اپنی اصلاح کرنے اور شریعتِ مطہرہ کی تعلیمات سے آگاہی حاصل کرنے کا ایک بہترین ذریعہ علمِ دین کی مجلس میں بیٹھنا ہے جہاں لوگوں کی دینی و اخلاقی تربیت کی جاتی ہے۔

اسی سلسلے میں 25 اکتوبر 2025ء بمطابق 02 جمادی الاولیٰ 1447ھ کو بعد نمازِ عشا دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں براہِ راست اور بذریعہ مدنی چینل عاشقانِ رسول کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تلاوت و نعت سے شروع ہونے والے اس ہفتہ وار مدنی مذاکرے میں شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے حاضرین و ناظرین کی جانب سے ہونے والے مختلف سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول

سوال:سوشل میڈیا میں یہ آیا تھا کہ بہترین زندگی جینے کے لیے اس حقیقت کو تسلیم کرنا پڑتاہے کہ سب کو سب کچھ نہیں مل سکتا۔آپ اس کے بارے میں کیا ارشادفرماتے ہیں ؟

جواب: ماشاء اللہ !بڑی معقول بات ہے ۔ہرچیز کی حرص کی جائے کہ یہ بھی مل جائے وہ بھی مل جائے ،تویہ نہیں ہوسکتاکیونکہ ہرچیز ہرایک کومل جائے ناممکن ہے۔ اس لیے اللہ پاک نے جتنا دیا ہے بندہ اسی پر قناعت کرے۔اسی کوکافی سمجھے،شکرگزار رہے تو پُرسکون زندگی گزارے گا۔ورنہ ٹینشن فل رہے گا اوراس کا ٹینشن کبھی بھی ختم نہیں ہوگا۔

سوال: بعض لوگ نیاکاروبارشروع کرتے ہیں تو اس میں نقصان کی وجہ سے پہلے سال میں ہی وہ کاروباربندکردیتے ہیں،اس کا کیا حل ہے، مزیدکاروبارمیں ترقی کے لیے کیا کرنا چاہئے؟

جواب: بندہ اللہ پاک پرتوکل کرے اوریہ یقین رکھے کہ جو میرے مقدرمیں ہے وہ مل کررہے گااورجتنا مقدرمیں ہے اتنا ہی ملے گا،نہ اس سے زیادہ ملے گااورنہ ہی کم ملے گا۔بندے کو معلوم نہیں کہ میرے مقدرمیں کتنا ہے اس لیے وہ ہاتھ پاؤں مارتاہے اور اس حرج بھی نہیں ۔ دنیاوی طورپر کاروبارمیں کامیابی نہ ہونے کی بھی کئی وجوہات ہیں مثلا کئی دوکاندارغصے والے ہوتے ہیں یاگاہکوں کی جانب کم توجہ کرتے ہیں یا ان کا رویہ ان کے ساتھ اچھا نہیں ہوتا،اسی طرح ایک ہی گاہک سے ساراکمالینا چاہتے ہیں ،اس لیے ناکام ہوجاتےہیں۔ اگرگاہکوں سے حسن اخلاق سے پیش آئیں گے ،کتنا ہی کم نفع ہوکسی گاہک کوجانے نہیں دیں گے توکاروبارمیں برکت ہوگی ۔کچھ لوگ جلدبازہوتے ہیں وہ چاہتے ہیں کہ راتوں رات امیرہوجائیں تو ایساہوتانہیں، کاروبارمیں استقامت کی حاجت ہے، کاروباربندکرنے کے بجائے غورکرتارہے کہ کس طرح یہ اچھا ہوسکتاہے ۔عموما ًکاروبارآہستہ آہستہ جمتاہے۔سچی بات یہ ہے کہ یہ سب مقدرسے ہی ہوگا۔

سوال: کسی نے دوسرے سے ادھارلیا ،ادھارلیتے وقت دینے کی نیت تھی مگراپنی محتاجی کی وجہ واپس نہیں کرپا رہا تو کیا وہ قرض دینے والے سے کہہ سکتاہے کہ مجھے معاف کردو؟

جواب : اگرواقعی ہی وہ محتاج ہے اس میں قرض واپس کرنے کی طاقت نہیں ہے تو وہ قرض دینے والے سے معاف کرنے کی درخواست کرسکتاہے ۔قرض دینے والے پر تنگدست کو مہلت دینے کا حکم ہے ،چاہے تو مہلت دے اورچاہے تو معاف کردے۔کربھلا،ہوبھلا۔ورنہ بندہ ٹینشن میں رہتاہے اورٹینشن کی وجہ سے بندے کا ہارٹ فیل ہوسکتاہے۔معاف کرنے کے لیے بھی جگرا چاہئے ۔مال کی محبت اس طرح چپکی ہوتی ہے کہ جان چھوڑتی ہی نہیں ۔بندے کوچاہئے کہ وہ آخرت پر نظرکرے کہ مَیں معاف کروں گا تو اللہ میرے گنا ہ معاف کرے گا۔عفو و دَرگُزرسے کام لینا مفیدہے قرآن وحدیث میں اس کی فضیلت وترغیب موجودہے ۔معاف کرناسنت مصطفیصلی اللہ علیہ والہ وسلم ہے۔

