؟

جواب: تمام روزہ داروں کو چاہئے کہ سحری کے لیے جلدی اٹھیں،جلد اٹھنے کی وجہ سےنمازِتہجدکی سعادت بھی مل جائے گی ،عورتوں کو چاہئے کہ روزہ داروں کی معاونت کی نیّت سے کچن کے کام کریں تاکہ ثواب بھی ملے ۔بچیوں سے ان کی طاقت کے مطابق گھرکے کام لینے چاہئیں تاکہ آنے والی زندگی میں انہیں آسانی ہو۔

سوال: ماہِ رمضان میں کھانے میں کیا احتیاط کرنی چاہئے؟

جواب: روزوں میں تلی ہوئی چیزیں(Fried Items) کھانےسے بچیں ،سادہ نارمل غذابھی احتیاط کے ساتھ کھائیں ،آپ کوروزے کالطف آئےگا،پیٹ بھاری اورطبیعت بوجھل نہیں ہوگی،روزےرکھنے میں بھی آسانی ہوگی۔