1۔ مثالی کردار بنیں: بچوں کی سب سے بڑی درسگاہ والدین ہیں۔ جب آپ اچھے اخلاق، ایمانداری، اور محنت کو اہمیت دیں گے، تو بچے خود بخود آپ سے سیکھیں گے۔

2۔ محبت اور توجہ دیں: بچوں کو محبت اور توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر آپ اپنے بچے کے ساتھ وقت گزارتے ہیں اور اس کی باتوں کو اہمیت دیتے ہیں، تو وہ آپ سے قریب ہوں گے اور آپ کی باتوں پر زیادہ توجہ دیں گے۔

3۔ حدود اور اصول مقرر کریں: بچوں کے لئے واضح حدود اور اصول بنانا ضروری ہے تاکہ انہیں یہ سمجھ آئے کہ کون سے سلوک درست ہیں اور کون سے غلط۔

4۔ مثبت حوصلہ افزائی: جب بچہ اچھا کام کرے، تو اس کی تعریف کریں۔ اس سے بچے کی خود اعتمادی بڑھتی ہے اور وہ مزید بہتر کوشش کرتا ہے۔

5۔ سزا اور انعام کا توازن: غلط کام پر مناسب سزا اور اچھے کام پر انعام دینا ضروری ہے۔ اس سے بچے میں مثبت تبدیلی آتی ہے اور وہ اپنی غلطیوں سے سیکھتے ہیں۔

6۔ ان کے ساتھ بات چیت کریں: بچوں کے ساتھ کھل کر بات کریں، ان کی مشکلات اور خیالات کو سمجھیں۔ اس سے آپ ان کی ذہنی حالت اور ضرورتوں کو بہتر سمجھ سکیں گے۔

7۔ تعلیمی اور اخلاقی تربیت: صرف تعلیمی ترقی نہیں بلکہ اخلاقی تربیت پر بھی توجہ دیں۔ بچوں کو ایمانداری، درگزر، اور دوسروں کے ساتھ حسن سلوک سکھائیں۔

8۔ معمولات کا تعین کریں: ایک نظم و ضبط والا دن بچوں کو بہتر سلیقے سے زندگی گزارنے میں مدد دیتا ہے۔ بچوں کو وقت کی پابندی سکھائیں اور انہیں ذمہ داری کا احساس دلائیں۔

9۔ فالتو وقت کی نگرانی: بچوں کو فالتو وقت میں ایسی سرگرمیوں میں مشغول رکھیں جو ان کی ذہنی، جسمانی اور اخلاقی نشوونما کے لئے مفید ہوں۔

10۔ صبر اور تحمل: اولاد کو سدھارنے میں وقت لگتا ہے، اس لئے صبر سے کام لیں اور تحمل کے ساتھ بچوں کی تربیت کریں۔

اولاد کی تربیت اور سدھار کے لیے قرآن اور حدیث میں بہت سی ہدایات دی گئی ہیں۔ ان ہدایات کو اپنانے سے بچوں کی اچھی تربیت ممکن ہے۔ یہاں کچھ اہم نکات پیش کی جا رہی ہیں جو قرآن اور حدیث کی روشنی میں اولاد کو سدھارنے کے طریقے ہیں:

1۔ محبت اور شفقت: اللہ تعالیٰ نے قرآن میں والدین کو اپنی اولاد کے ساتھ محبت، شفقت اور ہمدردی کا سلوک کرنے کی ہدایت دی ہے۔ قرآن میں ہے: وَ قَضٰى رَبُّكَ اَلَّا تَعْبُدُوْۤا اِلَّاۤ اِیَّاهُ وَ بِالْوَالِدَیْنِ اِحْسَانًاؕ-اِمَّا یَبْلُغَنَّ عِنْدَكَ الْكِبَرَ اَحَدُهُمَاۤ اَوْ كِلٰهُمَا فَلَا تَقُلْ لَّهُمَاۤ اُفٍّ وَّ لَا تَنْهَرْهُمَا وَ قُلْ لَّهُمَا قَوْلًا كَرِیْمًا(۲۳) (پ 15، الاسراء: 23) ترجمہ: اور تیرے رب نے فیصلہ کر لیا ہے کہ تم صرف اسی کی عبادت کرو اور والدین کے ساتھ حسن سلوک کرو۔ اگر تمہارے پاس ان میں سے کوئی ایک یا دونوں بڑھاپے کو پہنچ جائیں تو انہیں اف تک نہ کہنا اور نہ انہیں ڈانٹنا، بلکہ ان کے ساتھ احترام کے ساتھ بات کرنا۔

اس آیت سے واضح ہے کہ والدین کو اپنے بچوں کے ساتھ محبت اور نرم سلوک سے پیش آنا چاہیے، خاص طور پر جب وہ بڑھاپے کی حالت میں ہوں۔

2۔ تعلیم و تربیت: اولاد کی بہترین تربیت میں تعلیمی اور اخلاقی دونوں پہلو شامل ہیں۔ حدیث میں بھی بچوں کی تعلیم کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے: تم میں سے ہر شخص راع ہے اور ہر شخص سے اپنی رعیت کے بارے میں سوال کیا جائے گا۔ (بخاری، 1/309، حدیث: 893)

اس حدیث میں والدین کو اپنی اولاد کی تربیت اور ان کے اخلاق و کردار کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

3۔ سزا اور انعام: والدین کو اپنی اولاد کی تربیت میں توازن پیدا کرنا چاہیے، یعنی اچھے کاموں پر انعام اور غلط کاموں پر مناسب سزا دینی چاہیے۔ یہ دونوں طریقے بچوں کی تربیت کے لیے ضروری ہیں: جس شخص نے اپنے بچوں کو اچھی تربیت دی اور انہیں ادب سکھایا، وہ جنت میں داخل ہو گا۔

اس حدیث سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ بچوں کو اچھے اخلاق سکھانا اور ان کی تربیت کرنا والدین کی ذمہ داری ہے، اور یہ عمل بچے کے لیے دنیا و آخرت میں فائدہ مند ہو گا۔

4۔ صبر اور تحمل: اولاد کی تربیت میں صبر بہت ضروری ہے، کیونکہ بچوں کی تربیت ایک مسلسل عمل ہے۔ قرآن اور حدیث دونوں میں صبر کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔ قرآن میں ہے: یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اسْتَعِیْنُوْا بِالصَّبْرِ وَ الصَّلٰوةِؕ-اِنَّ اللّٰهَ مَعَ الصّٰبِرِیْنَ(۱۵۳) (پ 2، البقرة: 153) ترجمہ: اے ایمان والو! صبر اور نماز کے ذریعے اللہ کی مدد لو، اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔

اس آیت میں صبر کا ذکر ہے جو والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کی تربیت میں صبر سے کام لیں، کیونکہ تربیت کا عمل فوری نہیں ہوتا۔

