قراٰن و حدیث کی تعلیمات سے لوگوں کے دلوں کو روشن کرنے اور انہیں دینی باتیں بتانے کے لئے عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت 14 ربیع الاول 1445ھ بمطابق 30 ستمبر 2023ء بروز ہفتہ کی شب مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا۔

مبلغِ دعوتِ اسلامی نے تلاوتِ قراٰن سے مدنی مذاکرے کا آغاز کیا اور نعت خواں اسلامی بھائی نے حضور پُر نور حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم کی بارگاہ میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔

تلاوت و نعت کے بعد مدنی مذاکرے کے سوالات کا سلسلہ ہوا جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری رضوی ضیائی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہنے عاشقانِ رسول کی تربیت کرتے ہوئے انہیں مدنی پھولوں سے نوازا جن میں سے چند درج ذیل ہیں:

سوال:ربیع الاول میں کی جانے والی لائٹنگ کب تک چلانی چاہیئے ؟

جواب: جب لوگوں کی چہل پہل ختم ہوجائےاورکوئی اسے دیکھنے والانہ ہوتو لائٹنگ بند کر دینی چاہیئے ۔12 ربیع الاول کے بعد جھنڈے بھی اتارکر،تہہ کر کے کسی شاپر وغیرہ میں لپیٹ کر رکھ لیں تاکہ بعد میں بھی استعمال کئے جاسکیں۔

سوال:نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی مکۂ پاک سے مدینۂ منورہ ہجرت فرمانے کی کیا وجہ تھی ؟

جواب: صحابۂ کرام علیہم الرضوان نے مکہ پاک سے حبشہ 2مرتبہ ہجرت فرمائی تھی ۔کفارِ مکہ مسلمانوں پر ظلم وستم کے پہاڑتوڑنے لگے تھے جبکہ مدینہ شریف والے ایمان لے آئے تھے ،یہاں مکہ شریف جیساماحول نہیں تھا ،اس لیے یہاں کے مسلمانوں نے مدینہ شریف آنے کی دعوت دی ،نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے صحابہ ٔکرام کو وہاں ہجرت کرنے کی اجازت دے دی اورپھر خود بھی مدینہ ٔمنورہ ہجرت فرمائی ۔

سوال : چوری وغیرہ کے معاملات بڑھنے کی وجہ سے باہر نکلتے ہوئے ڈرلگتاہوتو کوئی وظیفہ ارشادفرمادیں ۔

جواب : گھرسے نکلنے کی دعا بِسْمِ اللَّهِ تَوَكَّلْتُ عَلَى اللَّهِ، لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ اِلَّا بِاللَّهِ،اول وآخر درودشریف کے ساتھ پڑھ لیا کریں۔ اسی طرح اپنی تمام چیزوں پریَاجَلِیْلُ10مرتبہ پڑھ کر دم کرلیاکریں۔حفاظت کے ظاہری اسباب بھی اختیارکرنے چاہئیں ،مثلاً قیمتی چیزیں اورزیادہ رقم لےکرباہر نہ نکلیں ،ایسے علاقے /گلیاں جو ویران ہوں وہاں اکیلے نہ جائیں ،رات میں جب چہل پہل بند ہوجائے اس وقت گھر سے باہر نہ نکلیں ۔

سوال: نیک اعمال رسالے پر عمل کرکے اپنے اعمال کا جائزہ لینے کا کیا فائدہ ہے ؟

جواب: نیک اعمال کا رسالہ حاصل کریں ،اس کا مطالعہ کریں ،روزا نہ اس کے مطابق اپنے اعمال کا جائزہ لیں ،اس کی برکت سے نیک بنیں گے ،نیک اعمال میں اضافہ ہوگا،گناہوں سے بچنے کی صورتیں بنیں گی ۔ہر ایک کو چاہیئے کہ اپنے اعمال کا روزانہ جائزہ لے۔

سوال: کیا را ت کو ناخن کاٹ سکتے ہیں ؟

جواب:جی ہاں !

سوال:دعوتِ اسلامی میں ذمہ داری کے لیے کیا”عطاری“(یعنی امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانامحمد الیاس قادِری کا مُرید/طالب ) ہونا ضروری ہے ؟

جواب:نہیں ! اہل ہونا ضروری ہے ،اہل ہے تو نقشبندی ،چشتی ،سہروردی ،قادری ،عطاری جو بھی ہواُسے ذمہ داری دی جاتی ہے۔

سوال : عالمِ دِین کی تعظیم کے کیا فوائد ہیں ؟

جواب : اسلام میں عالمِ دِین کا بڑادرجہ ہے ۔عالمِ دین کو تو تعظیم کی نیت سے دیکھنا بھی عبادت ہے ۔

سوال: حسدکا کیا معنی ٰ ہے ؟

جواب: کسی کی نعمت کے بارے میں یہ چاہنا کہ اُس سے یہ نعمت چھن جائے ۔یہ حسدہے ،ایساشخص گو یا اللہ پاک کی تقسیم پر راضی نہیں۔بندے چاہیئے کہ اللہ پاک نے جن حالات میں رکھا ہے بندہ اس پر راضی رہے ۔شہرت کی چاہت بھی حسد پیدا کرتی ہے ،اس سےبچنے کی کوشش کی جائے۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ”ارشاداتِ حضرت سری سقطی “ پڑھنے یاسُننے والوں کوامیرِاہلِ سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یاربَّ المصطفیٰ! جو کوئی 15صفحات کا رِسالہ’’ارشاداتِ حضرت سری سقطی ‘‘پڑھ یاسُن لے ،اُسے بُرےخاتمے سے بچااوراس کی،اس کے ماں باپ کی اورسارے خاندان کی بے حساب مغفرت فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیِّین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