مکۃ المکرمہ زاد ہَااللہ شرفاً وَّ تعظیماًکے شیخ محب دعوت اسلامی محمد العیدروس 23 نومبر 2020ء کو ایک ایکسیڈنٹ میں انتقال کرگئے۔

انتقال کی خبر ملنے پر شیخ امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہنےمرحوم کے بھائی غلام طہ العیدروس، مصطفیٰ العیدروس، محسن العیدروس اور ان کے صاحبزادے عبد اللہ العیدروس، عبد الحمید العیدروس اور سالم العیدروس سمیت دیگر لواحقین اور محبین سے تعزیت کی اور صبر کی تلقین فرمائی۔ امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے مرحوم کے لئے ایصالِ ثواب کرتے ہوئے ان کی درجات کی بلندی کےلئے دعائیں کیں۔


21نومبر 2020ء  کی شب عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی سے براہ راست مدنی چینل پر مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں عاشقان رسول نے شرکت کی۔

مدنی مذاکرے میں عاشقان رسول کی جانب سے کئے گئے سوال (میت کےایصالِ ثواب کے لیے قرآنِ کریم پڑھنے کا سلسلہ کب سے شروع ہوا؟ ) کہ جواب میں امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے فرمایا کہ انصار صحابۂ کرام علیہم الرضوان کا یہ عمل تھا کہ فوت ہونے والے کی قبر پر جا کرقرآنِ کریم پڑھتے تھے، امام شافعی رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ حضرت لیث بن سعدرَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ کے مزار پرجاکر قر آنِ کریم ختم فرمایاکرتے تھے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے

سوال:جُوتے چوری ہوجائیں تو کیا کریں؟

جواب:صبر کریں، ننگے پاؤں گھر چلے جائیں، ذہن بنائیں کہ اس نقصان ہونے میں بھی کوئی حکمتِ الٰہی ہوگی۔

سوال:اگر بچہ/بچی فوت ہوگئےاور ان کا عقیقہ نہ کیاہواہوتوکیابعد میں عقیقہ ہوسکتا ہے؟

جواب: نہیں ہوسکتا۔

سوال:نقشبندی سلسلہ کس سے ملتا ہے ؟

جواب: نقشبندی سلسلے کی نسبت حضر تِ بہاؤ الدین نقشبندرَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ سے ہے مگر یہ آگے جا کر حضرت صدیق اکبررَضیَ اللہ ُعَنْہُ سے مل جاتا ہے ۔

سوال: اَفْضَلُ الْبَشَر بَعْدَ الْاَنبِیَاء(انبیائے کرام کے بعد سب سے زیادہ فضیلت رکھنے والے) کن کا لقب ہے ؟

جواب حضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ۔

سوال: بچہ شرارت کرے تو اس سے یہ کہنا کہ" وعدہ کرو کہ آئندہ ایسے نہیں کروگے؟

جواب: وعدہ اورقسم کیا ہوتی ہےیہ بچہ نہیں سمجھتا بلکہ جس چیز کو پسند کرتا ہے،اس کے بارے میں کہناچاہیئے مثلاًآئندہ ایسی شرارت کی توپھرمیرے پاس ٹافی لینے نہ آنا،یوں اس کی اِ صلاح ہوگی ،یہ نہ کہا جائے کہ آئندہ شرارت کی تو ٹافی نہیں دُوں گا کیونکہ دینا تو پڑے گی، یادرہے!ڈرانے کے لیے جھوٹ نہیں بول سکتے،شرعاًاس کی اجازت نہیں ۔

سوال:بغیر بے ہوش کئے آپریشن ہو تو کیا پڑھنا چاہیے؟

جواب: کلمہ شریف،دُرودِ پاک پڑھتا رہے، اللہ اللہ کرتا رہے، تندرستی میں بھی کلمہ دُرودکی عادت بنائیے تاکہ مشکل وقت بالخصوص نزع کے وقت(یعنی روح نکلنے کے وقت) کلمہ شریف اوردُرودِ پاک زبان پرجاری ہوجائے۔

سوال: بجلی(Electric) کا کام کرتے ہوئے یا بجلی کے آلات کو ہاتھ لگاتے ہوئے کیا احتیاط کی جائے؟

