اے عاشقانِ
نماز! اللہ کریم کےہم پر بے شمار انعامات و اکرامات ہیں، انہی میں سے ایک عظیم
الشان نعمت باجماعت نماز ادا کرنا بھی ہے، اللہ پاک کے فضل و کرم سے باجماعت نماز
ادا کرنا بے شمار فوائد اور نیکیاں حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے، جیسا کہ قرآن کریم
میں ارشادِ ربّ الانام ہے کہ:
وَ ارْكَعُوْا مَعَ الرّٰكِعِيْنَ0(پ 1، البقرہ:43) ترجمہ
کنزالعرفان:رکوع کرنے والوں کے ساتھ رکوع کرو۔
یہاں رکوع
کرنے والوں کے ساتھ رکوع کرو اس سے مراد یہ ہے کہ جماعت سے نماز ادا کرو۔
اس کے علاوہ
بہت سی احادیث مبارکہ میں بھی نماز باجماعت کے کثیر فضائل و برکات بیان کیے گئے ہیں،
ان میں سے پانچ درج ذیل ہیں۔
1۔حضرت عبداللہ
بن عمر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، نبی اکرم ﷺ نے ارشادفرمایا: جماعت کے ساتھ نماز پڑھنا تنہا
پڑھنے سے 27 درجہ فضیلت رکھتا ہے۔(صراط الجنان، جلد اول: 114)
جماعت سے گر تو نمازیں پڑھے گا
خدا تیرا دامن کرم سے بھرے گا(فیضان نماز:141)
2۔حضرت ابو سعید
خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ اللہ پاک کی آخری نبی، محمد عربی ﷺ کا فرمانِ عالیشان ہے:جب بندہ باجماعت نماز
پڑھے، پھر اللہ پاک سے اپنی حاجت یعنی ضرورت کا سوال کرے تو اللہ پاک اس بات سے حیا
فرماتا ہے کہ بندہ حاجت پوری ہونے سے پہلے لوٹ جائے۔(فیضان نماز:141)
اے عاشقانِ
نماز!بے شک ہم اپنی حاجات پوری کرنے اور دیگر آزمائشوں اور مصیبتوں کو دور کرنے کے
لئے صلوۃ الحاجات ادا کرتے اور بہت سے اوراد و وظائف پڑھتے ہیں، بے شک یہ اچھی بات
ہے، مگر جماعت کے ساتھ فرض نماز ادا کرنے کے بعد اپنی حاجات کے لئے دعا کرنا بہترین
عمل ہے۔
3۔حضرت عثمان
غنی رضی اللہ عنہ کے غلام حضرت حمران رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، حضور اقدس ﷺ نے ارشاد فرمایا:جس نے کامل وضو کیا، پھر فرض
نماز کے لئے چلا اور امام کے ساتھ نماز پڑھی، اس کے گناہ بخش دیئے جائیں گے۔(صراط
الجنان، جلد اول: 114)
خدا سب نمازیں پڑھوں باجماعت
کرم ہو پئے تاجدارِ رسالت
4۔فرمان مصطفیٰ ﷺ:مرد
کی نماز مسجد میں جماعت کے ساتھ، گھر میں اور بازار میں پڑھنے سے 25 درجے زائد ہے۔(فیضان
نماز:141)
5۔حضرت فاروق
اعظم رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے اللہ پاک کے آخری نبی ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا:کہ اللہ عزوجل باجماعت
نماز پڑھنے والوں کو محبوب(پیارا)رکھتا ہے۔(فیضان نماز، صفحہ140)
بھائی مسجد میں جماعت سے نمازیں پڑھ سدا
ہوں گے راضی مصطفیٰ ہو جائے گا راضی خدا
اللہ کریم سب
مسلمانوں کو جماعت کے ساتھ نمازیں ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین ثم آمین