23 شوال 1444ھ کو ہونے والے مدنی مذاکرے میں
امیرِ اہلِ سنت کے مدنی پھول
عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت
13 مئی 2023ء بمطابق 23 شوال المکرم 1444ھ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ
کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جسے بذریعہ مدنی چینل پاکستان سمیت دنیا بھر میں دکھایا گیاجبکہ
کراچی کے مختلف علاقوں سے کثیر اسلامی بھائیوں نے براہِ راست اس مدنی مذاکرے میں
شرکت کی۔
اس مدنی مذاکرے میں عاشقانِ رسول نے شیخِ طریقت امیرِ
اہلِ سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ سے دینی و دنیاوی معاملات کے حوالے سے سوالات کئے جس کے
امیرِ اہلِ سنت نے علمِ و حکمت سے بھر پور جوابات دیئے۔
ان سوال و جواب میں سے بعض درج ذیل ہیں:
سوال: اُولُوالْعزم رسول کون کون سے ہیں ؟
جواب: اُولُوالْعزم رسول 5 ہیں : پیارے آقا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم ،حضرت ابراہیم خلیل اللہ ،حضرت موسیٰ کلیم اللہ، حضرت عیسٰی روح اللہ اورحضرت نوح نجی اللہ علیہم السلام ۔(بہارِشریعت ،1/54)
سوال:ہم نیک بننے کی کوشش کرتے ہیں مگر پھر بھی گنا ہ ہوجاتاہے ،اس کا کیا حل ہے
؟
جواب:معصوم توانبیائے کرام اورفرشتے ہیں ۔ہم عام انسان گنہگارہیں ،جب کبھی گناہ
ہوجائے تو آئندہ گناہ نہ کرنے کے عزم کے ساتھ فوراً سچی توبہ کریں اور اللہ کی رحمت پر
نظررکھیں ۔اس احساس ِکمتری میں مبتلاہوناکہ مَیں گنا ہ سے بچ ہی نہیں پاتا،یہ درست
نہیں بلکہ دوبارہ گنا ہ ہوجائے تو پھر سچی توبہ کریں ، اِنْ شآء اللہ الکریم یہ توبہ کرنا ہمیں کبھی نہ کبھی گناہوں سے روک دے گا۔ہمیں ہمیشہ اللہ پاک کی رحمت پر نظررکھ کرگناہوں سے
بچنے کی کوشش جاری رکھنی چاہیئے ۔
سوال : رمضان المبارک میں عموماً گناہوں سے بچت رہتی ہے ،عبادت میں بھی ذوق ہوتاہے ،نیکیاں کرنے کا جذبہ ملتا
ہےمگر رمضان المبارک کے بعدیہ سب کچھ نہیں
ملتا،نیکیاں کرتے رہنے کا جذبہ کس طرح سلامت رہے ؟
جواب : رمضان المبارک کی اپنی بہاریں ہیں ،اس میں
عبادت کی طرف دل مائل ہوتاہے،گناہوں سے نفرت ہوتی ہے ،بعد میں یہ کیفیت بدل جاتی
ہے ۔جب گناہ کرنے کا دل نہ کرے تو گناہ سے بچنااورجب دل کرتاہوتو اس وقت
بچنادونوں میں فرق ہے ۔بہرحال دونوں
صورتوں میں گناہوں سے تو بچنا ہی ہے۔گناہوں سے بچنے کے لئے دعوتِ اسلامی کے دینی
ماحول سے وابستہ رہیں ،اسلامی بھائی ذیلی حلقے کے12 دینی کاموں اوراسلامی بہنیں 8
دینی کاموں میں مصروف رہیں۔اسلامی بھائی مدنی قافلے میں سفرکریں،نیک اعمال کے
مطابق روزانہ جائزہ لیتے رہیں گے تو
گناہوں سے بچنے کی صورتیں نکل آئیں گی ،ان شآء اللہُ الکریم ۔
سوال: اگرنیکی کی دعوت دینے کے دوران کوئی مذاق اُڑائے یا ڈانٹ دے تو اس پر ہمیں کیا
کرنا چاہیئے؟۔
جواب: ایساکم ہی ہوتاہوگا۔کئی نوجوان سنجیدہ اوربڑی
عمرکے لوگ سمجھدارہوتے ہیں،یہ نیکی کی دعوت سنتےہوں گے۔ اگرکوئی نوجوان مذاق اڑائے یا کوئی بوڑھا شخص ڈانٹ دے تو آپ پیچھے نہ ہٹیں بلکہ نیکی کی دعوت
کاسلسلہ جاری رکھیں ۔میرے ساتھ بھی کئی واقعات ہوئے ہیں مگرمیں نے نیکی کی دعوت
کاسلسلہ جاری رکھا۔کام کرنا ہے تو لوگ کمزورباتیں کرتے ہی ہیں، جیسے گاہک ایساکرے
تو دکاندارمیٹھامیٹھا بنتاہے،کیونکہ اسے اپنا مال بیچنا ہے ۔ہمیں ایساہی بنناہےکیونکہ ہمیں نیکی کی دعوت
کا ثواب حاصل کرناہے اوراپنی آخرت بہتربنانی ہے ۔اللہ پاک چاہے تو ایک شخص استقامت کے ساتھ دین کا کام کرے تو اس کی کوشش سے
ایک گاؤں یا ایک شہرکا نقشہ ہی بدل سکتاہے ۔
سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” امیرِ اہلِ سنّت سے قرآنِ پاک کے بارے میں سوال
جواب “ پڑھنے یاسُننے والوں
کوجانشینِ امیرِ اہلِ سنت مدظلہ العالی نے کیا دُعا دی ؟
جواب: یااللہ پاک جو کوئی17 صفحات کا رسالہ ”امیرِ اہلِ سنّت سے قرآنِ پاک کے
بارے میں سوال جواب “پڑھ یا سُن لے،اس کے دل کو نورِ
قرآن سے منوّر فرما اور اس کی بے حساب بخشش فرما ۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم۔