جواب:گیلے ہاتھ سے بجلی کے آلات(Electrical Equipment) کو نہ چُھوئیں، بارش کے دنوں میں زیادہ خیال رکھیں کیونکہ بجلی کے تار گیلے ہونے سے ان سےکرنٹ لگ سکتا ہے، عموماً جلد بازی اور بے احتیاطی میں کرنٹ لگ جاتا ہے۔

سوال: چیز لینے اوردینے والے کو کیا پڑھنا چاہیے؟

جواب: دونوں بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم پڑھا کریں۔

سوال: آپ نےاپنی کتاب’’ فیضانِ سنت‘‘ کیسے لکھنا شروع کی ؟

جواب: جب میں نے شجرۂ قادریہ کو مرتب کیا تو اس کے ساتھ سنتیں لکھ کر شامل کرنے کا ارادہ کیا، مگر جمع ہوتے ہوتے کافی زیادہ ہوگئیں تو کتاب ’’فیضانِ سنت‘‘ لکھ کر ترتیب دے دی۔

سوال: نماز کے لیے کون سا لباس پہننا چاہیے۔

جواب:ایسا سنتوں بھرا لباس پہنا جائے جو علماء اور شریف لوگ پہنتے ہیں ۔

سوال: پڑوسی تکلیف دے تو کیا کریں؟

جواب: لڑائی نہ کریں بلکہ صبر کریں ، بعض اوقات چھوٹے چھوٹے مسائل کی وجہ سے پڑوسی آپس میں لڑرہے ہوتے ہیں۔ پڑوسی اور دیگر مسلمانوں سے اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنابہت بُرا ہے، بے جذباتی پن اورغصے میں آجانا ، دل آزاریوں اور بڑے گناہوں کا باعث ہوتاہے۔

سوال:گناہ کے کیا نقصانات ہیں ؟

جواب:اللہ پاک کی ناراضی اورجہنم میں جھونک دئیے جانے کے اسباب ہیں ۔

سوال:سمجھانے والے کے لیے کچھ احتیاطیں ارشادفرمادیجئے؟

جواب: نصیحت کرنے کا اندازنرم(Soft)ہونا چاہیئے،اکیلےمیں نرمی اور ہمدردی سےسمجھایا جائے،کسی کو رُسوا ( Degrade)کرنے والا انداز نہ ہو۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ” فیضانِ غوثِ اعظم پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہنے کیا دُعا دی ؟

جواب: یا اللہ پاک! جو کوئی 17صفحات کا رسالہ فیضانِ غوثِ اعظم پڑھ یا سُن لےاُس کوہمارے غوثِ اعظم کی سچی محبت اور خصوصی فیضان نصیب فرمااور اسے بے حساب بخش دے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


14نومبر 2020ء کی شب ہونے والے مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ فرمائیں:

سوال:مولیٰ مولیٰ کرنےیعنی ذِکرُاللہ کرنے کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟

جواب: مال مال کرنےکے بجائے مولیٰ مولیٰ کرناچاہئے، مولیٰ مولیٰ کرنےسے مال کہیں نہیں جاتا ۔

سوال: کیا سب کو علم دین حاصل کرنا چاہئے ؟

جواب: جی ہاں !حسبِ ضرورت ہرایک کو علم حاصل کرنا ضروری ہے، تاجربھی علمِ دین حاصل نہیں کرےگاتو سُودمیں پڑ سکتاہے۔

سوال: آپ کے رضاعی پوتے حسن رضا عطاری کے رونےکاکیا واقعہ ہوا؟

جواب:حسن رضا عطاری کےقاری صاحب بذریعہ فون انہیں مدنی قاعدہ پڑھاتے ہیں ،جمعرات کو انہیں فیضانِ مدینہ آنا تھا، اس لیے وقفہ کیا تو یہ رونے لگے کہ مجھے ابھی مدنی قاعدہ پڑھناہے،پھرانھوں نے حسن رضا کو پڑھادیا۔

سوال:اللہ پاک کے آخری نبی،مکی مدنی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم جَامِعُ الْکَلم تھے ،اس سے کیامرادہے ؟

جواب: مختصرالفاظ میں کئی مضامین اورمعانی سمودینےکو جَامِعُ الْکَلم کہتے ہیں ،یہ ہمارے پیارے نبی،مکی مدنی صلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم کا معجزہ ہے، جَامِعُ الْکَلم کی مثال یہ حدیث پاک بھی ہے کہ الْمُسْلِمُ مَنْ سَلِمَ الْمُسْلِمُونَ مِنْ لِسَانِهٖ وَيَدِهٖ یعنی (کامل)مسلمان وہ ہے کہ جس کی زبان اور ہاتھ سےکسی کو تکلیف نہ پہنچے۔(سنن نسائی ،رقم، 4998)

