رمضان المبارک کی سعاتوں کو عبادتوں میں گزارنے کے لئے  عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں17 اپریل 2022ء کو مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں معتکفین اور دیگر عاشقان رسول نے شرکت کی۔

امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نےعاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔

بعد نماز عصر ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: اللہ پاک اوراُس کے پیارے رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی محبت میں رونا کیسا ؟

جواب : اللہ پاک کے خوف ،اُس کی محبت اورنبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے عشق میں رونا بہت سعادت کی بات ہے ۔

سوال: گناہوں سے کیسے بچیں؟

جواب:اپنے دل میں اللہ پاک کا خوف پیداکریں ، اللہ پاک سے گناہوں سے بچنے کی دعاکریں ،گناہوں سے بچنے کی بھرپور کوشش بھی کریں۔

سوال: اسمِ اعظم سے کیامرادہے؟

جواب: اسمِ اعظم،اللہ پاک کاو ہ نام جس کاوِردکرنے سے دعاقبول ہوتی ہے ،اسمِ اعظم سے مراد اللہ پاک کا کون سانام ہے ،اس میں کئی اقوال ہیں مثلاً لفظاللہ ، یَاحَیُّ یَا قَیُّومُ،یَا ذَالْجَلاَلِ وَالْاِکْرَام ،ان تینوں کو اسمِ اعظم کہا گیا ہے ۔

سوال : اسلام میں کتنے غوث ِاعظم ہیں اورسب سے پہلے غوث ِاعظم کون ہیں؟

جواب: نواسۂ رسول،جنّتی جوانوں کے سردار حضرت امام حسن مجتبیٰ رضی اللہ عنہ،صحابیِ رسول ، قطب الاکبراوراسلام کے پہلے غوثِ اعظم ہیں،دوسرے غوثِ اعظم پیرومرشد حضرت شیخ سیدعبدالقادرجیلانی حسنی رحمۃ اللہ علیہ اورتیسرے غوثِ اعظم امام مہدی رضی اللہ عنہ ہوں گے۔

بعد نماز تراویح ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: کیا علماء کی تعظیم کرنا ضروری ہے ؟

جواب :جی ہاں !علم دین کی وجہ سے علماءکی تعظیم کرنا فرض ہے ،علمِ دین کی وجہ سے علماء عوام سے ممتازہوتے ہیں ،علماء کی وجہ سے قرآن وحدیث کی باتیں عوام تک پہنچتی ہیں ،اگرعلماءکو معاشرے سے کم (Minus)کردیا جائےپھرتَو کچھ بھی نہیں بچے گا،نہ صرف دنیا بلکہ جنت میں بھی عوام کو عالم کی ضرورت پڑے گی،جب اللہ پاک جنّتیوں سے فرمائے گا کہ مانگوتو یہ علماء کے پاس جاکرپوچھیں گےکہ ہم اللہ پاک سے کیا مانگیں؟ تو علماء ان کی رہنمائی کریں گے۔

سوال: علمِ دین حاصل کرنے کا کیا فائدہ ہے ؟

جواب:علمِ دین انمول خزانہ ہے اس کی کوئی قیمت نہیں ،علماء دنیامیں بھی پُر سکون ہوتے ہیں ،غیرعالم کو مال کی طلب ہوتی ہے ، اسی وجہ سےوہ بے سکون ہوتا ہے ۔

سوال: صحت اورسکون غریبوں میں زیادہ ہے یا امیروں میں؟

جواب: صحت اورسکون عام طورپر غریبوں میں زیادہ ملے گا،بعض امیرلوگ ہاتھ پیرنہ چلانے(یعنی خود کام کاج نہ کرنے) کی وجہ سے جسمانی بیماریوں میں مبتلاہوجاتے ہیں اورغریب محنت مزدوری کرکے بیماریوں سے بچے رہتے ہیں ،کیونکہ ان کے بدن کی مکمل ورزش ہوتی رہتی ہے۔

سوال : ایک گھر میں کتنے بچے عالم ہونے چاہئیں ؟

جواب: سب بچوں کو عالم بنائیں ،اگرسب کو عالم نہ بناسکیں تو کم ازکم ایک ذہین بچے کو عالمِ دین ضرور بنائیں،عید کے بعد شوال المکرم میں دعوتِ اسلامی کے جامعۃ المدینہ میں داخلے کھلیں گے ،اس میں بچوں کو درسِ نظامی (عالم کورس کرنے کے لیے)داخل کروائیں ۔

