بدنگاہی

Tue, 5 Jul , 2022
1 year ago

از: شعبہ ماہنامہ خواتین المدینۃ العلمیۃ

اللہ پاک کے غضب کو دعوت دینے والا ايك کام بد نگاہی بھی ہے، یہ گناہ کثیر دینی و دنیوی نقصانات کا سبب ہے، اگرچہ اس میں وقتی لذت ہے لیکن اس سے طلب مزید بڑھتی ہے اور کبھی بھی سیری حاصل نہیں ہوتی۔ خواہ کتنی ہی بدنگاہی کر لی جائے دل بے چین رہتا ہے اور قیامت کے دن کی ذلت و رسوائی اس کے علاوہ ہے۔ اسلام میں مردوں اور عورتوں دونوں کو بد نگاہی سے بچنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ شیطان انہیں کسی قسم کے فتنے میں مبتلا نہ کر سکے۔ جیسا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السّلام سے منقول ہے:خود کو بد نگاہی سے بچاؤ کہ بد نگاہی دل میں شہوت کا بیج بوتی ہے، پھر شہوت بد نگاہی کرنے والے کو فتنہ میں مبتلا کر دیتی ہے۔([1])اور اس فتنے کے متعلق امام غزالی رحمۃُ اللہِ علیہ فرماتے ہیں: جو اپنی آنکھ کی حفاظت پر قادر نہ ہو وہ اپنی شرم گاہ کی حفاظت پر بھی قادر نہیں۔ (2)یاد رہے! ایک روایت میں ہے کہ اَلْعَیْنَانِ تَزْنِیَانِ یعنی آنکھیں بھی زنا کرتی ہیں۔(3) جبکہ ایک روایت میں آنکھوں کے زنا کی وضاحت یہ کی گئی ہے: زِنَا الْعَيْنِ النَّظَرُ یعنی آنکھوں کا زنا بدنگاہی ہے۔(4) چنانچہ مسلمان خواتین کو پارہ 18 سورۂ نور کی 31ویں آیت میں حکم دیا گیا کہ بد نگاہی کریں نہ بد نگاہی کا ذریعہ بنیں۔

بدنگاہی سے بچنے کا طریقہ:

1-عورتوں کے لئے بہتر تو یہ ہے کہ ہمیشہ پردے میں رہیں کہ کوئی انہیں دیکھے نہ یہ کسی کو دیکھیں، اس حوالے سے امہات المومنین کا وہ واقعہ ذہن بنانے کے لئے کافی ہے کہ جس میں حضرت ام سلمہ رضی اللہُ عنہا فرماتی ہیں: ایک مرتبہ وہ اور حضرت میمونہ رضی اللہُ عنہا حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کے پاس تھیں کہ حضرت ابن ام مکتوم رضی اللہُ عنہ حاضر ہوئے تو حضور نے ہمیں پردہ کرنے کا حکم ارشاد فرمایا۔ اس پر میں نے عرض کی: حضور! وہ نابینا ہیں ہمیں نہیں دیکھ سکتے۔ تو حضور نے ارشاد فرمایا: کیا تم بھی اندھی ہو اور دیکھ نہیں سکتیں۔(5)

2-فی زمانہ فتنوں سے بچنا چونکہ انتہائی مشکل ہے، لہٰذا اگر ہر وقت اس طرح اپنی نگاہوں کی حفاظت نہیں کر سکتیں کہ کوئی نا محرم مرد آپ کو دیکھے نہ آپ کسی کو دیکھیں تو کم از کم اتنا ہی کر لیجئے کہ اپنی نگاہیں ہمیشہ جھکا کر رکھئے اور انہیں آوارگی سے بچائیے۔ کیونکہ ہو سکتا ہے دانستہ و نادانستہ آپ کی نگاہیں کسی کے جسم کے ان حصوں پر پڑ جائیں جنہیں دیکھنا آپ کے لئے جائز نہ ہو۔ جیسا کہ امام رازی فرماتے ہیں: عورت ہو یا مرد اس کے جسم کا وہ حصہ جو کسی بھی عورت کو دیکھنا جائز نہیں، اس سے مراد ناف سے لے کر گھٹنوں تک کا حصہ ہے، جبکہ باقی جسم دیکھ تو سکتی ہے لیکن اس شرط کے ساتھ کہ فتنے کا اندیشہ نہ ہو، اگر فتنے کا اندیشہ ہو تو یہ بھی ممنوع ہے۔(6)

3-بدنگاہی کا ذریعہ بھی نہ بنیں، یعنی ایسے چمکیلے بھڑکیلے لباس نہ پہنیں جس سے مردوں کی نظریں ان کی طرف اٹھیں اور یوں وہ خود بھی گناہوں میں مبتلا ہوں اور اس وجہ سے ہمیں بھی دنیا و آخرت کی ذلت و رسوائی وغیرہ کا سامنا کرنا پڑے۔ اللہ پاک ہمیں بد نگاہی سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے۔

اٰمین بِجاہِ النّبیِّ الْاَمین صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم

(یہ مضمون ماہنامہ خواتین ویب ایڈیشن کے جولائی 2022 کے شمارے سے لیا گیا ہے)




[1]منہاج العابدین، ص 62 2احیاء العلوم، 3/ 125 3مسند امام احمد، 2/84، حدیث: 3912 4بخاری، 4/169، حدیث:6243 5ترمذی،4/ 356، حدیث: 2787 6تفسیر رازی، 8/361