دعوت اسلامی کا عزم ہے ”مجھے اپنی اور ساری دنیاکے لوگوں کی اصلاح کی کوشش کرنی ہے“
۔ اسی عزم کو لیکر دعوت اسلامی 2 ستمبر
1981ء کو کراچی سے چلی اور ترقی کرتے ہوئے آج دنیا کے 200 سے زائد ممالک میں اپنا
پیغام پہنچا چکی ہے۔ 2 ستمبر 2021ء کو دعوت اسلامی کو 40 سال مکمل ہونے جارہے ہیں۔ ان چالیس سالوں
میں دعوت اسلامی نے جہاں عاشقانِ رسول میں نیکی کی دعوت عام کی وہاں راہ بھٹکے افراد کو راہِ راست پر
لائی، غیر مسلموں کو دائرہ اسلام میں داخل کر کے راہِ جنت کی طرف گامزن کیا ،
نوجوانوں کو نمازی اورسنت رسول کا پابند
بنانے کے ساتھ ساتھ صحابہ کرام و اہل بیت کی محبت میں گرویدہ کرکے اولیاء کرام کے
دامن سے جوڑ دیا۔
دعوت اسلامی جہاں اجتماعات، مدنی قافلوں اور دیگر دینی کاموں کے ذریعے نیکی کی دعوت عام
کررہی تھی وہیں اس تحریک نےجہالت کے اندھیرے کو دور کرنے اور بے عملی کی نحوست کا
خاتمہ کرنے لئے تعلیمی، تدریسی اور تحقیقی شعبے میں قدم رکھا اور ہر عمر کے افراد کے لئے مختلف علمی شعبے کا
قیام کرنے لگی اور دیکھتے ہی دیکھتےدعوت
اسلامی 14 سے زائد علمی شعبہ جات قائم کردئیے جن کے ذریعے عاشقان رسول کو دینی و
دنیا وی تعلیم سے روشناس کررہی ہے۔
دعوت اسلامی جن شعبہ جات کے ذریعے علمِ کی روشنی کو دنیا بھر میں پھیلارہی ہے
ان کے نام اور مختصراً
معلومات ملاحظہ کریں :
٭جامعۃ
المدینہ
اس شعبے میں طلبہ کو درسِ نظامی (عالم کورس)
کروایا جاتا ہے جس میں صرف ، نحو، فقہ، اصول فقہ، تفاسیر اور دیگر فنون شامل
ہیں۔ جامعۃالمدینہ کی سب سے پہلی شاخ
1998ء میں نیو کراچی کے علاقے گودھرا کالونی کراچی میں کھولی گئی جہاں تین اساتذۂ
کرام نے درسِ نظامی پڑھانا شروع کیا جبکہ اس وقت دنیا بھر میں جامعۃ المدینہ کی
سینکڑوں شاخیں موجود ہیں۔ان اداروں سےاب
تک ہزاروں طلبہ درسِ نظامی مکمل کرکے عالم کی سند حاصل کرچکے ہیں اور دنیا بھر میں مختلف شعبہ جات کے ذریعے دین متین کی خدمت کررہے ہیں۔
٭دار
الافتاء اہل سنت
اس شعبے میں دنیا بھر کے سائلین کو شرعی
رہنمائی فراہم کی جاتی ہے اور اس شعبے کے ذریعے بالمشافہ اور تحریری فتاویٰ بھی
حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ دارالافتاء اہلسنت کا آغاز 15 شعبان المعظم 1421ھ کو جامع
مسجد کنز الایمان گرومندر کراچی میں ہوا۔
اس وقت پاکستان بھر میں اس کی 12 برانچز( Branches) قائم ہیں جن میں 11 برانچز عام سائلین کے لئے اور
عالمی مدنی مرکزفیضان مدینہ میں قائم ایک برانچ ( Branch) صرف تنظیمی مسائل کے متعلق شرعی رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ اس کے علاوہ ایک برانچ بریڈ فورڈ( Bradford ) یوکے کے فیضان مدینہ
