اللہ پاک نے ہمارے پیارے اور آخری نبی ﷺ کو بے شمار کمالات اور معجزات سے
نوازا ہے ان میں ایک کمال یہ بھی ہے کہ آپ دافع رنج و بلا ہیں۔
شتر ناشاد کی داد رسی: حضرت یعلی بن مرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ہم حضور ﷺ کے ساتھ کہیں جارہے
تھے کہ ہمارا گزر ایک ایسے اونٹ پر ہوا جس پر پانی دیا جا رہا تھا، اونٹ نے حضور
کو دیکھا تو بلبلانے لگا اور اپنی گردن حضور کے سامنے جھکا دی، آپ اس کے پاس کھڑے
ہوئے اور فرمایا: اس اونٹ کا مالک کون ہے؟ مالک حاضر ہوا تو ارشاد فرمایا: یہ اونٹ
بیچتے ہو؟ اس نے عرض کی نہیں بلکہ یہ آپ کے لیے تحفہ ہے۔ مزید عرض کی کہ یہ ایسے
گھرانے کا ہے جن کے پاس اس کے علاوہ اور کچھ نہیں، آپ اس اونٹ نے شکایت کی ہے کہ
تم اس سے کام زیادہ لیتے ہو اور چارہ کم ڈالتے ہو اس کے ساتھ اچھا سلوک کرو۔ حکیم
الامت مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ علیہ اس واقعے کے تحت فرماتے ہیں: اس سے چند
مسئلے معلوم ہوئے:
1۔ حضور جانوروں کی بولی بھی سمجھتے ہیں۔
2۔ حضور مشکل کشا اور حاجت روا ہیں۔
اور یہ وہ مسئلہ ہے جسے جانور بھی مانتے ہیں جو انسان مسلمان ہو کر حضور کو
حاجت روا نہ مانے وہ جانوروں سے بھی بدتر ہے۔
3۔ حضور کی کچہری میں جانور بھی فریادی ہوتے ہیں۔
ہاں یہی کرتی ہیں
چڑیاں فریاد ہاں یہی چاہتی ہے
ہرنی داد
اسی در پہ شتران
ناشاد گلہ رنج و عنا کرتے ہیں
(مراٰۃ المناجیح، 8/238-239)
قاضی عیاض مالکی رحمۃ اللہ علیہ کی مشہور زمانہ کتاب الشفا جس کے متعلق بزرگوں
نے فرمایا: شفاء شریف وہ متبرک کتاب ہے کہ جس مکان میں رہے اسے ضرر نہ پہنچے اور
جس کشتی میں رہے وہ ڈوبنے سے محفوظ رہے اور جو مریض اس کتاب پڑھے یا سنے شفا پائے۔
آپ نے اپنی کتاب میں تحریر فرمایا: غزوہ ذی قرد میں حضرت ابو قتادہ رضی اللہ عنہ
کے چہرے پر ایک تیر لگا تو حضور نے انہیں بلا لیا اور زخم پر مبارک لعاب لگایا
فرماتے ہیں اس وقت سے نہ تو مجھے درد ہوا اور نہ زخم میں پیپ پڑی بلکہ اچھا ہو
گیا۔ (شفا شریف، 1/212)
اسی مزید فرماتے ہیں: جنگ بدر میں ابو جہل نے حضرت معوذ بن عفراء رضی اللہ عنہ
کا ہاتھ کاٹ ڈالا پس وہ اپنا ہاتھ اٹھائے ہوئے حاضر ہوئے تو حضور نے اس ہاتھ پر
اپنا لعاب دہن لگا دیا اور اس کو جوڑ دیا تو وہ اسی وقت جڑ گیا۔ (شفا شریف، 1/213)