سوال: کیا آپ نے بھی کاروبارکیا ہے ؟

جواب: جی ہاں !مَیں بیوپاری ہوں ،کئی لوگوں نے میرامال کھا لیا ،ان پر میری رقمیں آتی تھیں، انہوں نے واپس نہیں کیں۔مَیں نے سب کو معاف کردیا ہے ۔اللہ کا کرم ہے مَیں آپ کے سامنے بیٹھا ہوں، کھاتاپیتاہوں ،میرے بال بچے ہیں ۔دونوالے بچ ہی جاتے ہیں۔کہاجاتاہے کہ رب بھوکا اٹھاتاہے بھوکا سلاتانہیں ہے۔ظاہر ہےمَیں لوگوں سے لڑائی جھگڑے اورماردھاڑ کرتاتو یہاں نہ بیٹھا ہوتا۔بُرا آدمی اپنی بُرائی کو کچھ عرصے کے لیے چھپا بھی لے تو ایک دن اس کی برائی ظاہر ہوہی جاتی ہے اوروہ بدنام ہوجاتاہے ۔اللہ کا کرم ہے کہ اس نے بھرم رکھا ہواہے ۔

سوال: ہمیں دنیا میں کس طرح رہنا چاہئے ؟

جواب: دنیا میں اس طرح رہیں کہ آخرت کا نقصان نہ ہو۔ہمیں دنیا میں رہتے ہوئے آخرت کی تیاری کرنی ہے ۔دنیا وہ بری ہے جس سے آخرت کو نقصان پہنچے ۔ بندہ دنیا کے کام گناہوں سے بچ کر کرتارہے گا تو آخرت کا نقصان نہیں ہوگا۔ نیک کام جو ہزاروں ہیں ،انہیں کرکے ہم اپنی آخرت بناسکتے ہیں ۔

سوال: نکاح مسجدمیں کرناچاہئے یا شادی ہال میں ؟

جواب:مسجدمیں نکاح مستحب ہے،اس لیے مسجدمیں نکاح کرنا شادی ہال میں نکاح سے بہترہے مگرمسجدکے آداب کا خیال رکھنا ضروری ہے ۔مسجدمیں شورکیا،چوپال لگایا، قہقے بلند کئے، دنیا کی باتیں اوربحثیں کیں، بہت چھوٹے بچوں کو لائے جو مسجدمیں بھاگتے اور شور کرتے رہے ۔ پھول کی پتیاں مسجدمیں گرائیں جس سے مسجدمیں داغ دھبے ہوئے ،یہ سب کام غلط کئے۔اگران ساری چیزوں سے بچ کر مسجدمیں نکاح کیا تو مستحب ہےورنہ نہیں ۔

سوال : کیاہرانارمیں جنت کا دانا بھی ہوتاہے ؟

جواب : جی ہاں اس طرح کی راویت ہے ۔صحت کے موافق ہوتو اَنارکھا ناچاہئے،انارکے اندر(دانوں کے درمیان)جوپردہ ہوتا ہے اُسے بھی کھا لینا چاہئے ۔یہ پیٹ کے لیے مفیدہے۔اللہ پاک مدینہ منورہ کا انارکھلائے۔علاج کے لیے کوئی چیز کھائیں تو اپنے طبیب سے مشورہ ضرورکرلیں ۔

سوال: نہر زُبیدہ کہاں ہے اوراسے کس نے بنوایا تھا ؟

جواب: نہرزُبیدہ مکہ مکرمہ میں ہے۔ اسے ہارون الرشیدہ کی بیوی ملکہ زُبیدہ نے تعمیرکروایاتھا ۔حاجیوں کو منٰی شریف میں پانی کی قلت کے مسائل رہتے تھے ، ملکہ زبیدہ نے اس تکلیف کو دورکرنے کے لیے خیرخواہی ِاُمّت کی نیت سے اس نہرکی تعمیرکروائی ۔مرنے کے بعد کسی نے اسے خواب میں دیکھ کر پوچھا کہ اللہ پاک نے تیرے ساتھ کیا معاملہ فرمایا ،جواب دیا کہ نہرزُبیدہ کے لیے جنہوں نے چندہ دیا ،اللہ پاک نے ان کواَجْردیا مجھے یہ نہر بنانے کی نیت پر بخش دیا ۔

سوال: بعض لوگ کوئی انہونی بات ہوجاتی ہے تو کہتے ہیں کہ معجزہ ہوگیا ،کیا یہ کہنا درست ہے ؟

جواب: یہ نہیں کہنا چاہئے معجزہ تو نبی سے بعدِ اعلانِ نبوت ہوتاہے ،اس کے بجائے یہ کہہ دیا جائے کہ کرشمہ ہوگیا ۔

سوال: علامہ ابن حجرمکی کو ابن حجرکیوں کہتے ہیں ؟

جواب: علامہ ابن حجرمکی رحمۃ اللہ علیہ بہت بڑے محدث یعنی حدیث پاک کا علم رکھنے والے تھے،ان کے آباء و اَجداد میں ایک بزرگ بہت کم بولتے تھے،اس وجہ سے انہیں حجریعنی پتھرکہا جاتا تھا ۔اُن کی وجہ سے علامہ ابن حجر کی یہ نسبت ہے ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” اچھی گفتگو کیجئے (قسط: 1) “ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیراہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: ياربَّ المصطفٰے ! جو کوئی 17 صفحات کارسالہ ” اچھی گفتگو کیجئے (قسط: 1)“ پڑھ یاسُن لے اُسے سنت کے مطابق بات چیت کرنا آجائے اور اُس کی ماں باپ سمیت بے حساب مغفرت ہو۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتَم ِالنَّبیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم