30 اگست 2025ء بمطابق06 ربیع الاوّل شریف 1447ھ کو بعد نمازِ عشا دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کرچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں براہِ راست اور بذریعہ مدنی چینل عاشقانِ رسول کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تلاوت و نعت سے شروع ہونے والے اس مدنی مذاکرے میں شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے حاضرین و ناظرین کی جانب سے ہونے والے مختلف سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے میں ہونے والے بعض سوال و جواب

سوال: کیا یہ بات درست ہے کہ دنیاوی معاملات میں اختلاف جتنا بھی ہوجائے تو دوحدیں پارنہ کریں (1):کسی کے رزق پروارنہ کریں (2):کسی کی عزت کو نشانہ نہ بنائیں ؟

جواب: یہ بات درست ہے ،ان دوچیزوں پروارنہ کریں اوربھی بہت کچھ ہے جن پر وارنہیں کرنا چاہئے ،اختلاف ہو یا موافقت، کسی مسلمان کی عزت پرحملہ کرنے کی اجازت نہیں ۔رزق پر حملہ کرنا مثلاً دونوں دوکاندارہیں۔ ایک دوسرے کے گاہک نہ توڑیں،کسی کی بے عزتی کرنا یا کسی کی روزی کے لیے رکاوٹ پیداکرنا دونوں بُری حرکتیں ہیں ،ان سے ہرایک کوبچنا ہے ۔

سوال: عموماً سوشل میڈیا کا استعمال غلط اندازسے بھی ہورہا ہوتاہے ،اس بارے میں آپ کیافرماتے ہیں ؟

جواب: عموماً اس کا درست استعمال بہت کم ہے ،کسی کو اجاڑنا ہوتو اسے سوشل میڈیا کا عادی بنادیا جائے ۔بندہ اس کے استعمال میں اس طرح گم ہوجاتاہے کہ دِین اور دنیا دونوں کے کام کانہیں رہتا ،یہ بھی نشے کی طرح ہے ،بندہ آگے ہی آگے بڑھتاچلاجاتاہے کہ بعض اوقات کھانے پینے کا ہوش بھی نہیں رہتا۔ اس کے ذریعے لوگ گناہوں میں پڑجاتے ہیں ۔

سوال: نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے درازگوش (گدھے)اور اُونٹنی کا نام کیا ہے؟

جواب : دراز گوش کا نام یعفوراوراُونٹنی کا نام قصویٰ تھا ،دونوں کو نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے عشق تھا ۔

سوال: 5ربیع الاول شریف کن کا یوم شہادت ویوم عرس ہے ؟

جواب: 5ربیع الاول نواسۂ رسول، حضرت امام حسن مجتبیٰ رضی اللہ عنہ کایوم شہادت ہے، یہ نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے نواسے ،حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے بڑے بھائی ،جنتیوں کے سردار،سخی الاسخیا(یعنی سخیوں کے بھی سردار)مسلمانوں کی دوبڑی جماعتوں میں صلح کروانے والے اوربڑی شان والے ہیں ۔

سوال: مریضوں کے لیے خون کا عطیہ دینے کا کیا فائدہ ہوتاہے ؟

جواب: دعوت اسلامی کے شعبے FGRF کے تحت مریضوں کے لیے Blood کیمپ لگائے جاتے ہیں ،جس کو کوئی بیماری یا پرابلم نہ ہوتو تو پیارے آقاصلی اللہ علیہ والہ وسلم کی دُکھیاری اُمّت کے لیے ضرور خون کا عطیہ دیں ۔مردہر 3مہینے کے بعد خون دے سکتاہے ۔خون دینا دل کے لیے بھی مفیدہے ،آپ خون دیں گے تو بدن میں اورخون بنناشروع ہوجائے گا۔بلڈ پریشربھی کنٹرول رہتاہے اوراس سے ہارٹ اٹیک (Heart Attack)کا خطرہ کم ہوجاتا ہے ۔

سوال:آپ نےپہلابیان کہاں اورکب کیا ؟

جواب:مَیں نےدعوتِ اسلامی کے شروع ہونے سے بہت پہلے اپنی زندگی کا پہلابیان مبارک مسجد،اولڈ سٹی کراچی میں کیا ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ”محبتِ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پڑھنے یاسُننے والوں کوامیراہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یاربِّ کریم! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ ”محبتِ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّمپڑھ یا سُن لے، اُسے حقیقی مُحبَّتِ رسول نصیب فرما اور اُسے ماں باپ اور خاندان سمیت بے حساب بخش دے۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم