23
صفر المظفر 1445ھ بمطابق 9ستمبر2023ء بروز
ہفتہ عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ
کراچی میں مدنی مذاکرہ منعقد ہوا جس میں شہرِ کراچی کے مختلف علاقوں سے عاشقانِ
رسول نےفیضانِ مدینہ کراچی آکر جبکہ دیگر شہروں اور ملکوں سے کثیر اسلامی بھائی
بذریعہ مدنی چینل شریک ہوئے۔
اس
مدنی مذاکرے میں عاشقانِ رسول کی جانب سے مختلف موضوعات پر سوالات کئے گئے جس کے
امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری رضوی دامت
بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے علم و حکمت سے بھرپور جوابات ارشاد فرمائے۔
مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:
سوال: اعلیٰ حضرت
امام احمدرضا خان رحمۃ اللہ علیہ کے
عرس کے موقع پرگھرمیں کس اندازسے محفل کا
اہتمام کیا جائے ؟
جواب: دوست احباب کو بلائیں،گھرمیں قرآن
خوانی کریں ،سورۂ یٰسین شریف پڑھ لیں ،نعت خوانی کریں ،کچھ پکایاہوتوفاتحہ پڑھ کر
مہمانوں کوکھانا کھلادیا جائے ۔
سوال:صفرالمظفرمیں
صدقہ وخیرات اس لیے کرنا
کہ صفرمیں بلائیں اُترتی ہیں ،ایساکرنا کیسا؟
جواب:صدقہ وخیرات کرنا تو اچھی بات ہے مگرصفرالمظفرکو منحوس سمجھنا غلط ہے ۔اللہ پاک کے آخری نبی،محمدِ عربی صلی اللہ علیہ والہ وسلم فرماتے ہیں :لَا عَدْوَى وَلَا صَفَرَ یعنی نہ مرض کا اڑکر لگنا ہے،
نہ صفر کوئی چیز ہے۔ (بخاری،ج4،ص26،حدیث:5717) زمانۂ جاہلیت سے لوگوں میں یہ
وہم عام تھا کہ صفر کے مہینے میں بلائیں اُترتی ہیں،صفر بلاؤں والا مہینا ہے
تونبی ِکریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے لَا صَفَرَ (صفرکوئی
چیزنہیں)فرماکر ان وہمی باتوں کا رد فرما
دیا۔ ( عمدۃ القاری،ج14،ص693 ) مراٰۃ المناجیح میں ہے کہ بعض لوگ صفر کے آخری چہار شنبہ(یعنی بدھ) کو خوشیاں مناتے ہیں کہ منحوس شہر(یعنی صفرکا مہینا) چل دیا ،یہ باطل ہے۔(مراٰۃ المناجیح ،ج6،ص257)
سوال: آپ فتاویٰ
رضویہ کامطالعہ کس طرح کرتے تھے
اورہمیں کس طرح اس کو پڑھنا چاہئے؟
جواب:
دعوتِ اسلامی سے بہت پہلے مجھے فتاویٰ رضویہ سے
تعارف ، دلچسپی اورتعلق رہا ہے ۔اس وقت فتاویٰ رضویہ تخریج شدہ ،عربی وفارسی عبارتوں کا ترجمہ نہیں
تھا ،اس کی 11جِلدیں تھیں ،سمجھنے میں دُشواری ہوتی تھی اب اس کی تخریج ہوچکی ہے
،عربی وفارسی عبارتوں کے ترجمے ہوچکےہیں ۔ اپنی دلچسپی کے مطابق اس کا مطالعہ کریں
جیسے جلد نمبر20سے 26 میں ضروریاتِ زندگی سے متعلق مختلف سوال جواب ہیں، پہلےیہ پڑھ لیں ۔البتہ علماءِ اہلسنّت سے رابطے میں
رہیں ،جو بات سمجھ نہ آئے ان سے سمجھ لیں۔
سوال: امام محمد بن محمد غزالی رحمۃ اللہ علیہ کے رسالے اَیُّھَاالْوَلَدْ(ترجمہ بنام:بیٹے کو نصیحت)کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟
جواب: ’’بیٹے
کونصیحت‘‘ کے نام سے یہ بہت پیارارسالہ مکتبۃ المدینہ سے شائع
ہواہے،یہ رسالہ پڑھنے سے بہت ساری معلومات حاصل ہوں گی۔
سوال: امام
احمدرضا خان رحمۃ اللہ علیہ کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟
جواب:امام احمد رضاخان رحمۃ اللہ علیہ ہیں تو ہم ہیں،میری تَو شہرت
تعلیماتِ رضا( جوکہ قرآن وحدیث کی تعلیمات ہیں
)کو عام کرنے
کی وجہ سے ہے۔
سوال:آپ ماہِ ر بیع الاو ل میں تمام
عاشقانِ رسول (بالخصوص دعوتِ اسلامی والوں )کو کتنا درود
شریف پڑھنے کا ہدف ارشاد فرماتے ہیں؟
جواب :ربیع الاول کے پورے مہینے میں 12ارب دُرود شریف پڑھنے کا ہدف ہے، کوشش کریں کہ روزانہ
کم ازکم1200مرتبہ دُرود شریف پڑھ لیں۔
سوال: ماہِ ربیع الاول شریف میں نفل روزے رکھنے اور درودوسلام پڑھنے
والوں کوامیراہل سنت دامت
برکاتہم العالیہ نے کیا دعا دی؟
جواب: یاربِّ
کریم !جو کوئی ماہِ ربیع الاول شریف میں 12 ،7یا 3 روزے رکھے یا
روزانہ 1200
مرتبہ درودشریف پڑھے یا دونوں کام کرے، ان
کو دونوں جہاں کی بھلائیوں سے مالامال فرما اورجس آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پردُرود و سلام پڑھتے ہیں،اُن کا خواب میں جلوہ دِکھا۔ مرتے وقت بھی ان کی زیارت نصیب
فرمایا ۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلّم
سوال: اِس ہفتے کارِسالہ”فیضانِ
دعوتِ اسلامی“ پڑھنے یاسُننے والوں کوجانشینِ
امیراہل سنت نے کیا دُعا دی؟
جواب: یااللہ کریم!جو کوئی تقریباً 40 صفحات پر مشتمل
ماہنامہ فیضانِ مدینہ کا خصوصی شمارہ ”فیضانِ دعوتِ اسلامی“ کے کم ازکم 14 صفحات پڑھ یا سُن لے اسے ایمان و عافیت کے ساتھ میٹھے مدینے
میں موت نصیب فرما، جنت البقیع مقدر فرما اور جنت الفردوس میں جگہ عطا فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم