دینِ اسلام کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے زندگی گزارنے اور ضروریاتِ دین  سے لوگوں کو آگاہ کرنے والی عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت 21 ربیع الاول 1445ھ بمطابق 07 اکتوبر 2023ء بروز ہفتہ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا۔

مدنی مذاکرے کا آغاز معمول کے مطابق تلاوتِ قراٰن اور نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ و سلم سے کیا گیاجبکہ عاشقانِ رسول کی جانب سے مختلف سوالات کا بھی سلسلہ ہوا۔

اس دوران عاشقِ رسول و بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری رضوی ضیائی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہنے عاشقانِ رسول کے سوالات کے جوابات دیئے اور انہیں خوشگوار مدنی پھولوں سے نوازا جن میں سے بعض درج ذیل ہیں:

سوال: ملنساری اورخوش اخلاقی کی کیا اہمیّت ہے ؟

جواب: واقعی ملنساری اورخوش اخلاقی بہت بڑی چیز ہے ،اس سے لوگ جلدمانوس ہوجاتے ہیں ،ان کی دل جوئی ہوتی ہے،لوگ قریب آتے ہیں ،ملنسار بننا چاہیئے ،سلام کو عام کرنا چاہیئے اورمسکرا کر ملاقات کرنی چاہیئے ۔

سوال:محبت کی چابی(Key) کیا ہے ؟

جواب:ملاقات کے وقت سلام کرنا محبت کی چابی ہے ۔کسی ناراض سے مسکراکر سلام کریں گےتو ناراضی دورہوجائے گی یا بہتراثرات ضرورمرتب ہوں گے۔سلام میں سلامتی کی دعاہے، یہ کتنی پیاری اورجامع دعا ہے۔سلام کو عام کرنا چاہیئے۔ اگرگھرمیں بھی سلام سلام ہوتا رہے گا تو گھرامن کا گہورا بن جائے گا،سلامتی گھرمیں ڈیرے ڈال لے گی ،بےبرکتی دورہوجائے گی،جھگڑے دورہوجائیں گے ۔سلام بہت قدیم ہے ،حضرت آدَم علیہ السلام سے چلاآرہا ہے ۔

سوال :حضورسراپا نورصلی اللہ علیہ والہ وسلم کے والدمحترم اور دادا جان کا نام کیا تھا؟

جواب :داداجان کانام حضرت عبدالمطلب رضی اللہ عنہ اوروالدِگرامی کا نام حضرت عبد اللہ رضی اللہ عنہ تھا ۔

سوال: کیا قرآن کریم دیکھ کر پڑھنا بہترہےیا زبانی ؟

جواب:قرآنِ کریم دیکھ کر پڑھنا افضل ہے، اس میں دیکھنابھی عبادت،چُھونا بھی عبادت ہے۔

سوال:نبیِ پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سیرت پڑھنے کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب:نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سیرت کی جتنی معلومات بڑھتی ہیں تو عشقِ نبی میں اضافہ ہوتاہے اورعشقِ نبی میں اضافہ ہی ہونا چاہیئے ۔مکتبۃ المدینہ نے سیرتِ مصطفی(صلی اللہ علیہ والہ وسلم) پر کتابیں شائع کی ہیں،ایک کتاب”آخری نبی کی پیاری سیرت“شائع ہوئی ہے، یہ کتاب ضرور پڑھیں ۔

سوال:کیا دینی کتاب خرید کرپڑھنی چاہیئے؟

جواب:دِینی کتابیں خریدکر پڑھیں ،اس سے زیادہ برکتیں ملیں گی۔ تحفے میں ملے تو اس جیسی کتاب خرید کر کسی کو تحفہ دے دیں۔

سوال :مفتی وقارالدین قادری رحمۃ اللہ علیہ سے آپ نے کتناعلم حاصل کیا ؟

جواب:مجھے مفتی وقارالدین قادری رحمۃ اللہ علیہ کی صحبت حاصل رہی ،ان کی خدمت میں آنا جانارہتاتھا،مَیں نے اِن سے وہ مسائل سیکھے جو عام طور پرکتابوں کے مطالعے سے حاصل نہیں ہوتے ،میں ان سے بہت مسائل پوچھتاتھا ،مجھے مسائل سیکھنے کی حرص تھی ،مفتی صاحب خود فرماتے ہیں کہ میں ان کے پاس تقریباً 22سال جاتارہا ہوں ۔

سوال: ٹینشن(Tension) دورہونے کا کوئی وظیفہ بتادیں ؟

جواب:اوّل وآخر دُرودشریف پڑھ کر’’یَابَاعِثُ یَانُوْرُ‘‘روزانہ 11 بار سوتے وقت دل پرسیدھا ہاتھ رکھ کر پڑھیں ،9فائدے حاصل ہوں گے جن میں سے ایک فائدہ ٹینشن دورہونا بھی ہے۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ ”امیر اہلسنّت سے سائنس کے بارے میں 10 سوال جواب“ پڑھنے یاسُننے والوں کوجانشینِ امیراہل سنت نے کیا دُعا دی ؟

جواب:یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 15 صفحات کا رسالہ”امیر اہل سنت سے سائنس کے بارے میں 10 سوال جواب“ پڑھ یا سُن لے اُسے خلافِ شرع کاموں سے بچا اور اس کی والدین سمیت بے حساب مغفرت فرما ۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبییْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم۔