میں بھی قائم ہے۔ ان برانچز سے روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں سائلین کو شرعی جوابات دیئے جاتے
ہیں۔دارالافتاء اہل ِ سنت کے دفاتر میں
سائلین کو جوابات دینے کے لئے مستند و
معتمد علمائے کرام اور مفتیان ِکرام موجود ہیں۔
٭تخصص فی
الفقہ
علمِ دین کی اشاعت و ترویج کو آگے بڑھاتے ہوئے
جامعۃ المدینہ میں دورۃ الحدیث شریف کے بعد جیدعلمائے کرام کی زیر نگرانی علمِ حدیث
اور فقہ میں مہارت حاصل کرنے کے لئے تخصص فی الحدیث اور تخصص فی الفقہ کروایا جاتا ہے جس کی مدت دو سال ہے۔
جو طالب علم دو سالہ تخصص فی الفقہ کورس مکمل
کرنے کے بعد مفتیانِ کرام کی نگرانی میں 1200فتوے لکھ لے اس کو مجلسِ افتاء کی منظوری کے بعد متخصص فی الفقہ کی سند
جاری کی جاتی ہے۔ مزید 1400فتاویٰ تحریرکرنے والے کو نائب مفتی اور پھر 1400فتاویٰ
لکھنے پر دعوتِ اسلامی کی مجلسِ افتاء کی منظوری کی صورت میں مفتی ومُصَدِّق (یعنی فتاویٰ کی تصدیق کرنے کا اہل) قرار دیا جاتا ہے۔
تخصص فی الفقہ پاکستان میں تین مقامات پر
کروائے جاتے ہیں۔ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی، فیضان مدینہ فیصل آباد،
فیضان مدینہ لاہور۔
٭تخصص فی
الحدیث
علم حدیث میں رسوخ ،راویانِ حدیث کی معرفت ،جرح و تعدیل اور دیگر
متعلقاتِ حدیث میں مہارت کے لئے اس کورس
کا آغاز کیا گیا ۔ دراسۃ الاسانید بھی
نصاب کا حصہ ہے ۔ علمِ حدیث میں تجربہ کار اساتذہ کے زیرِ اہتمام یہ کورس کامیابی
کے ساتھ کئی سالوں سے جاری ہے۔ اس کورس کی
مدت دو سال ہے اور آخر میں مختلف احادیث کی
اسناد پر پریکٹس کروائی جاتی ہے۔ حفظ
المتون بھی نصا ب کاحصہ ہے۔ دوسرے سال میں
کسی کتاب کی تخریج ،تسہیل یا علوم الحدیث
پر مقالہ لکھوایا جاتا ہے ۔ یہ کورس صرف عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں
کروایا جاتا ہے۔
٭تخصص فی
الامامت
معاشرے کے تقاضوں سے ہم آہنگ غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل امام و
داعی کی تیاری کے لئے اس کورس کا آغاز
کیاگیا۔ اس کورس میں داخلہ لینے والے طلبہ کو اچھی آواز اور عربی لہجے میں قرأت کے
ساتھ عربی بول چال اور انگلش لینگوئج بھی
سکھائی جاتی ہے۔ ذاتی صلاحیتوں میں نکھار
لانے کےلئے پروفیشنلز افراد کے ٹریننگ سیشن بھی ہوتے ہیں۔مفتیانِ کرام اور اراکین ِشوریٰ
کے ذریعے تنظیمی تربیت بھی کورس کا حصہ
ہے، تنظیمی کورسز اور علم توقیت بھی اس کے نصاب میں شامل ہیں ۔اس کور س کا دورانیہ
ایک سال ہے۔ یہ کورس کی سہولت صرف عالمی
مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں موجود ہے۔
٭شعبہ اوقات الصلوٰۃ(توقیت)
دعوت اسلامی کا ایک علمی شعبہ ” شعبہ اوقات
الصلوٰہ “بھی ہے ۔اس شعبے کے ذریعے چھوٹے بڑے شہروں اور دیہاتوں کے درست
اوقاتِ نماز اور اوقاتِ سحر وافطار بنانے کے ساتھ ساتھ علمِ توقیت کو نئی جلا بخشی جارہی ہے۔ اس علم کو عام کرنے کے لئے جامعۃ
المدینہ کے تخصُّص کے درجات میں ۱۴۲۷ ہجری مطابق 2006 ء سے باقاعدہ علمِ توقیت کی تدریس کا سلسلہ جاری ہے۔ اس
علم کی اہمیت و افادیت اور ضرورت کے پیش نظر باقاعدہ 1431ھ مطابق 2010ء کو اس
شعبےکی بنیاد رکھی گئی۔ اس شعبے کے تحت آن لائن اور بالمشافہ کورسز بھی کروائے
جارہے ہیں جن میں طلبہ کو اوقات اور سمتِ قبلہ نکالنے کے لئے سائینٹفک کیلکولیٹر (Scientific Calculator)اور دیگر جدید آلات کا استعمال بھی سکھایا جاتا ہے۔
٭شعبہ
تحقیقات شرعیہ
مسلمانوں کو پیش آنے والے جدید مسائل کے حل کے لئے مجلسِ تَحقیقاتِ شَرعِیَّہ
کا شعبہ قیامِ عمل میں لایا گیا جو کہ دارالافتاء
اہل سنت کے علما و مفتیانِ کرام پر
مُشتِمل ہے ۔ اس شعبے میں دنیا بھر میں آنے والے جدید مسائل کو شرعی دائرے میں
پَرکھا جاتا ہے اور اس کی درست معلومات عوام الناس تک پہنچائی جاتی ہے۔
٭شعبہ
مکتبۃ المدینہ
اس اشاعتی ادارے کے ذَرِیعے سرکارِاعلی ٰحضرت رحمۃ
اللہ علیہ ، امیرِ اہل سنّت دَامَتْ
بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ اور دیگر عُلَمائے اہلسنت کی کتابیں زیورِطبع
سے آراستہ ہوکر لاکھوں کی تعداد میں عوام کے ہاتھوں میں پہنچ کر انہیں مستفیض
کررہی ہیں۔ نیز اسی شعبے کے ذریعے سُنتوں بھرے بیانات اور مدنی مذاکرے کی لاکھو ں
کیسٹیں اور VCD,S بھی دنیا بھر میں پہنچ رہی
ہیں ۔ پاکستان میں مکتبۃ المدینہ کی شاخیں کراچی، اسلام آباد، ملتان، پشاور، سکھر، لاہور، فیصل آباد، حیدر آباد اور میر پور
خاص سمیت دیگر شہروں میں جبکہ بیرون ممالک میں عرب شریف ، ملائیشیا،
جاپان، ساؤتھ افریقہ، متحدہ عرب عمارات، آسٹریلیا، ترکی، بنگلہ دیش، انگلینڈ،اٹلی، ہند، کویت، جرمنی، امریکہ،
ماریشس اور ساؤتھ کوریا میں موجود ہے۔
٭شعبہ
مدارس المدینہ
اس شعبے کے ذریعے بچوں اور بڑوں کو درست مخارج
کے ساتھ قرآن پاک ناظرہ و حفظ کروانے کا سلسلہ جاری ہے، اس کے علاوہ اس شعبے کے ذریعے مختلف کورسز بھی کروانے کا سلسلہ
ہوتا ہے۔
مدرسۃ المدینہ کی پہلی شاخ کا آغاز 12 ربیع
الاول 1411ھ بمطابق یکم اکتوبر 1990ء کو کراچی کے علاقے سبزمارکیٹ (شومارکیٹ) میں
ہوا۔ بعد میں اس کی شاخیں بڑھنے لگی اور بڑھتے ہوئے اس کی تعداد ہزاروں میں
پہنچ گئی۔ یکم اگست 2021ء میں جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ان کی تعداد 4ہزار 650 ہوچکی ہے۔ ان مدارس میں قراٰنِ کریم کی مفت تعلیم حاصل
