(یہ مضمون امیراہلسنت
اورمفتی فضیل صاحب کے پیغام کی روشنی میں ضروری ترمیم کے ساتھ تیارکیاگیاہے)
عاشقانِ رسول کی مدنی تحریک،”دعوتِ اسلامی“ کے
اہم ترین شعبے”دارالافتاء اہلسنت“کے مفتی فضیل عطاری صاحب مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی نے امیراہلِ
سنت دَامَتْ
بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کو16جُمادی الاولیٰ 1442ھ یہ خوشخبری سُنائی کہ دار
الافتاء اہلسنت(حیدر آباد،سندھ)کے ناظم، مولانا محمد سرفراز مدنی گزشتہ چھ سال سے
اپنی خدمات پیش کررہے ہیں، اَلْحَمْدُ لِلّٰہ!اِن کی بہترین کارکردگی پر اِن کو سینئرمتخصص (مُتَ۔ خَصْ۔
صِصْ) کا درجہ (گریڈ)دے دیا گیاہے۔شیخِ طریقت،امیراہلِ
سنت حضرتِ علامہ مولانا محمد الیاس عطارقادری رضوی ضیائی دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے اپنے
”مدنی بیٹے“کومبارکباد اوردُعاؤں سے نوازتے ہوئے کچھ یوں نصیحتیں
اِرشادفرمائیں:
اللّٰہ کرے!آپ
کے ذریعے اُمت کی خوب خدمت سر انجام پائے۔پیارے بیٹے!لوگوں سے اُن کی عقلوں
کے مطابق آسان اَنداز میں گفتگو فرمائیے،یہ ذہن بنائیے کہ ہمارا مقصد لوگوں کے
دِلوں میں اپنی علمیّت کا رُعب جمانا نہیں صِرف دینی ”بات“سمجھانا
ہے،دارالافتاء اہلسنت میں جو لوگ آپ سے شرعی مسائل پوچھنے آئیں گے،آپ اُن سے ایسی
گفتگو کیجئے جس سے اُن کو وحشت نہیں، اُنسیت حاصل ہواوروہ عُلَماءِ کرام کے مزید
قریب آئیں۔ اللّٰہ پاک
آپ کو خوب برکتیں عطافرمائے۔
پیارے بیٹے! چونکہ آپ کی ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے، اِس لئے اَب
اپنا نجی مطالعہ(Personal Study)اوربڑھائیے،جتنا مطالعہ کرتے رہیں گے، اُتنے
فقہی اُصول وقواعداورشرعی مسائل پختہ (یعنی مضبوط)ہوں گے۔ اَلْحَمْدُ
لِلّٰہ!میں نے فتاویٰ رضویہ اور
بہارِ شریعت کے کئی ایسے صفحات ہوں گے جن کے متعلق اگر مبالغہ کروں توشاید سوسوبار
پڑھے ہوں گے،آپ بھی بار بار شرعی مسائل کا مطالعہ کرتے رہیے۔ میرے لئے بھی دُعائے
برکت کیجئے، میں بھی آپ کے لئے دُعائے برکت کرتاہوں،اَلْحَمْدُ
لِلّٰہ!آپ کی ترقی سے مجھے خوشی
ہوئی، اللّٰہ پاک آپ کو جنت الفردوس میں بے حساب داخلہ دے کر
خوش کردے۔ اپنی دعوتِ اسلامی کا دینی کام بھی کرتے رہئے گا۔