سوال: حضورنبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو کون سی سبزی اورکون ساپھل پسندتھا ؟

جواب: کدّوشریف پسندتھا ،ایک درزی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو کھانے کی دعوت پیش کی ،حضرت انس رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے ساتھ میں بھی گیا، میں نے دیکھا کہ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم چُن چُن کر کدّو تناول فرما رہے تھے، لہٰذا اس دن سے میں بھی کدّوشوق سے کھانے لگا۔ (بخاری،ج3،ص536، حدیث:5433مفہوماً) ،ایک مرتبہ کسی نے عرض کی: کیا آپ کدو شریف بہت پسند فرماتے ہیں۔رسولِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ارشاد فرمایا:’’ہاں ،یہ میرے بھائی حضرت یونس علیہ السلام کا درخت ہے۔ ( بیضاوی، الصافات، تحت الآیۃ: ۱۴۶، ۵ / ۲۷)

حضورنبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو کھجور،انگوراورخربوزہ پسندتھے ،(1) سردارِ عرب و عجم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کھجور شوق سے تناول فرماتے تھے ،خاص طور پر عجوہ  کھجور آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو بہت پسند تھی۔(2)نبیِّ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے انگور(Grapes) کھانا بھی ثابت ہے چنانچِہ  حضرتِ ابنِ عبّاس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں: میں حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی زیارت کے لئے گیا تو دیکھا کہ آپ انگور تناول فرمارہے تھے۔ (معجم کبیر، ج12،ص115،حدیث:12727) (3)حضرت سیّدنا انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: صاحبِ معراج صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم خربوزےکو تَر کھجوروں کے ساتھ تناول فرماتے اور ارشاد فرماتےکہ خربوزے کی ٹھنڈک کھجور کی گرمی کو ختم کردے گی۔ (سبل الہدٰی و الرشاد،ج7،ص209)

سوال: بُرے خاتمے کے اسباب میں سب سے بڑاسبب کیا ہے ؟

جواب: بُرے خاتمے کا سب سے بڑاسبب دوسروں پر ظلم کرنا ہے۔

سوال: خالی پیٹ ہوتو تلی ہوئی(Fried) چیزیں کھانا کیسا ؟

جواب :تلی ہوئی چیزیں ہضم کرنے کے لحاظ سے بھاری(Heavy) ہوتی ہیں ،خالی پیٹ میں ایسی چیزیں ڈالنا ہاضمہ خراب کرتاہے ۔

سوال: اگر فوت شدہ والدین خواب میں اچھی حالت میں نظر نہ آئیں تو کیا کرنا چاہئے؟

جواب: ان کے لیے ایصالِ ثواب اوردُعائے مغفرت زیادہ کر دی جائے۔

سوال: ہم اللہ پاک کی رحمت کیسے حاصل کرسکتے ہیں ؟

جواب: ساری مخلوق کو اللہ پاک کی رحمت کاحصہ ملاہواہے ،اگر ہمیں اللہ پاک کی رحمت حاصل نہ ہوتی تو ہم جیسے گنہگار زندہ کیسے رہ سکتے تھے؟ مزید یہ کہ بندہ اللہ پاک کی بارگاہ میں اُس کی رحمت کا سوال کرتارہے ۔

سوال : بسااوقات کسی چیز کا خوف بندے کو اُس سے دُورکردیتاہے ،پھر اللہ پاک کا خوف کیوں ضروری ہے؟

جواب: اللہ پاک کے خوف کا یہ معاملہ نہیں ،ایک بزرگ فرماتے ہیں کہ اللہ پاک کا خوف اللہ پاک کے قُرب کا ذریعہ ہے، اللہ پاک کا جتناخوف ہوگابندہ اُتنی ہی زیادہ عبادت کرے گا،نیکیوں کی طرف مائل ہوگا اورگناہوں سے بچے گا ۔

سوال: کیا نبیِ پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے جانورپالے تھے ؟

جواب: جی ہاں ! بکریاں آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی بارگاہ میں حاضررہتی تھیں ،اس دورمیں سواری کےلیے جانور ہوتے تھے ،آپ کے پاس سواری کے لیے اُونٹنی بھی تھی۔

سوال: کیا بچوں کو گھرکے کاموں میں امی ابوکا ہاتھ بٹاناچاہئے ؟

جواب:جی ہاں! سمجھداربچوں کو چاہئے کہ گھرکے کاموں میں شوق سے اپنی امی ابوکا ہاتھ بٹائیں ،امی ابوبھی تو کام کرکے تھک جاتے ہیں۔