کرنے والوں کی تعداد 2لاکھ 16ہزار ہے جبکہ حفظِ قرآن پاک مکمل کرنے والوں کی تعداد تقریباً 90ہزاراور
ناظرہ قراٰن مکمل کرنے والوں کی تعداد3لاکھ کے قریب ہے۔
٭شعبہ
فیضان آن اکیڈمی
اس شعبے کے ذریعے دنیا بھر میں کہیں بھی گھر بیٹھے
بچوں اور بڑوں کو آن لائن قرآن پاک اور اسلامک کورسز کروائے جاتے ہیں۔ امیراہل
سنت دامت برکاتہم العالیہ کی دلی خواہش
کے مطابق علم دین کو عام کرنے کے لئے فروری 2012 ء کو اس شعبے کا آغاز کیا گیا۔
تادمِ تحریر پاکستان میں36 اور ہند میں 7
فیضان آن لائن اکیڈمی کی برانچز قائم
ہوچکی ہیں جن میں کم و بیش دو ہزار 694 ٹیچرز
اور منیجمنٹ اسٹاف کے ذریعے تقریباً 20ہزار79 طلبہ و طالبات کو اردو اور English زبان میں کورسز کروانے کے
ساتھ ساتھ قرآن پاک پڑھانے اور درسِ نظامی کروانے کا سلسلہ جاری ہے۔
٭شعبہ
اسلامک ریسرچ سینٹر (المدینۃ العلمیہ)
المدینۃ العلمیہ ۱۴۲۲ھ مطابق2001ء سے کتب و
رسائل کے ذریعے نیکی کی دعوت، اِحیائے سنّت اور اشاعتِ علمِ شریعت کےلئےکوشاں ہے۔ المدینۃ
العلمیہ کی کتب دلچسپ اورذہن کو اپنی جانب کھینچ لینے والے موضوعات، عمدہ اورآسان
اسلوب ِتحریر اور اعلیٰ معیار کی وجہ سے عوام و خواص میں مقبول ہیں۔اس شعبے کی
پاکستان میں دو برانچز ہیں جن میں ایک عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی اور
دوسری فیضانِ مدینہ فیصل آباد میں قائم ہے۔ان دونوں برانچز میں کم و بیش 135علمائے
کرام کتب و رسائل لکھنے کی خدمت سرانجام دے رہے ہیں۔ اب تک اس شعبے سے
671 کتابیں مکمل ہونے کے بعد منظر عام پر آچکی ہے جبکہ 1500 کتابیں ویب سائٹ پر
موجود ہے۔ المدینۃ العلمیہ کے تحت 17 ذیلی شعبے
قائم ہیں جن میں تقریباً 40 سے 45 کتابوں پر کام جاری رہتا ہے۔
٭شعبہ
مدنی مذاکرہ
مدنی چینل کا مقبول عام سلسلہ جوہر ہفتے بعد نماز عشاءعالمی مدنی مرکز فیضان
ِمدینہ کراچی میں شروع ہوجاتا ہے اور مدنی چینل پر براہ راست دنیابھر میں نشر کیا
جاتا ہے۔ اس پروگرام میں امیر اہل سنت دَامَتْ
بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ عاشقان رسول کی جانب سے کئے گئے سوالات کے
جوابات ارشاد فرماتے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ امیر اہل سنت دَامَتْ
بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ اور مفتیانِ کرام موقع کی مناسبت سے شرعی، فقہی، معاشرتی اور طبی حوالے سے رہنمائی بھی فرماتے رہتے ہیں۔یہ
سلسلہ ہفتہ وار ہونے کے ساتھ ساتھ بعض مہینوں میں 6دن، 12 دن اور10 دن بھی روزانہ
کی بنیاد پر جاری رہتا ہے۔
٭ہفتہ وار
رسالہ
امیر اہل سنت دَامَتْ
بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ عاشقان رسول کو علمِ دین کی جانب راغب کرنے اور انہیں علمِ دین سے سیراب
کرنے کے لئے ہر ہفتے ایک رسالہ پڑھنے اور سننے کی ترغیب ارشاد فرماتے ہیں اور
پڑھنے اور سننے والوں کو اپنی دعاؤں سے بھی نواز تے ہیں۔ ترغیب ارشاد فرمانے کے
بعد آئندہ ہفتے امیر اہل سنت کی بارگاہ میں کارکردگی بھی پیش کی جاتی ہے ۔ ہفتہ
وار رسالہ پڑھنے والوں اور والیوں کی
تعداد لاکھوں میں ہوتی ہے۔
٭دار
المدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم
دار المدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم کا قیام اس لئے کیا گیا تاکہ دینی علوم کے ساتھ
جدید دنیاوی علوم و فنون کو شریعت کے تقاضوں کے مطابق پڑھایا جائے۔دار المدینہ کا
پہلا کیمپس 30 جنوری 2011ء کو قائم کیا گیا۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ اس اسکول سسٹم نے انتہائی تیزی سے ترقی کی منازل طے کیں اوراب تک پاکستان کے 23
شہروں میں 82 اسکولز قائم کئے جاچکے ہیں جن میں 21 ہزار سے زائد اسٹوڈنٹس تعلیم و تربیت حاصل کررہے ہیں۔ پاکستان کے علاوہ
U.S.A، U.K، ساؤتھ افریقہ، نیپال، بنگلہ دیش اور ہند
میں مجموعی طور پر 25 دارالمدینہ اسلامک اسکول سسٹم قائم ہوچکے ہیں جن میں پانچ
ہزار اسٹوڈنٹس زیرِ تعلیم ہیں۔ ان اسکولوں میں تعلیم کے ساتھ ساتھ مختلف ایونٹس
اور ٹریننگ سیشن کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔
٭دار
المدینہ یونیورسٹی
حکومت پاکستان کی طرف سے اجازت ملنے کے بعد
دعوت اسلامی ایسی یونیورسٹیز قائم کرنے کا عزم رکھتی ہے جو مخلوط نظام، فحاشی اور
دیگر غیر شرعی کاموں سے پاک ہو، جہاں پروفیسرز و لیکچرار اسٹوڈنٹس کو دیگر مضامین کے ساتھ ساتھ قرآن و حدیث کی
تعلیمات سے بھی روشناس کروائیں تاکہ ہماری نئی جنریشن(Generation)سائنس، میڈیکل، انجینئر اور
دیگر فیلڈ سے وابستہ ہونے کے ساتھ ساتھ علمِ دین سے سیراب ہوکر دینِ اسلام سے پکی
سچی محبت کرنے والی بن جائے۔
دار المدینہ یونیورسٹی کی قیام کے لئے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد
میں جگہ خریدی جاچکی ہے اور اس میں ترقیاتی کاموں کا آغاز بھی کردیا گیاہے۔
٭مختلف ایونٹس
اور سیشن کا انعقاد
ان تمام شعبہ جات کے ساتھ ساتھ دعوت اسلامی
پروفیشنلز (Professionals) حضرات کے درمیان مختلف ٹریننگ سیشن (Session) کا انعقاد کرتی ہے جن میں ”احکام
زکوٰۃ کورس“، ”تجارت کورس“،”فقہ المعاملات کورس“ اور موٹیویشنل سیشنز وغیرہ شامل ہیں۔ ان کورس میں بزنس مین (Businessman) اور دیگر شعبے سے وابستہ Professionals حضرات کو زکوٰۃ اورتجارت سمیت
جدید مسائل کے متعلق شرعی رہنمائی فراہم کی جاتی ہے۔