سوال: جوسونا(Gold) اورمال قبرمیں ساتھ لےجانا چاہتےہیں ،وہ کیا کریں؟

جواب:وہ اپناسونا(Gold)اورمال راہِ خدامیں دے دیں،اِنْ شاۤءَاللہ یہ قبراورقیامت میں کام آئے گا،اپنے مال کو راہِ خدامیں دینے میں اپنی بھلائی ہے۔

سوال:جوبیرونِ ملک ہیں اوراپنےملک میں ان کا گھرخالی پڑاہواہے،آپ انہیں کیا مشورہ دیتےہیں ؟

جواب:انہیں چاہئے کہ اسے راہِ خدامیں دے دیں ،اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ آخرت میں اس کا اجرپائیں گے،جنت میں گھر ملےگا۔یااللہ !جواپنا گھردعوتِ اسلامی کو دے دے،راہِ خدامیں وقف کردے اُسے جنت میں اپنے محبوب صلَّی اللہُ عَلیہِ واٰلہٖ وسلَّم کے پڑوس میں عالیشان گھرعطافرما۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ”سیٹی بجانےکے احکام پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یااللہ پاک! جو کوئی 16صفحات کا رسالہ ” سیٹی بجانےکے احکام “ پڑھ یا سُن لےاُسے دِینی مسائل کی سمجھ بُوجھ عطافرمااوراس کی بے حساب مغفرت فرمادے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


امیرِ اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ ہر ہفتے ایک رسالے کے مطالعے کی ترغیب دلاتے ہیں اور رسالہ پڑھنےیاسننے والوں کو اپنی دعاؤں سے بھی نوازتے ہیں۔

اس ہفتے امیرِ اہلِ سنت نے عاشقان رسول کو رسالہ ” فیضانِ غوثِ اعظم“ پڑھنے / سننے کی ترغیب دلائی ہے اور پڑھنے /سننے والوں کو اپنی دعاؤں سے بھی نوازا ہے۔

دعائے عطار

یا اللہ پاک! جو کوئی 17صفحات کا رسالہ ” فیضانِ غوثِ اعظم“ پڑھ یا سُن لےاُس کوہمارے غوثِ اعظم کی سچی محبت اور خصوصی فیضان نصیب فرمااور اسے بے حساب بخش دے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

یہ رسالہ دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ سے ابھی مفت ڈاؤن لوڈ کیجئے

Download

رسالہ آڈیو میں سننے کے لئے کلک کریں


استاذ العلماء حضرت علامہ مولانا شیخ الحدیث  مفتی جمیل احمد نعیمی ضیائی صاحب 2 ربیع الاٰخر 1442ھ کو کرونا وائرس کے سبب کراچی میں انتقال کرگئے۔

انتقال کی خبر ملنے پر امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نےمفتی جمیل احمد نعیمی صاحب کے اہل خانہ، تلامذہ اور دار العلوم جامعہ نعیمیہ کے اساتذۂ کرام سے تعزیت کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی۔ امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ ان کی دینی خدمات بارگاہ رب العزت میں قبول ہونے اور درجات کی بلندی کے لئے دعائیں کیں۔

یادگارِ اسلاف، جمیل العلماء علامہ مفتی جمیل احمد نعیمی ضیائی رحمۃ اللہ علیہ ساری زندگی جمعیت علما پاکستان سے وابستہ رہے اور آپ نے قائداہلسنت امام شاہ احمد نورانی کے دست وبازو بن کر ختم نبوتﷺ کی تحریک میں ہر اول دستے کا کردار اداکیا۔  مفتی جمیل احمد نعیمی صاحب پچھلے کئی سالوں سے  دارالعلوم نعیمیہ کراچی  میں سینئر استاذ اور  ناظم تعلیمات  کے فرائض بھی انجام دے رہے تھے۔


19نومبر 2020ء کی شب تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ استاذ العلماء شیخ الحدیث علامہ خادم حسین رضوی صاحب مختصر علالت کے بعد  لاہور میں انتقال کرگئے۔اِنَّا لِلہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رٰجِعُوْن