5۔ دعاؤں کا اثر: والدین کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی اولاد کے لیے دعائیں کریں۔ قرآن و حدیث میں والدین کی دعاؤں کا بہت اثر بتایا گیا ہے: جب والدین اپنی اولاد کے لیے دعا کرتے ہیں تو اللہ تعالیٰ ان کی دعاؤں کو قبول کرتا ہے۔

اس سے واضح ہے کہ والدین کو اپنی اولاد کے لیے دعا کرنی چاہیے، تاکہ اللہ ان کی ہدایت اور کامیابی کے لئے مدد فراہم کرے۔

6۔ پیدائش سے قبل اچھی منصوبہ بندی: اولاد کی تربیت صرف ان کے پیدا ہونے کے بعد ہی نہیں بلکہ اس سے پہلے بھی شروع ہو جاتی ہے، جیسے کہ نیک زوجہ کا انتخاب اور والدین کا کردار: تمہاری دنیا میں بہترین چیز تمہاری نیک بیوی ہے۔ (مسلم، ص 595، حدیث: 3643)

اس حدیث میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ اچھا خاندان اور نیک بیوی بچوں کی تربیت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

نیک اولاد اللہ پاک کا عظیم انعام ہے۔اولاد صالح کے لئے اللہ کے پیارے نبی حضرت زکریا علیہ السلام نے بھی دعامانگی۔ چنانچہ قرآن پاک میں ہے: رَبِّ هَبْ لِیْ مِنْ لَّدُنْكَ ذُرِّیَّةً طَیِّبَةًۚ-اِنَّكَ سَمِیْعُ الدُّعَآءِ(۳۸) (پ 3، اٰل عمران: 38) ترجمہ کنز الایمان: اے رب میرے مجھے اپنے پاس سے دے ستھری اولاد بیشک تو ہی ہے دعا سننے والا۔

اور حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنی آنے والی نسلوں کو نیک بنانے کی یوں دعا مانگی: رَبِّ اجْعَلْنِیْ مُقِیْمَ الصَّلٰوةِ وَ مِنْ ذُرِّیَّتِیْ ﳓ (پ 13، ابراہیم:40) اے میرے رب! مجھے اور میری اولاد کو نماز قائم کرنے والا بنا۔

سرکار دو عالم ﷺ نے ارشاد فرمایا: جب آدمی مر جاتا ہے تو اس کے اعمال کا سلسلہ منقطع ہو جاتا ہے سوائے تین کاموں کے کہ ان کا سلسلہ جاری رہتا ہے: صدقہ جاریہ، وہ علم جس سے فائدہ اٹھایا جائے اور نیک اولاد جو اس کے حق میں دعائے خیر کرے۔ (مسلم، ص 886، حدیث: 1631)

بچے اپنے والدین اور عزیز و اقارب کی امیدوں کا محور ہوتے ہیں۔ اسلامی معاشرے کا مفید فرد بنانے کے لئے ان کی بہترین تربیت بےحد ضروری ہے۔ یہی بچے کل بڑے ہوکر والدین، تاجر اور استاذ وغیرہ بنیں گے اوراس معاشرے کی باگ ڈور سنبھالیں گے، اگر یہ اپنی ذمہ داریاں شریعت کے مطابق بطریق احسن ادا کرنے میں کامیاب ہوگئے تو یہ معاشرہ امن وسکون کا گہوارہ بن جائے گا۔

بچوں کی تربیت کے انداز کو بہتر بنایا جائے: عموماً لوگ یہ بے احتیاطی کرتے ہیں کہ بچے کے سامنے لوگوں کو یہ کہہ رہے ہوتے ہیں کہ یہ شیطانی بہت کرتا ہے، یا ہر وقت شیطانی کرتا رہتا ہے۔ امام صاحب کو کہتے ہیں کہ مولانا! یہ بہت شیطانی کرتا ہے، کوئی ایسا دم کردو کہ یہ صحیح ہوجائے۔ اس طرح بچّے کی شىطانى مىں اضافہ ہونے کا امکان ہوتا ہے۔ آپ بچّے کو سب کے سامنے جھاڑنے کے بجائے شفقت اور پیار دینا شروع کریں، نیز اپنا انداز تبدیل کریں، اللہ کرے گا کہ آپ خود بہتری نوٹ کریں گے۔

بچّے کے سامنے کسی کو دعا کےلئے بھی نہ بولیں، کیونکہ اس طرح بچّہ باغی ہوجائے گا کہ میرا باپ مجھے سب کے سامنے ذلیل کرتا ہے۔ یہ بات اگر بچّے کے دماغ میں بیٹھ گئی تو پھر بہت مشکل ہوجائے گی۔

ہے فلاح و کامرانی نرمی و آسانی میں ہر بنا کام بگڑ جاتا ہے نادانی میں

ڈوب سکتی ہی نہیں موجوں کی طغیانی میں جس کی کشتی ہو محمد کی نگہبانی میں

بچوں کی اصلاح کرنے کا درست انداز: امیر اہل سنّت نے فرمایا: ایک واقعہ (نگران شوریٰ) حاجی عمران کے سامنے بھی ہوا تھا۔ ایک اچھا خاصا تعلیم یافتہ شخص اپنے 15 یا 16 سال کے جوان بیٹے کے ساتھ آیا اور مجھے کہا کہ مىں اس کو آپ کے پاس لایا ہوں، اس کو صحیح کردو۔ مىں نے اس کو سمجھاىا کہ یہ جوان خون ہے، آپ نے یہ بات کہہ کر اسے بھڑکا دیا ہے، اب یہ کىسے صحىح ہوگا! بلکہ اب یہ اور نہیں سنبھلے گا کہ میرے باپ نے میرے پیر کے سامنے مجھے رسوا کیا ہے، اب میں نہیں چھوڑوں گا۔ حکمت مؤمن کا گم شدہ خزانہ ہے۔ کسی سے دعا کروانے میں حرج نہیں، لیکن یہ بات تنہائی میں بولیں، یا خاموشی سے لکھ کر دے دیں، ىہ حکمت عملى ہے۔

بچے کو دوسروں کے سامنے ذلیل کرنا بہت نامناسب اور بے حد خطرناک ہے، اس طرح بچے کے دل میں زہر بیٹھ سکتا ہے۔ گھر میں جب بچے کو سمجھاتے ہوں گے تو اس کے بہن بھائی بھی سنتے ہوں گے اور بعد میں وہ باپ کے انداز کا پریکٹیکل بھی کرتے ہوں گے۔

بچوں کی تربیت کے حوالے سے چند مفید اور اہم باتیں:

(1)بچوں کو دودھ پلانے اور کھانا کھلانے کا بھی وقت مقرر کرلیں ورنہ بچوں کاہاضمہ خراب اور معدہ کمزور ہو جاتا ہے،نتیجۃً بچہ بیمار ہوجاتا ہے۔

