15 محرم الحرام 1444ھ بمطابق 13 اگست 2022ء بروز ہفتہ بعد نماز عشاء عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کراچی کے عاشقان رسول فیضان مدینہ آکر جبکہ دیگر مقامات پر ہزاروں عاشقان رسول بذریعہ مدنی چینل شریک ہوئے۔

مدنی مذاکرے میں شیخ طریقت، امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقان رسول کی جانب سے کئے گئے سوالات کے علم و حکمت سے بھر پور جوابات دیئے اور مسلمانوں کی دینی ومعاشرتی رہنمائی کے لئے مدنی پھول ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال: ہم دُرست نمازکس طرح پڑھ سکتے ہیں ؟

جواب: جس طرح ہرہنرسیکھنے سے آتاہے، اسی طرح نماز بھی سیکھنےکی کوشش کریں گے تو دُرست نمازبھی آجائے گی،دعوتِ اسلامی میں ”فیضانِ نمازکورس “کروایا جاتاہے، اس میں داخلہ لے لیں،نمازسیکھنے کے لیے مکتبۃ المدینہ کی ان کتب’’نمازکے احکا م اور فیضانِ نماز‘‘کا مُطالَعہ کیجئے ۔

سوال : تعزیّت کا اسلامی طریقہ کیا ہے؟

جواب: تعزیّت اظہارِغم ہوتاہے،مثلاً کسی کے ہاں فوتگی ہوجائے تواُن کے پاس جائیں ، سلام کریں،میّت کے لیے دُعائے مغفرت کریں،لواحقین وسوگواران کو صبرکی تلقین کریں۔

سوال: کیااپنے وطن سے محبّت کرنی چاہئے؟

جواب: وطن سے محبّت تو فطری بات ہے،اپناوطن جس میں بندہ پیداہوتاہے، بڑاہوتاہے، اس سےفطری طورپر محبّت ہوتی ہے ،اپنا وطن اپنا ہوتاہے ، اپنے وطن کی تعمیرکی جاتی ہے ،سجایا جاتاہے ،جو وطن کی توڑپھوڑ کرتاہے ،وہ حماقت کرتاہے ،اگرہم سب وطن کی تعمیرمیں لگ جائیں تو سب سکھی ہوجائیں ۔

سوال : دعوتِ اسلامی کیسی تحریک ہے؟

جواب : دعوت ِاسلامی مسجدبناؤ اورمسجدبھروتحریک ہے ۔

سوال: پاکستان کیساملک ہے؟

جواب: پاکستان میں جس آزادی سے دِین کا کام ہورہا ہے اتنا کسی بھی ملک میں آزادی سے نہیں ہوتا،اللہ کرے ایساہی رہے اس کا بچہ بچہ نمازی بن جائے ۔

سوال: جب خوشی حاصل ہوتو کیا کرنا چاہئے؟

جواب: اللہ پاک کا شکراداکرناچاہئے ،صدقہ وخیرات کیا جائے ،بندہ اپنا محاسبہ کرے ،نیکیاں کرنے اورگُناہوں سے بچنے کی نیّت کرے ۔

سوال: بچے کیسےجشن ِآزادی منائیں؟

جواب: بچے بھی جشنِ آزادی منانے کے حقدارہیں ،موسیقی ،باجےوغیرہ سے بچیں ۔

سوال: آپ کون سے شہر میں پیداہوئے ہیں ؟

جواب: میں اصلاً نسلاًپاکستانی ہوں،کراچی(سندھ) میں پیداہواہوں مگر مدینہ شریف میں مرنے کی میری خواہش ہے ۔

سوال : آپ کی فیلڈ(Field) کیا ہے؟

جواب: نیکیاں بڑھاؤ،گناہ مٹاؤ،یہ ہماری فیلڈاور ہمارادھندایعنی کاروبارہے۔

سوال: مسواک کس طرح اپنے ساتھ رکھیں،جبکہ ہمارے لباس میں اسے رکھنے کے لیے جیب نہیں ہوتی؟

جواب:اپنے لباس میں مسواک کی جگہ بنا لیں ،آگے نہیں رکھ سکتے تو کہیں بھی مناسب جگہ پر لبا س میں جگہ بنا لیں ،یہ دل میں رکھنے والی چیز ہے ،طے کرلیں کہ مسواک کو اپنانا ہے ،اس سُنّت کو قبرمیں جانے تک نِبھانا ہے اوراس کے لیے اپنے پورے لباس میں کہیں نہ کہیں جگہ بنانی ہے ،اِنْ شَآءَاللہُ الْکریم تاکہ یہ ہمارے ساتھ رہے ،جہاں بھی وضوکریں تومِسواک استعمال کرسکیں ۔

سوال : کیا اسلامی بہنیں مسواک کرسکتی ہیں ؟

جواب : جی ہاں ! اُن کے لیے حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہاکی سُنّت ہے۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” امیرِ اہلِ سنّت کے سفرِ مدینہ کے واقعات “ پڑھنے یاسُننے والوں کوجانشینِ امیرِاہلِ ِسُنّت مدظلہ العالی نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یارَبَّ المصطفےٰ! جوکوئی 21صفحات کا رسالہ ” امیرِ اہلِ سنّت کے سفرِ مدینہ کے واقعات“ پڑھ یا سُن لے ،اُسےعاشقِ مدینہ امیر ِاہلِ سنّت کے صدقے مدینے کا حقیقی دیوانہ بنااوراُس سے ہمیشہ ہمیشہ کےلئے راضی ہوجا ۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