اے عاشقانِ نماز! اللہ کریم کی رحمت سے ہمیں جو بے شمار نعمتیں عطا ہوئی ہیں، ان میں سے نماز بھی ایک عظیم الشان انعام ہے اور اسی طرح جماعت کی نعمت بھی کوئی معمولی انعام نہیں، اللہ پاک کے فضل و کرم سے یہ بھی ہمارے لئے بے شمار نیکیاں حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔

آیت مبارکہ: وَ ارْكَعُوْا مَعَ الرّٰكِعِيْنَ0

ترجمہ کنزالایمان:اور رکوع کرو رکوع کرنے والوں کے ساتھ۔

مفتی احمد یار خان رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:اس آیت مبارکہ کا مطلب یہ ہے کہ جماعت سے نماز پڑھا کرو۔

فرمانِ مصطفیٰ ﷺ:

1۔ اللہ پاک باجماعت نماز پڑھنے والوں کو محبوب(پیارا)رکھتا ہے۔(مسند امام احمد بن حنبل، ج2، ص9،حدیث 5112)

2۔جب بندہ باجماعت نماز پڑھے، پھر اللہ پاک سے اپنی حاجت یعنی ضرورت کا سوال کرے تو اللہ پاک اس بات سے حیا فرماتا ہے کہ بندہ حاجت پوری ہونے سے پہلے لوٹ جائے۔(حلیۃ ال اولیٰ اء جلد 7، صفحہ 299، حدیث10591)

3۔مرد کی نماز مسجد میں جماعت کے ساتھ، گھر میں اور بازار میں پڑھنے سے 25 درجے زائد ہے۔(بخاری، جلد 1، صفحہ 233، ح647)

4۔نماز باجماعت تنہا پڑھنے سے 27 درجے بڑھ کر ہے۔(بخاری، جلد 1، صفحہ 232، ح645)

5۔جس نے فجر اور عشاء کی نماز باجماعت پڑھی اور جماعت سے کوئی رکعت فوت نہ ہوئی تو اس کے لئے جہنم و نفاق سے آزادی لکھ دی جاتی ہے۔(شعب الایمان، جلد3، صفحہ 22، حدیث 2875)

فرض نماز جماعت سے ادا کرنے کے بے شمار فضائل ہیں، اللہ پاک اور رسول اللہ ﷺ کے حکم پر عمل ہوتا ہے، باجماعت نماز پڑھنے والا پل صراط سے سب سے پہلے بجلی کی طرح گزر جائے گا، باجماعت نماز ادا کرنے والوں کی شان و شوکت دیکھ کر اہلِ محشر رشک کریں گے، نماز کے لئے اٹھنے والا ہر قدم صدقہ ہے، بروزِ قیامت عرش کا سایہ نصیب ہوگا، باجماعت نماز کی تکبیر اولیٰ پانا سو اونٹنیاں پانے سے بہتر ہے۔

جماعت سے گر تو نمازیں پڑھے گا

خدا تیرا دامن کرم سے بھرے گا

علامہ سید محمد احمد رضوی فرماتے ہیں:ہر عاقل، بالغ مسلمان جو قدرت رکھتا ہو، اس مرد پر نماز باجماعت ادا کرنا واجب ہے اور بلا عذر ایک بار بھی چھوڑنے والا گنہگار ہے اور کئی بار ترک فسق ہے، بلکہ ایک جماعت علماء بھی یہی فرماتے ہیں۔

امام احمد بن حنبل فرض نماز کی جماعت کو فرضِ عین فرماتے ہیں، اگر فرض ِعین نہ مانا جائے تو اس کے بعد واجب و ضروری ہونے میں تو شبہ ہی نہیں ہے، حضور ﷺ عمومی طور پر فرض نمازیں باجماعت ادا فرماتے تھے، مگر یہ کوئی مجبوری پیش آجاتی۔

بھائی مسجد میں جماعت سے نمازیں پڑھ سدا

ہوں گے راضی مصطفیٰ ہو جائے گا راضی خدا

اللہ پاک ہمیں فرامینِ مصطفیٰ ﷺ پر عمل کرنے کی سعادت عطا فرمائے۔آمین بجاہ النبی الامین