(2)بچوں کو صاف ستھرا ضرور رکھیں مگر بہت زیادہ بناؤ سنگھار مت کریں کہ اس سے نظر لگ جانے کا خطرہ ہے۔بلکہ ہوسکے تو قرآن پاک یہ آیت کریمہ کوئی بھی درست مخارج والا یاد کرکے بچوں پر دم کرتے رہا کریں: وَ اِنْ یَّكَادُ الَّذِیْنَ كَفَرُوْا لَیُزْلِقُوْنَكَ بِاَبْصَارِهِمْ لَمَّا سَمِعُوا الذِّكْرَ وَ یَقُوْلُوْنَ اِنَّهٗ لَمَجْنُوْنٌۘ(۵۱) وَ مَا هُوَ اِلَّا ذِكْرٌ لِّلْعٰلَمِیْنَ۠(۵۲) (پ 29، القلم: 51، 52) ترجمہ کنز الایمان: اور ضرور کافر تو ایسے معلوم ہوتے ہیں کہ گویا اپنی بدنظرلگا کرتمہیں گرادیں گےجب قرآن سنتے ہیں اور کہتے ہیں یہ ضرور عقل سے دور ہیں اور وہ تو نہیں مگر نصیحت سارے جہان کے لیے۔

ان شاء اللہ نظر بد سے محفوظ رہیں گے۔بڑوں پر بھی دم کیا جاسکتا ہے۔

(3)بچے کو ہر وقت گود میں لئے رہنا یا اٹھائے پھرنا مناسب نہیں کہ بچے کمزور ہوجاتے اور دیر میں چلتے ہیں بلکہ پالنے یا جھولے وغیرہ میں سلائے رکھیں اور جب وہ بیٹھنے کی عمر کو پہنچ جائیں تو ان کو بٹھانے کی کوشش کریں۔ یوہیں چلانے کی بھی کوشش ہو۔

(4)بچے ٹافیاں، گولیاں، چاکلیٹ،گولاگنڈا اور دیگر رنگ برنگی میٹھی چیزیں کھانے بلکہ بوتل COLD DRINK کے بھی شوقین ہوتے ہیں ان سے دانتوں، گلے،سینے، معدے اور آنتوں وغیرہ کو سخت نقصان پہنچنے کا خطرہ رہتا ہے۔شروع سے ہی یہ چیزیں بچوں کو نظر نہ آئیں۔ اگر بچے ضد کریں آج ان کا رونا برداشت کرلیں ورنہ بچے کے ساتھ کہیں آپ کو بھی رونا پڑسکتا ہے۔

(5) بچوں کو زیادہ اور ہر وقت کھاتے پیتے رہنے سےنفرت دلاتے رہیں کہ یہ موٹاپے بلکہ بہت سی بیماریوں سے بچانے کےلیے ضروری ہے۔

(6)بچوں کی ہر ضد پوری مت کریں کہ اس سے بچوں کا مزاج بگڑ جاتا ہے اور وہ ضدی ہو جاتے ہیں اور یہ عادت عمر بھر نقصان دیتی ہے۔

(7)بچوں کے ہاتھ سے اس کے بھائی بہنوں، دوسرے بچوں کو تحفے یا مسجد کے چندہ میں،مدنی عطیات مہم (telethon) کے موقع وغیرہ پر،صدقہ وغیرہ دلوایاکریں تاکہ سخاوت کی عادت ہو اور خود غرضی یا کنجوسی کی عادت سے حفاظت میں رہے۔

(8) چیخ کر بولنے یا جواب دينے سے ہمیشہ بچوں کو روکیں۔ ورنہ یہ عادت پڑجائے گی جو بڑے ہو کر بھی نہ جائے گی۔

(9)بات بات پر منہ پھلانے، غصہ کرنے، لڑنے جھگڑنے، چغلی کھانے، گالی بکنے جیسی عادات سے بچپن سے ہی ان کو روکا جائے کہ ان عادات کا پڑجانا عمر بھر کے لئے رسوائی کا سامان ہے۔

(10)اگر بچہ کہیں سے کسی کی کوئی چیز اٹھالائے اگر چہ کتنی ہی چھوٹی کیوں نہ ہو۔ اس پر سب گھر والے ایسی ناراضی کا اظہار کریں کہ بچہ عمر بھر چوری سے توبہ کرلے۔

(11) بچے، بچیوں کے تمام کام سب کے سامنے ہوں، کوئی کام چھپ چھپا کر کریں نظر رکھیں بلکہ روکیں کہ اچھی عادت نہیں۔

(12)بچوں کو پیارے آقا ﷺ،صحابہ کرام علیہم الرضوان غوث پاک،دیگر بزرگان دین رحمہم اللہ المبین اور نیک لوگوں کے مستند سچے واقعات سنائیں۔ مگر خبردار خبردار عشق مجازی کے قصے کہانیاں بچوں کے کان میں بھی نہ پڑیں۔ نہ ہی ایسی کتابیں بچوں کے ہاتھوں میں دیں جن سے اخلاق خراب ہوں۔

(13)لڑکوں اور لڑکیوں کو ضرور کوئی ایسا ہنر سکھا دیں جس سے ضرورت کے وقت وہ کچھ کما کر بسر اوقات کر سکیں۔مثلا لڑکیوں کوسلائی آتی ہو۔

(14)بچوں کو بچپن ہی سے اس بات کی عادت ڈالیں کہ وہ اپنا کام خود اپنے ہاتھ سے کریں اور اپنے سامان کو خود سنبھال کر رکھیں۔

(15)بچوں اور بچیوں کو کھانے پہننے اور لوگوں سے ملنے ملانے اور محفلوں میں اٹھنے بیٹھنے کا سلیقہ بھی سکھائیں۔

اولاد ایک عظیم نعمت قرار دی گئی ہے تمام بچوں کی سوچ سمجھنے کی صلاحیت کام کرنے کے انداز مختلف ہوتے ہیں بچے کے چھوٹے ہوتے ہی اسے جیسی تربیت دی جاے بچہ اسی طرح کام کو انجام دیتا ہے بچوں کی تربیت میں والدین، اساتذہ اور معاشرے کا گہرا تعلق ہے بعض بچے آرام سے بات کو سمجھ لیتے ہیں اور بعض پر محنت کرنی پڑتی ہے لیکن اولاد کو سمجھانے میں نرمی رکھی جائے اگر نہ سمجھ سکے تو سخت لہجہ بھی اپنایا جا سکتا ہے کیونکہ والدین اپنی اولاد کے لیے ہمیشہ اچھا ہی سوچتے ہیں اور ہمارے دین اسلام میں بھی بچوں سے پیار کرنے کی تعلیم دی گئی ہے ہمارے آقا ﷺ بھی بچوں سے بہت محبت فرماتے تھے۔

