دھوکے کی تعریف: نفس کا اس پر ٹھہر جانا،
جو خواہش نفس کے مطابق ہواور شیطانی شبہات اور فریب کے باعث طبیعت اس طرف مائل ہو،
دھوکا کہلاتا ہے۔
کھوئی ہوئی چیز وہیں سے مل
جاتی ہے، جہاں وہ گمی تھی، سوائے اعتبار(اعتماد)کے، کیونکہ جس شخص کا اعتبار ایک
مرتبہ ختم ہوجائے، دوبارہ مشکل ہی سے قائم ہوتا ہے، اعتبارختم ہونے میں اہم کردار
دھو کے کا بھی ہے، جب ہم کسی سے جان بوجھ کر غلط بیانی کریں گے یاگھٹیا چیز کوعمدہ
بول کر اسے بے وقوف بنانےکی کوشش کریں گے تو حقیقت سامنے آنے پر وہ دوبارہ کبھی بھی
ہم پر بھروسا کرنے کے لئے تیار نہیں ہوگا۔
فی زمانہ جن دوستوں، گھرانوں، تاجروں وغیرہ میں اعتبارکارشتہ مضبوط ہے، وہ سکھی اور جنہیں
کسی نے دهوکادیا، وہ دُکھی دکھائی دیتے ہیں،
دھوکا دینے والے سے اللہ پاک اور حضور علیہ الصلوة والسلام نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔
فرامینِ مصطفیٰ:
1۔ مَنْ غَشَّنَا فَلَیْسَ مِنَّا۔جس
نے ہمارے ساتھ دھوکا کیا، وہ ہم میں سے نہیں۔(مسلم،
ص45، حدیث 101)علا مہ عبدالرؤف مناوی رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں:کسی چیز کی ( اصلی
) حالت کو پو شده رکھنادھوکا ہے۔(فيض القدير، ج 4، ص 240، تحت الحديث 8879)
2۔ مؤمن ایک دوسرے کے لئے خیرخواہ ہیں اور ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں،
اگرچہ ان کے گھر اور بدن دور ہوں اور فاسق لوگ ایک دوسرے کو دھوکا دینے والے اور خیانت
کرنے والے ہیں، اگرچہ ان کے گھر اور بدن قریب ہی ہوں۔(الترغيب والترهيب، کتاب البیوع،
الترہيب من الغش۔۔الخ، الحديث 2750 ،
ج 2 ص 368 )
3۔ جس نے کسی مسلمان کو نقصان پہنچایا، اسے فریب(دهوکا) دیا تو وہ
ملعون(لعنت کیا گیا)ہے۔(ترمذی، 378/3،حدیث 1948)
4۔ دھوکا دینے والاجنت میں داخل نہ ہو گا۔(المسندلامام احمدبن حنبل،
مسندابی بکر الصدیق، الحدیث 32، ج 1، ص 27 )
اس حدیث مبارکہ میں جنت میں داخل نہ ہونے سے مراد ابتداء میں داخل ہونا ہے۔
5۔ جس نے ملاوٹ کی، وہ ہم میں سے نہیں اور مکر اور دھوکا دینے والا
جہنم میں ہے۔(المعجم الکبیر، ج5، ص833، ح8831)
دھو کا دینے والوں کو یاد
رکھنا چاہئے کہ ایک دن وہ بھی آئے گا، جب انہیں دنیا سے رخصت ہونے کے بعد ہی کرنی
کا پھل بھگتنا ہوگا، چنانچہ حسابِ آخرت سے بچنے کے لئے یہیں دنیامیں سچی توبہ کرکے
اپنا حساب بے باک کر لیں کہ جس جس کی رقم ہتھیائی ہے، اس کو واپس کریں یا معاف
کروالیں، اگر وہ زندہ ہو تو اس کے وارثوں
کو ادائیگی کریں یامعاف کروا لیں۔
اللہ کریم ہمیں دھوکا دینے اور دھوکا کھانے سے بچائے۔اللهم آمین