اللہ پاک کے آخری نبی مکی مدنی،محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کے مبارک دور سے لے کر آج کے اس پرفتن دور تک امت مسلمہ میں اپنے پیاروں کے دنیا سے جانے کے بعد ان کو سکون و آرام پہنچانے کے لئے تلاوت قرآن، امداد فقراء، مدارس و مساجد کی کفالت وغیرہ وغیرہ نیک افعال بجا لانے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ جسے "ایصال ثواب" کا نام دیا گیا ہے۔

لہذا "ماہانہ فیضان مدینہ" کے پڑھنے والوں کے لئے ایصال ثواب کے 5 ایسے طریقے بیان کیے جاتے ہیں جن کے ذریعے آپ اپنے مرحومین کے لئے راحت و سکون کا باعث بن سکتے ہیں۔ چنانچہ :

پہلا طریقہ :ممکن ہے کہ کبھی آپ کا گزر روڈ سے ہوا اور آپ کسی نابینا کو سڑک پار کرنے کی تگ و دو میں دیکھے تو خود سے آگے بڑھیے اور اپنے جس مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے چاہے بنیت ایصال ثواب اس نابینا کو سڑک پا رکروا دیں۔

دوسرا طریقہ: اگر آپ طالب علم ہیں اور اپنے اسباق کو اچھے انداز میں سمجھ بھی لیتے ہیں تو اپنے اردگرد نظر گھمائیں ممکن ہے کہ آپ کے اردگرد کوئی ایسا طالب علم ہو جسے اسباق کو سمجھنے میں پریشانی ہوتی ہو تو ہمت کرے آگے بڑھے اور اسے اسباق سمجھائے کیونکہ ممکن ہے کہ اگر آپ مستقبل میں کچھ نہ بھی بن سکیں مگر آپ نے جسے اسباق سمجھائے وہ کچھ بن کر آپ کے لئے ایصال ثواب کا سبب بنے۔

تیسرا طریقہ: اگر اللہ پاک نے آپ کو اچھا بڑا کاروبارعطا فرمایا ہے اور آپ اس بات کی استطاعت رکھتے ہیں کہ آپ کسی چھوڑے ہوئے کاروباری شخص کی مدد کر دے تو دیر نہ کریں ۔اس سے پہلے کہ سانس بند ہوجائے اور یہ سنہری موقع ہاتھ سے نکل جائے آگے بڑھ کر اس پریشانی میں گھرے شخص کی مالی یا ذہنی مدد کر کے اپنے ایصال ثواب کا ذریعہ بنائیں کہ جب تک وہ آپ کی دی ہوئی مدد سے رزق حلال کما کر اپنے اردگرد لوگوں کی کفالت کرے گا اس میں آپ کے لئے بھی ثواب یقینا رہے گا۔

چوتھا طریقہ: آپ کسی مسجد کے امام ہیں تو اردگرد نظر شفقت سے دیکھیں کوئی علم کا پیاسا نظر آئے تو آگے بڑھ کر اسے علم دین سے مزین کریں کیونکہ حدیث پاک کے مطابق ایسا علم جس سے فائدہ اٹھایا جاتا رہے گا وہ نہ ختم ہونے والے ایصال ثواب کا ذریعہ ہے۔

پانچواں طریقہ: زندگی میں جب کبھی اللہ پاک شادی جیسی عظیم سنت کی ادائیگی کی سعادت نصیب فرمائے اور اولاد کی نعمت سے بھی سرفراز فرمائے تو اپنی اولاد کو نیک بنائیں، قرآن پڑھائیں ،عالم بنائیں، حافظ بنائیں اور اس کو ایسی نیک تربیت کرے کہ وہ آپ کے اس دنیا سے جانے کے بعد آپ کو اپنی دعائے خیر میں یاد رکھے۔

اللہ پاک ہمیں بیان کردہ طریقوں کے مطابق اپنے اور اپنے پیاروں کے لئے ایصال ثواب کرنے کی سعادت نصیب فرمائے۔اٰمین یا رب العالمین