اولاد ہی نہیں بلکہ تمام بچوں کےلئے ایک منصوبہ بندی کی ضرورت ہوتی ہے جس کی وجہ سے اولاد کی بہتر رہنمائی کی جا سکتی ہے: بچوں کو محبت اور توجہ دینا، ان کی تعلیم اور تربیت کا خاص خیال رکھنا، اولاد کو اخلاقیات اور مذہبی تعلیم سکھائے، ان کو سماجی اور ثقافتی تعلیم دیں، انہیں کھیل کود اور سیر وتفریح کے مواقع فراہم کریں، فلموں ڈراموں کی جگہ مدنی چینل دکھائے، انبیاء کرام کے متعلق واقعات سنائیں، بچوں کے ساتھ ایسا رویہ اپنائے کہ بچے اپنے والدین سے ہر بات بآسانی کر سکیں، سب کے سامنے بچوں کو نہ جھاڑا جائے کہ بچہ احساس کمتری کا شکار ہوتا ہے، ہر چھوٹے کام پر بھی بچوں کی حوصلہ افزائی کی جائے تا کہ بچے مزید آگے بڑھ سکیں۔

اور اللہ سے بھی اولاد کے نیک ہونے کے دعا کرتے رہیں تاکہ تمام اولاد اپنے والدین کے لیے نجات بخشش کا ذریعہ بنے اور اپنے والدین کے لیے صدقہ جاریہ بن سکیں۔ آمین

بچے اپنے والدین اور عزیز و اقارب کی امیدوں کا محور ہوتے ہیں۔ اسلامی معاشرے کا مفید فرد بنانے کے لیے ان کا بہترین تربیت بے حد ضروری ہے۔ یہی بچے کل بڑے ہو کر والدین، تاجر اور استاذ وغیرہ بنیں گے اس لیے ہمیں ان کی تربیت اچھی کرنی چاہیے۔ نیک اولاد اللہ تعالیٰ کا عظیم انعام ہے۔

یقینا وہی اولاد اخروی طور پر نفع بخش ثابت ہوگی جو نیک و صالح ہو اور یہ حقیقت بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ اولاد کو نیک یابد بنانے میں والدین کی تربیت کو بڑا دخل ہوتا ہے۔ موجودہ حالات میں اخلاقی قدروں کی پامالی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ نیکیاں کرنا بے حد دشوار ہے اور ارتکاب گناہ بہت آسان۔ اس کا ایک سبب والدین کا اپنی اولاد کی مدنی تربیت سے غافل ہونا بھی ہے۔ ایسے والدین کو غور کرنا چاہیے کہ اولاد کو اس حال تک پہنچانے میں ان کا اپنا ہاتھ ہے کیونکہ انہوں نے اپنے بچوں کو ABC تو سکھایا مگر قرآن پڑھنا نہ سکھایا، مغربی تہذیب کے طور طریقے تو سمجھائے مگر رسول عربی ﷺ کی سنتیں نہ سکھائیں۔

عموماً دیکھا گیا ہے کہ بگڑی ہوئی اولاد کے والدین اس کی ذمہ داری ایک دوسرے پر عائد کر کے خود کو بری الذمہ سمجھتے ہیں۔ مگر یاد رکھیے اولاد کی تربیت صرف ماں یا محض باپ کی نہیں بلکہ دونوں کی ذمہ داری ہے، اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے: یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا قُوْۤا اَنْفُسَكُمْ وَ اَهْلِیْكُمْ نَارًا وَّ قُوْدُهَا النَّاسُ وَ الْحِجَارَةُ (پ 28، التحریم:6) ترجمہ کنز الایمان: اے ایمان والو اپنی جانوں اور اپنے گھر والوں کو اس آ گ سے بچاؤ جس کے ایندھن آدمی اور پتھر ہیں۔

تربیت کرنے والوں کے قول و فعل میں پایا جانے والا تضاد بھی بچے کے دین کے لئے بےحد باعث تشویش ہوگا کہ ایک کام یہ خود تو کرتے ہیں مثلا جھوٹ بولتے ہیں مگر مجھے منع کرتے ہیں، جس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ اپنے بڑوں کی نصیحت اس کے دل میں گھر نہ کر سکے گی۔ الغرض تربیت اولاد کے لیے والدین کا اپنا کردار بھی مثالی ہونی چاہیے۔

یوں تو انسان کی پوری زندگی ہی قرآن وسنت کے مطابق ہونی چاہیے مگر چند امور ہیں جن کا اولاد کے وجود میں آنے سے پہلے لحاظ رکھنا بے حد ضروری ہے کیونکہ اولاد کی صالحیت (پرہیز گاری) بھی ان سے وابستہ ہے:1۔ نیک عورت کا انتخاب 2۔ اچھی قوم میں نکاح 3۔ نکاح کے لیے اچھی اچھی نیتیں کرنا 4۔ منگنی اور شادی کے موقع پر نا جائز رسومات سے بچا۔مناسب وقت ساتھ گزرنا

بچے اپنی حیثیت اجاگر کرنا چاہتے ہیں۔ ان کی اس ضرورت کی تکمیل کی خاطر باپ کا بچوں کے ساتھ وقت گزارنا ضروری ہے۔ اسے چاہیے کہ بچوں کے ساتھ مختلف طریقوں سے وقت گزارے مثلاً بچوں کو سیرو تفریح کے لیے کہیں کے جانا، ان کی ساتھ کھیلنا کودنا، بچوں کو خوش کردینے والی من پسند اشیاء انہیں دینا بشرط یہ کے حد سے تجاوز نہ ہوں۔ یہ وہ ذرائع ہیں جن کے ذریعے والد بچوں کو اپنے ساتھ مانوس کر سکتا ہے، بچوں کو صرف یہ شعور ہو جائے کے باپ کو ان سے پیار ہے۔ یہی احسان ان کی بہترین نشونما کے لیے کافی ہے۔ جس سے ان کی بےشمار پوشیدہ صلاحیتوں کو پروان چڑھنے کا موقع مل سکتا ہے۔

ماں باپ کی اصل طاقت ان کی نیک اولاد ہے۔

ماں باپ کمزور،بیمار اور بوڑھے تب ہوتے ہیں جب انکی اپنی اولاد ہے ان کو پریشان رکھتی ہے۔ ماں باپ کی عزت کرو،ان کی ضروریات کا خیال رکھو تاکہ آپکی اولاد آپ کی عزت کرے کیوں کہ جو آپ کریں گے وہ ہی آپ کے ساتھ ہو گا۔

اولاد اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے۔ مگر اس کے ساتھ والدین پر ڈالی گئی ایک عظیم ذمہ داری بھی ہے۔

اولاد کے لیے پہلی درسگاہ اس کے والدین خصوصاً (ماں) ہے۔ والدین بچوں کے قریب شعور ہوتے ہی ان کو آداب زندگی سکھانے کی کوشش کے ساتھ عملاً خود بھی ان کے لیے مثالی بنیں تاکہ وہ معاشرے میں بھی بہتر اور فعّال افراد بن کر ابھریں۔ اولاد کو سدھارنے کے متعلق چند نکات پیش کیے جاتے ہیں ملاحظہ کیجئے:

