رمضان المبارک 1443ھ کے آمد ہوتے ہی دعوت اسلامی کے زیر اہتمام روزانہ بعد نماز عصر اور بعد نماز تراویح مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں معتکفین اور دیگر عاشقان رسول فیضان مدینہ کراچی میں جبکہ لاتعداد عاشقان رسول بذریعہ مدنی چینل شرکت کررہے ہیں۔اسی سلسلے میں 3 اپریل 2022ء کو مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے نماز، روزے کے ساتھ ساتھ دیگر شرعی مسائل کے حوالے سے شرکا کی رہنمائی فرمائی۔

بعد نماز عصر ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: عموماً مساجد میں افطارسے کچھ دیر قبل افطاری بھیجی جاتی ہے ،پہلے بتایا نہیں جاتا نیزافطاری میں کیابھیجاجائے ؟

جواب :افطاری بھیجنا کارِ ثواب ہے،اگراللہ پاک کی رضا کے لیےبھیجیں گے تو ثواب ملے گا۔ پہلے بتادینا بہترہے اورافطاری میں کیا بھیجیں گے یہ بھی بتادیں تو اچھا ہے۔افطاری میں وہ چیزیں بھیجیں جو انہیں پسندہوں ،نیزشرعی تقاضے پورے کرتےہوئے عرف وعادت کا بھی خیال رکھا جائے ۔

سوال: افطارپارٹی میں کیا احتیاطیں کی جائیں ؟

جواب: افطارپارٹی یا کوئی بھی تقریب ہو، جب نمازکی جماعت کا وقت ہوجائے تو میزبان اورمہمان دونوں جماعت سے نمازپڑھنے مسجدمیں جائیں ، بے پردگی بھی نہ ہونے پائے ،یادرکھئے !پردہ فرض ہے ،بے پردگی کی کوئی راہ نہ نکالی جائے ،عورتوں اورمردوں کے بیٹھنے کا جداجدااہتمام کریں ۔

سوال: حقیقی ہوشیارکون ہے ؟

جواب:حقیقی ہوشیاروہ ہے جو اپنے ایمان کی حفاظت کرنے کی کوشش کرتا ہے ،جو سچوں اور صالحین کا دامن پکڑکررکھتاہے، ان شاء اللہ الکریم اس کا ایمان محفوظ رہے گا ،اس کے ساتھ ساتھ اللہ پاک کی خفیہ تدبیرسے ڈرتے رہناچاہیئے ۔

بعد نماز تراویح ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: کس نبی علیہ السلام نے سب سے پہلے کپڑے سلائی کیے ؟

جواب: حضرتِ سیّدنا اِدرِیس علیہِ السَّلام نے ۔آپ کپڑا سینے کا کام کرتے تھےاورجو کماتےتھے اس میں سے بقدرِ ضَرورت رکھ کر بقیہ راہ خدا میں صَدَقہ کردیتےتھے۔(الحث  علی التجارۃ والصناعۃ، ص113 )

سوال : کیاحدیث پاک میں کپڑے سینے کے کام کی کوئی تعریف بھی آئی ہے ؟

جواب: جی ہاں ،فرمانِ مصطفےٰ صلَّی اللہُ علیہِ واٰلہٖ وسلَّم: نیک مَردوں کا کام کپڑے سینا اور نیک عورَتوں کا کام سُوت کاتنا (یعنی چرخے پر رُوئی سے دھاگا بنانا)ہے۔ (تاریخ ابن عساکر،ج36ص199) سرکارِمدینہ صلَّی اللہُ علیہِ واٰلہٖ وسلَّم گھر کے کام کرلیا کرتے تھے اور ان میں سینے کا  کام زیادہ ہوتا۔(طبقات ابن سعد،ج1ص275)

سوال: جودرزی خیانت کرے تو اس کے لیے کیا وعید ہے ؟

جواب: فرمانِ مصطفےٰ صلَّی اللہُ علیہِ واٰلہٖ وسلَّم: ”اللہ پاک قیامت کے دن خیانت کرنے والے درزی کو اس حال میں اٹھائے گا کہ اس پر وہ قمیص اور چادر ہوگی جس کے سینے میں اُس نے خیانت کی ہوگی“۔ (فردوس الاخبار،ج5ص479، حدیث: 8820)

سوال: سیدوں کے خلاف بات کرنے والوں کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟

جواب: ہمیں نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شفاعت چاہئے، اس کےبغیرگزارانہیں، شفاعت بھی چاہئے اور ان کی اولاد کے خلاف بات بھی کرتے ہیں؟ہونا تو یہ چاہئے کہ زبان کٹ جائے مگرسیدوں کے خلاف کوئی بات زبان سے نہ نکلے۔

سوال: وراثت کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟

جواب:رقم جمع کرنے کامیرا ذاتی ذہن نہیں ہے ،میری بہن کی وراثت سے مجھے جو کچھ ملا تھا وہ میں نے بانٹ دیا ہے ،میرامشورہ ہے کہ ہرایک وصیت کرے کہ میری وراثت کا ایک تہائی(One Third)یعنی 33%فلاں دینی کام ،دعوت ِاسلامی کو پیش کر دیا جائے یا فلاں مدرسے میں خرچ کیا جائے ۔یہ بھی مشورہ ہے کہ اپنی زندگی میں دارالافتاء اہلِ سنت سے شرعی رہنمائی لے کر اپنے پاس جو ہے اسے اولادمیں تقسیم کردے ،یہ اولاد کے ساتھ بھلائی ہے کہ اس کے مرنے کے بعد وہ آپس میں لڑائی جھگڑے سے بچ جائیں گے ۔

سوال: بچوں کو کون کون سے فائدہ مندکام کرنے چاہئیں ؟

جواب: بچے اپنے ماں باپ کا احترام کریں ،ان کےہاتھ پاؤں چُومیں،والدین راضی ہوں گے تو دعائیں ملیں گی اورترقی حاصل ہوگی ،ماں باپ اوربڑے بہن بھائیوں کے سامنے آوازبلند نہ کریں ،چھوٹے بہن بھائیوں پر شفقت کریں ،جوسبق ملے اسے یاد کریں ۔