رمضان المبارک میں عاشقان رسول کو علم دین سے بہرہ مند کرنے کے لئے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں11 اپریل 2022ء کو مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں معتکفین اور دیگر عاشقان رسول نے شرکت کی۔

امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نےعاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔

بعد نماز عصر ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: اپنے آپ کو کسی وجہ سے پرندے ،درخت وغیرہ کی طرح قراردینا کیسا؟

جواب :کوئی حرج نہیں، صحابۂ کرام اوربزرگانِ دین کے خوفِ خداکی وجہ سے اس طرح کے کئی اقوال ہیں مثلا (1)اسلام کے پہلے خلیفہ امیرالمؤمنین حضرت سیدناابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ نے ایک بارپرندے کودیکھ کرفرمایا :اے پرندے !کا ش!میں تمہاری طرح ہوتااورمجھے انسان نہ بنایا جاتا۔(2)اسلام کے دوسرے خلیفہ حضرت عمرفاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ کاقول ہے:کاش!میں ایک درخت ہوتاجس کوکاٹ دیاجاتا ۔( کفریہ کلمات کے بارے میں سوال جواب،27)

سوال:روزانہ کتنے گلاس پانی پیناچاہئے ؟

جواب: نارمل حالات میں طبعی طورپر10/12 گلاس پانی پینا چاہئے اورگرمی کا موسم ہو،پسینے آرہے ہوں یا مزدوری کرتے ہوں تو پانی کےگلاس بڑھا کر 17/18کر دینے چاہئیں، بدن میں پانی کم جائے گا تو چربی بنے گی ،پیٹ وآنتوں کی صفائی نہیں ہوسکے گی ،گُردے فیل ہوسکتے ہیں ،گُردوں میں انفیکشن(infection) بھی ہوسکتاہے ،کمزوری بڑھ سکتی ہے،بندہ بیمارہوسکتاہے ۔

سوال: دُشمن سے حفاظت کا کوئی وظیفہ بتادیجئے؟

جواب:اٹھتے بیٹھتے چلتے پھرتے ’’یَاسَلَامُ‘‘ کا وِردکیا جائے ،دشمن سے حفاظت ،روزی میں برکت اوربیماریوں سے بچت ہوگی ، سورۂ قریش(لِاِیْلٰفِ قُرَیْشٍ) بھی دشمن سے حفاظت کے لیے ڈھال ہے ،میں جب بھی باہرنکلتاہوں تو یادآنے پرسورۂ قریش پڑھ لیتاہوں ۔

بعد نماز تراویح ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: بعض نادان عشقِ مجازی میں مبتلاہوکراپنی زندگیاں بربادکرلیتے ہیں ، سب سے پہلے کس سے محبت ہونی چاہئے؟

جواب : سب سے پہلے اللہ پاک اور رسول ِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے محبت ہونی چاہئے ،موجودہ عشقِ مجازی کا اندازبہت سخت ہے، اس میں بہت گناہ ہوتے ہیں،ایسے کام کئے جاتے ہیں کہ خاندان بھرکی عزت خراب ہوجاتی ہے ،شادی نہ ہوتو خُودکشی بھی کرتے ہیں، بےپردگی کی وجہ سے یہ سب کچھ ہوتاہے ،اسلامی پردہ نافذہوجائے تو یہ بُرائی بھی دم توڑجائے ،مکتبۃ المدینہ کی کتاب’’پردے کے بارے میں سوال جواب‘‘میں عشقِ مجازی کے بارے میں کافی تفصیل ہے، اس کا مطالعہ کریں ۔

سوال :فیضانِ قرآن ڈیجیٹل پین مکتبۃ المدینہ پر دستیاب ہے، اس پر آپ کیا فرماتے ہیں؟

جواب: اسے ضرورحاصل کریں ،اس میں علم کا بہت بڑاخزانہ ہے،گویا ایک ڈیجیٹل(Digital) لائبریری آپ کے گھر میں آجائے گی، جب آپ چاہیں گے اس کے ذریعے تلاوت ،نعتیں ،مدنی چینل کے پروگرامز ،کتابیں،نعتیں اورکلام وغیرہ سن سکیں گے ،یہ ہرگھرمیں ہونا چاہئے ،اپنے رشتہ داروں کو تحفہ دیں۔ (تفصیلی معلومات جاننے کے لیے رابطہ نمبر:0313-1139278)

سوال : جو بچے کسی چیز سے ڈرتے ہوں تو کیا کرنا چاہئے ،ان کاخوف کیسے دُورکریں؟

جواب: بچوں کی ٹھارس بندھائی جائے، انہیں مختلف چیزوں سے ڈرایانہ جائے ۔

سوال: بلاکیاہوتی ہے؟

جواب: آفتیں ،آزمائش ،آسیب کو بلاکہتے ہیں ۔

سوال: کھانا کس نیت سے کھانا چاہئے ؟

جواب :جب بھی کوئی چیز کھائیں، پئیں تو یہ نیت کرلیں کہ عبادت پر قوت حاصل کرنے کے لیے کھا ،پی رہا ہوں۔