1)بچوں کو دینی تعلیم سے مربوط کرنا: تعلیم کا مقصد بچے میں شعور و احساس پیدا کرنا اور اسے مہذب بنانا ہوتا ہے لہٰذا اس کے لیے اسے بہتر دینی تعلیم سے مربوط رکھا جائے یوں وہ اپنے مقصد حیات کو سمجھنے کے ساتھ ساتھ اس کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی زندگی پر نافذ کرے گا جو کہ سب سے پہلی چیز ہے جو اس بچے کے سدھرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

2) بچوں کی حوصلہ افزائی کرنا: والدین کو چاہیے کہ بچے کوئی بھی اچھا فعل بجا لائیں چاہے وہ بظاہر چھوٹا ہی ہو اس کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ اس میں مزید شوق بڑھے اور وہ دلچسپی کے ساتھ نیک اعمال و آداب کی طرف توجہ مرکوز کرتے ہوئے انہیں عمل میں لائے اور یوں معاشرے کا فعال فرد بننے کے ساتھ ساتھ اچھا انسان بن کر سامنے آئے۔

3) بچوں کی صلاحیتوں کو ابھارنا: والدین کو چاہیے کہ بچوں میں اگر کوئی صلاحیت کی کرن نمودار ہو تو اسے بچوں پر واضح کریں۔ انہیں ایسے کاموں کی اجازت دیں اور ان پر اکسائیں جن سے ان کی مخفی صلاحیتیں کھل کر سامنے آسکیں اور مستقبل میں بھی وہ کامیاب ہو سکیں کیونکہ اس طرح ان میں شوق و ولولہ بڑھے گا اور جذبے و لگن سے وہ جو بھی اچھا کام کریں گے وہ ان کی کامیاب کا ہی ذریعہ بنے گا۔

4) بات بات پر ڈانٹنے سے بچنا: بچوں میں لچکدار رویوں کو پروان چڑھانا چاہیے تاکہ وہ بات کو ماننے کی طرف آئیں بصورت دیگر بچے ضدی ہو جاتے ہیں اور ہر بات نظر انداز کر دیتے ہیں اس کے لیے والدین کو خود بھی بطور نمونہ نرم لہجے و رویے اپنانے ہوں گے تاکہ اس سے بچوں میں بھی سدھرنے کی فضا قائم ہو۔

5) بچوں میں ہمدردی و احساس پیدا کرنا: موجودیت دور میں بچے اپنا وقت سوشل میڈیا پر گزارنے کی وجہ سے قوت برداشت کم رکھتے ہیں۔ اس سے معاشرتی اقدار بھی متاثر ہوتی ہیں لہٰذا والدین کو چاہیے کہ اپنی مصروفیات کو محدود کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ وقت بچوں کو دیں۔ ان میں ہمدردی کا جذبہ پیدا کرنے کے لیے انہیں فطرت کے قریب کریں۔

اگر ان کا نا مناسب رویہ ہو بھی تو انہیں ڈانٹنے کی بجائے نرمی سے غلطی کا احساس دلائیں تاکہ ان کی عزت نفس بھی مجروح نہ ہو اور آہستہ آہستہ اچھے رویے ان کی فطرت بن جائیں اور وہ انسانیت کے لیے ہمدردی و احساس کے جذبے کے عادی ہو جائیں۔

یاد رکھیے کہ بچوں کی بہترین تربیت میں والدین کا سب سے بڑا کردار ہے۔ اس کے لیے بعض اوقات والدین کو خود اپنے اندر کے کچھ نامناسب عادات و اطوار کو چھوڑنا پڑتا ہے لہذا بچوں کی اصلاح کا آغاز اپنی اصلاح سے کیجیے۔

آخر میں اللہ تبارک وتعالی سے دعا ہے کہ ہمیں مہذب دینی علوم سیکھنے اور انہیں اپنی زندگیوں پر نافذ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔تا کہ ہم خود بھی اور اپنی اولاد کو بھی معاشرے کے فعال افراد بنانے میں کامیاب ہو سکیں۔ آمین

اولاد اللہ پاک کی عطا کردہ ایک عظیم نعمت ہے۔ ہر ایک کو اس نعمت کی قدر کرتے ہوئے اسکی پرورش اچھی کرنی چاہیے۔ چاہیے کہ انہیں ادب و تعظیم سکھائیں۔ اولاد ہر ایک کو عطا نہیں کی جاتی مگر یقیناً جس کے پاس نہیں ہوتی وہ اس نعمت کو پانے کے خواہش مند ہوتے ہیں۔ یقینا ہر والدین کہ خواہش ہوتی ہے انکے کہ بچے اچھے سلیقے، اخلاق اور کامیابی کی راہوں پر چلیں۔

اب یہاں چند اہم نکات بیان کیے جاتے ہیں جنکے ذریعہ والدین اپنی اولاد کو بہتر بنا سکتے ہیں:

محبت و توجہ: سب سے پہلے والدین کو چاہیے کہ اپنی اولاد کو محبت و توجہ دیں۔ جب بچے اپنے والدین کی محبت اور توجہ محسوس کرتے ہیں تو خود کو محفوظ اور پر اعتماد محسوس کرتے ہیں اور اس سے انکے رویوں میں بہتری آتی ہے۔ والدین کا پیار و محبت اور اپنی اولاد کو توجہ دینا انکے دل و دماغ کو مثبت سمت دے کر منفی سوچ اور رویوں سے بچا لیتا ہے۔

اچھے اخلاق کا نمونہ بننا: والدین کو چاہیے کہ اپنی اولاد کے سامنے اچھے اخلاق اپنائیں کیونکہ بچے اکثر اپنے والدین کی نقل کرتے ہیں۔ اس لیے اگر والدین ایماندار، محنتی، صابروشاکر اور معاف کرنے والے ہوئے تو انکی اولاد میں بھی یہ صفات ظاہر ہوں گی۔

مثبت ماحول فراہم کرنا: گھر کا ماحول بچوں کی شخصیت (Personality) پر گہرا اثرڈالتا ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے گھر میں محبت بھرا، محفوظ اور تعلیمی ماحول فراہم کریں تاکہ بچے ذہنی سکون اور خوشی کیساتھ اپنے مقاصد پر کام کر سکیں۔

مثبت رویوں کی حوصلہ افزائی: جب بچے اچھا برتاؤ کریں یا مثبت عمل کریں، مثلا نماز پڑھیں، قرآن کی تلاوت کریں یا اچھے نمبروں سے کامیاب ہوں (پوزیشن لینا ضروری نہیں ہوتا عمل ضروری ہے) والدین انکی حوصلہ افزائی کریں۔ اس سے بچے میں اچھے اخلاق و عادات اپنانے کا جذبہ بیدار ہوگا اور انکے اندر مثبت عادات پیدا ہوں گی اور انکی شخصیت میں نکھار آئے گا۔

