زندگی آمد برائے بندگی

زندگی بے بندگی شرمندگی

اللہ پاک کی رحمت سے ہمیں بے شمار اِنعامات عنایت ہوئے ہیں، الحمداللہ ان میں سے نماز بھی ایک عظیم انعام ہے اور اسی طرح نماز کی جماعت کی دولت بھی کوئی معمولی انعام نہیں ، اللہ پاک کے فضل و کرَم سے یہ بھی بے شمار نیکیاں حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔ اللہ پاک قرآن کریم میں ارشاد فرماتا ہے: وَ ارْكَعُوْا مَعَ الرّٰكِعِيْنَ0(پ 1، البقرہ:43) ترجمہ کنز الایمان:اور رکوع کرنے والوں کے ساتھ رکوع کرو۔

حضرت مفتی احمد یار خان علیہ الرحمہ فرماتے ہیں : اس (یعنی اور رکوع کرنے والوں کے ساتھ رکوع کرو) کا مطلب ہے کہ جماعت سے نماز پڑھو۔ کیونکہ جماعت کی نماز تنہا نماز پر ستائیس درجے افضل ہے۔(تفسیر نعیمی ج 1،ص330)

پیارے نبی کی آنکھ کی، ٹھنڈک نماز ہے

جنت میں لے چلے گی جو،بے شک نماز ہے

اب باجماعت نماز کی اہمیت پر فرامین مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ملاحظہ فرمائیے:

اللہ پاک باجماعت نماز پڑھنے والوں کو محبوب( یعنی پیارا) رکھتا ہے (مسند احمد بن حنبل ج 2 ص309 حدیث 5112)

جب بندہ باجماعت نماز پڑھے پھر اللہ پاک سے اپنی حاجت کا سوال کرے تو اللہ پاک اس سے حیا فرماتا ہے کہ بندہ حاجت پوری ہونے سے پہلے واپس لوٹ جائے (حلیۃ الاولیاء ج 7 ص 299 حصہ 10591)

یا مرد کی نماز مسجد میں جماعت کے ساتھ ،گھر میں اور بازار میں پڑھنے سے پچیس درجے زائد ہے۔(بخاری ج 1 ص 233،حدیث 647)

جس نے فجر کی نماز باجماعت پڑھی ،پھر بیٹھ کر اللہ پاک کا ذکر کرتا رہا یہاں تک کہ سورج نکل آیا اس کے لئے جنتُ الفِردوس میں ستر(70) درجے ہوں گے ، ہر دو درجوں کے درمیان اتنا فاصلہ ہوگا جتنا ایک سدھایا ہوا (یعنیTrained)تیز رفتار عمدہ نسل کا گھوڑا ستر 70 سال میں طے کرتا ہے ، اور جس نے ظہر کی نماز باجماعت پڑھی اس کے لیے جناتِ عدن میں پچاس50 درجے ہوں گے، ہر دو درجوں کے درمیان اتنا فاصلہ ہو گا جتنا سدھایا ہوا تیز رفتار عمدہ نسل کا گھوڑا پچاس 50 سال میں طے کرتا ہے، اور جس نے عصْر کی نماز باجماعت پڑھی اس کے لیے اولادِ إسماعيل میں سے ایسے آٹھ غلام آزاد کرنے کا ثواب ہو گا جو بہت اللہ کی دیکھ بھال کرنے والے ہوں ، اور جس نے مغرب کی نماز باجماعت پڑھی اس کے لیے حج مبرور اور مقبول عمرے کا ثواب ہو گا، اور جس نے عشاء کی نماز با جماعت پڑھی اس کے لیے ليلۃ القدْر میں قیام (یعنی عبادت) کرنے کے برابر ثواب ہو گا ۔(شعب الایمان ج 7 ص 137حدیث 9761)

نماز باجماعت تنہا نماز پڑھنے سے ستائیس درجے افضل ہے (بخاری ج 1، ص 232،حدیث 645)

اے عاشقان نماز! باجماعت نماز پڑھنے کے بے شمار فضائل ہیں اپنے اندر جماعت کے ساتھ نماز پڑھنے کا جذبہ بیدار کرنے کے لیے عاشق صادق امیر اہلسنت کی مایہ ناز تالیف فیضان نماز کا مطالعہ فرمائیے اور دوسروں کو بھی ترغیب دلائیے۔