دعوت اسلامی کے زیر اہتمام 15 مئی 2021ء کی شب  عالمی مدنی مرکز فیضان کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے مدنی پھول ملاحظہ کیجئے

سوال : ماہِ رمضان میں مساجدبھرجاتی ہیں مگررمضان کے بعد نمازیوں کی تعداد کم ہوجاتی ہے ،تعدادکم نہ ہواس کے لیے کیاکرناچاہئے ؟

جواب : رمضان شریف میں نئے نمازیوں پر کوشش کی جائے تاکہ وہ پکے نمازی بن جائیں ،نمازیوں کی تعدادبرقراررہے اس کے لیےدعابھی کریں ، مکتبۃ المدینہ کی کتاب ”فیضانِ نماز“ کا درس بڑھا دیں ، ماہ ِرمضان میں جو آتے تھے ،دعوتِ اسلامی والے ان سے ملاقات کریں ،انفرادی کوشش کریں ،اس سے فائدہ ہوگا۔

سوال : ہمیں گھر کہاں لینا چاہئے ؟

جواب: گھروہاں لینا چاہئے( اگرچہ کچھ مہنگاملے) جہاں ایسی مسجد ہوجس میں دُرُودوسلام پڑھا جاتاہو،میں چھ ماہ کی عمرسے ایسی مسجدکے قریب رہتا تھا جس میں دُرُودوسلام پڑھا جاتاتھا ۔

سوال: کیا ادب علم سیکھنےسےآتاہے ؟

جواب: ادب کے ساتھ ساتھ علم ِدین ہونا یہ بہت مفید ہے بلکہ کچھ علم یا اس کی کچھ مقدارکا ہونا توضروری ولازمی ہی ہے ،’’ادب‘‘ علم کا نورہے بغیرادب علم کی نورانیت حاصل نہیں ہوتی ، جوجتنا ادب کرے گا اس کا فیضان پائے گا۔اعلیٰ حضرت امام احمدرضاخان رَحْمَۃُ اللہ عَلَیْہ ”فتاویٰ رضویہ‘‘ میں ارشاد فرماتے ہیں: ’’وَلَادِیْنَ لِمَن لَّااَدَبَ لَہٗ یعنی:  جوباادب نہیں اس کاکوئی دین نہیں ۔ ‘‘  (فتاویٰ رضویہ  28 /158 )

سوال : نزلہ ہوتو کیا کرناچاہئے ؟

جواب: نزلہ ہوجائےتو دوالےکراسےروکنا نہیں چاہئے،بلکہ نکلنے دیناچاہئے،اس سے کئی بیماریاں نکل جاتی ہیں، بلغم جمع ہوگیا ہوتو اس کا حل یہی ہے کہ نکل جائے، نزلے کو فوراًروکنے سے گلےاورسرپراٹیک ہوسکتاہے ،مَیں عموماً اس کو روکنے کے لیے دوانہیں لیتا،اس کی شدت کوتوڑنے کے لیے کبھی کبھار دیسی دوالے لیتاہوں ورنہ دودن میں یہ خودہی ٹھیک ہوجاتاہے۔

سوال:میری چھوٹی سے دُکان ہے گاہگ کم آتےہیں رزق میں برکت کا کوئی وظیفہ بتادیجئے ؟

جواب: یَااللہُ سات سوچھیاسی(786) باربعدِجمعہ لکھ لیجئے ،یا کسی سےلکھوالیجئے،اس تحریر کو مکان یا دُکان میں رکھنے سے رز ق میں برکت ہوگی۔ان شآءاللہ الکریم