مناسب سزا اور انعام کا توازن: والدین کو چاہیے کہ جب بچہ کوئی برا کام کرے تو انہیں مناسب سزا دیں۔سزا ایسی ہو کہ بچوں کے کردار میں بہتری آئے نہ کہ ایسی ہو کہ بچوں کے کردار میں بگاڑ پیدا ہو جائے۔اسی طرح جب بچے کچھ اچھا کریں تو والدین کو چاہیے کہ بچوں کو انعام دیں کیونکہ دیکھا گیا ہے کہ بچے انعام کے لالچ میں کچھ بھی کرتے ہیں۔جب والدین انہیں انکے اچھے کام پر انعام دیں گے تو ان میں اچھا کام کرنے کا جذبہ پیدا ہوگا اور وہ اچھے کام کو اپنا شعار بھی بنائیں گے۔

بچوں کے لیے مناسب رول ماڈل (آئیڈیل) کا انتخاب والدین کو چاہیے اپنے بچوں کیلیے بہتر رول ماڈل کا انتخاب کریں تاکہ انکے نقش قدم پر چل کر بچے اپنی زندگی کو بہتر سے بہترین بنا سکیں اور ترقیاں و کامیابیاں و کامرانیاں انکا مقدر ہو۔ رول ماڈل کا انتخاب بہت ہی اہم معاملہ ہے رول ماڈل کا انتخاب بچے خود بھی کر سکتے لیکن اچھے رول ماڈل کا انتخاب کروانا والدین کی ذمہ داری ہے۔ رول ماڈل کے انتخاب کیلیے والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو اولیائے کرام، صحابہ کرام کے، بچیوں کو صحابیات و صالحات کے واقعات سنائیں تاکہ ہر بچہ اپنے رول ماڈل کا انتخاب کر سکیں۔ امیر اہلسنت دامت برکاتہم العالیہ نے اپنا رول ماڈل اعلی حضرت فاضل بریلوی رحمۃ اللہ علیہ کو بنایا ہے

خود اعتمادی کی تعمیر: والدین کو چاہیے کہ بچوں میں خود اعتمادی پیدا کرنے کی کوشش کریں۔ والدین اپنے بچوں کے سامنے انکی صلاحیتوں کے بارے میں گفتگو کریں تاکہ ان میں خود اعتمادی پیدا ہو۔والدین اپنے بچوں کو انکے چھوٹے چھوٹے فیصلے خود کرنے دیں کہ جب بچے خود فیصلہ کرتے ہیں تو ان میں احساس ذمہ داری اور خود اعتمادی پیدا ہوگی پھر بچوں میں بڑے بڑے فیصلے کرنے کی صلاحیت بھی پیدا ہو گی۔ جب بچے اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھتے ہیں تو اپنی زندگی میں چیلنجز کا بہتر طریقے سے مقابلہ کر سکتے ہیں۔

بچوں کی تربیت میں صرف انفرادی مشق اور سلیقے کا ہی نہیں بلکہ ان کے ذہنی،جذباتی اور اخلاقی پہلوؤں کو بھی مد نظر رکھنا ضروری ہے۔یہ ایک ایسا عمل ہے جو والدین کے مسلسل عزم و ہمت، محنت اور محبت کا تقاضا کرتا ہے۔

صحیح تربیت اور تعلیم کی اہمیت: علم ایک ایسی چیز ہے جس کو حاصل کرنے کی ترغیب قرآن پاک اور حدیث مبارکہ میں بھی دی گئی ہے۔ چنانچہ اللہ پاک قرآن مجید کے پارہ 23 سورۃ الزمر آیت نمبر 9میں ارشاد فرماتا ہے: هَلْ یَسْتَوِی الَّذِیْنَ یَعْلَمُوْنَ وَ الَّذِیْنَ لَا یَعْلَمُوْنَؕ- ترجمہ کنز الایمان: کیا برابر ہیں جاننے والے اور انجان۔

تعلیم کی بنیاد مضبوطی سے رکھی جانی چاہیے لیکن تعلیم صرف اسکول کی کتب تک محدود نہیں رہنی چاہیے۔والدین کو چاہیے کہ اپنے پچوں کے ذہنوں میں یہ بات ڈالیں کہ تعلیم نہ صرف امتحانات میں کامیابی کیلیے ضروری ہے بلکہ یہ انسان کی شخصیت کی نشونما کیلیے بھی بہت اہم ہے۔ والدین کو چاہیے کہ بچوں کو انکی ذہنی صلاحیتوں کے مطابق سبق دیں، انکی دینی تعلیم میں دلچسپیوں کو سمجھیں اور انہیں مثبت طرز عمل سکھائیں۔

اخلاقی و مذہبی تعلیم: مذہبی تعلیم اور اخلاقی اصول بچوں کی شخصیت کی بنیاد کو مضبوط کرتے ہیں۔ والدین اپنے بچوں کو اچھے اخلاق، سچ بولنے، امانت داری اور وفا داری کے اصول سکھائیں۔ اگر بچے اپنے مذہب کی اہمیت کو سمجھیں گے تو ان میں خود اعتمادی، دوسروں کا احترام جیسی بہت سی اچھی چیزیں پیدا ہونگی۔

وقت گزارنا اور بہترین تعلقات قائم کرنا: والدین کو چاہیے کہ اپنے بچوں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں۔ یہ وقت ان کی دلچسپیوں کو جاننے، انکے مسائل کو سمجھنے اور انکے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے کیلئے بہت ضروری ہے۔بچے اگر اپنے والدین کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزارتے ہیں تو ان میں اعتماد بڑھتا ہے اور وہ اپنے خیالات و جذبات اور مسائل کو بلا جھجھک اپنے والدین سے بیان کر سکتے ہیں اور یوں بچے جب زیادہ وقت اپنے والدین کے ساتھ گھر میں گزاریں گے تو برے ماحول سے بھی بچ سکتے ہیں۔

اولاد کو سدھارنے کیلیے والدین کو اپنی صلاحیتوں کیساتھ ساتھ اپنے بچوں کے اندر مثبت صفات پیدا کرنے کیلیے محنت کرنی چاہیے۔ یہ محض ایک تربیتی عمل نہیں بلکہ یہ ایک مسلسل سفر ہے جس میں والدین کا صبر، محنت، رہنمائی اور اخلاقی تعلیم مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔ اگر والدین اس عمل میں اپنا صحیح طریقے سے کردار ادا کریں تو انکے بچے نہ صرف اچھے انسان بن سکتے ہیں بلکہ زندگی میں کامیاب اور خوشحال بھی ہو سکتے ہیں۔

اللہ پاک ہر اولاد کو نیک، نمازی، والدین کا فرمانبردار، قرآن و حدیث کی مبارک تعلیمات پر عمل کرنے والا بنائے۔ آمین

