جانشین امیر اہل سنت ابو اسید مولانا عبید عطا ری مدنی مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے بڑے شہزادے ہیں ۔17شوال المکرم 1400ھ 31 اگست 1980میں آ پ کی ولادت کراچی میں ہوئی ۔آپ کو نام احمد جبکہ عرف عبید رضا ہے ۔آپ کی کنیت ابو اسید ہے۔جانشین امیر اہل سنت کے اوصاف بزرگا ن دین کے اسلا ف کی یاد دلاتے ہیں۔ قفلِ مدینہ، دورانِ گفتگو مسکراہٹ، خوش اخلاقی اورلباس میں سادگی آپ کے چند نمایاں اوصاف ہیں۔جانشین امیر اہلسنت کی عادت ہے کہ حتی الامکان نہ صرف نگاہیں نیچی رکھتے ہیں بلکہ بِلاضرورت اِدھر اُدھر دیکھنےسے بچتے ہوئے آنکھوں کے قفلِ مدینہ کی ترکیب فرماتے ہیں۔امیر اہلسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی تربیت کے نتیجے میں اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ آپ بچپن ہی سے نمازوں کے پابند ہیں۔

فضل رب عَزَّوَجَلَّ سے خدمت دین اور احکام شریعہ سیکھنے کی غرض سے جانشین امیر اہلسنت حاجی مو لانا عبید رضا عطا ری مد نی مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی نے سال 2005 میں دعوتِ اسلامی کے جامعۃ المدینہ سے درسِ نظامی یعنی عالم کورس مکمل کیا۔سنتوں کی خدمت میں اپنے والد محترم اور لاتعداد عا شقا ن رسول کے پیر و مرشد امیر اہلسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے عطا کردہ ”اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اصلا ح کی کوشش کرنی ہے“ مد نی مقصدکے تحت جانشین امیر اہل سنت نے پاکستان سمیت ہند، نیپال، سری لنکا، جرمنی ، اسپین، ساؤتھ افریقہ، بنکاک، کینیا، عمان، عرب شریف وغیرہ کئی ممالک میں سنتوں بھرے بیانات اور دعوتِ اسلامی کے مدنی کاموں کے سلسلے میں سفر فرمایا۔

آپ مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی سلسلہ عالیہ قادریہ رضویہ عطاریہ میں امیر اہلسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ سے بیعت ہیں۔ امیر اہلسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے گی11ربیع الاٰخر 1437ہجری بمطابق22 جنوری 2016 ء کو مدنی مذاکرے کے دوران آپ کو اپنے سلسلوں کی خلافت دینے اور جانشین بنانے کا باقاعدہ اعلان فرمایا۔ اس موقع پر امیر اہلسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے آپ کو مسلکِ اعلیٰ حضرت پرمضبوطی کے ساتھ کاربند رہنے اور دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے ماتحت رہ کر مدنی کام کرنے کی وصیت فرمائی۔

یاد رہے کہ کراچی میں ہونے کی صورت میں جانشین امیر اہل سنت مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی بروز بدھ اور اتوار کے دن عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں عصر تا مغرب عام ملاقات فرماتے ہیں۔ اس موقع پر نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک سے آئے ہوئے اسلامی بھائی بھی شامل ہوکر جانشین امیر اہل سنت مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی کی صحبت کا فیض پاتے ہیں ۔