غلام یاسین عطاری مدنی (مدرس جامعۃ المدینہ فیضانِ
عمر بن عبدالعزیز بروڈا گجرات ہند)
نماز مسلمانوں پر مقررہ وقت میں فرض ہے ۔ اِس کے ساتھ اس کو
جماعت سے پڑھنا نہایت ضروری ہے۔ جماعت سے نماز پڑھنے کی فضیلت اور اس کو ترک کرنے
پر شدید وعیدیں وارد ہوئی ہیں۔ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، نبی
اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: جماعت کے ساتھ نماز پڑھنا
تنہا پڑھنے سے ستائیس درجہ زیادہ فضیلت رکھتا ہے۔(بخاری،کتاب الاذان، باب فضل صلاۃ
الجماعۃ،1/232، حدیث: 645)
حضرت عثمانِ غنی رضی اللہ عنہ کے غلام حضرت حمران رضی اللہ
عنہ سے روایت ہے، حضور اقدس صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا:جس نے
کامل وضو کیا، پھر فرض نماز کے لیے چلا اور امام کے ساتھ نماز پڑھی، اس کے گناہ
بخش دئیے جائیں گے۔ (شعب الایمان، باب العشرون من شعب الایمان وہو باب فی الطہارۃ، 3/9، حدیث: 2727)
امیرالمؤمنین حضرتِ سیِّدُنا عمرفاروقِ اَعظم رضی اللہ عنہ
فرماتے ہیں کہ میں نے دو جہاں کے سردار صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو فرماتے
سنا کہ اللہ پاک باجماعت نماز پڑھنے والوں کو محبوب(یعنی پیارا) رکھتا ہے۔ (مسند
احمد بن حنبل، 2/309 ،حدیث:5112)
جماعت سے گر تو نمازیں پڑھے
گا
خدا
تیرا دامن کرم سے بھرے گا
ہمارے اسلاف کی بھی جماعت سے کیسی محبت تھی سبحان اللہ
چنانچہ حضرت حاتم
اَصم رحمۃُ اللہِ علیہ فرماتے ہیں :ایک مرتبہ میری با جماعت نماز فوت ہو گئی تو
حضرت ابو اسحاق بخاری رحمۃُ اللہِ علیہ کے علاوہ کسی نے میری تعزیت نہ کی اور اگر
میرا بچہ فوت ہو جاتا تودس ہزار ( 10,000) سے زیادہ افراد مجھ سے تعزیت کرتے
کیونکہ لوگوں کے نزدیک دینی نقصان دنیوی نقصان سے کم تر ہے۔ ( احیاء علوم الدین۔۔
الخ، 1 / 203)
ہمارے اسلاف ایسے بھی گزرے ہیں جن کی حالت یہ تھی کہ اگر ان
میں سے کسی کی تکبیر اولیٰ فوت ہو جاتی تو تین دن اور اگر جماعت چھوٹ جاتی تو سات
دن تک غم مناتے اللہ اکبر۔(مکاشفۃالقلوب، ص 268)
اسی طرح تابعی بزرگ حضرت سیدنا عمر بن عبدالعزیز رحمۃ اللہ
علیہ کی جب جماعت نکل جاتی تو اپنی داڑھی مبارک کو پکڑ کر رونے بیٹھ جاتے۔(ابن عساکر،
ج21/203)
پیارے پیارے اسلامی بھائیوں ! پڑھا آپ نے۔؟ احادیث مبارکہ
میں جماعت سے نماز پڑھنے کے فضائل اور ہمارے اسلاف کی جماعت سے کیسی محبت تھی۔ لیکن
افسوس ہماری اکثریت اولاً تو نماز پڑھتی نہیں ہے اور جو پڑھتے ہیں ان میں سے جماعت
کی پابندی کتنا کرتے ہیں ، کتنے ٹائم کی کرتے ہیں۔ وہ ہم میں سے ہر ایک اپنا اپنا
جائزہ لے لے اور خدارا نیت فرما لیں با جماعت نماز پڑھنے کا اہتمام کریں گے۔ ان
شاء اللہ
بھائی مسجد میں جماعت سے
نمازیں پڑھ سدا
ہوں گے راضی مصطفیٰ ہو جائے
گا راضی خدا
اے خالقِ کائنات ہم سب مسلمانوں کو باجماعت نماز پڑھنے کی
توفیق مرحمت فرما۔اٰمین یارب العالمین