دوست کہنے کو یہ صرف ایک لفظ ہے لیکن دیکھا جائے تو ہماری زندگی کا ایک حصہ اس پر مشتمل ہوتا ہے۔ ہر شخص کا زندگی میں کوئی نہ کوئی دوست ہوتا ہے۔پھر دوست اچھے بھی ہوتے ہیں اور برے بھی ۔لیکن اچھے دوست اللہ پاک کی بڑی نعمت ہیں ۔جس طرح والدین اور اولاد کے کچھ حقوق ہوتے ہیں اسی طرح دوست کے بھی کچھ حقوق ہوتے ہیں ان میں سے چند ذکر کئے جا رہے ہیں:

(1) ذکر اللہ کی ترغیب : دوست کے حقوق سے ہے کہ وہ اپنے دوست کو ذکر اللہ کی ترغیب دلائے کہ صحابہ کرام نے عرض کی:یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کون سا ساتھی اچھا ہے؟ارشاد فرمایا: اچھا ساتھی وہ ہے کہ جب تو خدا کو یاد کرے تو وہ تیری مدد کرے اور جب تو بھولے تو وہ یاد دلائے۔ (رسائل ابن ابی الدنیا،کتاب الاخوان،باب من امر بصحبتہ و رغب فی اعتقاد موددتہ،161/8،حدیث:42)

(2) بری صحبت و گناہ سے روکنا:دوست کے حقوق سے ہے کہ وہ اسے بری صحبت سے روکے کیونکہ بسا اوقات یہ صحبت گمراہ کردیتی ہے کہ اللہ پاک کا فرمان ہے: ﴿ یٰوَیْلَتٰى لَیْتَنِیْ لَمْ اَتَّخِذْ فُلَانًا خَلِیْلًا(۲۸) لَقَدْ اَضَلَّنِیْ عَنِ الذِّكْرِ بَعْدَ اِذْ جَآءَنِیْؕ-وَ كَانَ الشَّیْطٰنُ لِلْاِنْسَانِ خَذُوْلًا(۲۹)﴾ ترجمۂ کنزُالعِرفان: ہائے میری بربادی! اے کاش کہ میں نے فلاں کو دوست نہ بنایا ہوتا، بےشک اس نے مجھے بہکادیا میرے پاس آئی ہوئی نصیحت سے اور شیطان آدمی کو بے مدد چھوڑ دیتا ہے ۔ (پ19،الفرقان :28)

(3) راز داری کرنا: دوست کے حقوق سے ہے کہ اس کے راز کو چھپائے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:دو شخصوں کا آپس میں بیٹھنا امانت ہے ان میں سے کسی کےلئے حلال نہیں کہ اپنے ساتھی کی ایسی بات (لوگوں کے سامنے) ظاہر کرے جس کا ظاہر ہونا اسے پسند نہ ہو ۔ (الزہد لابن المبارک، باب ما جاء فی الشح، ص 240 ، حدیث 4880)

(4) بہترین مشورہ دینا:دوست کے حقوق سے ہے کہ اگر وہ کسی چیز کہ بارے میں مشورہ مانگے تو وہ بہترین مشورہ دے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے:جو اپنے بھائی کو جان بوجھ کر غلط مشورہ دے تو اس نے اپنے بھائی کے ساتھ خیانت کی۔(ابو داؤد،ج 3 ،ص 449 ،حدیث:3657)

(5) مدد کرنا :دوست کے حقوق سے ہے کہ وہ مشکلات میں اس کی مدد کرے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے: تم میں سے جو کوئی اپنے بھائی کو نفع پہنچا سکتا ہے تو اسے نفع پہنچائے ۔(مسلم،ص 931،حدیث:5731) اللہ تعالی ہمیں بہترین دوست عطا فرمائے اور ہمیں دوسروں کے لئے بہترین دوست بننے کی توفیق دے۔(آمین)