انتقال کی خبر ملنے پر بانی دعوت اسلامی علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے براہِ راست مدنی مذاکرے میں حضرت علامہ خادم حسین رضوی صاحب کے صاحبزادگان حافظ محمد سعد اور حافظ محمد انس سمیت دیگر لواحقین اور محبین سے تعزیت کی۔ امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نےسوگواروں کو صبر کی تلقین کرتے ہوئے ان کی دینی خدمات بارگاہ رب العزت میں قبول ہونے اور درجات کی بلندی کے لئے دعائیں کیں۔


7نومبر 2020ء  کی شب بھی عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی سے براہ راست مدنی چینل پر مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں عاشقان رسول نے شرکت کی۔

مدنی مذاکرے میں عاشقان رسول کی جانب سے کئے گئے سوال (جوکھانا بچ جاتاہے،کیا وہ دوبارہ استعمال کرنا چاہئے ؟) کے جواب میں امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے فرمایا کہ جی ہاں ! ایک قطرہ بلکہ آدھا قطرہ ،ایک دانہ بلکہ اس کا چوتھائی حصہ بھی ضائع نہ ہونے پائے ،کوشش کریں کہ پاپے(رس) کاایک ذرّہ بھی نہ گِرے ،گِرجائے تو چُن کرکھا لیں ،سبزی اورپھل کاٹتے ہوئے کوئی حصہ ضائع نہ کریں ،اِسراف سے بچنے کی کوشش کریں، اس کے لیے اپناذہن بنانا ہوگا۔

سوال:کیا جنّ بھی علم حاصل کرتے ہیں اورانہیں بھی مفتی صاحب کی ضرورت ہوتی ہے؟

جواب:جی ہاں !امام نجمُ الدین عمرنسفی رحمۃ اللہ علیہمفتیِ ثقلین یعنی جنّ وانسان کےمفتی تھے۔

سوال:صدقہ کس طرح اداکریں کہ بیماری دُورہو؟

جواب:جان کا صدقہ یعنی جانورذبح کیا جائے مثلاً مرغی یا بکراذبح کیاجائے،صدقے کے ذریعے بیماری کا علاج کرنا چاہئےاورجان کا صدقہ دینےسے زیادہ فائدہ ہوتاہے۔

سوال: کیا مصیبت آنےسے گناہ معاف ہوتےہیں ؟

جواب: نیک لوگوں کے لیے مصیبت گناہوں کی معافی کا سبب ہوتی ہے جبکہ بُرےلوگوں کے لیے مصیبت معصیت یعنی گناہ کےساتھ آتی ہے کہ یہ شکوہ وشکایت اوربےصبری کرکے گناہ گارہوتے ہیں ۔

سوال:بزرگی اورمالداری کس سے ہے ؟

جواب: بزرگی علم وعقل سے ہے عمرسےنہیں یعنی جوان عالم ،بے علم بوڑھے کے مقابلے میں بزرگ ہے،مالداری مال سے نہیں دل کی سخاوت کےساتھ ہے،اللہ پاک کی بارگاہ میں دل دیکھاجاتاہے مال نہیں ۔

سوال: ایساکیا کرنا چاہئے کہ بچے نمازکی طرف مائل ہوں ؟

جواب:بچوں کو نمازی بنانےکا ایک بہترین طریقہ یہ کہ زیادہ سے زیادہ نفل گھر میں پڑھے جائیں،ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ بچوں کو کوئی تحفہ وغیرہ دے کر نماز کی طرف مائل کیا جائے جیسے کہ ایک بزرگ بچوں سے کہا کرتے تھے کہ جونمازپڑھے گا میں اسے اخروٹ دوں گا ۔

سوال:جنّتیوں کی جنت میں کتنی عمرہوگی ؟

جواب:30سال۔

سوال:وہ کون سے بزرگ ہیں جو روزانہ علماء کو جمع کرکے موت کاتذکرہ سنتےاورروتےتھے ؟

جواب:تابعی بزرگ حضرت عمربن عبدالعزیزرضی اللہ عنہ۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ”اچھی نیت کی برکت پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یااللہ پاک! جو کوئی 21 صفحات کا رسالہ ”اچھی نیت کی برکت “ پڑھ یا سُن لے،اُس کے سارے نیک اعمال اپنی بارگاہ میں قبول فرما اور اس کو جنت الفردوس میں اپنے پیارے پیارے آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا پڑوسی بنا۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہ وسلَّم


