دنیا میں ہر انقلاب کے پیچھےکوئی نہ کوئی شخصیت ہوتی ہےاور وہ اس  انقلاب کے بارے میں غوروفکر کے بعد اس کے لئےعملی اقدام اٹھاتی اور ایک منظم تحریک وتنظیم بنانے کی کوشش کرتی ہے جس کے ذریعے وہ دنیا میں ایک انقلابی شخصیت کے لقب سےمشہور ہوجاتی ہےایسے ہی 15 صدی کی ایک شخصیت جس نےمسلمانوں کی اصلاح،ان کے دل میں خوف خدا و عشق مصطفے کی شمع بیدا رکرنے اور نیکی کی دعوت کے ذریعے لوگوں کے اعمال وکردار کو سنوارنے کے انقلاب کے بارے میں سوچا ،کیونکہ یہ اس امت کا وصف ہے کہ ان میں لوگوں کو نیک بنا نے اور گناہوں سے بچانے کا جذبہ ہےاوریہ قدرت خداوندی کا خاص عطیہ ہے رب کریم نے اپنے پاکیزہ کلام میں اسی وصف کے ذریعے اس امت کو بہترین امت قرار دیا۔

اسی جذبہ کے تحت 15 صدی کی ایک عظیم شخصیت نے باقاعدہ ایک تحریک کی بنیاد ڈالی جو اللہ پاک کے فضل و کرم اور پیارےرسول کی خاص نظر عنایت سے نہ صرف پاکستان میں بلکہ دنیا بھرمیں لوگوں کی اصلاح کاذریعہ بنی ، کئی لوگوں کو نماز، روزے اور دیگر ضروریاتِ دین پر عمل کرنے کا ذہن دیا،یقینا یہ پڑھ کر آپ کے ذہن میں 15 صدی کی علمی و روحانی شخصیت قبلہ شیخ طریقت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری رضوی دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کا اور ان کی بنائی ہوئی تحریک دعوت اسلامی کا نام آیا ہوگا ۔

اللہ پاک کے فضل و کرم سے اس تحریک نے دین متین کا اس قدر کام کیاکہ ہماری آنے والی نسلیں بھی ان پر رشک کریں گی ،سال 2021 میں ان کے بنائے ہوئے جامعۃ المدینہ سے کم و بیش ایک ہزار نوجوان عالم ِ دین بنے، اس کےعلاوہ دعوت اسلا می کے مدرسۃ المدینہ سے سالانہ سینکڑوں بچے حفظ قرآن اور ہزاروں ناظرہ قرآن پڑھنے کی سعادت حاصل کرتے ہیں مزید یہ کہ دعوت اسلامی کے دیگر شعبہ جات مثلا ًالمدینۃ العلمیہ جس میں تحریروتصنیف کا کام ہوتا ہے اور مدنی چینل جو گھر گھر لوگوں کی اصلاح کا سبب بن رہا ہے اور شعبہ خدّام المساجد جو سالانہ کئی مسجدوں کی تعمیراتی کام کروارہا ہے سب کی مثالیں اپنی جگہ ہیں ۔

ہرعقل مند انسان یہ جانتاہے کہ فی زمانہ ایک چھوٹے ادارے اور تحریک کو چلانے کے لئے کتنےاخراجات کی ضرورت پڑتی ہے توپھر یہ تحریک جو دنیا بھر میں نیکی کی دعوت عام کر رہی ہے ، امت کو علماء ،حفاظ مہیاکر رہی ہے اس کے کتنے اخراجات ہوں گے یقینا کروڑوں میں ہوں گے،ان اخراجات کو پورا کرنے کے لئے ہم سب کی دعوت اسلامی 7 نومبر 2021 بروز اتوار ”ٹیلی تھون “مہم کرنے جارہی ہے، یعنی دعوت اسلامی اپنے مدارس، جامعۃ المدینہ اور کنزالمدارس بورڈ کے جملہ اخراجات کے لئے فنڈِنگ کرنے جارہی ہے۔

دین کا علم حاصل کرنے والوں کی خدمت کرنا اور ان کے لئے چندہ جمع کرنا ہمارے پیارے آقا صلّی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسَلّم کی سنّتِ مبارکہ ہے ،کتبِ احادیث میں ایسی روایات ملتی ہیں، جن میں پیارے آقا صلّی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسَلّم نے اصحابِ صُفّہ کی خیر خواہی کرنے اور صحابۂ کرام کو ان کی خدمت کرنے کی ترغیب دلائی ہے، ویسےبھی حدیثِ مبارکہ میں اللہ کریم کی راہ میں صدقہ کرنے کے بے شمار فضائل وبرکات ہیں ، مثلاً صدقہ برائی کے 70 دروازے بند کرتا ہے۔ ([1])صدقہ کرنے والوں کو صدقہ قبر کی گرمی سے بچاتا ہے۔ ([2]) صدقہ رب کے غضب کو بجھاتا اوربُری موت کو دفع کرتا ہے۔ ([3]) مسلمان کا صدقہ عمر بڑھاتا اور بُری موت کو روکتا ہے۔ ([4]) لہٰذا آپ بھی اپنے علاقے کےذمہ دار اسلامی بھائیوں کے ذریعے دعوت اسلامی کے ساتھ تعاون کریں اور دنیا و آخرت کی بھلائیں حاصل کریں ۔اللہ کریم قبلہ شیخ طریقت ،امیر اہل سنت اور دعوت اسلامی کو شادو آباد رکھے اور اس مہم میں حصہ لینے والوں اور چندہ دینے والوں ، اکھٹا کرنے والوں، سب کواپنے پیارے حبیب کے روزے کے حاضری اور باادب حج کی سعادت عطا فرمائے ۔ آمین

از:مولانا عبدالجبارعطاری مدنی

ذمہ دار : شعبہ رسائل دعوت اسلامی



[1]معجم کبير ، 4/274، حديث:4406

[2] شعب الايمان ،3/212، حديث:3347

[3] ترمذی، 2/ 146، حديث:664

[4] معجم کبير ،17/22، حديث:31