اولاد اللہ پاک کی بہت عظیم نعمت ہے بلا شبہ بچے ہمارے ملکوں ملت کا اصل سرمایہ اور مستقبل کے معمار ہوتے ہیں سماج اور معاشرے کے بناؤ اور بگاڑ میں ان کا اہم رول ہوتا ہے والدین کے لیے وہ اللہ پاک کا انعام اور ایک امانت بھی ہیں جو اللہ پاک نے ان کے سپرد کی ہے اولاد کو زمانے کی گرم سرد دنوں سے بچانا والدین کی ذمہ داری ہے فی زمانہ اولاد کی اچھی تربیت کرنا بہت دشوار ہے اور بگڑتی ہوئی اولاد والدین کی دنیا و اخرت کے لیے رسوائی ہے اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا قُوْۤا اَنْفُسَكُمْ وَ اَهْلِیْكُمْ نَارًا وَّ قُوْدُهَا النَّاسُ وَ الْحِجَارَةُ (پ 28، التحریم:6) ترجمہ کنز الایمان: اے ایمان والو اپنی جانوں اور اپنے گھر والوں کو اس آ گ سے بچاؤ جس کے ایندھن آدمی اور پتھر ہیں۔

1۔محبت و شفقت: اولاد کو سدھارنے کے لیے ان کو محبت و شفقت دیں لہذا ضروری ہے کہ بچوں کے ساتھ پیار محبت نرمی سے پیش آئیں ان کے آرام کا خیال رکھیں حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ حضور ﷺ نے فرمایا: نرمی جس چیز میں ہوتی ہے اسے زینت بخشتی ہے اور جس چیز سے نرمی چھین لی جاتی ہے اسے عیب دار کر دیتی ہے۔ (مسلم، ص 1073، حدیث: 6603)

2۔درس شریعت دیں: حضور ﷺ نے فرمایا: اپنی اولاد کو سات سال کی عمر میں نماز پڑھنے کا حکم دو اور جب 10 سال کی ہو جائے تو ان کو مار کر نماز پڑھاؤ اور ان کے بستر الگ کر دو۔ (ابو داود، 1/208، حدیث: 495)

3۔اچھی صحبت: والدین مشاہدہ کرتے رہیں کہ ان کا بچہ کس قسم کی صحبت میں رہتا ہے کیونکہ حدیث مبارکہ میں ہے کہ آدمی اپنے دوست کے دین پر ہوتا ہے تو تم میں سے ہر ایک دیکھ لو کہ وہ کس کو دوست بنائے ہوئے ہے۔ (ابو داود، 4/341، حدیث: 4833)

4۔مساوی سلوک: والدین کو چاہیے کہ تمام اولاد میں برابری کا اصول اپنائیں بلاوجہ شاہی کسی بچے کو نظر انداز نہ کریں کہ بچے کے بگڑنے کا سبب بن سکتا ہے۔ اللہ پاک پسند فرماتا ہے کہ تم اپنی اولاد کے درمیان برابری کا سلوک کرو حتی کہ بوسہ لینے میں بھی برابری کرو۔ (کنز العمال، 16/185، حدیث: 45342)

5۔اسکرین ٹائم: والدین کو چاہیے کہ اپنی اولاد کے سدھار کے لیے ان کے اسکرین ٹائم کو کم کیا جائے کہ ضرورت سے زیادہ اسکرین ٹائم بے حیائی لاتا ہے۔ حضور ﷺ کا فرمان عالی شان ہے: جب تمہیں حیا نہ ہو تو جو چاہو کرو۔ (بخاری، 2/470، حدیث:3484)

جہاں حیا کے خاتمے سے انسان کا ضمیر مردہ ہو جاتا ہے وہاں سوچنے سمجھنے کی صلاحیتیں سلب ہو جاتی ہیں انسان کے افعال اس کے کنٹرول سے باہر ہو جاتے ہیں نتیجۃً تباہی اور بربادی اس کا مقدر ٹھہرتی ہے یوں ایک اولاد بگڑ جاتی ہے اولاد کے سدھار کے لیے بہت ہی اہم چیز اسکرین ٹائم کو کم کرنا ہے تاکہ اس کے ذریعے بچے بے حیائی سے بچیں۔

اللہ پاک ہم سب کو نیک اعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

اولاد کی تربیت والدین کی اہم ترین ذمہ داریوں میں سے ایک ہے۔ ایک نیک اور صالح اولاد نہ صرف والدین کے لیے دنیا اور آخرت میں باعث راحت بنتی ہے بلکہ معاشرے کی بہتری میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ بچوں کی تربیت ایک حساس عمل ہے۔

اولاد کو سدھارنے کے لیے ضروری اقدامات:

1۔ دینی تعلیم اور تربیت: بچوں کو دینی تعلیم دینا ان کی شخصیت کی بنیاد کو مضبوط بناتا ہے۔ قرآن مجید کی تعلیم، نماز کی عادت، اور اسلامی اقدار کو اپنانے کی تلقین والدین کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا:تم میں سے ہر شخص نگہبان ہے اور ہر شخص سے اس کی ذمہ داری کے بارے میں پوچھا جائے گا۔ (بخاری، 1/309، حدیث: 893)

2۔ محبت اور شفقت کا مظاہرہ: بچوں کے ساتھ نرمی اور محبت سے پیش آنا ضروری ہے۔ سخت رویہ یا مار پیٹ سے ان کی شخصیت پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔ بچوں کو یہ محسوس ہونا چاہیے کہ ان کے والدین ان سے محبت کرتے ہیں اور ان کے خیر خواہ ہیں۔

3۔ اچھا اخلاق اور عمل کا نمونہ پیش کرنا: والدین بچوں کے لیے مثالی کردار ہوتے ہیں۔ والدین کو چاہیے کہ خود ان عادات اور رویوں کو اپنائیں جنہیں وہ اپنی اولاد میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ بچوں کو سچ بولنا، امانت داری، اور انصاف کے اصولوں پر عمل کرنا سکھائیں۔ کوئی والد اپنی اولاد کو اچھے ادب اور اخلاق سے بہتر کوئی تحفہ نہیں دے سکتا۔ (ترمذی، 3/383، حدیث: 1959)

4۔ تعلیم اور کردار سازی: دینی تعلیم کے ساتھ دنیاوی تعلیم پر بھی توجہ دیں۔ بچوں کی تعلیم میں ان کی دلچسپی کو سمجھیں اور ان کی رہنمائی کریں۔ ان کے اندر خود اعتمادی پیدا کریں تاکہ وہ زندگی کے چیلنجز کا سامنا کر سکیں۔

