گزشتہ رات مدنی چینل پر رات 9 بجے سلسلہ دِلوں کی راحت لائیو نشرکیا گیا جس میں  بانی ِ دعوتِ اسلامی مولانا محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ،جانشینِ امیر اہلِ سنت مولانا عبید رضا عطاری مدنی مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی، نگرانِ شوریٰ مولانا محمد عمران عطاری مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی، رکنِ شوریٰ مولانا محمد عبدالحبیب عطاری اور یوکے سے ڈاکٹر زیرک عطاری نے شرکت کی۔

امیر اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ سے ایک سوال کیا گیا کہ کیا آپ کی کسی جن سے ملاقات ہوئی ہے؟ اس سوال کا جواب ارشاد فرماتے ہوئے امیر اہلِ سنّت نے اپنی زندگی کے کئی واقعات بیان کئے۔رکنِ شوریٰ مولانا عبدالحبیب عطاری نے پوچھا کہ بعض لوگ کہتے ہیں جنات کا نام نہیں لینا چاہیئے وہ آجاتے ہیں، اس کی کیا حقیقت ہے؟ امیر اہلِ سنت نے فرمایا کہ جنات سے ڈرنا نہیں چاہیئے، اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ غوث پاک کا سایہ ہمارے سر پر موجود ہے۔ویسے بھی ہر شخص کے ساتھ ایک جن ہر وقت موجود ہوتا ہے۔

مولانامحمد عمران عطاری نے کہا کہ ہم اپنے آپ کو اچھے کاموں میں مصروف کرلیں تو اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ بہت سی ٹینشنوں سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔ خبریں سن سن کر اپنے آپ کو پریشان کرنے کے بجائے اپنی دینی مصروفیات بنالیں، ممکن ہے کہ گھر کے بعض کام ایک عرصے سے آپ کی فراغت کے منتظر ہوں ان کاموں کو نمٹالیں۔

مولانا عبدالحبیب عطاری کا کہنا تھا کہ چھٹی کے ان ایام میں ہمیں دین کا علم سیکھنے اور قرآن کی تلاوت کرنے کا زیادہ موقع مل سکتا ہے۔ دعوتِ اسلامی آپ کو آن لائن کورسز کی آفر کر ہی چکی ہے۔ ان کورسز میں داخلہ لیں اور اپنی علمی گروتھ کریں۔ رکنِ شوریٰ نے مزید کہا کہیں ایسا نہ ہو کہ ہم کرونا کی وبا سے بچ کر گھر میں بیٹھیں اور گناہوں کی وبا گھر میں پال لیں۔