رمضان المبارک کے بعد
شوال المکرم میں چھ نوافل روزے رکھنے کے متعلق احادیث پاک میں خوشخبریاں سنائی گئیں ہیں۔
اسی سلسلے میں امیر
اہلِ سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے اپنے آڈیو
پیغام کے ذریعے عاشقان رسول کو شوال المکرم میں چھ روزے نوافل رکھنے کی ترغیب
دلائی ہے اور اس کی فضیلت بیان کرتے ہوئے
روزے والے اور والیوں کو اپنی دعاؤں سے نوازا۔
پیغام عطار!
شش
عید کے روزوں نے بگڑی بنادی
فیضان رمضان کے پیج
نمبر395کی حکایات کو اپنے انداز میں بیان کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔
حضرت سیدنا سفیان ثوری
رحمۃ اللہ عنہفرماتے ہیں ایک بار میں تین سال مکہ مکرمہ میں
رہا ۔ مکہ شریف میں رہنے والےایک صاحب سےمیری بڑی محبت ہوگئی، بڑے نیک تھے۔آخر کار
وہ سخت بیمار ہوئے، میں عیادت کے لئے حاضر ہواتو انہوں نے وصیت کی کہ جب میرا
انتقال ہوجائےتواپنے ہاتھوں سے غسل دیجئے گا، میری نماز جنازہ بھی ادا کیجئے گا
اور مجھے دفن کے بعد تنہا مت چھوڑیئے گا، ساری رات میرے قبر پر رہیئے گااور مجھے
تلقین بھی کیجئے گا۔میں نے حامی بھر دی چنانچہ ان کے انتقال کے بعد وصیت پر عمل کی،
قبرکے پاس حاضر تھاکہ آنکھ لگ گئی۔ غیب سےآواز آئی اے ! ” سفیان اب اس کو تمہاری
تلقین اور تمہارے ساتھ (یعنی کمپنی) کی کوئی حاجت نہیں، ہم نے خود ہی اس کو اُنس
دیا اور تلقین کی تو میں اُس آواز سے پوچھاکہ اس کو کس عمل کے سبب یہ مقام ملا؟آواز
آئی! ”رمضان المبارک اور اس کے بعد شوال المکرم کے چھ روزے رکھنے کی برکت سے“
حضرت سیدنا سفیان ثوری رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ فرماتے ہیں ایک رات میں نے یہی خواب تین بار
دیکھا،میں اللہ پاک کی جناب میں عرض کی! ”مولائے کریم مجھے بھی اپنے فضل و کرم سےان
روزوں کی توفیق عطار فرما“
اے
عاشقانِ رسول! شوال المکرم 1442ھ جاری ہے، چھ روزے رکھ لیجئے! روز رکھنا ضروری نہیں ہے، وقفے وقفے سے رکھ
لیجئے،پورے مہینے میں چھ رکھنے ہوتے ہیں۔ نفل روزے کی فضیلت میں آتا ہے،”جس نے ماہ رمضان المبارک کے
روزےرکھے، پھر شوال کے چھ روزے رکھےتو وہ
گناہوں سے ایسا پاک ہوجاتا ہے جیسا کہ اس کی ماں نے آج ہی جنا ہو“ اور ایک روایت
کے مطابق اس کو پورے سال کے روزوں کا ثواب رہتا ہے کہ رمضان شریف کے روزے رکھے، چھ
شوال کے رکھےتو ایسا ہے جیسے پورے سال کے روزے رکھے، سبحان اللہ ہمت کیجئے اور روزے رکھئے، میرے مدنی بیٹے اور مدنی
بیٹیوں! اپنی کارکردگی دعوت اسلامی کے شعبہ اصلاح اعمال کو پہنچائیے۔ میں اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ شوال المکرم کے
مدنی مذاکروں میں ہر ہفتے مدنی چینل پر کارکردگی کا اعلان کرتا رہوں گا اور ذیقعد
ۃ الحرام کے پہلے ہفتے ہونے والے مدنی مذاکرے میں مدنی چینل پر سارے مہینے کے شش عید کے روزے رکھنے والوں کی تعداد کا بھی
عرض کردونگا کہ شوال المکرم میں کتنے عاشقان رسول میرے مدنی
بیٹوں اور بیٹیوں نے روزے رکھے۔ اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ ۔ اللہ ہم سب کو سلامت رکھے۔ آمین
دعائے عطار
یا اللہ پاک
جس نے ماہ رمضان شریف کے روزے رکھے اور شوال المکرم کے چھ روزے نفل کے رکھے۔ اس پہلے اس کو موت نہ دینا جب تک تیرے
محبوب صلَّی
اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم اسے اپنا جلوہ نہ دکھا دیں ، یا اللہ پاک
انہیں برے خاتمے سے بچانااور ایمان پر دنیا سے اٹھانا، وقت آخر کلمۂ پاک نصیب
کرنا۔ اٰمِیْن
بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی
اللہُ علٰی محمَّد