4نومبر 2020ء بروز بدھ عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں متعدد اسلامی بھائیوں کے نکاح کی تقریب کا انعقاد ہوا۔ جانشین امیر اہل سنت مولانا عبید رضا عطاری مدنی مَدَّظِلُّہُ الْعَالِینےان اسلامی بھائیوں کا نکاح پڑھایا۔

اس تقریب میں دولہوں کے خاندان والے بھی شریک تھے۔ اختتام پر جانشینِ امیرِ اہلِ سنت مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی نے دعافرماتے ہوئے خاندانوں میں خیرو برکت کی دعا فرمائی۔


پچھلے دنوں جانشین امیر اہل سنت مولانا عبید رضا عطاری مدنی  مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی نے کوٹ غلام محمد سندھ میں قاری الطاف عطاری کی رہائش گاہ جاکر ملاقات کی۔ جانشین امیر اہل سنت نے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئےانہیں صبر کی تلقین کی۔ مولانا عبید رضا عطاری مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی نے مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کرتے ہوئے دعائے مغفرت فرمائی۔


امیرِ اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ ہر ہفتے ایک رسالے کے مطالعے کی ترغیب دلاتے ہیں اور رسالہ پڑھنےیاسننے والوں کو اپنی دعاؤں سے بھی نوازتے ہیں۔

اس ہفتے امیرِ اہلِ سنت نے عاشقان رسول کو رسالہ ” اچھی نیت کی برکت“ پڑھنے / سننے کی ترغیب دلائی ہے اور پڑھنے /سننے والوں کو اپنی دعاؤں سے بھی نوازا ہے۔

دعائے عطار

یا اللہ پاک! جو کوئی 21 صفحات کا رسالہ ”اچھی نیت کی برکت “ پڑھ یا سن لےاُس کے سارے نیک اعمال اپنی بارگاہ میں قبول فرما اور اس کو جنت الفردوس میں اپنے پیارے پیارے آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّمکا پڑوسی بنا۔

یارب کریم! 16 اولیاء کرام کا باادب بنا اور اس کی بے حساب مغفرت فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

یہ رسالہ دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ سے ابھی مفت ڈاؤن لوڈ کیجئے

Download

رسالہ آڈیو میں سننے کے لئے کلک کریں

Audio Book


ہر ہفتے کی طرح آج 07 نومبر  2020ء کو ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوگا جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائیں گے۔

واضح رہے کہ مدنی مذاکرے میں امیرِ اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ فقہی سوالات کے جوابات، علم و حکمت سے لبریز مدنی پھول اور اپنے ذاتی تجربات کی روشنی میں روز مرہ کے مسائل پر تفصیلی گفتگو فرماتے ہیں۔

عاشقانِ رسول سے گزارش ہے کہ مدنی مذاکرے میں اول تا آخر شرکت فرمائیں اور علمِ دین کی روشنی سے اپنے سینوں کو منور کریں۔


امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے 30 اکتوبر 2020ء کو عاشقان رسول کے ملک ترکی میں آنے والے زلزلے پر نہایت افسوس اور دکھ کا اظہار کیا۔

امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے حادثے میں انتقال کرجانے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت کی اور زخمی ہونے والے عاشقانِ رسول سے عیادت کرتے ہوئے انہیں صبر کرنے اور رب کی رضا پر راضی رہنے کی تلقین فرمائی۔

امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے بارگاہِ رب العزت عَزَّوَجَلَّ میں دعا کی کہ اللہ پاک متاثرین کو بہترین نعم البدل عطا فرمائے۔

واضح رہے کہ ترکی میں ایجین ساحل پر 30اکتوبر 2020ء کو زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے جن کے باعث کئی عمارتیں منہدم ہوگئیں، تقریباً 12 افرادانتقال کرگئےجبکہ 400 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ترکی کے مغربی صوبے ازمیر کے ساحل سے 17کلو میٹر دور یہ زلزلہ آیا جس کی شدت ریکٹر سکیل پر 7.0 ریکارڈ کی گئی ہے۔تاہم ترک حکام نے زلزے کی شدت 6.6 بتائی ہے اور ترکی سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ازمیر صوبے میں اب تک 20 افراد  انتقال کرگئے جبکہ 786 زخمی ہوئے ہیں۔ ازمیر میں زلزلے کے جھٹکے سے چھوٹے درجے کا سونامی بھی آیا۔ اطلاعات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے یونان اور کریت کے علاقے میں بھی محسوس کئے گئے۔