رمضان کی مبارک سعاتوں کے دوران عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں 7 اپریل 2022ء کو مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں معتکفین اور دیگر عاشقان رسول نے شرکت کی۔

امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نےعاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔

بعد نماز عصر ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: کیا گھرمیں لیموں رکھنے سے جناّت گھرمیں نہیں آتے؟کیا ایسا ہی ہے؟

جواب :جناّت لیموں سےڈرتے ہوں گے جس طرح بچے مختلف چیزوں سے ڈرتے ہیں۔

سوال: کیا رمضان شریف میں نیکی کی دعوت زیادہ پُراثر ہوتی ہے ؟

جواب:جی ہاں ! رمضان شریف میں دل نرم ہوجاتاہے ،نیکیوں کا جذبہ بڑھ جاتاہے ،اس میں نیکی کی ترغیب دلائی جائے توزیادہ اثرکرتی ہے ۔

سوال: اللہ پاک کے آخری نبی،حضور مکی مدنی صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے پہلاجمعہ کب ادافرمایا ؟

جواب:نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے جب مکہ شریف سے مدینہ شریف ہجرت فرمائی تو 12ربیع الاول بروزپیرمقامِ قبامیں پہنچے اورجمعرات تک وہاں قیام فرمایا اور مسجدبنائی ،جمعہ کو مدینہ شریف روانہ ہوئے تو بنی سالم ابنِ عوف کے بطن ِ وادی میں جمعہ کا وقت آیا ، اس جگہ کو لوگوں نے مسجدبنایا ،آپ نے وہاں جمعہ ادافرمایا۔ (نمازکے احکام،399)

بعد نماز تراویح ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: آپ نے پانی پینے کا مشورہ دیا تو ماہِ رمضان میں اسے کیسے روٹین میں شامل کریں ؟

جواب :پانی پینے کا وقت مقررکرلیں ،ماہِ رمضان میں رات کو13/14 گلاس پانی پینا مشکل ضرورہے مگرممکن ہے ،پیشاب لگے گامگریہ پیٹ، گُردے ،مثانے اورنالیوں کی صفائی کرے گا ،پودے کو پانی نہیں ملے گا تو وہ مُرجھاجائے گا، بدن بھی پودے کی طرح ہے ۔

سوال : کوئی چیز گم ہوجائے توکیا پڑھا جائے ؟

جواب: ’’ لَا ۤاِلٰہَ اِلَّا اللہُ‘‘ایک ہزارآٹھ(1008) بارپڑھئے ،اللہ پاک نے چاہا تو گمی ہوئی چیز اورگمشدہ آدمی مل جائے گا۔

سوال: خوشی کے موقع پرکیا کرنا چاہئے ؟

جواب:خوشی کے موقع پر صدقہ وخیرات کرنا چاہئے ،اپنے اہلِ خانہ پر بھی فراخی کی جائے ۔

سوال:ہمیں روزانہ کتنی تلاوت کرنی چاہئے؟

جواب:شجرہ قادریہ رضویہ عطاریہ میں روزانہ1 پارہ پڑھنے کا لکھا ہے ،ہرماہ ایک قرآنِ کریم ختم کیجئے۔

سوال : مرکزی مجلس شوریٰ کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب: میں مرکزی مجلس شوریٰ کے ساتھ ساتھ ہوں ،مرکزی مجلس شوریٰ دن رات دعوتِ اسلامی کے لیے دنیا میں چاروں طرف کام کررہی ہے، اس کو مان ملنا چاہئے ۔

سوال: کیاپو را ماہِ رمضان اعتکاف کرنے والوں کا 1 ماہ کا مدنی قافلہ اور آخری عشرے کا اعتکاف کرنے والوں کا12 دن کا مدنی قافلہ شمارہوگا؟

جواب:جی ہاں!

سوال: سفیدکپڑےپہننے کی کیا فضیلت ہے ؟

جواب : سرکارِدوعالم،نورِ مجسم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا مبارک لباس اکثرسفیدکپڑےکا ہوتا۔(کشف الالتباس ،36)

فرمانِ مصطفےٰ (صلی اللہ علیہ والہ وسلم):سب میں اچھے وہ کپڑےجنہیں پہن کرتم خداکی زیارت قبروں اورمسجدوں میں کرو، سفیدہیں۔ (ابن ماجہ،4/146،رقم3568) یعنی سفیدکپڑوں میں نمازپڑھنااورمُردے کفنانا اچھا ہے۔ (بہارِ شریعت ،3/403بحوالہ 550سنتیں ،صفحہ52،95)

سوال: شیخین سے کون سے صحابۂ کرام مرادہیں؟

جواب: اسلام کے پہلے خلیفہ حضرت ابوبکرصدیق اوراِسلا م کے دُوسرے خلیفہ حضرت عمرفاروقِ اعظم رضی اللہ عنہما

سوال:دِینی علم کے لیے کون سی کتابیں پڑھی جائیں؟

جواب: مکتبۃ المدینہ نے بہت سے کتابیں شائع کی ہیں، جنہیں دعوتِ اسلامی کے شعبے" المدینۃ العلمیہ"(Islamic Research Center) نے تیارکیاہے ،وہ خریدلیں ،قرآن پاک کی تفسیرپڑھنی ہے تو صراط الجنان کا مطالعہ کریں ۔

سوال: برستی بارش میں دعاقبول ہوتی ہے توکیا بارش میں بھیگ(گیلے ہو) کر دعاکریں یا ویسے بھی دعاکی جائے توقبول ہوگی ؟

جواب:بھیگ کر دعاکرنا ضروری نہیں۔

سوال : کیا مردبھی گھرکے کام کیا کریں نیزعورتیں گھر کا کام کریں، اس کے فوائد بھی ارشاد فرما دیں ؟

جواب: جی ہاں !سرکارصلی اللہ علیہ والہ وسلم گھرکے کام خود کردیا کرتے تھے ،سوداسلف لے آتے ،جوتاگانٹھ لیتے تھے وغیرہ، جو عورتیں گھرکا کام کریں گی ،ان کی صحت بھی اچھی رہے گی،صفائی ستھرائی بھی اچھی ہوگی ،روزی میں برکت ہوگی ،اخراجات میں بچت ہوگی، ماسیوں(گھر میں کام کرنے والیوں) کی وجہ سے جو چوری چکاری کے خطرے ہیں وہ بھی ختم ہوجائیں گے ۔

سوال: باریک بینی سے مطالعہ کرنے سے کیا مراد ہے اوراس کے کیا فوائدہیں ؟

جواب: باریک بینی یعنی گہرائی ،توجہ ،غوروتفکرکرکے مطالعہ کرنامرادہے ،دینی کتابیں جلدی جلدی پڑھنے کے بجائے باریک بینی سے پڑھی جائیں تاکہ سمجھ بھی آئیں ۔

سوال: جناّت کہاں نمازپڑھتے ہیں؟

جواب :مسلمان جنّات گھاس اورصحرامیں نمازپڑھتے ہیں ،اس لیے گھاس پر پیشاب وغیرہ کرنے سے بچناچاہئے ۔