عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت 28 ربیع الاول 1445ھ بمطابق 14 اکتوبر 2023ء ہفتہ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا۔

مدنی مذاکرے کا آغاز معمول کے مطابق تلاوتِ قراٰن اور نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ و سلم سے ہوا جبکہ شیخ طریقت امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات دیئے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال: مایوسی کا کیامطلب ہے ؟

جواب: مایوسی کئی قسم کی ہوتی ہے ،بعض اوقات بندہ کوئی کام باربارکرتاہے مگراس کام کو نہیں کرپاتاجس سے وہ مایوس ہوجاتاہے کہ یہ کام مجھ سے نہیں ہوگا ۔یہ مایوسی خطرناک نہیں ۔جو مایوسی خطرناک ہے وہ اللہ پاک کی رحمت سے مایوس ہونا ہے ۔اللہ پاک کی رحمت سے کبھی بھی مایوس نہیں ہوناچاہئے۔ اللہ پاک سے توبہ کرتے رہناچاہئے،اس کی رحمت اُس کے غضب پر حاوی ہے ۔

سوال:حدیثِ قدسی کسے کہتے ہیں؟

جواب:حدیث ِقدسی سے مرادیہ ہے کہ وہ کلمات جو زبان ِمصطفیٰ (صلی اللہ علیہ والہ وسلم )سے اداہوں مگروہ فرمان اللہ پاک کا ہو۔

سوال : بات بات پر قسم کھانا کیساہے ؟

جواب : قسم کی کثرت نہیں کرنی چاہئے ،امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ نے کبھی سچی قسم بھی نہیں کھائی ۔سچی قسم بھی بِلاضرورت نہ کھائی جائے ۔زیادہ قسمیں کھانے سے عزت میں بھی کمی واقع ہوتی ہے ۔بہت ڈرڈر کربڑی احتیاط کے ساتھ گفتگوکی جائے ۔زیادہ گفتگوکرنے والاہوسکتاہے زبان سے کئی گناہ کر ڈالتاہو۔آجکل حالات اتنے بگڑگئے ہیں کہ گویا لوگ مٹھیاں بند کرکے جہنم کی طرف بھاگے چلے جارہے ہیں ۔

سوال: کیا بزرگی کا تعلق عمراورمالداری کا تعلق مال سے ہے ؟

جواب: نہیں ،بزرگی علم وعقل سے ہوتی ہے عمرسے نہیں ،مالداری دل سے ہوتی ہے مال سے نہیں ہوتی ۔

سوال: سمجھانے کا اندازکیساہونا چاہئے ؟

جواب: مُصْلِح (سمجھانے والے )تو بہت ملیں گے مگردرست سمجھانے والے کم ہیں ،ہربیماری کاعلاج آپریشن نہیں ہوتا،عموماًسمجھانے والے کا اندازجارحانہ ہوتاہے۔ مصلحانہ وحکیمانہ اورنرم نہیں ہوتا۔مدنی قافلے میں سفر، نیک اعمال کے رسالے پر عمل اورامام غزالی رحمۃ اللہ علیہ کی کتابیں پڑھتےرہنے سے سمجھانے کا درست اندازآسکتاہے ۔

سوال: بڑی گیارہویں شریف کے مہینے( ربیع الاخر )میں نفل روزے رکھنے والوں کے لیےآپ کیا فرماتے ہیں؟

جواب: بڑی گیارہویں شریف کے مہینے میں نفل روزے رکھنے والوں کے لیے ایک پیکج (Package)بنایا گیاہے جس میں 11 روزے رکھنے والاممتازکیفیت ،6 والابہتر کیفیت اور4 والا مناسب کیفیت کے درجے میں شمار ہوگا ۔

سوال : کراچی شہر کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب : کراچی پاکستان کےلیے عُروسُ الْبِلاَد(شہروں کی دُلہن)ہے ۔مدارس المدینہ( کراچی) سے سورۂ خلاص ،درودشریف وغیرہ کی کارکردگی فوراًآنا شروع ہوجاتی ہے ،جامعۃ المدینہ( کراچی) سےبھی کارکردگی آتی ہے ۔

سوال: چاندگہن کے وقت کیا کسی چیز کے کاٹنے سے کوئی نقصان ہوتاہے ؟

جواب: نہیں ، ایسی کوئی بات نہیں ۔

سوال: کیا ہر ماہ مدنی قافلے میں سفرکے لیے تاریخ فکس کر لینی چاہئے؟

جواب: جی ہاں ! ہرکسی کو چاہئے کہ کوئی جمعہ(جمعہ،ہفتہ،اتوار) مدنی قافلے میں سفرکے لیے فکس کرلے ،اس طرح نہ کیا تو پھر سفرکرنا بُھول بھی سکتاہے ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” واہ کیا بات غوثِ اعظم کی “ پڑھنے یاسُننے والوں کوامیراہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 28 صفحات کا رسالہ ”واہ کیا بات غوثِ اعظم کی “ پڑھ یا سُن لے، اُسے بد عقیدگی اور بڑے خاتمے سے بچااور اُس کی ماں باپ سمیت بے حساب مغفرت فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبِیِّین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