5۔ دوستی کا رشتہ قائم کریں: والدین اور بچوں کے درمیان دوستی کا تعلق ہونا ضروری ہے۔ اس سے بچے اپنے مسائل اور خیالات والدین کے ساتھ کھل کر شیئر کر سکتے ہیں۔ والدین کو بچوں کی بات غور سے سننی چاہیے اور ان کے خیالات کو اہمیت دینی چاہیے۔

6۔ عادتوں پر نظر رکھیں: بچوں کی روزمرہ عادتوں پر نظر رکھیں اور انہیں وقت پر درست کریں۔ انہیں وقت کا صحیح استعمال سکھائیں، مثلاً پڑھائی، کھیل کود، اور دیگر مثبت سرگرمیوں کے لیے وقت مختص کریں۔

7۔ سزا اور انعام کا متوازن نظام: بچوں کی اچھائیوں پر ان کی تعریف کریں اور انہیں انعام دیں تاکہ ان میں مزید بہتر کرنے کا جذبہ پیدا ہو۔ غلطیوں پر نرمی سے سمجھائیں اور سختی کرنے سے گریز کریں۔ اگر سزا ضروری ہو تو وہ تعمیری ہونی چاہیے۔

8۔ دوستوں اور ماحول پر توجہ: بچوں کے دوستوں اور ان کے ماحول پر نظر رکھیں۔ انہیں ایسے دوستوں کے ساتھ وقت گزارنے کی ترغیب دیں جو اچھے کردار کے حامل ہوں اور مثبت اثر ڈال سکیں۔

9۔ صبر اور دعا: بچوں کی تربیت میں صبر کا مظاہرہ کریں۔ ان کی اصلاح ایک وقت طلب عمل ہے اور اس کے لیے مستقل مزاجی ضروری ہے۔ والدین کو ہمیشہ اپنی اولاد کے لیے اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے رہنا چاہیے۔

بچوں کی تربیت صرف زبانی نصیحت سے ممکن نہیں بلکہ اس کے لیے عملی اقدامات اور ان کے ساتھ وقت گزارنا ضروری ہے۔ ایک صالح اولاد والدین کے لیے صدقہ جاریہ ہے، لہٰذا ان کی تربیت پر بھرپور توجہ دینا دنیا اور آخرت دونوں میں کامیابی کا ذریعہ ہے۔

اولاد کی تربیت والدین کے لیے ایک ذمہ داری ہے اور بچوں کو نیک اور ذمہ دار انسان بنانے کے لیے حکمت عملی محبت اور صبر کی ضرورت ہوتی ہے اولاد کو سدھارنے کے لیے قرآن وسنت میں واضح ہدایت موجود ہے ان میں والدین کے لیے راہنمائی اور بچوں کی تربیت کے طریقے شامل ہیں: یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا قُوْۤا اَنْفُسَكُمْ وَ اَهْلِیْكُمْ نَارًا وَّ قُوْدُهَا النَّاسُ وَ الْحِجَارَةُ (پ 28، التحریم:6) ترجمہ کنز الایمان: اے ایمان والو اپنی جانوں اور اپنے گھر والوں کو اس آ گ سے بچاؤ جس کے ایندھن آدمی اور پتھر ہیں۔

اس آیت سے واضح ہوتا ہےکہ والدین پر فرض ہے کہ وہ اپنی اولاد کو دین کی تعلیم دیں اور ان کی اصلاح کریں۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: اَلْمَالُ وَ الْبَنُوْنَ زِیْنَةُ الْحَیٰوةِ الدُّنْیَاۚ- (پ 15، الکہف:46) ترجمہ: مال اور اولاد دنیا کی زندگی کی زینت ہے۔

اولاد کو اللہ کی نعمت سمجھ کر ان کی بہتر تربیت کی ذمہ داری پوری کریں، حضرت ابراہیم علیہ السلام نے دعا کی: رَبِّ اجْعَلْنِیْ مُقِیْمَ الصَّلٰوةِ وَ مِنْ ذُرِّیَّتِیْ ﳓ (پ 13، ابراہیم:40) اے میرے رب! مجھے اور میری اولاد کو نماز قائم کرنے والا بنا۔

والدین کو چاہیے کہ اولاد کی اصلاح کے لیے اللہ سے دعا مانگیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: وہ ہم میں سے نہیں جو بڑوں کا احترام نہ کرے اور چھوٹوں پر رحم نہ کرے۔ (ترمذی، 3/369، حدیث:1926)

والدین کو چاہیے کہ بچوں سے محبت سے پیش آئیں اور اچھے اعمال کا عملی نمونہ پیش کریں

ان کی اچھائیوں کی تعریف کریں اور برائیوں پر نرمی سے سمجھائیں غلط صحبت سے بچائیں اورنیک دوستوں کے ساتھ تعلقات بنانے کی ترغیب دیں والدین خود بھی دین پر عمل کریں تاکہ بچے ان سے سیکھ سکیں بچوں کو ایسا ماحول فراہم کریں جہاں وہ اپنے خیالات اور جذبات کو کھل کر بیان کر سکیں ان کے ساتھ دوستانہ تعلق رکھیں تاکہ آپ سے کچھ چھپانے کے بجائے آپ سے رہنمائی حاصل کریں اولاد کی تربیت میں بنیادی چیز محبت پیار دعا اور حکمت ہے اللہ سے مدد مانگتے ہوئے اپنی ذمہ داری کو صبر حوصلے کے ساتھ نبھائیں بچے والدین کے رویے سے سیکھتے ہیں، لہذا والدین خود اچھے اخلاق، دیانتداری، اور ایمان داری کا مظاہرہ کریں۔ سختی سے بچیں اور نرمی سے پیش آنے سے بچے والدین کے قریب رہتے ہیں اور ان کی بات کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔

بچوں کو وقت کی پابندی اور نظم و ضبط سکھائیں، جیسے وقت پر سونا، پڑھائی کرنا، اور عبادات کی عادت ڈالنا۔ان کی ذمہ داریوں کا احساس دلائیں۔

بچوں کو دینی اور دنیاوی دونوں علوم سے روشناس کرائیں۔گھر میں ایسی کتابیں رکھیں جو ان کی تعلیم اور تربیت میں مددگار ثابت ہوں۔

بچوں کی غلطیوں پر فوری غصہ نہ کریں بلکہ انہیں سمجھائیں کہ ان کی غلطی کیا ہے اور وہ کیسے بہتر کر سکتے ہیں۔سخت سزا دینے کے بجائے محبت سے اصلاح کریں۔

تمام بچوں کے ساتھ برابر سلوک کریں اور کسی ایک کو دوسرے پر ترجیح نہ دیں۔

یہ ان کے دلوں میں والدین کے لیے محبت اور احترام پیدا کرتا ہے۔

اولاد کو سدھارنے کا عمل وقت طلب اور مسلسل محنت کا تقاضا کرتا ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ حکمت اور محبت سے کام لیں اور اپنے بچوں کے لیے دعا کرتے رہیں تاکہ وہ نیک اور کامیاب انسان بن سکیں۔