عاشقان رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام 11 نومبر 2023ء بمطابق 27 ربیع الاٰخر 1445ھ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔

شیخ طریقت امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائیں۔

مدنی مذاکرے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال: حافظ کی فضیلت زیادہ ہے یاعالم کی؟

جواب: عالم کی فضیلت زیادہ ہے ،بروزِ قیامت عالم کو روک لیا جائے گا،وہ لوگوں کی شفاعت کریں گے، ان کی سفارش سے لوگوں کو جنت میں داخل کیا جائے گا۔

سوال:کیا آبِ زم زم کا پانی کہنا درست ہے؟

جواب:آب زم زم کا معنی ہے زم زم کا پانی۔آبِ زم زم کا پانی میں لفظ" پانی" زائدہے۔ اسی طرح شب ِبراءت کی رات میں لفظ "رات" زیادہ ہے اور "برائے مہربانی کرکے" میں لفظ" کرکے" زیادہ ہے۔

سوال : "محمد" نام رکھنے کی کیا فضیلت ہے؟

جواب : حدیث پاک ہے :جس کے یہاں لڑکا پیدا ہو اور وہ میری مَحَبَّت اور میرے نام سے بَرَکت حاصِل کرنے کیلئے اس کا نام محمد رکھےتو وہ اور اُس کا لڑکا دونوں جنّت میں جائیں گے۔ (کنزالعمال،جز:15،ج 8،ص174، حدیث: 45215 ) امامِ اہلِ سنت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ اس حدیثِ پاک کو نقل کرکے فرماتے ہیں: فقیر غفراﷲ تعالیٰ نے اپنے سب بیٹوں بھتیجوں کاعقیقے میں صرف محمدنام رکھا پھرنامِ اَقْدس کے حفظِ آداب اور باہم تَمَیُّز (یعنی آپس میں پہچان) کے  لئے عُرف جُدا مقرر کئے۔بِحَمْدِللہ فقیرکے 5 محمد اب موجود ہیں اور 5 سے زائد اپنی راہ گئے (یعنی انتقال کرگئے)۔ (فتاویٰ رضویہ،ج24،ص689)

سوال: رزق میں برکت کا نسخہ بتادیجئے؟

جواب: فجرکی نمازمسجدمیں پڑھ کر امام صاحب ،مؤذن اورخادم کوکچھ رقم پیش کردیں،آپ کے محلے میں جو ساداتِ کرام ہیں ،آپ کے رشتے داروں میں جو غریب ہیں انہیں صدقہ دیں ۔ بقر عید سے پہلے کسی غریب کے گھرقربانی کے لیےبکرااوراس کے ذبح کے اخراجات دے دیں ۔وہ اوران کے بچے دعائیں دیں ، رزق میں برکت ہوگی ۔ ان شاۤء اللہُ الکریم

سوال: سب سے افضل صدقہ کون ساہے؟

جواب: آپ کا اپناعزیز،رشتہ دارجو حق دارہے اورآپ سے ناراض ہے تو اسے صدقہ دیناافضل ہے ۔جس کو صدقہ دیں ،چھپاکر دیں ،اسے کوئی کام بھی نہ بولیں تاکہ اسے یہ نہ لگے کہ مجھے رقم دی ہے تو اب کام بھی بول دیا ہے۔

سوال:کیابددعا بھی قبول ہوتی ہے؟

جواب:جی ہاں! مظلوم انسان اگرچہ وہ کافرہوبلکہ جانورکی بددعا بھی قبول ہوتی ہے، البتہ مُوذی (تکلیف دینے والے)کیڑوں مکوڑوں وغیرہ کو تکلیف سے بچنے کے لیے مارسکتے ہیں، مگرمارنے میں جتنی تکلیف دینا ضروری ہوصرف اسی کی اجازت ہے بِلاوجہ تکلیف نہیں دے سکتے ۔

سوال : امام اعظم کون تھے؟

جواب : امام اعظم ابوحنیفہ نعمان بن ثابت رحمۃ اللہ علیہ قرآن وحدیث کے بہت بڑے امام وعالم تھے ۔یہ تابعی بزرگ تھے(یعنی آپ نے صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کی زیارت و صحبت کا شرف پایا ہے) ۔ان کے پیروکار حنفی کہلاتے ہیں۔

سوال: جب دل غمگین ہو تو کیا بات یادکریں کہ دل کو سکون نصیب ہوجائے؟

جواب: سرکارِمدینہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم جب کبھی غمگین ہوتے تو یہ دعاپڑھا کرتے تھے :يَا حَيُّ يَا قَيُّومُ بِرَحْمَتِكَ أَسْتَغِيْثُ ۔ترجمہ: اے ہمیشہ زندہ رہنے والےاوراے تمام مخلوق کو قائم رکھنے والے، میں تیری رحمت کا طلبگار ہوں۔ (سنن ترمذی ،رقم الحدیث: 3534 ) دُرُودشریف میں دکھوں کا علاج ہے ۔اکثررنج وغم گناہوں کی وجہ سے آتے ہیں اوردُرُودشریف پڑھنے سے گناہ معاف ہوتے ہیں ۔یہ پڑھنے سے سکون ملے گا۔ ان شاء اللہ الکریم

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” فیضانِ جمُادَی الاُولیٰ و جُمادَی الاُخْریٰ“ پڑھنے یاسُننے والوں کوامیراہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 14 صفحات کا رسالہ ” فیضانِ جمُادَی الاُولیٰ و جُمادَی الاُخْریٰ“پڑھ یا سُن لے، اُسے اسلامی مہینوں کا ادب نصیب فرمااور اُس کی ماں باپ سمیت بے حساب مغفرت فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیِّین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم۔